Tag: پاکستان-نیوز

  • عمران خان پر قاتلانہ حملہ، تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ

    عمران خان پر قاتلانہ حملہ، تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ

    لاہور: پنجاب حکومت نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا فیصلہ کیا ہے، لانگ مارچ کے دوسرے مرحلے میں سخت سیکیورٹی انتطامات کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد پنجاب حکومت نے تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ پنجاب کابینہ کی کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارتی کمیٹی کے چیئرمین راجہ بشارت نے بذریعہ ویڈیو لنک راولپنڈی سے کی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جے آئی ٹی کی سربراہی ایڈیشنل آئی جی ہائی ویز پیٹرول ریاض نذیر کریں گے، جے آئی ٹی کے دیگر ارکان میں متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔

    پنجاب کابینہ کی کمیٹی نے چیئرمین تحریک انصاف کو خصوصی سیکیورٹی دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ لانگ مارچ کے دوسرے مرحلے میں کنٹینر پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

    چیئرمین کمیٹی راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ پاکستان تحریک انصاف کی مقامی قیادت سے رابطہ رکھیں، کنٹینر پر بلٹ پروف روسٹرم اور گلاس لازمی نصب کیا جائے گا، اسنائپرز کی تعیناتی و دیگر سیکیورٹی انتظامات میں کوتاہی نہیں ہونی چاہیئے۔

    اجلاس میں موٹر ویز کو جلد کھولنے اور ججز کو راستہ دینے کے لیے پاکستان تحریک انصاف سے بات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • حقیقی آزادی مارچ کل سے دوبارہ شروع ہوگا: فواد چوہدری

    حقیقی آزادی مارچ کل سے دوبارہ شروع ہوگا: فواد چوہدری

    اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ کل سے دوبارہ شروع ہوگا، عمران خان تیسرے ہفتے میں لاکھوں لوگوں کے ساتھ راولپنڈی میں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ کل سے دوبارہ شروع ہوگا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں آج گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژن کے ذمہ داران کی میٹنگ ہوگی جس کے بعد سینیئر لیڈر شپ کا اجلاس ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ راولپنڈی پہنچنے کی تاریخ میں اب کوئی توسیع نہیں، عمران خان تیسرے ہفتے میں لاکھوں لوگوں کے ساتھ راولپنڈی میں ہوں گے۔

  • کل 2 لانگ مارچ ہوں گے: عمر سرفراز چیمہ

    کل 2 لانگ مارچ ہوں گے: عمر سرفراز چیمہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ کل 2 لانگ مارچ ہوں گے، ایک اسد عمر اور ایک شاہ محمود نکالیں گے، اگر حالات خراب ہوتے ہیں تو حکومت ہی ذمہ دار ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ کل 2 لانگ مارچ ہوں گے، ایک اسد عمر اور ایک شاہ محمود نکالیں گے، ہمارا مقابلہ جن مافیاز کے ساتھ ہے وہ جرائم پیشہ افراد ہیں۔

    عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کے ہر طرح کے ہتھکنڈوں سے واقف ہیں، عمران خان دلیری و بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ عمران خان کے خلاف منظم مہم چلائی گئی، مذہبی منافرت کا پروپیگنڈہ کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان پر حملے کے سلسلے میں مجرم سے تحقیقات ہو رہی ہیں، ضمنی انتخابات میں جواب آگیا عوام حکومت کو مسترد کرتی ہے فوری الیکشن کروائیں، اگر حالات خراب ہوتے ہیں تو حکومت ہی ذمہ دار ہوگی۔

    عمر سرفراز چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ ملکی سیاسی عدم استحکام معیشت کو نقصان پہنچا رہا ہے، اگر الیکشن نہ کروائے گئے تو ملکی حالات خراب ہو جائیں گے۔

  • سندھ میں تعلیمی ایمرجنسی کا فیصلہ ناکام

    سندھ میں تعلیمی ایمرجنسی کا فیصلہ ناکام

    کراچی: صوبہ سندھ کے اسکول تعلیم کے محکمے میں بڑی تعداد میں آسامیاں خالی ہیں جس کی وجہ سے صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی کا فیصلہ ناکام دکھائی دیتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں محکمہ تعلیم کا تعلیمی ایمرجنسی کا فیصلہ ناکام ہوگیا، اسکول تعلیم کے محکمے میں شدید انتظامی بحران جاری ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمے میں 45 فیصد سے زائد اہم اسامیاں خالی ہیں، سیکریٹری سمیت 59 آسامیوں میں سے 27 آسامیاں خالی ہیں۔

    محکمے میں صرف 32 افسران تعینات ہیں، 20 گریڈ کے اسپیشل سیکریٹری کی 3 آسامیوں میں سے 1 خالی ہے۔

    اسی طرح 18 گریڈ کے ڈپٹی سیکریٹری کی 18 آسامیوں میں سے 9 آسامیاں خالی ہیں۔

    17 گریڈ کے 32 سیکشن افسران کی 9 آسامیاں خالی ہیں۔ محکمے کی خالی آسامیوں کی تفصیلات چلب کرلی گئیں۔

  • وزیرستان میں شدت پسندوں کا تھانے پر حملہ، 2 پولیس اہلکار شہید

    وزیرستان میں شدت پسندوں کا تھانے پر حملہ، 2 پولیس اہلکار شہید

    وزیرستان: صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے لوئر وزیرستان میں شدت پسندوں نے تھانے پر حملہ کیا جس میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لوئر وزیرستان کی تحصیل برمل کے تھانہ راغزائی پر رات گئے شدت پسندوں نے حملہ کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے تھانے کی گاڑی کو بھی آگ لگا دی، ملزمان سرکاری اسلحہ اور ایک نان کسٹم پیڈ گاڑی لے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بھی شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا تھا۔

    شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا تھا، اس دوران فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

    ہلاک دہشت گرد فورسز پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

  • کرونا وائرس کیسز میں بتدریج کمی

    کرونا وائرس کیسز میں بتدریج کمی

    اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے نئے رپورٹ کیسز کی تعداد 38 رہی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 1 مریض جاں بحق ہوا، کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 628 ہے۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 38 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 74 ہزار 432 ہوگئی۔

    ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 42 ہزار 863 ہوچکی ہے۔

    این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 6 ہزار 33 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 3 کروڑ 8 لاکھ 98 ہزار 22 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.63 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 53 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

    ویکسی نیشن کی صورتحال

    ملک میں اب تک 13 کروڑ 95 لاکھ 58 ہزار 129 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 13 کروڑ 20 لاکھ 98 ہزار 951 افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔

  • امریکا کی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت

    امریکا کی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت

    واشنگٹن: امریکا نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کردی، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ تشدد کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے حالیہ واقعات پر تشویش ہے، عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کو اپنے معاملات بات چیت سے حل کرنے چاہئیں، لوگوں کو پرامن احتجاج کا حق حاصل ہونا چاہیئے، عمران خان پر قاتلانہ حملے پر وزیر خارجہ بیان دے چکے ہیں۔ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، تشدد کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان اور دیگر زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں۔

    دوران بریفنگ صحافی نے سوال کیا کہ اے آر وائی کے مالک سلمان اقبال پر جھوٹے مقدمات بنانے پر امریکا کا کیا مؤقف ہے، جس پر نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں میڈیا کی آزادی پر بات کرتے رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ پاکستانی حکام کے سامنے اٹھاتے رہیں گے، آزاد میڈیا جمہوریت کے لیے اہم ہے۔

    ایک اور سوال میں دریافت کیا گیا کہ بھارت روسی تیل لینے والا بڑا ملک بن گیا ہے، کیا آپ کو تشویش ہے، جس پر نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ بھارت روس تعلقات پر بھارتی حکام سے بات ہوتی رہی ہے، بھارت اور روس کے دو طرفہ تعلقات برسوں پرانے ہیں۔

    نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ بھارت واضح کر چکا ہے کہ وہ روسی جنگ کے خلاف ہے، تمام ممالک پر منحصر ہے کہ وہ کیا فیصلہ کر سکتے ہیں، روس بھارت تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں جو سرد جنگ میں شروع ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کہہ چکا ہے کہ وہ یوکرین جنگ اورخون ریزی کےخلاف ہے، ضروری ہے روس کو یہ پیغام عالمی دنیا خصوصاً بھارت جیسے ممالک سے ملے۔ توانائی کے لیے بھارتی ضروریات کو سمجھ سکتے ہیں۔

  • وزن گھٹانے والے مشروب جنہیں بنانا بے حد آسان

    وزن گھٹانے والے مشروب جنہیں بنانا بے حد آسان

    غیر متحرک طرز زندگی موٹاپے کا سبب بنتا ہے جس میں اضافہ ہوتا ہی جاتا ہے، اکثر دیکھا گیا ہے کہ کم کھانا بھی موٹاپا کم کرنے کے لیے معاون ثابت نہیں ہوتا۔

    آج یہاں وزن کم کرنے کا ایک آسان طریقہ بتایا جارہا ہے جس کے لیے آپ کو ڈائٹنگ کی ضرورت نہیں بلکہ ان صحت بخش مشروبات کو اپنی غذا کا حصہ بنائیں اور اپنا وزن گھٹائیں۔

    سیب کا سرکہ اور شہد کا مشروب

    پانی: 1 گلاس

    سیب کا سرکہ: 1 کھانے کا چمچ

    شہد: 1 کھانے کا چمچ

    لیموں کا رس: 1 چائے کا چمچ

    پانی میں تمام اجزا کو اچھی طرح سے ملائیں اور پی لیں یہ وزن کم کرنے کے ساتھ صحت کے لیے بھی بہت مفید ہے۔

    زیرہ اور دار چینی کا مشروب

    پانی: 2 گلاس

    زیرہ: 1 چائے کے چمچ

    دارچینی: 1 انچ کا ٹکڑا

    لیموں کا رس: 1 چائے کا چمچ

    شہد: 1 چائے کا چمچ

    2 گلاس پانی میں زیرہ اور دار چینی ڈال کر ابالنے کے لیے چولھے پر رکھ دیں، اسے اتنا ابالیں کہ ان دونوں اجزا کا عرق اچھی طرح پانی میں شامل ہو جائے اور اس کا رنگ تبدیل ہوجائے۔

    اب اسے چھان لیں، اس کا ایک گلاس پانی لے کر اس میں لیموں کا رس اور شہد ملا کر استعمال کریں۔ یہ نہ صرف وزن کم کرے گا بلکہ جسم کے فاسد مادوں سے بھی نجات دے گا۔

  • وزیر اعظم 7 اور 8 نومبر کو مصر کا دورہ کریں گے

    وزیر اعظم 7 اور 8 نومبر کو مصر کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف مصر کے شہر شرم الشیخ میں ہونے والی کلائمٹ چینج کانفرنس کوپ 27 میں شرکت کے لیے 7 اور 8 نومبر کو مصر کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف 7 اور 8 نومبر کو 2 روزہ دورے پر مصر روانہ ہوں گے، وزیر اعظم 7 نومبر کو شرم الشیخ میں کلائمٹ چینج کی کوپ 27 کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کوپ 27 کانفرنس میں 197 رکن ممالک شرکت کر رہے ہیں، پاکستان کوپ 27 کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے ساتھ موسمیاتی انصاف (کلائمٹ جسٹس) کی ضرورت کو اجاگر کیا جائے گا، وزیر اعظم اپنے خطاب میں اہم مسائل پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملیں گے، وزیر اعظم ناروے کے ہم منصب کے ہمراہ گول میز کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    وزیر اعظم 7 نومبر کو مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ میں بھی شرکت کریں گے، کانفرنس کی میزبانی سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کر رہے ہیں۔

    وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے، پاکستان کانفرنس میں گروپ آف 77 چائنہ کی سربراہی بھی کرے گا۔

  • 2 سال میں پاکستان کو کتنی کرونا ویکسین موصول ہوئی؟

    2 سال میں پاکستان کو کتنی کرونا ویکسین موصول ہوئی؟

    اسلام آباد: گزشتہ 2 سال میں پاکستان کو دنیا بھر سے موصول ہونے والی کرونا وائرس ویکسین کے اعداد و شمار سامنے آگئے، پاکستان کو دنیا بھر سے کرونا ویکسین کے عطیات ملے جبکہ پاکستان نے خریداری بھی کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کو کرونا ویکسین کی 30 کروڑ 50 لاکھ ڈوزز موصول ہوچکی ہیں، پاکستان نے 184.6 ملین ویکسین ڈوزز کی خریداری کی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو عالمی فورمز سے 120.5 ملین ڈوززکا عطیہ ملا ہے، کوویکس سے 111.6 ملین اور چین سے 8.9 ملین ڈوزز کا عطیہ ملا ہے۔

    کوویکس سے پاکستان کو 59.6 ملین فائزر، 11.7 ملین سائنو فام اور 8.6 ملین ایسٹرا زنیکا کی ڈوزز ملی تھیں۔

    ریڈ کریسنٹ سے پاکستان کو 2 لاکھ سائنو فام کی ڈوزز ملی تھیں۔

    پاکستان نے چین، روس اور امریکا سے کرونا ویکسین کی خریداری کی، چین سے 104.5 ملین سائنو ویک، 26 ملین سائنو فام اور 3.1 ملین کین سائنو کی ڈوزز خریدی ہیں۔

    پاکستان نے روس سے 1 کروڑ ڈوزز سپٹنک 5 اور امریکا سے 21 ملین ڈوزز فائزر ویکسین خریدیں۔ 2 کروڑ ڈوزز پاک ویک ویکسین کی مقامی طور پر تیار کی گئیں۔