Tag: پاکستان-نیوز

  • حقیقی آزادی مارچ آج کھاریاں پہنچے گا، عمران خان 7 بجے خطاب کریں گے

    حقیقی آزادی مارچ آج کھاریاں پہنچے گا، عمران خان 7 بجے خطاب کریں گے

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ آج کھاریاں پہنچے گا، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان شام 7 بجے بذریعہ ویڈیو لنک لانگ مارچ سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں آج کھاریاں پہنچے گا، کھاریاں میں آزادی مارچ کا کنٹینر پہنچا دیا گیا۔

    ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ آج شام 6 بجے تک قافلے لالہ موسیٰ سے کھاریاں پہنچ جائیں گے، شاہ محمود قریشی ساڑھے 7 بجے عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔

    مسرت چیمہ کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا خطاب 7 سے 8 بجے کے درمیان ہوگا، عوام کی جانب سے حقیقی آزادی مارچ میں بھرپور شرکت جاری ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ انشا اللہ ہمارا لانگ مارچ اپنے تمام مقاصد حاصل کرے گا، جمہوری اقدار سے ناواقف پی ڈی ایم کے سیاسی بونے انتخابات سے بھاگ رہے ہیں، تحریک انصاف نے کھاریاں کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی اجتماع اکٹھا کیا۔

  • ارشد شریف کی جائے شہادت سے اے آر وائی نیوز کی ٹیم کو گولیوں کے 3 خول مل گئے

    ارشد شریف کی جائے شہادت سے اے آر وائی نیوز کی ٹیم کو گولیوں کے 3 خول مل گئے

    نیروبی / مگاڈی: معروف اینکر پرسن اقرار الحسن نے مقتول صحافی ارشد شریف کی جائے شہادت سے گولیوں کے 3 خول دریافت کرلیے، مذکورہ شواہد انڈپینڈنٹ پولیس اتھارٹی کے حوالے کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کی ٹیم اور معروف اینکر پرسن اقرار الحسن کینیا کے مضافاتی علاقے مگاڈی پہنچے جہاں معروف صحافی ارشد شریف کو بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا۔

    اقرار الحسن نے ارشد شریف کی جائے شہادت کا جائزہ لیا جس کے بعد کچھ ایسی باتیں سامنے آئیں جو مقامی پولیس کی دی گئی معلومات سے بالکل مختلف ہیں۔

    اقرار الحسن جس جگہ پر موجود ہیں وہ پکی سڑک ہے جبکہ کینین پولیس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ارشد شریف کی گاڑی کچی سڑک پر تھی۔

    ارشد شریف کی گاڑی کے دونوں طرف گولیوں کے نشانات موجود ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ گاڑی کو دو طرف سے اور بہت قریب سے نشانہ بنایا گیا۔

    اقرار الحسن کے مطابق نہ تو کرائم سین کو محفوظ کیا گیا اور نہ ہی وہاں سے خاطر خواہ شواہد اکھٹے کیے گئے، مذکورہ مقام سے 18 دن بعد اقرار الحسن کو گولیوں کے 3 خول ملے جو مختلف ہتھیاروں کے معلوم ہوتے ہیں۔

    دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل محسن حسن بٹ نے امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں بتایا کہ کینیا کی پولیس کے 3 شوٹرز سے پاکستانی تحقیقاتی ٹیم نے پوچھ گچھ کی، تینوں اہلکاروں کے بیانات میں گھمبیر نوعیت کا تضاد تھا اور وہ غیر منطقی تھے۔

    محسن حسن بٹ کا کہنا ہے کہ کینین پولیس کے 4 میں سے 1 افسر کو پاکستانی تحقیقات کاروں کے سامنے پیش نہیں کیا گیا، جس افسرکو پیش نہیں کیا گیا وہ ارشدشریف پر گولیاں چلانے والوں میں شامل تھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اگلا قدم ارشد شریف کی موت کے مقدمے کا پاکستان میں اندراج ہونا ہے، مقدمے کا اندراج اس وقت ہو گا جب وفاقی حکومت اس کے احکامات جاری کرے گی۔ کینیا پولیس عالمی قوانین کے مطابق صحافی کے سفاکانہ قتل کی تحقیقات میں تعاون کی پابند ہے۔

  • مددگار 15 کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

    مددگار 15 کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ پولیس میں اصلاحات کرتے ہوئے پولیس فورس مددگار 15 کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اہلکاروں کو اینٹی رائٹ فورس کی طرز پر ٹریننگ دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس میں اصلاحات کرتے ہوئے پولیس فورس مددگار 15 کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیصلہ مچھر کالونی میں ہجوم کے ہاتھوں 2 ٹیلی کام ملازمین کے قتل کے بعد کیا گیا۔

    فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مددگار 15 کے اہلکاروں کو اینٹی رائٹ فورس کی طرز پر ٹریننگ دی جائے گی، اہلکاروں کو ٹیئر گیس گن اور دیگر ساز و سامان سے لیس کیا جائے گا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مددگار 15 کو مضبوط کرنے سے مجرمانہ واقعات کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

    مددگار 15 کو شکایت پر زیادہ سے زیادہ 15 منٹ کے اندر موقع پر پہنچنا ہوتا ہے، مچھر کالونی واقعے کے وقت بھی مددگار ون فائیو، 15 منٹ میں پہنچ گئی تھی۔

  • دبئی کے کمرشل بینکوں کی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار

    دبئی کے کمرشل بینکوں کی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار

    دبئی: وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے دبئی میں کمرشل بینکوں کی انتظامیہ سے ملاقات کی، کمرشل بینکوں نے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی دبئی میں کمرشل بینکوں کی انتظامیہ سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان کے لیے کمرشل فنانسنگ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خزانہ نے پاکستان میں معاشی اصلاحات کے لیے جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔

    وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کمرشل بینکوں نے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا، کمرشل بینکوں نے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔

  • احتساب، حساب اور انتخاب ہو کر رہے گا: شیخ رشید

    احتساب، حساب اور انتخاب ہو کر رہے گا: شیخ رشید

    اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ احتساب، حساب اور انتخاب ہو کر رہے گا، مفرور ملزم لندن میں بیٹھے اہم فیصلوں کے نام پر قوم کا مذاق اڑا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ احتساب، حساب اور انتخاب ہو کر رہے گا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 30 نومبر کے بعد 13 پارٹیاں تتر بتر ہو جائیں گی، غریب کو نہ پیناڈول مل رہی ہے نہ انسولین۔ مفرور ملزم لندن میں بیٹھے اہم فیصلوں کے نام پر قوم کا مذاق اڑا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ راولپنڈی پہنچنے پر عمران خان کا تاریخی استقبال کروں گا، اگلے 15 دن اہم ہیں اس لیے 30 نومبر تک ٹی وی نہیں ٹویٹر پر چلا گیا ہوں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لندن میں استخارے کی میٹنگ سات روزه چلے میں بدل گئی، یہاں ایف آئی آر نہیں کٹ رہی، پوسٹ مارٹم کی رپورٹ نہیں مل رہی، وزرا دفتر نہیں جا رہے، حکومت ٹھپ ہوگئی ہے۔

    سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کا نوجوان گونگا بہرہ نہیں رہا۔

  • ملک میں کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری

    ملک میں کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری

    اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے نئے رپورٹ کیسز کی تعداد 48 رہی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 629 ہے۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 48 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 74 ہزار 549 ہوگئی۔

    ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 43 ہزار 91 ہوچکی ہے۔

    این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 6 ہزار 542 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 3 کروڑ 9 لاکھ 14 ہزار 978 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.73 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 55 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

    ویکسی نیشن کی صورتحال

    ملک میں اب تک 13 کروڑ 95 لاکھ 66 ہزار 638 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 13 کروڑ 21 لاکھ 20 ہزار 328 افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔

  • وزیر اعظم کی برطانیہ سے پاکستان روانگی ایک بار پھر مؤخر

    وزیر اعظم کی برطانیہ سے پاکستان روانگی ایک بار پھر مؤخر

    لندن: وزیر اعظم شہباز شریف کی برطانیہ سے پاکستان روانگی ایک بار پھر مؤخر ہوگئی، وزیر اعظم اب آج رات لاہور کے لیے روانہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی لندن سے پاکستان روانگی ایک بار پھر مؤخر ہوگئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے لندن میں مزید ایک روز قیام بڑھا دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے آج رات لندن سے لاہور کے لیے روانہ ہونا تھا، تاہم وزیر اعظم کی اب کل وطن واپسی متوقع ہے۔

    وزیر اعظم نے نجی پرواز کے ذریعے ہیتھرو ایئرپورٹ سے روانہ ہونا تھا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کی پاکستان روانگی سے قبل مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے الوداعی ملاقات کی ویڈیو ٹویٹر پر وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیر اعظم نے روایتی انداز میں بڑے بھائی کے پاؤں چھوئے، دونوں بھائیوں نے ایک دوسرے کو محبت سے گلے لگایا جس کے بعد شہباز شریف روانہ ہوگئے۔

    ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف نہ صرف میرے قائد اور میرے بڑے بھائی ہیں بلکہ وہ زندگی بھر میرے لیے طاقت کا ستون رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا پیار اور محبت میرے لیے اعتماد کا باعث ہے۔

  • پورٹ قاسم پر ہزاروں کنٹینر پھنس گئے، اندر موجود لاکھوں ڈالر کا سامان ایکسپائر

    پورٹ قاسم پر ہزاروں کنٹینر پھنس گئے، اندر موجود لاکھوں ڈالر کا سامان ایکسپائر

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے پورٹ قاسم پر 3 ہزار کے قریب کنٹینر کلیئرنس نہ ملنے کے باعث پھنس گئے، 600 سے زائد کنٹینرز میں موجود سامان ایکسپائر ہوگیا جبکہ محصولات کا بھی نقصان ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی غیر واضح پالیسیاں تاجروں کا نقصان کرنے لگیں، پورٹ قاسم کراچی پر 2 ہزار 860 کنٹینر کلیئرنس کے منتظر ہیں۔

    پورٹ پر موجود 640 کنٹینرز کا سامان ایکسپائر ہوگیا، ان کنٹینرز میں فوڈ آئٹمز اور کاسمیٹکس کا سامان موجود تھا، دیگر کنٹینرز میں گاڑیاں، موبائل فونز، ہوم اپلائنسز اور فرنیچر موجود ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹینر امپورٹ پالیسی آرڈر اور مس ڈکلیئریشن کے باعث رکے ہوئے ہیں۔

    فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین عاصم احمد کا کہنا ہے کہ کنٹینرز رکنے سے محصولات کا نقصان بھی ہوا ہے، 23 ونٹیج گاڑیاں امپورٹ پالیسی آرڈر کی خلاف ورزی کے باعث کھڑی ہیں۔

  • ’سابق وزیر اعظم پر قاتلانہ حملہ ہوا اور وہ ایف آئی آر بھی درج نہیں کروا سکتے‘

    ’سابق وزیر اعظم پر قاتلانہ حملہ ہوا اور وہ ایف آئی آر بھی درج نہیں کروا سکتے‘

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رکن شوکت ترین کا کہنا ہے کہ مہذب معاشروں میں ایسا نہیں سنا کہ سابق وزیر اعظم پر قاتلانہ حملہ ہو اور وہ ایف آئی آر نہ درج کروا سکے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ اور پاکستان تحریک انصاف کے رکن شوکت ترین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مہذب معاشروں میں ایسا نہیں سنا کہ کسی پر قاتلانہ حملہ ہو اور وہ ایف آئی آر نہ درج کروا سکے۔

    شوکت ترین کا کہنا تھا کہ واقعے میں ایک شخص قتل ہوا اور سابق وزیر اعظم سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔

    سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس اور سپریم کورٹ نوٹس لیں اور اس پر کارروائی کریں۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پشاور کا دورہ

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پشاور کا دورہ

    اسلام اباد / پشاور: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پشاور کا دورہ کیا، جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افسران اور جوان قوم کی خدمت اور پیشہ وارانہ ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز رکھیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پشاور کا دورہ کیا، آرمی چیف نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

    کور ہیڈ کوارٹر آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے پشاور کور کے افسروں اور جوانوں سے خطاب بھی کیا، خطاب میں انہوں نے امن و استحکام کے لیے افسروں اور جوانوں کی کوششوں کو بھی سراہا۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ امن و استحکام ہمارے شہدا کی قربانیوں کی مرہون منت ہے، شہدا کی قربانیوں کے نتیجے میں معاشی اور اقتصادی ترقی ممکن ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ افسران اور جوان قوم کی خدمت اور پیشہ وارانہ ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز رکھیں۔