Tag: Pak hockey Team

  • پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے قومی کھیل کی ترقی کا راز بتا دیا

    پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے قومی کھیل کی ترقی کا راز بتا دیا

    کراچی : پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کی بہتری کیلیے ضروری ہے کہ اعلیٰ معیار کے پریکٹس میچز کا انعقاد کیا جائے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام اسپورٹس روم میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کی ذہنی یکسوئی اور ان کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کیلیے پریکٹس میچز کے ساتھ ان کی مالی مشکلات بھی دور کرنا ہوں گی۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نئے لڑکوں کو اس کھیل کی جانب راغب کرنے کیلیے اسکول کی سطح پر ٹیمیں تشکیل دے کر بچوں کو کھلانا ہوگا اس کے علاوہ کلب لیول ہاکی کا آغاز کرنا ہوگا۔ ان ٹیموں کے صوبائی اور عالمی سطح پر مقابلے منعقد کرنا ہوں گے۔

    ان بچوں کی حوصلہ افزائی کیلیے بہترین کارکردگی کی بنیاد پر انہیں انعامات دیے جائیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو اور ٹیم کیلیے نئے کھلاڑی میسر آسکیں۔

    مزید پڑھیں : پاکستان ہاکی ٹیم کو ایک اور بڑے ایونٹ میں شرکت کی دعوت

    واضح رہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان ہاکی ٹیم کو پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے لیے دعوت دی ہے۔

    ملائیشیا میں ہونے والے نیشنز کپ کی فاتح ٹیم کو پرو ہاکی لیگ کے لیے کوالیفائی کرنا تھا، فائنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا اور پرو ہاکی لیگ کے لیے بھی کوالیفائی کیا تھا۔

    تاہم نیوزی لینڈ کی ٹیم مالی مسائل کے باعث لیگ سے دستبردار ہوگئی، جس کے بعد ایف آئی ایچ نے پاکستان ٹیم کو مدعو کر لیا۔ پرو لیگ سے پاکستان کو عالمی رینکنگ بہتر بنانے کا سنہری موقع مل گیا ہے۔

  • قومی ہاکی ٹیم ادھار ٹکٹ لے کر بیرون ملک کیوں گئی؟ اہم انکشافات

    قومی ہاکی ٹیم ادھار ٹکٹ لے کر بیرون ملک کیوں گئی؟ اہم انکشافات

    پاکستان کے عوام نے وہ دور بھی دیکھا ہے جب قومی ہاکی ٹیم نے اپنی محنت اور لگن سے ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کیا، عالمی میڈیا ان کی خبروں کو نمایاں جگہ دیتا تھا لیکن بد قسمتی سے آج معاملہ اس کے برعکس ہے۔

    اب قومی ہاکی ٹیم پر یہ وقت آگیا ہے کہ اسے ایک ایونٹ میں شرکت کیلئے ملک سے باہر بھیجنے کیلیے ادھار ٹکٹس کا سہارا لینا پڑا، جس کی تصدیق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھی کردی ہے۔

    صدر پی ایچ ایف طارق حسین بگٹی نے ’بی بی سی‘ کو بتایا ہے کہ چین میں ہونے والی ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کی ہاکی ٹیم کا اسکواڈ چین کی ہوائی کمپنی کے ساتھ ادھار ٹکٹ پر روانہ ہوا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ ٹیم کے پاس بیرون ملک جانے کے لیے فنڈز نہ ہوں اور ان کی ادائیگی بعد میں کی گئی ہو۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت سے کہا تو میں ایوان صدر سے مثبت جواب ملا تاہم بیورو کریسی کی جانب سے رکاوٹ نظر آئی کہ چیزیں وقت پر نہیں ہو پارہی تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ شیڈول کے مطابق جب کھلاڑیوں کے جانے کا وقت قریب آیا تو اس سے دو دن پہلے کہا گیا کہ سوری آپ اپنے پاس سے بندوبست کرکے کھلاڑیوں کو بھیج دیں، پھر ہم دس سے 15 روز میں آپ کو ادائیگی کردیں گے۔

    ہاکی فیڈریشن کے صدر نے دعویٰ کیا کہ یہ پہلی بار نہیں ہوا بلکہ یہ پاکستان سپورٹس بورڈ کی پرانی روش یہی ہے۔

    ہاکی فیڈریشن کے صدر کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ ’انڈین حکومت اپنی ہاکی پر تین ارب روپے خرچ کر رہی ہے اور ان کی رینکنگ پانچویں چھٹے نمبر پرآ گئی جبکہ پاکستان ہاکی ٹیم پچھلے پانچ ماہ میں 17 سے 15 نمبر تک آنے میں کامیاب ہوئی۔‘

    پاکستان سپورٹس بورڈ کے عہدے دار محمد شاہد نے بی بی سی کو بتایا کہ چیمپیئنز ٹرافی میں ٹیم کے بھیجنے کے لیے کیس پر جیسے ہی کارروائی مکمل ہوگی ان کو ادائیگی کر دی جائے گی۔

  • ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی، ہاکی ٹیم کے سینئیر کھلاڑی پرو لیگ اسکواڈ سے باہر

    ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی، ہاکی ٹیم کے سینئیر کھلاڑی پرو لیگ اسکواڈ سے باہر

    لاہور : پی ایچ ایف نے سنیئر کھلاڑیوں کے خلاف آپریشن کلین اپ کرتے ہوئے پرو لیگ سے قومی ہاکی ٹیم کے کئی سینئر کھلاڑی ڈراپ کردیئے، اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے جونئیر کھلاڑیوں پر تجربہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سینئر کھلاڑیوں کے خلاف آپریشن کلین سوئپ شروع کردیا، پرو لیگ کیلئے جاری کردہ فہرست سے ڈراپ ہونے پر سینئرز سخت نالاں ہیں۔

    ہاکی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد سینئر کھلاڑیوں کو قصور وار دے کر فیڈریشن نے انہیں اپنی گڈ بک سے باہر کردیا، اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے پی ایچ ایف نے جونئیر کھلاڑیوں کی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    مذکورہ کھلاڑیوں نے قومی ٹیم سے محرومی کے بعد لیگز کھیلنے ارادہ کرلیا۔ سینئرکھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف کا تھنک ٹینک غلط ہاتھوں میں ہے، ٹیمیں کمبی نیشن سے بنتی ہیں، مینجمنٹ قومی کھیل کو ترقی تو نہیں البتہ تنزلی کی جانب ضرور پہنچا دے گی۔

    واضح رہے کہ پرو ہاکی لیگ کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے26کھکلاڑیوں کے ناموں کو فائنل کرکے بھجوا دیا ہے، نئے اسکوڈ میں کپتان رضوان سنئیر، عرفان سنئیر، تصورعباس، محمد توثیق، راشد محمود اور عمربھٹہ شامل نہیں ہیں۔

    عبوری ٹیم میں تین گول کیپر منیب الرحمان، وقار اور حیدر علی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں علی رضوان، تعظیم الحسن، امجد خان، معین شکیل، محمد کمال، محمد مشتاق، عدیل لطیف، محمد یعقوب اور سہیل ریاض، محمد ابوبکر عماد بٹ اور علی مبشر ٹیم کا حصہ ہیں۔

    اس کے علاوہ محمد عتیق، رانا عبدالرحمان، محمد حماد الدین، ساران، افراز اور شان ارشاد کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ خیر شاہ، سہیل انجم،علی غضنفر اور جنید منظور بھی شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے گول کیپر عمران بٹ نے انٹرنیشنل ہاکی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔ بھارت میں ہونے والا ورلڈ کپ ان کا آخری ایونٹ تھا، عمران بٹ نے مجموعی طور پر ڈیڑھ سو سے زائد میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

  • پاکستان ہاکی ٹیم میں کپتان کی تقرری کا معاملہ، ٹیم مینجمنٹ اختلافات کا شکار

    پاکستان ہاکی ٹیم میں کپتان کی تقرری کا معاملہ، ٹیم مینجمنٹ اختلافات کا شکار

    کراچی: پاکستان ہاکی ٹیم کا کپتان کس کو بنایا جائے؟ اس معاملے نے ٹیم مینجمنٹ کو مشکل میں ڈال دیا، کوچ اور ہیڈ کوچ میں شدید اختلافات پیدا ہوگئے، دونوں اپنی مرضی کا کپتان لانا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں کپتان کے معاملے پر ٹیم منجمنٹ اختلافات کا شکار ہوگئی، ہیڈ کوچ حسن سردار اور ریحان بٹ گول کیپر عمران بٹ کو کپتان بنانا چاہتے ہیں جبکہ کوچ محمد ثقلین عرفان سینئر کو کپتان بنانے کے خواہشمند ہیں۔

    شدید اختلافات کی بناء پر کوچ محمد ثقلین عہدے سے استعفی دینے پر غور کررپے ہیں۔ دوسری جانب کپتان رضوان سینئر بیرون ملک لیگ ہاکی کھیلنے کی وجہ سے کیمپ میں شرکت نہیں کرسکے۔

    غالب امکان ہے کہ گول کیپر عمران بٹ کو کپتانی کی ذمہ داری سونپ دی جائے گی، ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ کراچی میں جاری ہے، چیمپئنز ٹرافی18اکتوبر سے مسقط میں شروع ہوگی۔

    علاوہ ازیں کپتان رضوان سینئر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ لاعلم ہوں کہ مجھے پاکستان ہاکی ٹیم کی کپتانی سے ہٹایا جارہا ہے، ٹیم آفیشل کے مطابق تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔

    رضوان سینئر نے کہا کہ مجھے جواز بتایا جائے اگر کپتانی سے ہٹایا جارہا ہے تو کیوں؟ میں مینجمنٹ سے این او سی لے کر ہالینڈ لیگ کھیلنے آیا ہوں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کپتان کی تبدیلی ٹیم میں گروپ بندی کا سبب بنے گی، قیادت برقرار رہی تو ہالینڈ سے عمان ٹیم کو جوائن کروں گا۔ بہت سے ایسے فیصلے ہوئے جو قومی ہاکی ٹیم کے حق میں نہیں، ورلڈ ہاکی لیگ والا ماحول دوبارہ بنتا نظر آرہا ہے۔

  • یومیہ الاؤنسز سے محروم پاکستان ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز کا بائیکاٹ کردیا

    یومیہ الاؤنسز سے محروم پاکستان ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز کا بائیکاٹ کردیا

    لاہور : پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے احتجاجاً ایشین گیمز کا بائیکاٹ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ جیب خالی ہو توکارکردگی کیسے دکھائیں؟ قوم کے سامنے شرمندہ ہونا نہیں چاہتے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم نے آئندہ ماہ انڈونیشیا میں ہونے والے ایشین گیمز کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑی تا حال یومیہ الاؤنسز سے بھی محروم ہیں، پی ایچ ایف کے جھوٹے وعدوں اور اعلانات سے گھر کا چولہا نہیں جلا سکتے۔

    ہماری جیبیں خالی ہوں گی تو پرفارمنس کیسے دیں گے؟ ان کا کہنا تھا کہ خراب کارکردگی سے قوم کے سامنے شرمندہ ہونا نہیں چاہتے۔

    واضح رہے کہ اٹھارویں ایشین گیمز آئندہ ماہ انڈونیشیا میں 18 اگست سے منعقد ہوں گے جو جکارتہ اور پالمبنگ میں 2 ستمبر تک جاری رہیں گے، میگا ایونٹ کی تیاری کیلئے تربیتی کیمپ کراچی میں لگا ہوا ہے۔

    پی ایچ ایف کی ناقص حکمت عملی کے باعث ہاکی کھلاڑیوں کو ان کے واجبات تک ادا نہیں کیے گئے ہیں، حکومت کی جانب سے گرانٹ نہ ملنے کی وجہ سے قومی پلیئرز کو گزشتہ ماہ ہالینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کی دو کروڑ روپے کی ادائیگیاں نہیں کی جاسکی ہیں۔

    قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارگردگی، نگراں حکومت نے پی ایچ ایف کی گرانٹ روک لی

    سابق وزیر اعظم شاھد خاقان عباسی نے پی ایچ ایف کیلئے18کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کرنے کے احکامات دیئے تھے، جسے موجودہ نگراں حکومت نے روک دیا تھا۔

    پاکستان ہاکی فیڈریشن کھلاڑیوں کی مقروض


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارگردگی، نگراں حکومت نے پی ایچ ایف کی گرانٹ روک لی

    قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارگردگی، نگراں حکومت نے پی ایچ ایف کی گرانٹ روک لی

    اسلام آباد : ہاکی چیمپینز ٹرافی میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر نگران حکومت نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے پی ایچ ایف کی 20کروڑ روپے کی اسپیشل گرانٹ روک لی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کی حالیہ ہاکی چیمپینز ٹرافی میں انتہائی ناقص کارکردگی کا نگراں حکومت نے سختی سے نوٹس لیا ہے، نگران حکومت نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو دی جانے والی20کروڑ روپے کی اسپیشل گرانٹ روکنے کا فیصلہ کیا ہے، مذکورہ اسپیشل گرانٹ جاری کرنے کی منظوری سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دی تھی۔

    واضح رہے کہ قومی ہاکی ٹیم بریڈا میں جاری چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں راؤنڈ لیگ کے آخری میچ میں بیلجیئم سے شکست کے بعد خراب کارکردگی کے باعث میڈل کی دوڑ سے آؤٹ ہوئی۔

    پاکستان کو بھارت، ہالینڈ، آسٹریلیا اور بیلجیم کے ہاتھوں بد ترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، دس لاکھ سے زائد ماہانہ تنخواہ لینے والے ڈچ کوچ بھی ٹیم کی بہتر کارگردگی کیلئے کوئی قابل ذکر کردار ادا نہ کر سکے۔

    دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن مال مفت دل بے رحم کے مصداق قومی خزانہ لٹانے میں مصروف عمل ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز سینئر غیر ملکی سیر سپاٹوں میں مگن ہیں۔

    مزید پڑھیں: ہاکی چیمپئنز ٹرافی ، بیلجیئم نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرادیا

    اس کے علاوہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے بھی ہاکی فیڈریشن کی ناقص کارکردگی پر جواب طلبی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یاد رہے کہ سال2014میں پاکستان ٹیم نے چیمپپنز ٹرافی میں سلور میڈل جیتا تھا، جبکہ 2012چیمپینز ٹرافی میں برونز میڈل پاکستان کے نام رہا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • آئرلینڈ نے پاکستان کو ہرا دیا، قومی ٹیم تاریخ میں پہلی باراولمپکس سے باہر

    آئرلینڈ نے پاکستان کو ہرا دیا، قومی ٹیم تاریخ میں پہلی باراولمپکس سے باہر

    اینٹورپ: ہاکی اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کے اہم میچ میں آئرلینڈ نےپاکستان کو ایک صفر سے شکست دے کر اولمپکس سے باہر کردیا۔ پاکستان اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ میں ناقص منصوبہ بندی اور خراب فٹنس کے سبب ناکام رہا۔

    گرین شرٹس نے اولمپکس میں کوالیفائی کا آخری چانس بھی گنوادیا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے اولمپکس سے باہر ہونے پر قوم سے معافی مانگ لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہاکی اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کے کراس اوور میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو ایک صفر سے شکست دے دی۔اس شکست کے بعد تاریخ میں پہلی بار قومی ہاکی ٹیم اولمپکس سے باہر ہوگئی ہے۔

    آئرلینڈ نے کھیل کے آغاز سے ہی گیند پر کنٹرول رکھا، پاکستانی کھلاڑیوں نے کوششیں کیں لیکن ناکام رہےاور پینلٹی کارنر کے مواقع بھی ضائع کردیئے۔

    ایونٹ میں بھارت اور فرانس سے ڈرا میچز کھیلنا پاکستان ٹیم کے لئے درد سر بنا۔ برطانیہ سے شکست نے براہ راست کوالیفائی کا چانس بھی کھو دیا اور ائرلینڈ کے خلاف مواقع کھونا اولمپکس سے باہر ہونے کا سبب بنا۔

    صورتحال کا بھرپور انداز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آئرش ٹیم نےگیند کو جال میں پہنچا کر پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، پاکستان کو اب ساتویں پوزیشن کا میچ کھیلنا پڑ رہا ہے، جیت بھی ریو اولمپکس کا دروازہ نہیں کھول سکے گی۔

    دوسری جانب پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے اولمپکس دوہزار سولہ سے باہر ہونے پر قوم سے معافی مانگ لی ہے, پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران کا کہنا ہے کہ پورے ایونٹ میں کھلاڑیوں کی یہی کوشش تھی کہ ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلا جائے۔

    آئرلینڈ کیخلاف شکست کے بعد پوری ٹیم افسردہ، میچ کے دوران گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن ضائع ہوگئے۔ان کا کہنا تھا کہ شکست کی ذمہ دار فرد واحد کو ٹھہرانا درست نہیں ہوگا۔

    ریو اولمپکس سے باہر ہونے پر بطور کپتان پوری قوم سے معافی مانگتا ہوں۔

  • بیلجیئم میں موجود پاکستانی ہاکی ٹیم کو کھانے کے لالے پڑ گئے

    بیلجیئم میں موجود پاکستانی ہاکی ٹیم کو کھانے کے لالے پڑ گئے

    بیلجیئم :  پاکستانی ہاکی ٹیم کو کھانے کے لالے پڑ گئے جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور حکومت ادائیگی کا ذمہ دار ایک دوسرے کو ٹھہرا رہے ہیں۔

    بیلجئیم میں پاکستان کی ہاکی ٹیم کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے،مالی بحران کے باوجود کھلاڑی کھیلنے کے لئے پر عزم ہیں اور ہاکی فیڈریشن مالی مسائل کی تردید کرتی نظر آرہی ہے۔

    دیار غیر میں قومی کھیل ہاکی کےکھلاڑی بےیارومددگار اور کھانے پینے کے پیسے نہ ہونے پر عدم تحفظ کا شکار ہیں۔عدم ادائیگی پرہوٹل انتظامیہ نے کھلاڑیوں کو وارننگ جاری کردی ہے۔

    تمام تر مالی مشکلات کے باوجود کھلاڑیوں نےجیت کےعزم کا اظہار کیا،قومی ٹیم کے کوچ شہناز شیخ خستہ حالی کے باوجود پر جوش نظر آئے۔

    دوسری جانب ہاکی فیڈریشن کےصدراختررسول نے ٹیم کومالی مشکلات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا  تمام تر صورتحال کے باوجودقومی ہاکی ٹیم نے پہلے مقابلے میں فتح حاصل کی،اب دیکھنا یہ کہ ہاکی فیڈریشن قومی ہاکی ٹیم کے مسائل حل کرنے میں کامیاب ہوتی ہے یا نہیں۔

    دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد کا کہنا ہے قومی ہاکی ٹیم کو مشکلات کا سامنا نہیں۔ بیلجئم میں کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات دی جارہی ہے۔ اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان نے اچھا آغاز کیا۔