Tag: pak fouj

  • پاک فوج پر تنقید : الطاف حسین ودیگر کیخلاف ایک اورمقدمہ درج

    پاک فوج پر تنقید : الطاف حسین ودیگر کیخلاف ایک اورمقدمہ درج

    اٹک : افواج پاکستان کے خلاف شر انگیز تقاریر کرنے پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سمیت پانچ افراد کے خلاف اٹک کے تھانہ صدرمیں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    مقدمے میں رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین کو بھی نامز د کیا گیا ہے، پاکستان تحریک انصاف اٹک کے سابقہ ضلعی صدر احمد نواز ملک کی جانب سے روا ں سال بائیس اپریل کو تھانہ صدر میں الطاف حسین کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لئے درخواست دائر کی گئی تھی۔

    مقدمہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ22-اے کے تحت مدعی احمد نواز کی درخواست پرپانچ ماہ بعد ایڈیشنل سیشن جج اٹک راجہ قمر زمان نے مقدمے کے اندراج کا حکم جاری کیا ۔

    مقدمہ زیر دفعہ 153اے ت پ کے تحت درج کیا گیا ہے، رابطہ کمیٹی کے اراکین وسیم اختر، ڈاکٹر فاروق ستار ،حیدر عباس رضوی اور قمر منصور کو مقدمہ میں ٹیلی فون کی سہولت فراہم کرنے پر ملزم نامزد کیا گیاہے۔

  • پشاور میں رواں سال دہشت گردی کے 113 واقعات رونما ہوئے

    پشاور میں رواں سال دہشت گردی کے 113 واقعات رونما ہوئے

    پشاور : پاک فوج کے دہشت گروں کیخلاف آپریشن کے دوررس نتائج برآمد ہوئے ہیں،گزشتہ سالوں کی نسبت رواں سال پشاور میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق رواں سال قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد سے پشاور میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی تھی ۔

    اس سال خیبرپختوانخوا میں دہشت گردی کے ایک سو تیرہ واقعات رپورٹ ہوئے۔جن میں ستتر افراد جاں بحق اور ایک سو تینتیس زخمی ہوئے۔

    جبکہ اس کے مقابلے میں گزشتہ سال دو سو چالیس، دو ہزار تیرا میں دو سو پنتالیس اور دو ہزار بارہ میں ایک سو ستر واقعات ہوئے۔

    جن میں چھ سو چھیالیس افراد جاں بحق اور ایک ہزار آٹھ سو سترہ افراد زخمی ہوئے تھے۔ محکمہ انسداد دہشت گردی نے رواں سال صوبے بھر میں نوسو سات سرچ آپریشن کرکے ایک ماہ میں دہشت گردی کے ساٹھ واقعات کو ناکام ،تئیس دہشت گردوں کو گرفتار کیا جن کے سروں کی قیمت مقرر تھی۔

  • سیالکوٹ بارڈر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ

    سیالکوٹ بارڈر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ

    سیالکوٹ : بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا سلسلہ تاحال جاری ہے، بھارتی سورماؤں نے ایک بار پھر اپنی ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے سیالکوٹ بارڈر پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔

      تاہم فائرنگ کے نتیجے میں کسی قسم کی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے،  بھارتی فائرنگ پر پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور جس سے بھارتی فوج کی توپیں خاموش ہوگئیں۔

    واضح رہے کہ بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ گزشتہ ماہ سے جاری ہے، جس میں بتدریج تیزی آرہی ہے۔

    جبکہ اقوام متحدہ کے مبصرین نے بھی کنٹرول لائن کا دورہ کر کے حقائق سے آگاہی حاصل کی ہے ۔ کنٹرول لائن پر بھارت کی مسلسل بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے اب تک متعدد پاکستانی شہید ہو چکے ہیں۔

  • شمالی وزیرستان: فورسز کی فضائی کارروائی،14دہشت گردہلاک

    شمالی وزیرستان: فورسز کی فضائی کارروائی،14دہشت گردہلاک

    شوال : شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں سیکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی میں چودہ دہشت گرد ہلاک اور ان کے متعدد ٹھکانے تباہ کردیئے گئے۔

    شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے جوان دہشت گردوں کے خلاف سینہ سپر ہیں۔ متعدد کارروائیوں میں سینکڑوں دہشت گرد جہنم واصل ہوچکے ہیں۔

    پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے احکامات کے بعد سے شدت پسندوں کے خلاف فضائی کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے۔

    پاک فوج نے شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں دہشت گردوں کے خلاف فضائی کارروائی کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فضائی کارروائی کے دوران چودہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔

    واضح رہے کہ شوال کو دہشت گردوں کو کا گڑھ سمجھاجاتا تھا لیکن پاک فوج نے ایک ہفتے میں ہی شوال کو دہشتگردوں کے قبضہ سے چھڑا کر مکمل کنٹرول حاصل کر لیاہے او ر اب ان کے خفیہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہاہے۔

  • اقوام متحدہ بھارتی فوج کی جارحیت کا نوٹس لے، الطاف حسین

    اقوام متحدہ بھارتی فوج کی جارحیت کا نوٹس لے، الطاف حسین

    لندن / کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سیالکوٹ کے سرحدی علاقوں میں بھارتی فوج کی فائرنگ کی شدیدمذمت کی ہے اوربھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں کئی بے گناہ پاکستانی شہریوں کے شہیداورزخمی ہونے پر دلی افسوس کااظہارکیاہے۔

    وہ نائن زیروپر رابطہ کمیٹی اورتنظیمی شعبہ جات کے ارکان سے خطاب کررہے تھے۔ الطاف حسین نے کہاہے کہ آج پی پی پی کے رہنماؤں کو رینجرز کے اقدامات سندھ پر حملہ نظر آرہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کل یہی پیپلزپارٹی تھی جس نے جولائی میں رینجرز کے سندھ میں قیام میں توسیع کی تھی اور اسے پولیس کے اختیارات دینے کے فیصلہ میں توسیع کی تھی ۔میں نے اپنی کسی تقریر میں نہیں کہا کہ فوج سے جنگ ہوگی ۔

    یہ ہماری اپنی فوج ہے ، ہم اس کیلئے جان دینے کاجذبہ رکھتے ہیں، جان لینے کا نہیں، الطاف حسین نے کہاکہ میں نہتے پاکستانی شہریوں پر بھارتی فوج کے حملے کی کھلے الفاظ میں مذمت کرتاہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ سے اپیل کرتاہوں کہ پاکستان کے سرحدی علاقوں میں بھارتی فوج کی جانب سے کی جانیوالی مسلسل خلاف ورذیوں اورفائرنگ کے واقعات کا سختی سے نوٹس لیاجائے۔

    انہوں نے پاک فوج کی قیادت اورتمام کورکمانڈروں سے کہاکہ بھارت کے حملوں کامنہ توڑجواب دیاجائے ۔

  • شدت پسندوں کیخلاف کارروائی: شمالی وزیرستان میں لیفٹیننٹ کرنل اور اہلکار شہید

    شدت پسندوں کیخلاف کارروائی: شمالی وزیرستان میں لیفٹیننٹ کرنل اور اہلکار شہید

    راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی میں لیفٹیننٹ کرنل فیصل ملک سمیت دواہلکار شہید ہوگئے،جوابی کارروائی میں چھ دہشتگرد ہلاک کردیئے گئے۔

    ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی کارروائیاں جاری، آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان ایجنسی کی تحصیل شوال میں شدت پسند سے سیکیورٹی فورسز کی جھڑپ ہوئی، جس میں لیفٹیننٹ کرنل فیصل ملک سمیت دواہلکار شہید ہوئے۔

    پاک فوج کی جوابی کارروائی میں چھ دہشت گرد مارے گئے، شمالی وزیرستان میں پاک فوج کا زمینی آپریشن آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جلد مقاصد کے حصول کی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے۔

     اورکزئی ایجنسی میں بھی سیکیورٹی فورسزنے شرپسندوں کے خلاف کارروائی کی، جس میں شرپسندوں کے دوٹھکانے تباہ کرکے دو شدت پسند گرفتار کرلیا گیا۔

     آئی ایس پی آرکےمطابق گرفتار شرپسندوں کے قبضے سے ایک گاڑی اورایک موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔

  • پاک فوج کا شوال میں زمینی کارروائی شروع کرنے کا اعلان

    پاک فوج کا شوال میں زمینی کارروائی شروع کرنے کا اعلان

    شوال: شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں پاک فوج نے زمینی آپریشن شروع کردیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فوسز کو آپریشن کے مقاصد جلد سے جلد حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    آرمی چیف نے موثر کارروائی کے لیے زمینی وفضائی افواج کو باہمی رابطے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ فضائی وزمینی افواج کے درمیان مربوط روابط قابل تحسین ہیں۔

     ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ سیکورٹی فورسز نے شوال میں دہشت گردوں کے خلاف اب فضائی کے ساتھ زمینی کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے فورسز کو مطلوبہ مقاصد جلد حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے او مؤثر کارروائی کیلئے زمینی اور فضائی فورسز میں مربوط رابطے کو قابل تحسین قرار دیا ہے۔

  • شمالی وزیرستان : پاک فوج کی شوال میں کارروائی،38شدت پسند ہلاک

    شمالی وزیرستان : پاک فوج کی شوال میں کارروائی،38شدت پسند ہلاک

    شوال : شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب میں سیکورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے اڑتیس شدت پسندہلاک اورمتعدد زخمی کر دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور فوج کو قدم قدم پر کامیابیاں مل رہی ہیں۔  شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں جیٹ طیاروں نے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پرشدید بمباری کی۔

    سرکاری ذرائع کے مطابق پاک فوج کی کارروائی میں شدت پسندوں کے تین ٹھکانے تباہ کردیئے گئے اوران حملوں کے نتیجے میں اڑتیس شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ تین روزکے دوران شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں پاک فوج کی مختلف کارروائیوں میں درجنوں شدت پسند ہلاک ہوئے اور ان کے متعدد ٹھکانے تباہ کئے جا چکے ہیں۔

  • شوال: سیکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی،18شدت پسند مارے گئے

    شوال: سیکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی،18شدت پسند مارے گئے

    شوال: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی شدت پسندوں کے خلاف فضائی کارروائی میں اٹھارہ شدت پسند مارے گئے۔

    شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہے۔

    فورسز کی فضائی کارروائی میں اٹھارہ شدت ہلاک ہوگئے، سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خلاف مستقل لڑرہی ہیں۔

    عسکری ذرائع کے مطابق شوال میں تین روز سے جاری فضائی کارروائی میں اب تک ایک سو اٹھ شدت پسند مارے جاچکے ہیں

  • شمالی وزیرستان، خیبرایجنسی میں کاروائی 65 دہشت گردہلاک

    شمالی وزیرستان، خیبرایجنسی میں کاروائی 65 دہشت گردہلاک

    خیبرایجنسی: شمالی وزیرستان اور خیبرایجنسی میں سیکیورٹی فورسز نے فضائی کارروائیاں کی، جس میں پینسٹھ دہشت گرد مارے گئے۔

     آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز نے فضائی کارروائی کی،جس میں پچاس دہشت گرد مارے گئے۔

     سیکورٹی فورسز نے شوال کے علاقے گھرلا مائی میں دہشتگردوں کےٹھکانوں پرحملےکیے، جس میں دہشتگردوں کےٹھکانے اور گولہ بارود بھی تباہ ہوا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر ایجنسی میں فضائی کارروائی میں ہلاک ہونے والے پندرہ دہشت گردوں میں دو خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فضائی کارروائی پاک افغان سرحدی علاقے رجگال سیکٹرمیں کی گئی، جس میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ ہوئے ہیں۔