Tag: Pak india

  • مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی، اقوام متحدہ کی  پاک بھارت  سے تحمل کی اپیل

    مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی، اقوام متحدہ کی پاک بھارت سے تحمل کی اپیل

    نیویارک : اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی پر پاکستان اوربھارت سے اپیل کرتے ہوئے کہا دونوں ملک تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ حالات مزید خراب نہ ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں کشیدگی پر اقوام متحدہ نے پاکستان اور بھارت سے تحمل کی اپیل کردی ہے۔

    مقبوضہ وادی کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں ترجمان سیکرٹری جنرل نے کہا کہ دونوں ملک تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ حالات مزید خراب نہ ہوں۔

    اس سے قبل او آئی سی نےمقبوضہ کشمیرکی کشیدہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے مقبوضہ وادی میں بھارت کے اضافی فوجیوں کی تعیناتی، سیز فائر کی خلاف ورزی اورکلسٹربم حملوں پرتشویش کااظہار کیا تھا۔

    اوآئی سی نے سیزفائر کی خلاف ورزی میں شہریوں کی اموات پردکھ کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پرمسئلہ کشمیرحل کرانے میں کردار ادا کرنے پر زوردیا۔

    مزید پڑھیں : لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت، او آئی سی کا اظہارِ تشویش

    خیال رہے مقبوضہ کشمیرمیں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے ، کشمیریوں پر زندگی تنگ کرنے کیلئے مزید اڑتیس ہزار فوجی تعینات کردیئے ہیں اور لوگ گھروں میں محصورہوکررہ گئے، کشمیریوں نے کھانے پینے کی اشیا، دوائیں اور پیٹرول جمع کرنا شروع کردیا، اس دوران لوٹ مار کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

    کشمیری رہنما محبوبہ مفتی،عمرعبداللہ اورسجاد لون سمیت دیگر رہنماؤں کوبھی نظربند کردیاگیا ہے اور مقبوضہ وادی میں دفعہ ایک چوالیس نافدکر کےوادی میں تمام تعلیمی اداروں کو تاحکم ثانی بنداور لوگو ں کی نقل وحرکت پربھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    سری نگر سمیت پوری وادی کشمیرمیں موبائل فون،انٹرنیٹ،ریڈیو، ٹی وی سمیت مواصلاتی نظام معطل کردیاگیا ہے جبکہ بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے پولیس تھانوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

  • بھارتی وزیراعظم کرتار پورکوریڈور کی تقریب میں شرکت کریں گے

    بھارتی وزیراعظم کرتار پورکوریڈور کی تقریب میں شرکت کریں گے

    اسلام آباد : ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت وزرائے اعظم کی جلد ملاقات کا امکان ہے ، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کرتار پورکوریڈور کی تقریب میں شرکت پر تیار ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بھارت تعلقات میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ، پاکستان اور بھارت کے درمیان اعلی سطح کاسفارتی رابطہ ہوا ، جس سے پاک بھارت وزرائےاعظم کی جلد ملاقات کا امکان پیدا ہوگیا ، دونوں وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات کے لئے رابطے جاری ہیں۔

    بھارتی وزیراعظم کرتار پورکوریڈور کی تقریب میں شرکت پرتیار ہوگئے ہیں ، بابا گرو نانک کی سالگرہ پر مودی کرتار پورہ کوریڈور کا دورہ کریں گے، کرتار پور کوریڈور تقریب میں پاک بھارت وزرائے اعظم شریک ہوں گے۔

    وزیراعظم عمران خان خصوصی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

    مزید پڑھیں : نریندر مودی کا وزیر اعظم عمران خان کو خط، کرتارپور پر کام مکمل کرنے کی یقین دہانی

    یاد رہے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعظم عمران خان کو خط بھیجا تھا ، جس کی حکومتی سطح نے تصدیق کی گئی تھی ، ذرایع وزیر اعظم آفس کا کہنا تھا کہ خط پر نریندر مودی کے دستخط ہیں، دستخط شدہ خط میں حوصلہ افزا باتیں کی گئی ہیں۔

    بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے بھیجے گئے خط کے مزید مندرجات بھی سامنے آئے تھے ، خط میں نریندر مودی نے کرتارپور راہ داری پر کام جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

    اس سے قبل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر نے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو جوابی خط لکھا تھا، خط میں کہا گیا تھا کہ بھارت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات کا خواہاں ہے اور خطے میں امن اور ترقی چاہتا ہے، بھارت نے ہمیشہ عوام کی ترقی اور امن کو ترجیح دی ہے اور پاکستان کی جانب سے بھی اس جذبے کو سراہا گیا ہے۔

    خط کے متن میں کہا گیا تھا پورے خطے میں امن اور ترقی کے لئے بھارت پاکستان سمیت تمام ممالک سے جامع مذاکرات کے لئے تیار ہے، مذاکرات میں دہشت گردی کے مدعے پر خصوصی توجہ ہو۔

    خیال رہے کرغزستان کے دارالحکومت بشکک میں پاک بھارت وزرائے اعظم نے ملاقات کی، مصافحہ کیا اور ہلکی پھلکی گپ شپ کی، جس کی تصدیق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کی تھی۔

  • وزیراعظم عمران خان کی نریندرمودی کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت، خط لکھ دیا

    وزیراعظم عمران خان کی نریندرمودی کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت، خط لکھ دیا

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے پڑوسی ملک بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کو تیسری مرتبہ انتخابات میں فتح پر مبارک باد دیتے ہوئے ایک بار پھر مسائل کے حل کیلئے مذکرات کی دعوت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے، مذکورہ خط میں انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو دوبارہ منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔

    اس حوالے سے سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، امن و استحکام کے قیام سے خطے میں ترقی آسکتی ہے۔

    خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان مذاکرات کے ذریعے کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل چاہتا ہے، خطے میں ترقی کیلئے مل کر کام کرنا اور ایک دوسرے کا احترام ضروری ہے۔

    مزید پڑھیں: عمران خان کی مودی کو مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل پر مذاکرات کی دعوت

    مذاکرات سے ہی دونوں ممالک کے عوام کو غربت اور افلاس سے نکالا جاسکتا ہے، آگے بڑھنے کیلئے مشترکہ طور پر خطے میں امن و استحکام ضروری ہے۔

  • کرتارپور راہداری :  پاک بھارت تکنیکی ماہرین کے مذاکرات جاری

    کرتارپور راہداری : پاک بھارت تکنیکی ماہرین کے مذاکرات جاری

    لاہور : کرتارپور راہداری پر پاک بھارت مذاکرات جاری ہے ، مذاکرات میں سڑک کی تعمیر ، باڑ لگانے اور نقشوں پرتبادلہ خیال کیا جارہا ہے جبکہ پاکستان کی طرف سے راہداری منصوبہ پر 50 فیصد سے زائد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرتارپور راہداری پرپاک بھارت تکنیکی ماہرین کے مذاکرات جاری ہے، پاکستان اور بھارتی ماہرین کےدرمیان مذاکرات کرتاپور زیرو لائن پر ہو رہے ہیں، مذاکرات میں سڑکوں اور زمین کے لیول ، باڑ لگانے اور نقشوں سمیت مختلف امور پر بات کی جارہی ہیں۔

    کرتاپور میں تکنیکی ماہرین کےمذاکرات کا یہ دوسرا دور ہے تاہم پاکستان کی طرف سے راہداری منصوبہ پر 50 فیصد سے زائد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

    یاد رہے بھارت نے کرتار پور راہدری پر دو اپریل کو واہگہ پر ہونے والے مذاکرات ملتوی کردیئے تھے، بھارتی وزارت خارجہ نے عجیب منطق پیش کرتے ہوئے کہا تھا مذاکرات سے پہلے پاکستان راہداری سے متعلق تجاویز پر وضاحت دے، جواب آنے کے بعد مذاکرات کے اگلے دور کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

    مزید پڑھیں : کرتارپور راہداری منصوبے پر پاکستان نے 50 فیصد سے زیادہ کام مکمل کرلیا: دفتر خارجہ

    بھارتی وزرات خارجہ نے کرتار پور سے متعلق کمیٹی کی تشکیل پر بھی اعتراض اٹھایا تھا اور مذاکرات سے پہلے ماہرین کی کمیٹی کا ایک اور اجلاس بلانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

    پاکستانی دفترخارجہ نے کرتارپور راہداری پر پاک بھارت وفود کی سطح پر ملاقات منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا آخری وقت پر بھارت کا ہمارامؤقف جانےبغیر مذاکرات ملتوی کرنا سمجھ سے بالاہے۔

    بعد ازاں پاکستان نے کرتار پور راہداری کی تعمیر سے متعلق مذاکرات کے لیے بھارت کی تجویز منظور کرلی تھی ، جس کے بعد اعلان کیا گیا تھا پاک بھارت تکنیکی ماہرین کا اجلاس 16 اپریل کوہوگا۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ بابا گرو نانک کے 550 ویں یوم پیدائش سے قبل کرتار پور راہداری کی تعمیر مکمل ہو جائے، پاکستان نے تعمیری رابطوں کے جذبہ کے تحت بھارتی تجویز پر اتفاق کیا ہے۔

    مزید پڑھیں : بھارت نے واہگہ میں کرتار پور راہدری کیلئے مذاکرات سے راہ فرار اختیار کرلی

    خیال رہے 19 مارچ کوکرتار پور راہداری منصوبے پر پاک بھارت ٹیکنیکل ماہرین کی ملاقات زیرو لائن پر ہوئی تھی ، جس میں پاکستان اوربھارت نے کرتار پور راہداری پردونوں جانب باڑ لگانے پر اتفاق کرلیا تھا۔

    اس سے قبل 14 مارچ کو ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی قیادت میں ایک وفد اٹاری گیا تھا، جہاں بھارتی حکام سے کرتار پور راہداری منصوبے پر مذاکرات کئے گئے تھے، بھارت نے اٹاری میں اجلاس کی کوریج کے لیے پاکستانی صحافیوں کوویزےنہیں دیےتھے۔

    وطن واپسی پر ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا پاک بھارت وفود میں دوسری ملاقات 2 اپریل کو پاکستان میں ہوگی، بہت اچھی میٹنگ ہوئی، ہم آگے بڑھ چکے ہیں، 19 مارچ کو کرتارپور راہداری پر زیرو پوائنٹ پر ایک اور اجلاس ہوگا، 2 اپریل کو اجلاس پاکستان میں ہوگا، جس میں میڈیا کو مدعو کریں گے۔

    ڈاکٹرفیصل کا کہنا تھا کہ کوئی ویزہ شرائط نہیں، کرتاپورراہداری ویزافری ہے ، کچھ تفصیلات سےابھی آگاہ نہیں کرسکتا۔

    واضح رہے پاکستان گوردوارہ صاحب سے سرحد تک اپنی حدود میں کرتارپور کوریڈور فیز ون میں ساڑھے 4 کلو میٹر سڑک تعمیر کرے گا، اسی طرح بھارت بھی اپنی حدود میں سرحد تک راہداری بنائے گا۔

  • پاکستان نےجلدہی اپنےسفیرکوواپس نئی دلی بھیجنےکافیصلہ کیاہے،وزیرخارجہ

    پاکستان نےجلدہی اپنےسفیرکوواپس نئی دلی بھیجنےکافیصلہ کیاہے،وزیرخارجہ

    اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے جاپانی ہم منصب تاروکونو سے گفتگو میں کہا پاکستان امن کاداعی ہےاورخطےمیں قیام امن کاخواہاں ہے، پاکستان نےجلدہی اپنےسفیرکوواپس نئی دلی بھیجنےکافیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے جاپانی ہم منصب تاروکونو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں پاک بھارت کشیدگی اورخطےمیں امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    شاہ محمود قریشی نے ہم منصب کو خطے میں قیام امن کے لیے کاوشوں سےآگاہ کیا

    اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا پاکستان امن کاداعی ہےاورخطےمیں قیام امن کاخواہاں ہے، پاکستان نےجلدہی اپنےسفیرکوواپس نئی دلی بھیجنےکافیصلہ کیاہے جبکہ 14 مارچ کو وفد کرتار پور راہداری سے متعلق بھارت جائےگا۔

    وزیرخارجہ نے مزید بتایا کہ پاکستان نے ڈی جی ملٹری آپریشنزکے مابین روابط بحال رکھنےکافیصلہ کیا ہے۔

    جاپانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ جذبہ خیرسگالی کےتحت بھارتی پائلٹ کی رہائی قابل تحسین ہے، پاکستان بھارت کوامورمذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔

    بعد ازاں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے جاپانی ہم منصب کوآگاہ کیاکہ وہ جلد دورہ جاپان کاارادہ رکھتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : پاک بھارت کشیدگی میں کمی دکھائی دے رہی ہے، وزیر خارجہ

    اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق کانفرنس سے خطاب میں کہا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی دکھائی دے رہی ہے، کشیدگی میں کمی ایک مثبت پیشرفت ہے۔ پاکستان نے سفارتی کوششوں میں مزید اضافہ کیا ہے۔

    خیال رہے پلوامہ حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی برقرار ہے، گذشتہ روز بھی پاک بحریہ نے سمندری حدود میں بھارتی آبدوز کا سراغ لگاکر بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔

    اس سے قبل بھی پاک فضائیہ نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر دو بھارتی طیارے مار گرائے تھے۔

  • آئی سی سی نے پاک بھارت میچ کےلیے گرین سگنل دے دیا

    آئی سی سی نے پاک بھارت میچ کےلیے گرین سگنل دے دیا

    لندن : ورلڈ کپ دو ہزارانیس کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوچکا ہے اور آئی سی سی نے پاک بھارت میچ کےلیے گرین سگنل دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں ہونے والا ورلڈ کپ 2019 تیس مئی سے چودہ جولائی تک کھیلا جائے گا، شائقین کرکٹ اس میگا ایونٹ کو دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔

    ورلڈ کپ میں آسٹریلوی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرنے کو تیار ہے تو قومی کرکٹ ٹیم بھی میچ میں جیت کے لیے پُرعزم ہے۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2019 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کرچکی ہے اور بھارتی میڈیا نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا میچ شیڈول کے مطابق کھیلا جائے گا۔

    آئی سی سی کے اعلان کردہ شیڈول کے تحت ٹورنامنٹ مئی 30 سے جولائی 14 کے درمیان انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔

    بھارتی بربریت کا شکار مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ حملے کے بعد بھارت حواس باختہ ہوگیا ہے ساتھ ہی سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ بھی اس میں پیش پیش نظر آرہے ہیں، بھارتی کرکٹر نے پلوامہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ملک ہمارے لیے پہلے ہے۔‘ ہم سب کو اپنی فوج کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔

    پلوامہ حملہ: بھارت ورلڈ کپ میں پاکستان سے میچ کا بائیکاٹ کرے، ہربھجن سنگھ

    سابق بھارتی اسپنر نے بی سی سی آئی سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی ٹیم ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کے خلاف میچ نہ کھیلے اور اس کا بائیکاٹ کرے۔

    واضح رہے کہ پلوامہ خودکش حملے میں 44 بھارتی فوجی مارے گئے تھے جس کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف محاذ کھول دیا، تجارتی پابندی کے ساتھ ساتھ پاکستانی اداکاروں پر بھارتی فلموں میں کام کرنے اور بھارت میں پاکستان سپر لیگ کے نشر کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

  • پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات کی فہرست کا تبادلہ

    پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات کی فہرست کا تبادلہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات اور سہولتوں کی فہرست کا تبادلہ ہوا ہے، پاکستان نے بھارتی قیدیوں کی فہرست بھی بھارت کے حوالے کی ہے جبکہ بھارت بھی پاکستانی قیدیوں کی فہرست دے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کو بھارتی قیدیوں کی فہرست دے دی ہے۔ 537 بھارتی پاکستان میں قید ہیں۔

    دفتر خارجہ کے مطابق قید بھارتیوں میں 54 شہری اور 583 ماہی گیر ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ معلومات 21 مئی 2008 میں معاہدے کے تحت دی گئی، دونوں ممالک سال میں 2 بار قیدیوں کی فہرست کے تبادلے کے پابند ہیں۔ بھارتی حکومت بھی پاکستانی ہائی کمیشن کو پاکستانی قیدیوں کی فہرست دے گی۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں جوہری تنصیبات اور سہولتوں کی فہرست کا تبادلہ بھی ہوا ہے۔ تبادلہ 1988 کے معاہدے کے تحت کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ فہرست اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کردی گئی ہے جبکہ بھارتی دفتر خارجہ نے بھی اپنی فہرست پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کی۔

    ان کے مطابق دونوں ممالک کو جوہری تنصیبات اور سہولتوں کی فہرست یکم جنوری کو دینی ہوتی ہے۔

  • سکھوں سے متعلق میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش کی گئی: وزیرِ خارجہ

    سکھوں سے متعلق میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش کی گئی: وزیرِ خارجہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیرِ خارجہ سشما سوراج کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ سکھوں سے متعلق میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھارتی وزیرِ خارجہ کے شر انگیز بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔

    وزیرِ خارجہ نے ٹویٹ کیا کہ میں نے جو کہا تھا وہ صرف بھارت سے دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تھا۔ سکھوں کے جذبات ابھارنے کی دانستہ کوشش گم راہ کن اور حقائق کے برعکس ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم سکھوں کے جذبات کی بے حد عزت کرتے ہیں، اور کوئی سازش، کسی قسم کے تنازع یا حقائق مسخ کرنے سے اس کو متاثر نہیں کیا جا سکتا۔

    وفاقی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے سکھوں کی خواہش کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کرتارپور بارڈر کھولنے کا فیصلہ کیا، ہم نے تاریخی قدم اٹھایا ہے اور اس کو نیک نیتی سے آگے بڑھائیں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:  کرتارپور راہداری: بھارتی ہٹ دھرمی برقرار، سارک کانفرنس میں شرکت سے انکار


    واضح رہے کہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ دنوں اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ سشما سوراج نے اندرونی سیاسی مجبوری کی وجہ سے نیویارک میں پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات سے انکار کیا جب کہ عمران خان نے کرتارپور کی گگلی پھینکی تو بھارت کو اپنے وزیر بھیجنے پڑے۔

    اس بیان کو بھارتی وزیرِ خارجہ سشما سوراج نے روایتی شر انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکھ برادری کے جذبات کی طرف موڑ دیا تھا۔

  • ممبئی حملے بھارت نے خود کرائے، حقیقت سامنے آ گئی: سابق سفیر عبد الباسط

    ممبئی حملے بھارت نے خود کرائے، حقیقت سامنے آ گئی: سابق سفیر عبد الباسط

    اسلام آباد: سابق سفیر عبد الباسط نے کہا ہے کہ ممبئی حملے بھارت نے خود کرائے تھے، حقیقت سامنے آ گئی، بھارت نے اجمل قصاب سے ہماری ملاقات کرانے سے انکار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں سابق سینئر سفارت کار اور ہائی کمشنر عبد الباسط کا کہنا ہے کہ انھیں اجمل قصاب کے بھارتی نکلنے پر کوئی تعجب نہیں ہوا، پہلے ہی یہ خیال تھا کہ ممبئی حملے بھارت نے خود کرائے۔

    [bs-quote quote=”پاکستان عالمی سطح پراس ایشو کو اٹھائے، عالمی سطح پر بتانا چاہیے کہ ممبئی حملے بھارت کی اِن سائیڈ جاب تھی۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”بریگیڈیئر (ر) حارث نواز” author_job=”دفاعی تجزیہ کار”][/bs-quote]

    انھوں نے کہا کہ کمیشن بنایا گیا تھا اور بھارت سے کہا تھا کہ اجمل قصاب سے ہماری ملاقات کرائی جائے لیکن بھارت سرکار نے انکار کر دیا تھا۔

    سابق سفیر نے کہا ’جوڈیشل کمیشن نے ملاقات کے لیے کئی بار اصرار کیا مگر مسلسل انکار ہوتا رہا، بھارت نے ہماری ملاقات کرائے بغیر ہی اجمل قصاب کو پھانسی دے دی تھی۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت چاہتا ہی نہیں تھا کہ یہ مقدمہ مکمل ہو، اسے پاکستان کے خلاف موقع ملا ہوا تھا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ 24 بھارتی شہریوں نے ممبئی حملہ کیس میں پاکستان میں بیانات ریکارڈ کرانے ہیں، لیکن بھارت ان شہریوں کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دے رہا۔


    یہ بھی پڑھیں:  اجمل قصاب بھارتی شہری نکلا، ڈومیسائل سامنے آنے پر انتظامیہ پریشان


    عبد الباسط کا کہنا تھا کہ بھارت ممبئی حملوں کی تحقیقات میں کسی قسم کا تعاون نہیں کر رہا ہے بلکہ صرف اور صرف عالمی سطح پر پروپیگنڈے میں مصروف ہے۔

    [bs-quote quote=”بھارت نے ہماری ملاقات کرائے بغیر ہی اجمل قصاب کو پھانسی دے دی تھی۔” style=”style-7″ align=”right” color=”#dd3333″ author_name=”سابق سفیر”][/bs-quote]

    دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے بھی کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پراس ایشو کو اٹھائے، عالمی سطح پر بتانا چاہیے کہ ممبئی حملے بھارت کی اِن سائیڈ جاب تھی۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مطالبہ کرتا رہا کہ ہمیں ثبوت اور دستاویزات فراہم کریں، اب اجمل قصاب کا ڈومیسائل سامنے آ گیا ہے، پاکستان عالمی سطح پر یہ ایشو اٹھائے۔

    حارث نواز کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا، اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری حقیقت سمجھے، ممبئی حملوں جیسے اور بھی واقعات ہیں۔

  • ایل او سی کی صورتحال : پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر رابطہ

    ایل او سی کی صورتحال : پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر رابطہ

    راولپنڈی : پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز میں کنٹرول لائن پر  سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور دیگر معاملات کے حوالے سے  ہاٹ لائن رابطہ ہوا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا ہے، جس میں پاکستانی ڈی جی ایم او نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیزیوں کا معاملہ اٹھایا۔

    پاکستانی ڈی جی ایم او میجرجنرل ساحر شمشاد مرزا کا کہنا تھا کہ بھارت جان بوجھ کر نہتے شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے، رواں سال بھارت نے219شہریوں کو نشانہ بنایا۔

    ڈی جی ایم او کا کہناتھا کہ بھارت کی غیرپیشہ ورانہ،غیراخلاقی کارروائیاں اشتعال انگیز اور امن کے لئے تباہ کن ہیں، بھارت ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر دراندازی کا پروپیگنڈہ کررہا ہے، بھارتی غیراخلاقی اقدامات اشتعال انگیزی پھیلارہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: لائن آف کنٹرول، بھارتی فوج کی دراندازی، تین خواتین سمیت 5 افراد زخمی

    ڈی جی ایم او نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزیوں سے امن کو شدید خطرات لاحق ہو رہے ہیں، بھارتی سیکیورٹی فورسز پاکستان پر الزام تراشیوں سے گریز کریں اور ایل اوسی، ورکنگ باؤنڈری پر اشتعال انگیزی فوری طور پر بند کرے۔

    واضح رہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے دراندازی اور سیز فائر کی مسلسل خلاف ورززی کی جارہی ہے، گزشتہ دنوں بھی کھوئی رٹہ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں تین خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔