اسلام آباد: رواں برس ملک بھر میں آنے والے سیلاب سے ملکی معیشت کو 30 ارب ڈالرز سے زائد کا نقصان پہنچا، سیلاب زدگان کی ریکوری و بحالی کے لیے 16 ارب 26 کروڑ ڈالر کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیلاب کی تباہ کاریوں سے ملکی معیشت کو ہونے والے نقصانات پر وزارت منصوبہ بندی نے اپنی رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ سیلاب کے باعث ملکی معیشت کو 30 ارب ڈالرز سے زائد کا نقصان پہنچا، مختلف سیکٹرز کو 14 ارب 90 کروڑ ڈالرز کا نقصان پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق سیلاب کے باعث 15 ارب 23 کروڑ ڈالر کے نقصانات کا تخمینہ لگایا گیا، سیلاب کی وجہ سے خوراک سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
وزارت منصوبہ بندی کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث 1 کروڑ 50 لاکھ سے زائدافراد میں مزید غربت بڑھی، 76 لاکھ افراد کو غذائی اجناس کی کمی کا خدشہ ہے۔
سیلاب سے 1 کروڑ 70 لاکھ خواتین اور بچوں میں بیماریاں پیدا ہونے جبکہ 43 لاکھ افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ سیلاب زدگان کی ریکوری و بحالی کے لیے 16 ارب 26 کروڑ ڈالر کی ضرورت ہے، صوبہ بلوچستان کو ریکوری کے لیے 491 ارب روپے، سندھ اور خیبر پختونخواہ کو 168، 168 ارب جبکہ پنجاب کو ریکوری کے لیے 160 ارب روپے کی ضرورت ہے۔
راولپنڈی: صوبہ پنجاب کی سینٹرل جیل راولپنڈی میں قیدی کی والدہ کی جانب سے تشدد اور رشوت کی شکایات کے بعد اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت 7 ملازمین کو نوکری سے برخاست کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل راولپنڈی میں قیدی کی والدہ کی جانب سے تشدد اور رشوت کی شکایات کے معاملے پر نوٹس لے لیا گیا۔
پنجاب کے مشیر داخلہ و اطلاعات عمر سرفراز کی ہدایات پر آئی جی جیل خانہ جات نے ایکشن لیتے ہوئے قصور وار ثابت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت 7 ملازمین کو نوکری سے برخاست کردیا۔
عمر سرفراز کا کہنا ہے کہ جیلوں میں رشوت، تشدد اور منشیات کی ترسیل کےخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، افسران اور اہلکاران کے خلاف عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔
کراچی: جامعہ کراچی کی طالبات نے سیلاب متاثرین کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے نیوٹریشن بینک تیار کرلیا، کیلوری بنچ نامی یہ غذا ایک وقت کے مکمل اور بھرپور کھانے جتنی کیلوریز رکھتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی یونیورسٹی کے فوڈ سائنسز ڈپارٹمنٹ کی طالبات نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں شرکت کی اور اپنے انیشیٹو کے بارے میں بتایا۔
نیہا بشیر، ایمن معین اور فریال فہیم نامی طالبات نے بتایا کہ وہ مسلسل میڈیا پر سیلاب متاثرین کی حالت زار دیکھ رہی تھیں کہ کس طرح وہ غذائی قلت کا شکار ہیں اور کمزور وقت مدافعت کی وجہ سے مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔
یہی دیکھ کر انہیں نیوٹریشن بینک بنانے کا خیال آیا۔ مختلف اجزا سے تیار کردہ اس پیک میں 1500 کیلوریز موجود ہیں اور یہ روم ٹمپریچر پر 10 سے 12 روز رکھا جاسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس میں سوہانجنا (مورنگا) بھی شامل کیا گیا ہے جو نہ صرف غذا کا کام دیتا ہے بلکہ مختلف بیماریوں سے بھی بچاتا ہے۔
طالبات کا کہنا تھا کہ وہ اسے جلد مارکیٹ میں لانے کا ارادہ رکھتی ہیں لیکن اس کی قیمت نہایت کم رکھی جائے گی تاکہ یہ سب کی پہنچ میں ہو۔
کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان کسٹم پیڈ سگریٹس کے گودام پر چھاپہ مار کر سگریٹ کے درجنوں کارٹن ضبط کرلیے، سگریٹس کی لاکھوں روپے کی ڈیوٹی ادا نہیں کی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان کسٹم پیڈ سگریٹس کے گودام پر چھاپہ مار کارروائی کی۔ ایف بی آر کے افسران نے چھاپہ گلشن اقبال کے ایک گودام پر مارا۔
کارروائی میں لاکھوں روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ سگریٹ برآمد کی گئی، برآمد شدہ سامان میں 42 کارٹن شامل ہیں جن میں 4 لاکھ 20 ہزار سگریٹس کے اسٹیک پیک برآمد ہوئے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ نان کسٹم پیڈ سگریٹ ضبط کر لی گئی ہے، دوران کارروائی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
ایف بی آر کے مطابق سگریٹس کی لاکھوں روپے کی ڈیوٹی ادا نہیں کی گئی، ڈیوٹی ادا نہ کیے جانے کی وجہ سے حکومت کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔
راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون پر بات چیت ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور جرمن سفیر کی ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال، علاقائی سیکیورٹی اور باہمی تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
آرمی چیف نے نئے جرمن سفیر کو ذمہ داریاں سنبھالنے پرمبارکباد دی اور کہا کہ توقع ہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں جرمن سفیر نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا، انہوں نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف بھی کی۔
اسلام آباد: پولیو فری پاکستان کی سفیر آصفہ بھٹو کا کہنا ہے کہ پولیو کا خاتمہ ہمارے بچوں کا ہم پر حق ہے، پولیو ہمارے مستقبل کے لیے ایک خطرہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیو فری پاکستان کی سفیر آصفہ بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نے دکھا دیا ہے کہ پولیو کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے، لیکن اس کے لیے پورے معاشرے کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
آصفہ نے لکھا کہ یہ ہمارے بچوں کا ہم پر حق ہے۔
This World Polio Day I’d like to thank the countless polio workers who are working tirelessly to save the future of our children. #Polio is a threat to our future and our children can be saved from childhood diseases like polio through vaccines.
انہوں نے لکھا کہ آج پولیو کے خاتمے کے عالمی دن پر میں ان لاتعداد پولیو ورکرز کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی جو ہمارے بچوں کا مستقبل بچانے کے لیے انتھک کام کر رہے ہیں۔
آصفہ کا مزید کہنا تھا کہ پولیو ہمارے مستقبل کے لیے ایک خطرہ ہے اور ویکسین کے ذریعے اس خطرے سے بچا جاسکتا ہے۔
کراچی: متحدہ عرب امارات کے 2 جہازوں نے کراچی بندرگاہ کا دورہ کیا، ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ دورے کا مقصد دونوں بحری افواج کے مابین پیشہ وارانہ تعلقات کا فروغ تھا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے جہازوں ابو دبی اور الفطیسی نے کراچی بندرگاہ کا دورہ کیا، بندرگاہ آمد پر پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام اور عرب امارات کے سفارتی عملے نے جہاز کا استقبال کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ دورے کا مقصد دونوں بحری افواج کے مابین پیشہ وارانہ تعلقات کا فروغ تھا۔
ترجمان کے مطابق دورے کے اختتام پر دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ مشقوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا، دورے سے خطے میں قیام امن کی کاوشوں کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔
اسلام آباد: ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے صحافی ارشد شریف کی شہادت پر کہا ہے کہ مبینہ قتل سے صحافی برادری صدمے کا شکار ہے، حکومت کو ان کی موت کی فوری اور شفاف تحقیقات کروانی چاہیئے۔
تفصیلات کے مطابق ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے صحافی ارشد شریف کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں کو خاموش کرنے کے لیے پرتشدد ہتھکنڈوں کا طویل اور سنگین ریکارڈ ہے۔
ایچ آر سی پی کا کہنا ہے کہ کینیا میں صحافی ارشد شریف کے مبینہ قتل سے صحافی برادری صدمے کا شکار ہے۔
A long, grim record of violent tactics to silence journalists explain why the reported murder of journalist Arshad Sharif in Kenya has sent shock waves through the journalist community. The govt must pursue an immediate, transparent inquiry into the circumstances of his death.
— Human Rights Commission of Pakistan (@HRCP87) October 24, 2022
کمیشن کے مطابق حکومت کو ان کی موت کی فوری اور شفاف تحقیقات کروانی چاہیئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کی گئی ٹویٹ میں کمیشن نے مرحوم کے اہل خانہ، دوستوں اور ساتھیوں سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
خیال رہے کہ صحافی ارشد شریف کے قتل کی خبر گزشتہ رات سامنے آئی تھی، کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں ارشد شریف کو گولی مار کر قتل کیا گیا۔
کینیا پولیس کے سینئر افسر نے ارشد شریف کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارشد شریف پولیس کی گولی لگنےسے جاں بحق ہوئے اور ان کے ساتھ یہ واقعہ شناخت میں غلطی کی وجہ سے پیش آیا۔
کینیا پولیس کے مطابق انہیں نیروبی کے علاقے کجیاڈو میں بچے کے اغوا کی اطلاع ملی تھی اور بچے کے اغوا کی خبر پر وہاں گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی تھی، اسی سلسلے میں گاڑیوں کی چیکنگ کے لیے سڑک کو بند کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ارشد شریف اور ان کے ڈرائیور نے روڈ بلاک کی خلاف ورزی کی تھی، جس گاڑی میں ارشد شریف تھے اسے روک کر شناخت بتانے کا کہا گیا تھا۔
ارشد شریف کے قتل کے بعد ملک بھر میں بے یقینی کی کیفیت ہے اور صحافی و سول تنظیموں کی جانب سے مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پولیو ایک مہلک وائرس ہے جو بچوں کو معذور کرتا ہے، ان کے مستقبل کو ختم اور قومی ترقی کو نقصان پہنچاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پولیو ایک مہلک وائرس ہے جو بچوں کو معذور کرتا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پولیو بچوں کے مستقبل کو ختم اور قومی ترقی کو نقصان پہنچاتا ہے، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں پولیو اب بھی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پولیو کے عالمی دن پر اس سے چھٹکارا پانے کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔
Polio is a deadly virus that disables children, stunts their future & undermines national progress. Unfortunate that polio still exists in our country. On #WorldPolioDay today, I reiterate my government’s unflinching resolve to get rid of this virus through renewed efforts.