Tag: پاکستان-نیوز

  • 3 صوبوں کے سیلاب زدہ علاقوں کے لیے موبائل لیبارٹری فراہم

    3 صوبوں کے سیلاب زدہ علاقوں کے لیے موبائل لیبارٹری فراہم

    اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے صوبہ پنجاب، سندھ اور پختونخواہ کو 3 موبائل لیبز فراہم کر دی گئیں، لیبز سیلاب زدہ علاقوں کے لیے بھیجی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے پنجاب، سندھ اور پختونخواہ کو 3 موبائل لیبز فراہم کر دیں۔

    صوبوں کو موبائل لیبارٹریز قومی ادارہ صحت نے فراہم کی ہیں، موبائل لیب لاڑکانہ اور بدین کے سیلاب زدہ علاقوں میں موجود ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ لیب سے صوبوں کی تشخیصی صلاحیت بہتر ہوگی، مضافاتی علاقوں میں ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھے گی اور کرونا وائرس اور وبائی امراض کی ٹیسٹنگ ہو سکے گی۔

    موبائل لیب سے ملیریا، انفلوئنزا اور ڈینگی کی تشخیص بھی ہو سکے گی۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ موبائل لیب کے ساتھ تربیت یافتہ عملہ بھی فراہم کیا گیا ہے، لیب کے عملے میں ایک ڈاکٹر اور 2 مائیکرو بیالوجسٹ شامل ہیں۔

  • بہاولنگر: شوہر نے فائرنگ کر کے بیوی کو قتل کردیا

    بہاولنگر: شوہر نے فائرنگ کر کے بیوی کو قتل کردیا

    بہاولنگر: صوبہ پنجاب کے شہر بہاولنگر میں شوہر نے فائرنگ کر کے بیوی کو قتل کردیا، ملزم نے مقتولہ کو چند روز قبل تشدد کا نشانہ بنا کر گھر سے نکال دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولنگر کی بستی طارق آباد میں شوہر نے فائرنگ کر کے بیوی کو قتل کردیا، مقتولہ اور منصب نامی ملزم کی 6 ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے مقتولہ کو چند روز قبل تشدد کا نشانہ بنا کر گھر سے نکال دیا تھا، مقتولہ اپنے والدین کے گھر آگئی تھی تاہم ملزم اسے زبردستی لینے آیا۔

    بعد ازاں ملزم نے پستول سے فائرنگ کر کے بیوی کو قتل کر دیا اور فرار ہوگیا۔

    پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں ابتدائی اطلاعاتی رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرلی۔

  • 5 سالہ بچی کی جبری شادی، وفاقی شرعی عدالت کا از خود نوٹس

    5 سالہ بچی کی جبری شادی، وفاقی شرعی عدالت کا از خود نوٹس

    اسلام آباد: بلوچستان میں 5 سالہ بچی سے جبری شادی پر وفاقی شرعی عدالت نے از خود نوٹس لے لیا، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا ہے کہ 2 ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں جبکہ 5 سالہ بچی کو بھی بازیاب کروا لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی شرعی عدالت نے بلوچستان میں 5 سالہ بچی سے جبری شادی پر از خود نوٹس لے لیا، 5 سالہ بچی کی جبری شادی کا واقعہ بلوچستان کے علاقےخضدار میں رپورٹ ہوا تھا۔

    وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس سید محمد انور نے کیس کی سماعت کی، سماعت میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ ایسا واقعہ ہماری شریعت کے سخت خلاف ہے، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ واقعے میں ملوث 2 ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں، 5 سالہ بچی کو بھی بازیاب کروا لیا گیا۔

    ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ نکاح خواں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    شرعی عدالت نے بلوچستان حکومت سے معاملے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی، چیف جسٹس شریعت کورٹ نے بچوں کی شادی کو غیر اسلامی و آئین کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

  • سندھ میں سیلاب سے 1.8 ٹریلین کا نقصان ہوا ہے: وزیر اعلیٰ

    سندھ میں سیلاب سے 1.8 ٹریلین کا نقصان ہوا ہے: وزیر اعلیٰ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے 1.8 ٹریلین کا نقصان ہوا ہے، ورلڈ بینک کے ساتھ مذاکرات کے بعد 56.9 ملین ڈالرز منظور کروائے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 18 سے 25 اگست تک تباہ کن بارشیں ہوئیں، نقصان کا شکار گھروں کا سروے جاری ہے، جو جانی نقصان ہوا ہے اس کی بھی ویری فکیشن کا کام جاری ہے۔

    وزیر آب پاشی جام خان شورو کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ کے دائیں کنارے سے 70 فیصد پانی کی نکاسی ہوچکی ہے، نومبر تک 85 فیصد پانی کی نکاسی ہوجائے گی۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے 1.8 ٹریلین کا نقصان ہوا ہے، ورلڈ بینک کے ساتھ مذاکرات کے بعد 56.9 ملین ڈالرز منظور کروائے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 27 ملین ڈالرز کراچی کی سڑکوں کی بحالی کے لیے منظور ہوئے ہیں، 7.9 ملین ڈالرز پی ڈی ایم اے کے لیے منظور کروائے ہیں جبکہ 22 ملین ڈالرز فلڈ کے مسائل کے حل کے لیے منظور کروائے ہیں۔

  • کراچی میں روزانہ درجنوں ڈینگی کیسز رپورٹ

    کراچی میں روزانہ درجنوں ڈینگی کیسز رپورٹ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ڈینگی وائرس کیسز میں اضافہ جاری ہے، شہر میں روزانہ درجنوں ڈینگی کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی وائرس کے 131 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ضلع کورنگی سے 40، ضلع وسطی سے 27 اور ضلع شرقی سے 22 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ضلع جنوبی سے 16، ضلع ملیر سے 14 اور ضلع غربی اور کیماڑی سے 6، 6 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صرف اکتوبر میں ڈینگی کے 5 ہزار 960 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    رواں سال سندھ میں ڈینگی وائرس سے 55 ہلاکتیں ہوئیں جن میں سے 48 کراچی میں ہوئیں۔

  • حکمرانوں کی ناقص کارکردگی ان کے گلے پڑنے والی ہے: شیخ رشید

    حکمرانوں کی ناقص کارکردگی ان کے گلے پڑنے والی ہے: شیخ رشید

    اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کے ناقص فیصلے، ناقص کارکردگی اور ناقص وقت اگلے اتوار تک ان کے گلے پڑ جائے گا، راولپنڈی میں عوام کا سمندر کسی سے سنبھلا نہیں جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جیسے جیسے لانگ مارچ راولپنڈی اسلام آباد کی طرف آئے گا، عوام کا جم غفیر ساتھ ہوتا جائے گا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کے ناقص فیصلے، ناقص کارکردگی، ناقص وقت اگلے اتوار تک ان کے گلے پڑ جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ نومبر فیصلہ کن ہوگا، راولپنڈی میں عوام کا سمندر کسی سے سنبھلا نہیں جائے گا، کل سوموار 4 بجے لال حویلی میں اہم پریس کانفرس کروں گا۔

  • ڈیجیٹل تجوری سے لاکھوں روپے چوری

    ڈیجیٹل تجوری سے لاکھوں روپے چوری

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک دفتر کی ڈیجیٹل تجوری سے 5 لاکھ روپے چوری کرلیے گئے، دفتر غیر ملکی افراد کے زیر استعمال تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل میں غیر ملکی افراد کے دفتر سے 5 لاکھ روپے چوری ہوگئے، واردات ڈی ایم سی میں قائم دفتر کے ڈیجیٹل لاکر میں کی گئی۔

    اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری پہنچ گئی جبکہ کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کرلیا گیا، کرائم سین یونٹ نے تمام شواہد جمع کرلیے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی باشندوں کا دفتر ڈی ایم سی دفتر کے اندر تھا، ڈیجیٹل لاکر کی 3 چابیاں بنی ہوئی تھیں، 2 چابیاں غیر ملکی عملے اور ایک آفس بوائے کے پاس تھی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل لاکر کا کوڈ صرف غیر ملکی عملے کے پاس تھا، لاکر سے فنگر پرنٹس حاصل کر لیے گئے۔ غیر ملکی شہری کے مطابق لاکر سے 5 لاکھ روپے چوری ہوئے۔

    پولیس حکام کے مطابق ڈیجیٹل لاکر پر کوئی بھی نشانات نہیں ملے، ملازمین کے بیانات قلم بند کر لیے ہیں، غیر ملکی باشندوں سے بھی بیانات لے لیے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

  • سیلاب متاثرین کے لیے اربوں روپے فنڈز کی منظوری

    سیلاب متاثرین کے لیے اربوں روپے فنڈز کی منظوری

    لاہور: صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے سیلاب متاثرین کی بحالی و آباد کاری کے لیے 12 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سیلاب متاثرین کی بحالی و آباد کاری کے لیے 12 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی و آباد کاری کے لیے 9 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے، گھروں اور لائیو اسٹاک کے نقصانات کے ازالے کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کاشت کاروں کی مالی معاونت کے لیے 2 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کو تنہا چھوڑ دیا ہے، وفاق نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ایک پائی تک نہیں دی۔

  • حکومتی ایوان ابھی سے لڑکھڑا گئے ہیں: فواد چوہدری

    حکومتی ایوان ابھی سے لڑکھڑا گئے ہیں: فواد چوہدری

    اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومتی ایوان ابھی سے لڑکھڑا گئے ہیں اور ان پر گھبراہٹ طاری ہے، میڈیا اداروں کو دھمکیاں مل رہی ہیں کہ حقیقی آزادی مارچ کور نہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایک طرف حکومت کو اطمینان ہے کہ لوگ تو نکل نہیں رہے، دوسرا صبح سے میڈیا اداروں کو دھمکیاں آرہی ہیں کہ حقیقی آزادی مارچ کور نہ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ اگر لوگ ہی نہیں تو گھبراہٹ کیسی، ہر چینل کو دکھانے دیں اور لوگوں کو فیصلہ کرنے دیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سچ یہ ہے کہ حکومتی ایوان ابھی سے لڑکھڑا گئے ہیں اور ان پر گھبراہٹ طاری ہے۔

  • ایشیائی ترقیاتی بینک کی سیلاب متاثرین کی امداد جاری رکھنے کی یقین دہانی

    ایشیائی ترقیاتی بینک کی سیلاب متاثرین کی امداد جاری رکھنے کی یقین دہانی

    اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے کنٹری ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کے لیے اے ڈی بی کی امداد جاری رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے کنٹری ڈائریکٹر یانگ یی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے 33 ملین افراد متاثر ہوئے، بہت سے لوگ اپنے گھر، روزگار اور کاروبار سے محروم ہوگئے، بڑی تعداد میں مویشی اور فصلیں تباہ ہوئیں، ہزاروں افراد اب بھی بے گھر ہیں۔

    یانگ یی کا کہنا تھا کہ اے ڈی بی سیلاب متاثرہ افراد کی مدد کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے توسط سے پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اے ڈی بی نے پاکستان میں فوری طور پر امداد، جلد بحالی اور تعمیر نو کے لیے تیزی سے کام کیا ہے۔

    یانگ یی کا کہنا تھا کہ حال ہی میں 1.5 ارب ڈالر کے پروگرام کی بھی منظوری دی گئی ہے جس کا مقصد خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور روزگار کے لیے سماجی و غذائی تحفظ کی فراہمی میں مدد کرنا ہے۔

    کنٹری ڈائریکٹر نے بے نظیر انکم سپورٹ کے تحت سیلاب متاثرین کی فوری امداد کو بھی سراہا۔ انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے اے ڈی بی کی جانب سے امداد جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔