Tag: پاکستان-نیوز

  • وزیر اعلیٰ کا ضلع باجوڑ میں ایک روز میں درجنوں منصوبوں کا افتتاح

    وزیر اعلیٰ کا ضلع باجوڑ میں ایک روز میں درجنوں منصوبوں کا افتتاح

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے قبائلی ضلع باجوڑ میں ایک روز کے اندر اربوں روپے مالیت کے 18 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے قبائلی ضلع باجوڑ میں اربوں روپے مالیت کے 18 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، وزیر اعلیٰ نے 6 مختلف مقامات پر 52.5 کلو میٹر رابطہ سڑکوں کی تعمیرکا سنگ بنیاد رکھا۔

    وزیر اعلیٰ نے ضلع باجوڑ میں 12 پرائمری اسکولوں کا افتتاح بھی کیا جبکہ 6 پرائمری اسکولز، 17 مڈل اسکولز اور 17 ہائی اسکولز کی اپ گریڈیشن کا افتتاح کیا۔

    علاوہ ازیں انہوں نے اسپورٹس کمپلیکس خار میں مکمل ہونے والی ہاکی ٹرف، فٹبال گراؤنڈ، ہاسٹل، اسپورٹس اسٹیڈیم ماموند اور باجوڑ ناوگئی میں مکمل ہونے والے ریسکیو 1122 کی بلڈنگ کا افتتاح بھی کیا۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو خوشحال اور صحت مند ماحول کی فراہمی صوبائی حکومت کی ترجیح ہے، قبائلی اضلاع میں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

  • پاکستان کی پارلیمانی سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی

    پاکستان کی پارلیمانی سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی

    اسلام آباد : پاکستان کو گلوبل شیلڈ فنڈنگ کے ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا گیا، شمولیت کا اعلان مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقدہ کوپ27 سمٹ میں کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کو پارلیمانی سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی مل گئی، پاکستان کو گلوبل شیلڈ فنڈنگ کے ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا گیا۔

    پاکستان کا گلوبل شیلڈ فنڈنگ کے ممالک کی فہرست میں شمولیت کا اعلان مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقدہ کوپ27 سمٹ میں کیا گیا۔

    اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان کی گلوبل شیلڈ فنڈنگ کے ممالک کی فہرست میں شمولیت پر خیر مقدم کیا۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کو تاریخ کے تباہ کن سیلاب کا سامنا ہے، ایسے وقت میں پاکستان کا گلوبل شیلڈ فنڈنگ کے ممالک کی فہرست میں شامل ہونا خوش آئند قدم ہے۔

    راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ گلوبل شیلڈ فنڈنگ کے ممالک کی فہرست میں شمولیت سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی میں مدد ملے گی۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے شرم الشیخ میں منعقد ہونے والی کوپ27 سمٹ میں شرکت کرنے والے پاکستان کے پارلیمانی وفد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا وفد کے اراکین نے کوپ 27 سمٹ میں پاکستانی موقف کو بھرپور انداز میں پیش کیا۔

  • اسموگ پر قابو پانے کے لیے اہم فیصلہ، ٹاورز کی تنصیب ہوگی

    اسموگ پر قابو پانے کے لیے اہم فیصلہ، ٹاورز کی تنصیب ہوگی

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ اسموگ پر قابو پانے کے لیے سرحدی اور صنعتی علاقوں میں ایئر پیوریفائڈ ٹاورز نصب کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اسموگ ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے، پورے پنجاب خصوصاً لاہور میں اسموگ پر قابو پانے کے لیے چینی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ لاہور اور دیگر شہروں میں ہوا صاف کرنے کے ٹاورز لگانے کے لیے چینی ٹیکنالوجی سود مند ثابت ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ ایئر پیوریفائڈ ٹاورز سرحدی اورصنعتی علاقوں کے قریب لگائے جائیں گے، ان ٹاورز کو پیشگی فلڈ وارننگ اور دیگر مقاصد کے لیے بھی استعمال میں لایا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے اسموگ پر قابو پانے کے لیے ماحولیاتی ایمرجنسی نافذ کی ہے۔

  • ریلوے ٹریکس پر دھماکوں میں ملوث دہشت گرد گرفتار

    ریلوے ٹریکس پر دھماکوں میں ملوث دہشت گرد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد رستم علی کو گرفتار کرلیا، ملزم قتل، اقدام قتل اور ریلوے ٹریکس پر دھماکوں میں ملوث تھا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں چھاپہ مار کارروائی کی، کارروائی میں کالعدم ایس آر اے (سندھو دیش لبریشن آرمی) کے دہشت گرد رستم علی کو گرفتار کرلیا گیا۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم رستم علی کالعدم ایس آر اے کا ماسٹر مائنڈ ہے، ملزم قتل، اقدام قتل اور ریلوے ٹریکس پر دھماکوں میں ملوث تھا۔

    حکام کے مطابق ملزم کے خلاف 8 مقدمات کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں درج ہیں، گرفتار ملزم ایک اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے ہدایات اپنے دیگر ساتھیوں کو دیا کرتا تھا۔

  • صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی انگلینڈ کو مبارکباد

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی انگلینڈ کو مبارکباد

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے کم اسکور کے باوجود بھرپور کوشش کی اور اچھی باؤلنگ کی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد دی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ نے تمام شعبوں میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ جیتا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے بھی اچھا کھیل کھیلا، کم اسکور کے باوجود ٹیم نے بھرپور کوشش کی اور اچھی باؤلنگ کی۔

    خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں انگلینڈ پاکستان کو شکست دے کر چیمپیئن بن گیا۔

    میلبرن میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے مطلوبہ 138 رنز کا ہدف ایک اوور قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    فائنل میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے کوئی تبدیلی نہیں کی تھی اور اپنے سیمی فائنلز کے فاتح اسکواڈز کو برقرار رکھا تھا۔

  • صوبائی کابینہ کا اجلاس: تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی سیکیورٹی کا جائزہ

    صوبائی کابینہ کا اجلاس: تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی سیکیورٹی کا جائزہ

    اسلام آباد: صوبائی وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا، لانگ مارچ میں آتشبازی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئندہ سدباب کی ہدایت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا لا اینڈ آرڈر کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چیف سیکریٹری عبد اللہ سنبل، قائم مقام آئی جی اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔

    اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا جبکہ کمشنرز اور آر پی اوز نے بریفنگ دی۔

    کابینہ کمیٹی نے لانگ مارچ میں آتشبازی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئندہ سدباب کی ہدایت کی۔

    اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لانگ مارچ کا آج ایک پروگرام کھاریاں اور دوسرا فیصل آباد میں ہوگا۔ فیصل آباد میں ساڑھے 3 ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

    راجہ بشارت نے سیکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ کی کارکردگی کی تعریف کی۔ لانگ مارچ میں ریڑھیوں سمیت غیر متعلقہ افراد کی نقل و حرکت روکنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

    راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں لانگ مارچ کی تاریخ اور پلان کا تعین قبل از وقت کیا جائے گا، تحریک انصاف قیادت سے رابطہ کر کے پلان کا حتمی فیصلہ کریں گے۔

  • ملک بھر میں کرونا وائرس کیسز میں کمی

    ملک بھر میں کرونا وائرس کیسز میں کمی

    اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے نئے رپورٹ کیسز کی تعداد 42 رہی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 629 ہے۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 42 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 74 ہزار 638 ہوگئی۔

    ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 43 ہزار 157 ہوچکی ہے۔

    این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 5 ہزار 559 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 3 کروڑ 9 لاکھ 27 ہزار 19 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.76 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 53 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

    ویکسی نیشن کی صورتحال

    ملک میں اب تک 13 کروڑ 95 لاکھ 73 ہزار 757 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 13 کروڑ 21 لاکھ 38 ہزار 764 افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔

  • پاکستان میں کرونا وائرس سے صحت یابی کی شرح 98 فیصد

    پاکستان میں کرونا وائرس سے صحت یابی کی شرح 98 فیصد

    اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا کیسز کی یومیہ شرح 0.76 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے صحت یابی کی شرح 98 فیصد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 852 ہے، پاکستان میں کرونا وائرس سے صحت یابی کی شرح 98 فیصد ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے 792 مریض قرنطینہ میں ہیں جبکہ 3 مریض وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کرونا کیسز کی مجموعی شرح 0.76 فیصد ریکارڈ کی گئی، سب سے زیادہ شرح سندھ میں 5.59 فیصد رہی۔

    گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران خیبر پختونخوا میں کرونا کیسز کی شرح 0.95 فیصد ریکارڈ کی گئی، پنجاب میں 0.50، گلگت بلتستان میں 0.40 جبکہ آزاد کشمیر اور بلوچستان میں صفر ریکارڈ کی گئی۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کرونا کیسز کی شرح 0.57 رہی۔

  • حکومت کو قوم کی بھلائی نہیں، اپنے کیس ختم کروانا مطلوب تھا: شیخ رشید

    حکومت کو قوم کی بھلائی نہیں، اپنے کیس ختم کروانا مطلوب تھا: شیخ رشید

    اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ حکومت کو قوم کی بہتری یا بھلائی نہیں بلکہ اپنے کیس ختم کروانا مطلوب تھا، نیب کے دفتر میں کیس ختم کروانے کے لیے جھمگٹا لگا ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بے اختیار وزیر اعظم 6 ماہ میں 5 بار فیصلہ لینے لندن جاتے ہیں۔

    شیخ رشید نے کہا کہ گیلپ سروے کے مطابق 88 فیصد بزنس کمیونٹی حکومتی پالیسی سے نالاں ہے، سیاسی عدم استحکام، سیاسی عذاب یا سیاسی انقلاب زیادہ دور نہیں۔ بے یقینی کے بادل منڈلا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کو قوم کی بہتری یا بھلائی نہیں بلکہ اپنے کیس ختم کروانا مطلوب تھا، نیب کے دفتر میں کیس ختم کروانے کے لیے جھمگٹا لگا ہوا ہے۔ نیب قوانین میں ترمیم پر کوئی صاحب ضمیر خوش نہیں۔

    سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ قوم مہنگائی سے مر رہی ہے اور یہ ٹوپیاں بدل رہے ہیں، نا اہل حکمران اہم تعیناتی کا فیصلہ بھی اپنے ملک میں کرنے کے اہل نہیں۔

  • عمران خان نے آج کے روز سیاسی ملاقاتیں محدود کر دیں

    عمران خان نے آج کے روز سیاسی ملاقاتیں محدود کر دیں

    لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے آج کے روز سیاسی ملاقاتیں محدود کر دیں، عمران خان رات 7 بجے کے بعد مارچ کے شرکا سے ویڈیو لنک پر خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان زمان پارک میں موجود ہیں، عمران خان نے آج کے روز سیاسی ملاقاتیں محدود کر دی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پارٹی قیادت کو آج کے روز لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی ہے۔ ان کی رہائش گاہ کو جانے والے راستے پر بیریئر کی تنصیب کا کام جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق عمران خان زمان پارک میں اپنے بیٹوں کے ساتھ وقت گزاریں گے اور پاکستان انگلینڈ کا فائنل میچ دیکھیں گے۔

    عمران خان آج چند شخصیات سے ملیں گے، اس کے بعد رات 7 بجے کے بعد مارچ شرکا سے ویڈیو لنک پر خطاب کریں گے۔

    سیکیورٹی اقدامات کے تحت زمان پارک کی اطراف کی گلیوں میں بھی پولیس تعینات کی گئی ہے، عمران خان کی سیکیورٹی کے لیے خیبر پختونخواہ پولیس کے کمانڈوز کو تعینات کیا گیا ہے۔