Tag: پاکستان-نیوز

  • کلائمٹ چینج سے پاکستان کو 32 ارب ڈالر کا نقصان ہوا: احسن اقبال

    کلائمٹ چینج سے پاکستان کو 32 ارب ڈالر کا نقصان ہوا: احسن اقبال

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تباہ کاری سے 32 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، سیلاب کی وجہ سے متعدد اضلاع مکمل تباہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان واٹر ویک 2022 کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تباہ کاریوں کا سامنا ہے۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ گلیشیئرز پھٹ رہے ہیں، پانی کی قلت اور ہیٹ ویوز کا سامنا ہے، یہ تمام تبدیلیاں پاکستان کو شدید متاثر کر رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے زرعی پیداوار میں کمی ہو رہی ہے، پاکستان کو موسمیاتی تباہ کاری سے 32 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ متعدد اضلاع سیلاب کی وجہ سے مکمل تباہ ہوگئے، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان شدید متاثر ملک ہے، ملک کو پانی کی قلت کا سامنا ہے۔

  • سعودی ولی عہد کا عالمی سپلائی چین انیشیٹیو کا اعلان

    سعودی ولی عہد کا عالمی سپلائی چین انیشیٹیو کا اعلان

    ریاض: سعودی ولی عہد نے عالمی سپلائی چین انیشیٹیو کا اعلان کر دیا، اس انیشیٹیو سے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں کو ترقی کا موقع ملے گا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عالمی سپلائی چین انیشیٹیو کا اعلان کر دیا ہے، عالمی سپلائی چین انیشیٹیو کے اعلان سے سعودی عرب کو دنیا میں سپلائی چین کا اہم ملک بنایا جائے گا۔

    ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ انیشیٹیو مشترکہ کامیابیاں حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔

    اس انیشیٹیو سے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں کو ترقی کا موقع ملے گا جبکہ دنیا کے سامنے سعودی عرب عالمی سپلائی چین کے طور پر مانا جائے گا۔

    انیشیٹیو سے سعودی عرب کی معیشت پہ مثبت اثرات مرتب ہوں گے جبکہ سنہ 2030 تک سعودی عرب کو دنیا کی مضبوط ترین معیشت کے حامل 15 ممالک میں اہم مقام حاصل ہوگا۔

    عالمی سپلائی چین انیشیٹیو سعودی عرب کے نیشنل انوسٹمنٹ اسٹریٹجی کا ایک پروگرام ہے جسے اکتوبر 2021 میں لانچ کیا گیا تھا، انیشیٹیو کا مقصد سعودی عرب کو سپلائی چین کے سرمایہ کاروں کا مرکز بنانا ہے۔

    اس مقصد کے لیے عالمی سپلائی چین انیشیٹیو مملکت میں سپلائی چین میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور ان کو پیدا کر کے انہیں ممکنہ سرمایہ کاروں کو پیش کرے گا۔

  • اسلام آباد میں قانون نافذ کرنے والے قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں: اسد عمر

    اسلام آباد میں قانون نافذ کرنے والے قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں: اسد عمر

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں قانون نافذ کرنے والے قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں، ان تمام غیر قانونی کام کرنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اسلام آباد میں قانون نافذ کرنے والے قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہمارے ورکر مراد بخاری کو پکڑنے آئے اور نہیں ملا تو بھائی مہتاب بخاری کو پکڑ کر لے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کا دارالحکومت ہے یا کوئی جنگل؟ انشا اللہ ان تمام غیر قانونی کام کرنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

  • کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری

    کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری

    اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے نئے رپورٹ کیسز کی تعداد 49 رہی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا، کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 619 ہے۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 49 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 72 ہزار 827 ہوگئی۔

    ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 38 ہزار 689 ہوچکی ہے۔

    این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 8 ہزار 944 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 3 کروڑ 5 لاکھ 79 ہزار 806 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.55 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 39 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

    ویکسی نیشن کی صورتحال

    ملک میں اب تک 13 کروڑ 94 لاکھ 97 ہزار 405 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 13 کروڑ 19 لاکھ 46 ہزار 102 افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔

  • ایک میڈیا گروپ نے فیک نیوز کے خلاف قانون پر سخت پروپیگنڈا کیا: فواد چوہدری

    ایک میڈیا گروپ نے فیک نیوز کے خلاف قانون پر سخت پروپیگنڈا کیا: فواد چوہدری

    اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جب فیک نیوز کے خلاف قانون بنانے کی تجویز پاکستان میں دی تھی تو جنگ گروپ اور ڈان کے زیر اثر میڈیا نے سخت پروپیگنڈا کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فیک نیوز کے خلاف ٹویٹ کیا۔

    فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جب فیک نیوز کے خلاف قانون بنانے کی تجویز پاکستان میں دی تھی تو جنگ گروپ اور ڈان کے زیر اثر میڈیا نے سخت پروپیگنڈا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ اپنے ملازموں سے آزادی صحافت کو خطرے کی گھنٹیاں بنوائیں، اب دہشت گردی پر صحافیوں کو اٹھایا جا رہا ہے ان پر جوں تک نہیں رینگتی۔

  • سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کے لاکھوں کیسز رپورٹ

    سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کے لاکھوں کیسز رپورٹ

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کا پھیلاؤ جاری ہے، ڈائریا، ملیریا اور ڈینگی سمیت مختلف وبائی امراض کے لاکھوں کیسز سامنے آچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کا پھیلاؤ جاری ہے، پختونخواہ میں اب تک 2 لاکھ 79 ہزار 535 وبائی امراض کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وبائی امراض کے بیشتر کیسز ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، چارسدہ، نوشہرہ اور دیر سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

    سیلاب زدہ علاقوں میں اب تک 95 ہزار 824 ڈائریا کے کیسز، 75 ہزار 191 سانس کی بیماریوں کے، 60 ہزار 302 جلدی امراض کے، 15 ہزار 121 ملیریا کے مشتبہ اور 13 ہزار 638 آنکھوں کی بیماری کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

    علاوہ ازیں 4 ہزار 360 ڈینگی، 530 ہیپاٹائٹس اور سانپ کے ڈسنے کے 79 کیسز سامنے آئے ہیں۔

  • ریستوران مسمار کرنے پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو جرمانے کا حکم دے دیا گیا

    ریستوران مسمار کرنے پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو جرمانے کا حکم دے دیا گیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں باغ ابن قاسم سے متصل پلاٹ کی ملکیت اور ریستوران مسمار کرنے کے معاملے پر عدالت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو جرمانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں باغ ابن قاسم سے متصل پلاٹ کی ملکیت اور ریستوران مسمار کرنے کے کیس میں شہری کو ذہنی اذیت دینے پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ( ایس بی سی اے)، کراچی میٹروپولیشن کارپوریشن (کے ایم سی) و دیگر کے خلاف جرمانے کا حکم دے دیا۔

    درخواست گزار نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ کلفٹن بلاک 3 میں 100 مربع گز زمین پر ریسٹورنٹ قائم تھا، کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) نے سنہ 2005 میں لیز
    منسوخ کر کے زمین کو باغ ابن قاسم میں شامل کردیا۔

    درخواست میں کہا گیا کہ جون 2005 میں پیشگی اطلاع کے بغیر تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔

    عدالت نے ایس بی سی اے اور دیگر حکام کو شہری کو 1 کروڑ 10 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے، عدالت کا کہنا ہے کہ حکام درخواست گزار کو رقم 17 سال کے مارک اپ کے ساتھ ادا کریں۔

    اپنے فیصلے میں عدالت کا کہنا تھا کہ ریستوران کے انہدام کی کارروائی کے لیے طے شدہ ضابطوں پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

    جسٹس فیصل کمال نے کہا کہ شہری اداروں نے اختیارات کے ناجائز استعمال سے کراچی کو تباہ کردیا، انتظامیہ کی پالیسیوں کی وجہ سے شہر ترقی کے بجائے تنزلی کی طرف جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سمندری علاقوں میں سیاحت کے لیے مواقع پیدا کیے جاتے ہیں، بدقسمتی سے کراچی میں ایسے ترقیاتی منصوبوں کا فقدان ہے اور غفلت کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔

    عدالت نے قرار دیا کہ غیر قانونی طریقے سے انہدام کی کارروائی ثابت ہوتی ہے۔

    عدالت نے درخواست گزار کی متبادل پلاٹ دینے اور پلاٹ کی قیمت کی مد میں 6 کروڑ روپے ہرجانے کی استدعا بھی مسترد کردی۔

  • کراچی میں ایک روز کے دوران سینکڑوں ڈینگی کیسز رپورٹ

    کراچی میں ایک روز کے دوران سینکڑوں ڈینگی کیسز رپورٹ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں اضافہ جاری ہے، ایک روز میں 200 کے قریب نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس کے 199 نئے کیسز سامنے آگئے۔

    محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ ضلع کورنگی میں 67 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے، ضلع شرقی میں 51، ضلع وسطی میں 29، ضلع کیماڑی میں 19، ضلع جنوبی میں 18، ضلع غربی میں 9 اور ضلع کیماڑی میں 6 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    محکمہ صحت کے مطابق رواں سال سندھ میں ڈینگی وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 53 ہوگئی جن میں سے 47 کا تعلق کراچی سے ہے۔

    رواں برس کراچی میں ڈینگی کے 13 ہزار 277 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ سندھ بھر میں رواں سال میں ڈینگی کیسز کی کل تعداد 16 ہزار 888 ریکارڈ کی گئی۔

  • نواز شریف کی 300 یونٹس تک صارفین کو مفت بجلی دینے کی تجویز

    نواز شریف کی 300 یونٹس تک صارفین کو مفت بجلی دینے کی تجویز

    اسلام آباد / لندن: حکومتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 300 یونٹس تک صارفین کو مفت بجلی دینے کی تجویز دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نواز شریف نے 300 یونٹس تک صارفین کو مفت بجلی دینے کی تجویز دی ہے، نواز شریف نے کہا کہ ان صارفین کو سولر لگا کر دیں یا مفت بجلی دیں۔

    انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کرنی ہے تو عوام کو ریلیف دیں۔

    ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے اجلاس میں کہا کہ اگست تک وقت دیں تو ڈالر 200 پر پہنچ جائے گا اور تیل و بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی۔

    اجلاس میں فضل الرحمٰن نے شکوہ کیا کہ بعض حکومتی معاملات ہم سے پوچھے بغیر ہو رہے ہیں جس پر نواز شریف نے کہا کہ آپ سے مشاورت ہونی چاہیئے۔

    ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ کبھی سوچا نہیں تھا اس طرح حکومت لوں گا، یہ حکومت لے کر بہت بڑی سیاسی قیمت ادا کی۔

    انہوں نے کہا کہ اب ڈٹ جاؤ اور دھمکیوں کی پرواہ کیے بغیر عوام کا خیال کرو۔

    ذرائع کے مطابق ایک پی ڈی ایم رہنما نے کہا کہ عوام پر جو بوجھ 6 ماہ میں ڈالنا تھا وہ مفتاح اسماعیل نے ایک ساتھ ڈال دیا۔

  • ملتان ایئرپورٹ پر رقم لے کر بوگس بھرتیاں کروانے کا انکشاف

    ملتان ایئرپورٹ پر رقم لے کر بوگس بھرتیاں کروانے کا انکشاف

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر ملتان کے ایئرپورٹ پر رقم لے کر بھرتیاں کروانے کا انکشاف ہوا ہے، ملزم نے سی اے اے میں مستقل ملازمت کے نام پر دھوکا دہی بھی کی۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان ایئرپورٹ پر مبینہ طور پر رقم لے کر بوگس بھرتیاں کروانے کا انکشاف ہوا ہے، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سول ایوی ایشن (سی اے اے) کے افسران کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردیں۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ الیکٹریکل مکینکل شعبے کے انچارج مجاہد پرویز نے ڈیڑھ لاکھ روپے لے کر محمد علی نامی شخص کو عارضی ملازمت دلائی، ملزم مجاہد پرویز اپنے اور دوست کے گھر کا بجلی کا کام مفت بھی کرواتا رہا۔

    ملزم نے سی اے اے میں مستقل ملازمت کے نام پر دھوکا دہی بھی کی۔

    مقدمے میں ملتان ایئرپورٹ کے مینیجر مبارک شاہ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر (ہیومن ریسورسز) ایچ آر ہیڈ کوارٹرز خرم عدنان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے نے مقدمہ نمبر 186/2022 درج کر کے تحقیقات شروع کردی۔