Tag: PAk china economic cooridor

  • اقتصادی راہداری سے پاکستان کے امیج میں اضافہ ہوگا، میاں زاہد حسین

    اقتصادی راہداری سے پاکستان کے امیج میں اضافہ ہوگا، میاں زاہد حسین

    اسلام آباد : پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م کے صدراور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری سے پاکستان کی معاشی ترقی کے علاوہ دفاعی صلاحیت، داخلی سیکورٹی،سیاسی حیثیت اور بین الاقوامی امیج میں بھی زبردست اضافہ ہوگا جو بعض ممالک کو قبول نہیں ہے۔

    اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان کے کئی دیرینہ مسائل بھی حل ہو جائیں گے، جس کے بعد ترقیاتی بجٹ میں اضافہ اور غربت میں کمی ممکن ہو جائے گی۔

    بھارت کی کوشش کے باوجود ایران اور افغانستان راہداری کے مخالف نہیں ہیں، میاں زاہد حسین کا کہنا تھا کہ چین ہمیشہ سے پاکستان کا انتہائی قابل اعتماد دوست رہا ہے مگر اب کئی دہائیوں پر محیط سیاسی تعلقات اقتصادی رفاقت میں بدل رہے ہیں، جس سے کئی ممالک کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں کیونکہ اس منصوبے سے پاکستان کی معیشت پر انتہائی مثبت اثرات پڑیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی کامیابی کیلئے پاکستان کا پرا من ہونا ضروری ہے جس کے لئے اب چین بھی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔

    میاں زاہد حسین نے کہا کہ چین کا بین الاقوامی اثر رسوخ بڑھ رہا ہے مگر بھارت کبھی اسے کشمیر کے مسئلے میں ثا لثی کی اجازت نہیں دے گا۔

  • اقتصادی راہداری پر وزرائے اعلیٰ کی اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق

    اقتصادی راہداری پر وزرائے اعلیٰ کی اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق

    اسلام آباد: اقتصادی راہداری پرسیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے اجلاس ہوا، مشاورتی اجلاس میں سیاسی جماعتوں نے راہداری منصوبے کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

    اعلامیہ کے مطابق گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ پر مشتمل اسٹیئرنگ کمیٹی بنانے کا فیصلہ ہوا، پانی وبجلی، مواصلات اور محکمہ منصوبہ بندی اورترقی کے وزیر کمیٹی کے رکن ہونگے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مغربی روٹ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گااور روٹ کی نگرانی وزیراعظم خودکریں گے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صنعتی پارکس کا قیام صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا ، کانفرنس میں فیصلہ ہواکہ تمام وزرائےاعلیٰ ہرتین ماہ بعدراہداری منصوبے پرپیش رفت کاجائزہ لیں گے، تمام اکنامک زونز صوبوں کی مشاورت سےبنائے جائیں گے۔

    اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ راہداری منصوبے پر تمام سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کرینگے، منصوبہ پاکستان کی تقدیر کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔

    اجلاس میں حکومتی وزراء چو ہدری نثار، اسحاق ڈار، پرویز رشید اور احسن اقبا ل شریک ہوئے جبکہ اپوزیشن اور دیگر سیاسی قائدین میں مولانا فضل الرحمن، محمود خان اچکزئی،میر حاصل بزنجو ، سراج الحق ،مشاہد حسین ، شاہ محمود قریشی ،اور و دیگر شریک ہو ئے۔

    وزیر اعظم کیجانب سے بلا ئے گئے اس اجلاس میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ شریک نہیں ہو ئے ، خورشید شاہ نے عذر پیش کیا کہ انہیں اجلاس کی اطلاع تاخیر سے دی گئی، سینیٹر اعتزاز احسن نے اجلاس میں پیپلزپارٹی کی نمائندگی کی۔

  • پاک چین اقتصادی راہداری کے شمالی روٹ پرآج سے باضابطہ کام شروع

    پاک چین اقتصادی راہداری کے شمالی روٹ پرآج سے باضابطہ کام شروع

    اسلام آباد: پاک چین اقتصادی راہداری کے شمالی روٹ پر آج سے باضابطہ کام شروع کیا جارہا ہے، جس کے لیے اٹھاون ارب روپے بتدریج جاری کیےجائیں گے۔

    پاک چین اقتصادی راہداری کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے کو ہے، راہداری کے شمالی روٹ پر کام آج سے شروع کیا جائے گا، پاکستان کے خصوصی ترقیاتی پروگرام میں منصوبے کیلئے پہلی مرتبہ رقم مختص کی گئی ہے۔

    راہداری کے شمالی روٹ میں شامل خیبر پختونخوا کے شہر تھاکوٹ سے حویلیاں تک ایک سو بیس کلومیٹر سڑک کی اپ گریڈیشن اور ازسرِنو تعمیر کی جائے گی، فیز ون کیلئے ساڑھے بیس ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

    اس کی منظوری ایکنک نے دو ہزار چودہ میں دی تھی، اس سڑک کی مجموعی لاگت اڑسٹھ ارب روپے ہے اور فتح جنگ سے ترنول تک دو رویہ سڑک تعمیر کی جائیگی، جس کا مقصد اسلام آباد کو ڈیرہ اسماعیل خان کوریڈور سے براہ راست منسلک کرنا ہے۔

  • پاک چین اقتصادی منصوبے کو بھارت نے ناقابلِ قبول قرار دے دیا

    پاک چین اقتصادی منصوبے کو بھارت نے ناقابلِ قبول قرار دے دیا

    نئی دہلی:  پاک چین اقتصادی منصوبے کو بھارت نے ناقابلِ قبول قرار دے دیا، چین نے بھارت کو دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی راہداری منصوبہ کسی تیسرے فریق کے خلاف نہیں ہے۔

    بھارتی وزیرِخارجہ سُشما سوراج کا کہنا ہے کہ چین پر واضح کردیا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری قابل قبول نہیں۔

    پاکستان کی معاشی ترقی سے گھبراہٹ کے شکار بھارت کو چین نے واضح موقف بیان کردیا، پاک چین اقتصادی منصوبوں کی مخالفت میں بھارت کھل کر سامنے آیا اور اقتصادی منصوبوں کی مخالفت میں پے درپے اعتراضات پیش کیے۔

    نئی دلی میں بھارتی وزیرِ خارجہ سشما سوراج نے اعتراف کیا ہے کہ بھارت چین اور پاکستان کے درمیان اقتصادی راہداری منصوبے کے سخت خلاف ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی نے دورہ چین میں اسکی مخالفت بھی کی جبکہ بھارت میں چینی سفیر کو سمن بھی جاری کیا گیا۔

    چین کی وزارتِ خارجہ نے بھارتی حکام کے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں چین کے اقتصادی منصوبے کسی تیسرے فریق کے خلاف نہیں ہیں، چین نے مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے زریعے حل کرنے پر بھی زور دیا۔

    مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت کا نامناسب رویہ اور بے بنیاد اعتراضات پاکستان سے روایتی دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

  • پاک چین اقتصادی راہداری، سیاسی جماعتوں نے تعاون کی یقین دہانی کرادی

    پاک چین اقتصادی راہداری، سیاسی جماعتوں نے تعاون کی یقین دہانی کرادی

    اسلام آباد: وزیراعظم کی زیر صدارت کل جماعتی کانفرنس میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے روٹ پر اتفاق ہو گیا ہے سیاسی قیادت نے اس اتفاق رائے کو بڑی کامیابی قرار دیا۔

    وزیراعطم کی صدارت طویل اجلاس میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تین میں سے ایک مغربی روٹ پر اتفاق ہوا حکومت نے سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کر دیئے۔

    اقتصادی راہ داری پرسیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے اور مشاورت کیلئے  وزیراعظم نے پارلیمانی رہنماوں کی اجلاس طلب کیا تھا جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے شرکاٗ کو بریفنگ دی، جس کے بعد مختلف رہنماوں نے اپنی آراٗ پیش کیں۔

     اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے ایک اورموقع ملا ہے،خوشی ہے تمام قومی قیادت نے حمایت کا یقین دلایا،تمام صوبوں کو منصوبے کے ثمرات میں شریک کیا جائے گا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ منصوبے کی نگرانی اورمشاورت کے لیے کمیٹی قائم کی جائے گی،جس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کی نمائندگی ہوگی۔

    اس سے پہلے بریفنگ میں احسن اقبال نے بتایا کہ پاک چین اقصادی راہداری ایک سڑک کا نام نہیں، بلکہ یہ پاکستان کی اقتصادی خو شحالی کا منصوبہ ہے۔

    اجلاس کے بعد میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا آج کادن ایٹمی طاقت بننے کے ساتھ اقتصادی مستقبل سے متعلق بھی اہمیت کا حامل ہے۔

     امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا اقتصادی راہداری منصوبہ پورے ملک کے لئے خوش آئند ہے۔

     ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ اس ملاقات میں منصوبے کے ایک حصے پر اتفاق ہوا۔

     اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا وزیر اعظم کی فراخ دلی کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

    مولانا فضل الرحمان اور سراج الحق نے اقتصادی راہداری پر قومی اتفاق رائے کو خوش آئند قرار دے دیا جبکہ اسفند یار ولی کہتے ہیں وزیر اعظم نے فراخدلی کا مظاہرہ کیا۔

    سیاسی قیادت نے اتفاق رائے پر قوم کو مبارکباد دی، سیاسی راہنماوں کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری منصوبے پر اتفاق سے محروم علاقوں میں خوشحالی آئے گی،اقتصادی راہداری منصوبے کی مانیٹرنگ کے لیئے پارلیمانی کمیٹی اور ورکنگ گروپس کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا ۔

  • اقتصادی راہداری منصوبہ، کل جماعتی کانفرنس آج ہوگی

    اقتصادی راہداری منصوبہ، کل جماعتی کانفرنس آج ہوگی

    اسلام آباد: پاک چین اقتصادی راہداری پر وزیرِاعظم نواز شریف کی زیرِ صدارت آل پارٹیز کانفرنس آج ہوگی۔

    کل جماعتی کانفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ، اسفند یار ولی خان سمیت سیاسی جماعتوں کے قائدین شریک ہوں گے۔

    کل جماعتی کانفرنس میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی، پی ٹی آئی اور اے این پی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں منصوبے کے روٹ پر پیدا ہو نے والے تحفظات کو دور کرنے کی کوششیں کی جائے گی۔

    وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ آل پارٹیز کانفرنس میں سندھ حکومت کے تحفظات سے آگاہ کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کو این ایف سی ایوارڈ ، گیس رائلٹی، سیلز ٹیکس اور امن وامان سمیت دیگر امور پر تحفظات ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں سندھ کا زیادہ حصہ چاہتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق کانفرنس میں مشترکہ مفادات کی کونسل کا اجلاس بلانے کی بھی تجویز دی جائے گی۔

  • امن و امان سےغیر ملکی سرمایہ کاری بڑھے گی، احسن اقبال

    امن و امان سےغیر ملکی سرمایہ کاری بڑھے گی، احسن اقبال

    اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اکنامک کوریڈور کے معاملے میں اے این پی اور مخالف جماعتوں پر برس پڑے، ان کا کہنا ہے کہ حسد ، جلن اور منافقت بند کر کے پاکستان کی ترقی کے بارے میں سوچا جائے۔

     لاہور میں بجٹ سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اکنامک کوریڈور کے نام پر قوم کو گمراہ کیا جارہا ہے، اس سلسلے کو بند کیا جائے، اکنامک کوریڈور چاروں صوبوں سے گزرے گی۔

    اے این پی سمیت اقتصادی راہداری پر تنقید کرنے والوں نے آل پارٹیز کانفرنس میں وزیر اعظم کی باتوں سے اتفاق کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹربیونل ہر مسئلے کا حل نہیں ہے۔

    احسن اقبال نے آئندہ بجٹ میں نئے ٹیکسز کے نفاذ کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ نئے ٹیکسز لگائے جائیں گے مگر زیادہ بوجھ نہیں ڈالیں گے، شاید پہلے کی طرح ترقیاتی بجٹ بھی پیش نہ کر سکیں، انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور امن وامان کے دیگر منصوبوں پر حکومت کی گہری توجہ ہے۔

  • اکنامک کوریڈور پورے خطے کیلئےگیم چینجر ثابت ہوگی، احسن اقبال

    اکنامک کوریڈور پورے خطے کیلئےگیم چینجر ثابت ہوگی، احسن اقبال

    اسلام آباد : وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان اور چین سمیت پورے خطے کیلئےگیم چینجر ثابت ہوگی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کیا، وفاقی وزیر احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پاکستان کو چھیالیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا مرکز قرار دیا جارہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ ہے وہ تبدیلی جس کا انتظار تھا اور تبدیلی آگئی ہے،انہوں نے کہا کہ آئندہ چند سال میں ایشیاء کو عالمی معاشی ترقی کا مرکز بتایا جارہا ہے۔ اور پاکستان اپنے محل وقوع کے باعث تین ارب آبادی کو ملانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے روٹ اور حکومتی ترجیحات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

  • پاک چین اقتصادی منصوبوں کی حفاظت پاک فوج کرے گی

    پاک چین اقتصادی منصوبوں کی حفاظت پاک فوج کرے گی

    اسلام آباد : پاک چین اقتصادی منصوبوں کی حفاظت پاک فوج کرے گی اسپیشل سیکورٹی ڈویژن تشکیل دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل عاصم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی منصوبوں کی حفاظت پاک فوج کرے گی۔

    اسپیشل سیکورٹی ڈویژن تشکیل دے دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ چینی ورکروں کی حفاظت کےلئے فوج کی نوبٹالین مختص ہوں گی۔

     

    سول آرمڈ فورسزکےچھ ونگ بھی سیکورٹی ڈویژن کاحصہ ہوں گے،ان کا مزید کہنا تھا کہ اسپیشل سیکورٹی ڈویژن میجر جنرل کی سربراہی میں ہوگا۔

     

  • چینی صدر کا دورہ،28 ارب ڈالر کے فاسٹ ٹریک منصوبوں کی منظوری

    چینی صدر کا دورہ،28 ارب ڈالر کے فاسٹ ٹریک منصوبوں کی منظوری

    اسلام آباد: پاک چین اقتصادی راہداری معاہدے کے تحت اٹھائیس ارب ڈالر مالیت کے منصوبے فاسٹ ٹریک بنیادوں پر مکمل کئے جائیں گے۔

    منصوبہ بندی کمیشن کے مطابق اٹھائیس ارب ڈالر کے منصوبوں کیلئے تمام تکنیکی معاملات مکمل کیے جا چکے ہیں اور یہ منصوبے فوری شروع کیے جائیں گے۔

    ان میں چھ توانائی کے منصوبے، قراقرم ہائی وے کی توسیع، کراچی لاہور موٹر وے، گوادر پورٹ ایزی ایکسپرس وے اور گوادر ائیرپورٹ شامل ہیں، بقیہ سترہ ارب ڈالر کے منصوبے تکنیکی معاملات طے پا جانے کے بعد میں شروع کئے جائیں گے۔

    اقتصادی راہداری کے تحت مجموعی طور پر تینتس ارب ڈالر کے توانائی کے منصوبے اور گیارہ ارب کے انفراسٹرکچر کے منصوبے شامل ہیں۔