Tag: Pak india

  • دفاعی بجٹ تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

    دفاعی بجٹ تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

    راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ اس سال پاکستان کا دفاعی بجٹ تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال دفاعی بجٹ ملک کے مجموعی بجٹ کا 12.5فیصد ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دفاعی بجٹ میں کٹوتی ملک کی معیشت کے تناسب سے ہے، دفاعی فوجیں خود کو ملک سے الگ نہیں سمجھتیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہمارے مسائل ایک ہیں اور ہم نے مل کراس کا حل نکالنا ہے، پاکستان اور بھارت کے دفاعی بجٹ میں فرق کئی دہائیوں سے ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے بجٹ میں واضح فرق کے باوجود 27فروری کا واقعہ آپ کے سامنے ہے، فوج کی طاقت صرف وسائل نہیں بلکہ جذبہ شہادت سے ہے۔

    میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ہیومن رائٹس وائلیشن کا واویلا مچایا جا رہا ہے، جن ممالک میں جاکرکہاجارہاہےخلاف ورزی ہورہی ہے ان کے ماضی پر نظر ڈالیں، ان جیسےبلوائیوں اورشرپسندوں سے وہ ممالک کیسے نمٹتے ہیں، ہیومن رائٹس واویلے کے پیچھے 9مئی کے سہولت کار،منصوبہ ساز نہیں چھپ سکتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیاکہ ہمیں چاہئے جھوٹ کی کرنسی کوختم کریں، سچ چاہے جتنا بھی کڑواہوہضم کرنےکی صلاحیت پیداکریں۔

     

  • اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان نے بھارت کو کرارا جواب دے دیا

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان نے بھارت کو کرارا جواب دے دیا

    نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان نے بھارت کو ایک بار پھر کرارا جواب دے دیا ہے، پاکستانی سفارت کار محمد راشد سبحانی نے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستانی سفارت کار محمد راشد سبحانی نے یو این سلامتی کونسل کے مباحثے میں کہا جموں و کشمیر بھارت کا حصہ نہ تھا نہ ہے، اسی کونسل کی قراردادوں میں اسے متنازعہ علاقہ قرار دیا جا چکا ہے، اس لیے بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنے کا پابند ہے۔

    راشد سبحانی نے کہا بھارت مقبوضہ کشمیر میں عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے، جب کہ کشمیری حق خود ارادیت کے وعدے کی تکمیل کے منتظر ہیں، پانچ اگست 2019 کا بھارتی اقدام جنیوا کنونشن کے خلاف ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے۔

    ’بھارت کو ریڈ لسٹ میں شامل کرنے نہ کرنے کا فیصلہ آئندہ 6 ماہ میں ہوگا‘

    پاکستانی سفارت کار نے کہا بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہوا، پاکستان سمیت پڑوسی ممالک میں دہشت گردی کے واقعات میں بھی بھارت ملوث ہے، بھارت میں اقلیتوں کو بھی امتیازی سلوک کا سامنا ہے، دوسری طرف بھارتی مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ بھی نسل پرستانہ نظریے پر کار بند ہیں۔

    پاکستانی سفارت کار نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی ختم کروائی جائے، اور عالمی برادری بھارت سے بین الاقوامی قوانین پر عمل درآمد کروائے۔

    سلامتی کونسل میں پاکستانی قائم مقام مستقل مندوب عامر خان نے بھی مباحثے سے خطاب کیا، انھوں نے کہا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فیصلوں پر عمل درآمد میں دہرا معیار باعث تشویش ہے، جموں و کشمیر ظالمانہ قبضے کی عالمی مثال ہے، جہاں کئی دہائیوں سے انسانی حقوق پامال ہو رہے ہیں۔

    عامر خان نے کہا 75 سال سے بھارت کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے انکاری ہے، بھارت نے عالمی قوانین کی سنگین اور منظم خلاف ورزیاں بھی کی ہیں، 9 لاکھ سے زائد بھارتی فوج کئی دہائیوں سے مقبوضہ وادی میں تعینات ہے، بھارت عالمی فوجداری قانون کی خلاف ورزیوں کا سہارا لے رہا ہے۔

    پاکستانی مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ بھارت فورسز نے مظاہرین کے خلاف براہ راست گولہ بارود کا استعمال کیا، بھارت 5 اگست 2019 سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے کو ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنا چاہتا ہے، سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی جرائم کے ثبوتوں کا نوٹس لے، اور بھارت کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے جواب دہ ٹھہرائے۔

  • بھارت نے پاکستان کو ایڈوانس فلڈ ڈیٹا فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی

    بھارت نے پاکستان کو ایڈوانس فلڈ ڈیٹا فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی

    اسلام آباد: بھارت نے پاکستان کو پانی کے بہاؤ کا ڈیٹا فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت نے پاکستان کو ایڈوانس فلڈ ڈیٹا فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی، پاکستان اور بھارت کے انڈس واٹر کمشنرز کے درمیان 3 روزہ مذاکرات آج ختم ہو گئے۔

    مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ نے کی، ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا اگلا مرحلہ رواں سال 31 مئی سے قبل کرانے پر اتفاق ہو گیا ہے، مئی میں انڈس واٹر کمشنرز کے مذاکرات بھارت میں ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق بھارت مذاکرات میں متنازع پن بجلی منصوبوں پر اعتراضات کا جواب دے گا، پاکستان نے پکل دل اور لوئر کلنائی پن بجلی منصوبوں پر اعتراضات اٹھا رکھے ہیں، پاکستان نے 9 دیگر چھوٹے پن بجلی منصوبوں پر بھی اعتراضات اٹھا رکھے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے ایڈوانس فلڈ ڈیٹا فراہم کرنے کی پاکستان کو یقین دہانی کرا دی ہے، بھارت اسی سال پاکستان کو متنازع پن بجلی منصوبوں کا دورہ بھی کرائے گا۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ 2021: دنیا بھر کے میڈیا میں پاکستان کی شاندار فتح کا چرچا

    ٹی 20 ورلڈ کپ 2021: دنیا بھر کے میڈیا میں پاکستان کی شاندار فتح کا چرچا

    آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بھارت کے خلاف شاندار فتح نے دنیا بھر کے اخبارات میں اپنی جگہ بنائی، دنیا بھر کا میڈیا پاکستانی کرکٹ ٹیم کی مدح سرائی کرنے لگا۔

    ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ میں روایتی حریف بھارت کو تاریخ ساز معرکے میں شکست دینے کے بعد پاکستانی اسٹارز کی بہترین کارکردگی کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے۔

    برطانیہ، فرانس، آسٹریلیا اوت ترکی سمیت دیگر ممالک کے میڈیا نے پاکستانی ٹیم کی تاریخی کامیابی پر تعریفوں کے پل باندھ دیے۔

    آسٹریلوی میڈیا فاکس اسپورٹس کے مطابق روایتی حریف سے شکست کے بعد بھارت کو رئیلٹی چیک مل گیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے لکھا کہ پاکستان نے دس وکٹوں سے شکست دے کر بھارت کو چت کردیا۔

    اخبار دی گارجین نے لکھا کہ پاکستان نے تاریخی فتح کے ساتھ صورتحال بدل ڈالی، ترکش میڈیا نے بھی بھارت کی شکست کو عبرت ناک قرار دیا۔

  • پاکستان کی جیت کے پٹاخے سہواگ اور گمبھیر سے برداشت نہ ہوئے!

    پاکستان کی جیت کے پٹاخے سہواگ اور گمبھیر سے برداشت نہ ہوئے!

    ٹی 20 ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کے پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کے بعد بھارت کے کچھ علاقوں میں بھی پاکستان کی جیت پر خوشی سے آتش بازی کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جیت کا جشن بھارت میں بھی منایا گیا ہے، تاہم پاکستان کی جیت کی خوشی میں پٹاخے چلانا سابق بھارتی کھلاڑیوں وریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر سے برداشت نہ ہوا، دونوں ٹوئٹر پر اس حوالے سے زہر اگلنے سے خود کو باز نہ رکھ سکے۔

    سابق بھارتی کرکٹر سہواگ نے ٹوئٹ کیا کہ دیوالی پر پٹاخے پھوڑنے پر پابندی ہے، لیکن کل رات بھارت میں کچھ جگہوں پر پاکستان کی جیت کا جشن آتش بازی کر کے منایا گیا لیکن اس پر کسی کی آواز نہیں نکلی۔

    سہواگ نے لکھا کہ شائقین کو جیت کی خوشی ضرور منانی چاہیے لیکن اگر کرکٹ میچ کی خوشی میں آتش بازی کی جا سکتی ہے تو دیوالی پر کیوں نہیں۔ سہواگ نے زہر اگلتے ہوئے کہا کہ یہ منافقت کیوں، سارا گیان تب ہی یاد آتا ہے۔

    ادھر سابق کھلاڑی گوتم گمبھیر نے بھی ٹوئٹ میں زہر اگلتے ہوئے لکھا ہے کہ پاکستان کی جیت کی خوشی میں جو لوگ آتش بازی کر رہے ہیں وہ بھارتی نہیں ہو سکتے، ہمیں اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ کھڑا رہنا ہے، یہ شرم ناک ہے۔

    پاکستان نے بھارت کو ہرا کر تاریخ بدل ڈالی

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ بدل ڈالی ہے، گرین شرٹس نے عالمی کپ میں بھارت سے کامیابی کا جمود توڑ کر تاریخی فتح کو یادگار بنایا، جو عرصے تک شائقین کو یاد رہے گی، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی بھارت کے خلاف یہ پہلی کامیابی تھی۔

  • پاکستانی ٹیم سے متعلق بھارتی کپتان کا بیان

    پاکستانی ٹیم سے متعلق بھارتی کپتان کا بیان

    دبئی: بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے پاکستانی ٹیم کو خطرناک قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ویرات کوہلی نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے زبردست ٹاکرے سے ایک دن قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیم میں بہت سے گیم چینجر ہیں، اور بھارت کو ان سے بہتر کھیل کے لیے اپنا ’اے گیم‘ کھیلنے کی ضرورت ہوگی۔

    بھارتی کپتان کا کہنا تھا ہماری ٹیم بہت متوازن ہے، لیکن پاکستان کی ٹیم خطرناک ہے، اس کے پاس میچ تبدیل کرنے والے کھلاڑی ہیں۔

    انھوں نے کہا میرے لیے پاک بھارت میچ ایک عام میچ ہے، دباؤ نہیں لیتا، ہمیں پروفیشنل کرکٹرز کی طرح حالات میں ڈھلنا ہوتا ہے، اور باہر کون کیا کہہ رہا ہے، یا لکھ رہا ہے اس سے مطلب نہیں۔

    نیوزی لینڈ کو بھاگنے نہیں دینگے، چھوڑنا انڈیا کو بھی نہیں، شعیب اختر

    کپتانی کیوں چھوڑی کے سوال پر ویرات کوہلی بھڑک اٹھے، کہا کپتانی پر بات نہیں کروں گا، توجہ میچ پر ہے۔

    کپتان نے کہا ہردک پانڈیا دو اوور کرانے کے لیے تیار ہے، اس کی بیٹنگ اچھا آپشن دیتی ہے، ہمارے پاس بولرز کی کمبنیشن ہے لیکن ابھی میں اس کے بارے میں نہیں بتاؤں گا۔

    ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ ابوظبی اور دبئی کی پچز بہتر ہیں، شارجہ کی پچ پرگیند نیچے رہتی ہے۔

    واضح رہے کہ دبئی میں اتوار کو بھارت اور پاکستان کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 میں مقابلہ ہوگا، عمان اور متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کا یہ پہلا میچ ہوگا۔ بھارت پاکستان کے خلاف پانچ ٹی 20 ورلڈ کپ میچز میں ناقابل شکست رہا ہے۔

  • پاک بھارت آبی تنازعات پر برف پگھلنے لگی،  ڈیڈلاک ختم، بات چیت جاری

    پاک بھارت آبی تنازعات پر برف پگھلنے لگی، ڈیڈلاک ختم، بات چیت جاری

    اسلام آباد : پاکستانی انڈس واٹرکمشنر سید مہرعلی شاہ کا کہنا ہے کہ بھارت سے پانی معاملات پرڈیڈلاک ختم ہوگیا ہے اوربات چیت جاری ہے ، بھارتی انڈس واٹرکمیشن وفد جلد پاکستان کادورہ کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بھارت آبی تنازعات پربرف پگھلنےلگی، پاکستانی انڈس واٹرکمشنر سیدمہرعلی شاہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت سے پانی معاملات پرڈیڈلاک برقرارنہیں، بھارت پاکستان کیساتھ پانی پربات چیت کررہاہے۔

    سیدمہرعلی شاہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے مرالہ میں اضافی پانی چھوڑاتواطلاع دی تھی، بھارتی انڈس واٹرکمشنر سے ٹیلی فونک رابطہ جاری ہے۔

    پاکستانی انڈس واٹرکمشنر نے مزید کہا کہ بھارتی انڈس واٹرکمیشن وفد جلد پاکستان کادورہ کرےگا، بھارتی انڈس حکام سندھ طاس معاہدےکےمطابق چل رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نےہمیشہ سندھ طاس معاہدےپرعمل کی بات کی، دونوں ممالک سیلابوں اورمون سون پرڈیٹاشیئرنگ کررہے ہیں۔

    یاد رہے رواں سال مارچ میں پاکستانی انڈس واٹر کمیشن کے وفد نے نئی دہلی میں 2روزہ مذاکرات میں حصہ لیا تھا ، 8رکنی وفد کی قیادت انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ نے کی جبکہ بھارتی وفد کی قیادت انڈس واٹر کمشنر پردیپ کمار سکسینہ نے کی تھی۔

    واہگہ بارڈر پر انڈس واٹرکمشنر مہرعلی شاہ نے بتایا تھا کہ بھارتی سائیڈ نے ہمارے موقف کوپوری توجہ سےسنا، پرامیدہیں کہ ہرسال اب یہ میٹنگ کاسلسلہ چلتا رہے گا، میٹنگ میں بھارتی پراجیکٹ پرٹیکنیکل اعتراضات اٹھائےتھے، اعتراضات پر غور کرنے کی گارنٹی دی گئی اور بھارتی حکام نے پاکستان کے دورے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

  • بھارت نے کرتارپور راہداری پر پاکستان کے بھیجے مسودے پر گھٹنے ٹیک دئیے

    بھارت نے کرتارپور راہداری پر پاکستان کے بھیجے مسودے پر گھٹنے ٹیک دئیے

    اسلام آباد: بھارت نے کرتارپور راہداری پر پاکستان کے بھیجے مسودے پر گھٹنے ٹیک دئیے اور کرتارپور راہداری منصوبے پر بھارت پاکستان کے مسودے پر رضامند ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت میں کرتارپور راہداری کھولنے کے مسودے پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان، بھارت 23 اکتوبر کو کرتارپور راہداری معاہدے پر دستخط کریں گے، بھارت نے فی یاتری 20 ڈالرز سروس فیس وصولی کے پاکستان کے فیصلے کو تسلیم کرلیا ہے۔

    [bs-quote quote=”پاکستان اور بھارت 23 اکتوبر کو کرتارپور معاہدے پر گراؤنڈز پر دستخط کریں گے” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    پاکستان اور بھارت 23 اکتوبر کو کرتارپور معاہدے پر گراؤنڈز پر دستخط کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل معاہدے پر دستخط کریں گے۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے مسودے پر دستخط فوکل پرسن کریں گے، پاکستان نے واضح کردیا کرتارپور راہداری جیسے خیرسگالی اقدام کی مثال کہیں نہیں ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت سے یاتریوں کے اعدادوشمار، تفصیلات کی پاکستان کو فراہمی کی آزمائش کی گئی، بھارتی حکام نے کرتارپور گراؤنڈز پر زیرو پر آزمائشی طور پر تفصیلات سے آگاہ کیا۔

    دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے بھارت مان گیا ہے، سکھ برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی سکھ برادری کو خوش آمدید کہیں گے، آنے والے دنوں میں سکھ یاتریوں کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرتارپور راہداری کی تقریب میں من موہن سنگھ کو دعوت نامہ دیا ہے، انہوں نے ہماری دعوت کو قبول کیا ہے، من موہن تقریب میں ایک شہری کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔

  • کرتارپور راہداری پر پاک بھارت مذاکرات کا چوتھا مرحلہ رواں ہفتے ہونے کا امکان

    کرتارپور راہداری پر پاک بھارت مذاکرات کا چوتھا مرحلہ رواں ہفتے ہونے کا امکان

    اسلام آباد : کرتارپور راہداری پرپاک بھارت مذاکرات کاچوتھا مرحلہ رواں ہفتےہونےکاامکان ہے ، مذاکرات کادورڈیرہ باباگرونانک زیروپوائنٹ کے مقام  پر ہوگا، پاکستان نے راہداری منصوبے کے حوالے 98 فیصد کام مکمل کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرتارپور راہداری پر پاک بھارت تکنیکی مذاکرات کا چوتھادوررواں ہفتےہونےکاامکان ہے ، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تکنیکی ماہرین کی مشاورت 30 اگست کو متوقع ہیں ، مذاکرات کادورڈیرہ باباگرونانک زیروپوائنٹ کےمقام پرہوگا۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق مذاکرات میں دریائے راوی پر بنے پل کےتکنیکی پہلوؤں کاجائزہ لیا جائےگا اور پاکستانی وفد بھارتی حکام کو اپنی ورکنگ سے متعلق آگاہ کرے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے راہداری منصوبے کے حوالے 98 فیصد کام مکمل کر لیا ہے اور تکنیکی ماہرین کے مذاکرات کیلئے بھارتی درخواست کاجواب دے دیا ہے جبکہ پاکستان نے مذاکرات کے اس مرحلے کیلئے 30 اگست کی تجویز دی ہے۔

    خیال رہے واضح مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم پر پاکستان نے امن پسندی اور بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرتار پور راہداری پر جاری کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے ، کرتارپورراہداری پرجاری کام 31 اگست تک مکمل کرلیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : کرتارپور راہداری کا افتتاح 11 نومبر کو پر وقار تقریب میں کیا جائے گا، ذرائع

    ذرائع کا کہنا تھا کہ دفترخارجہ نے کرتارپورکھولنے سے متعلق اپنا ہوم ورک تیزکردیا، کرتارپورراہداری کا افتتاح11 نومبرکو پروقارتقریب میں کیا جائے گا ، تقریب سکھ برادری کے بانی باباگرونانک کی سالگرہ سے متعلق ہوگی۔

    واضح رہے جنوری2019میں پاکستان نے معاہدے کا مسودہ بھارت سےشیئرکیا تھا، کرتارپور میں نارووال سے7 گنا بڑا شہرآباد کیا جارہا ہے، نارووال شہر 130 ایکڑ سے 150 ایکڑ اراضی پرمحیط ہے، پاکستان گوردوارہ صاحب سے سرحد تک اپنی حدود میں کرتارپور کوریڈور فیز ون میں ساڑھے 4 کلو میٹر سڑک تعمیر کررہا ہے، اسی طرح بھارت بھی اپنی حدود میں سرحد تک راہداری بنائے گا۔

  • ‘ ہیروشیما اور ناگاساکی کے بعد کشمیر پر جوہری جنگ چھڑسکتی ہے’

    ‘ ہیروشیما اور ناگاساکی کے بعد کشمیر پر جوہری جنگ چھڑسکتی ہے’

    واشنگٹن : کشمیرکواندرونی معاملہ قراردینے والوں کوامریکی تھنک ٹینک نے وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہیروشیما اور ناگاساکی کے بعدکشمیر پر جوہری جنگ چھڑ سکتی ہے، جوہری جنگ ہوئی تولاکھوں افرادجان سےجائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی تھنک ٹینک نے کشمیرکواندرون معاملہ قرار دینے والوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا مسئلہ کشمیرپرجنوبی ایشیا میں جوہری جنگ کا خطرہ ہے، جوہری جنگ ہوئی تولاکھوں افرادجان سےجائیں گے۔

    تھنک ٹینک اسٹرٹ فورکی رپورٹ میں کہا گیا ہیروشیماناگاساکی کےبعدکشمیرپرجوہری جنگ چھڑسکتی ہے ، بعض بین الاقوامی قوتیں مسئلہ کشمیرکواندرونی معاملہ قراردے رہی ہیں۔ یہ اندرونی معاملہ نہیں، دنیا کے امن واستحکام کا معاملہ ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ کے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال میں پہل نہ کرنے کی پالیسی ترک کرنے کے بیان کے بعد ایٹمی جنگ کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے ، کئی دہائیوں پہلے کشمیر کے عوام کو انکا حق استصواب رائے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا جو آج تک پورا نہیں کیا گیا۔

    امریکی تھنک ٹینک کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے انیس اٹھانوے میں جوہری تجربہ کیا تھا توپاکستان نے جواب دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : کشمیر پر پاک بھارت جنگ کا خطرہ ہے

    رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ کے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال میں پہل نہ کرنے کی پالیسی ترک کرنے کے بیان کے بعد ایٹمی جنگ کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے ، کئی دہائیوں پہلے کشمیر کے عوام کو انکا حق استصواب رائے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا جو آج تک پورا نہیں کیا گیا۔

    امریکی تھنک ٹینک کی رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ فروری میں پاکستان نے بھارت کا ایک لڑاکا طیارہ مار گرایا اور طیارے کے پائلٹ کو واپس بھارت کے حوالے کیا تھا۔

    خیال رہے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد دونوں ممالک میں کشیدگی برقرار ہے، پاکستان نے بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود اور دو طرفہ تجارت بھی معطل کردی ہے۔