کراچی(31 جولائی 2025): شہر قائد میں میں حالیہ دنوں میں ڈکیتی کی متعدد بڑی وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں تاہم اب ڈاکو 97 لاکھ نقدی رقم لوٹ کر فرار ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ کراچی کے علاقے کورنگی چمڑا چورنگی کے قریب پیش آیا ہے، جہاں ڈاکوؤں نے کیش وین سے 97 لاکھوں روپے لوٹنے کے بعد مزاحمت پر 2 سیکیورٹی گارڈز کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیش وین بینک سے رقم لے کر نکلی تھی، ڈاکو کیش وین سے کیش لوٹ کر فرار ہوگئے اور مزاحمت پر فائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور پولیس بھی پولیس کرائم سین پر پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کا اس ڈکیتی سے متعلق کہنا تھا کہ کیش وین سےرقم لوٹی گئی ہے، بینک سمیت اطراف کی سی سی ٹی وی حاصل کررہے ہیں،ابتدائی اطلاع کے مطابق تین سے چار مسلح ملزمان نے واردات کی ہے۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی گارڈ کے روکنے کی کوشش پر ملزمان نے فائرنگ کی، ملزمان کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ سمیت 2 افراد زخمی ہوئے ہیں، کیش وین بینک سے رقم لیکر ہیڈ آفس جارہی تھی، ملزمان فرار ہوئے تو عوامی کالونی پولیس سے بھی مقابلہ ہوا، فرار ہونے والے ملزمان کا تعاقب کیا جا رہا ہے۔
https://urdu.arynews.tv/robbery-resistance-citizen-dead-in-karachi/
یاد رہے کہ اسی ماہ کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں ایک کار ڈیلر کے گھر 13 کروڑ روپے کی نقدی اور قیمتی اشیا کی ڈکیتی ہوئی تھی۔
اس واقعے میں ایک معروف ٹک ٹاکر سمیت پانچ بہن بھائیوں پر الزام لگایا گیا تھا، لیکن پولیس اب تک لوٹی گئی رقم، قیمتی سامان، اور استعمال شدہ گاڑی کا سراغ لگانے میں ناکام رہی ہے۔ اس کیس میں ملزمان اور مدعی کے درمیان روابط کا انکشاف بھی ہوا تھا۔
مارچ 2025 میں نیشنل ہائی وے لنک روڈ پر سحری کے وقت پولیس وردی میں ملبوس ڈاکوؤں نے ٹول پلازہ سے 10 لاکھ روپے نقدی اور ہتھیار لوٹے تھے۔ 9 ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر عملے کو یرغمال بنایا اور فرار ہوگئے۔ مقدمہ اسٹیل ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا تھا۔