Tag: پاکستان-نیوز

  • نیب کا تمام سابق صدور اور وزرائے اعظم کے کیسز کے حوالے سے اہم فیصلہ

    نیب کا تمام سابق صدور اور وزرائے اعظم کے کیسز کے حوالے سے اہم فیصلہ

    اسلام آباد: قومی ادارہ احتساب (نیب) نے تمام سابق صدور اور وزرائے اعظم کے کیسز میگا کرپشن کیٹیگری میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات پر قومی ادارہ احتساب (نیب) نے میگا کرپشن کیسز کی فہرستیں مرتب کرنا شروع کر دیں، تمام سابق صدور اور وزرائے اعظم کے کیسز میگا کرپشن کیٹیگری میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سابق وفاقی اور ایڈیشنل سیکریٹریز کے کیسز بھی میگا کرپشن میں شامل ہوں گے جبکہ عوام الناس سے فراڈ کے کیسز بھی میگا کرپشن میں شامل کیے جائیں گے۔

    اس حوالے سے نیب نے تمام ریجنل بیوروز سے میگا کرپشن کیسز کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔

    ریجنل بیوروز کو ارسال شدہ خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ نیب کے قیام سے اکتوبر 2022 تک کے تمام میگا کرپشن کیسز کی تفصیل فراہم کی جائے۔

  • وزیر اعظم کی کلائمٹ چینج سے نمٹنے کے لیے نیشنل پلان بنانے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی کلائمٹ چینج سے نمٹنے کے لیے نیشنل پلان بنانے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کلائمٹ چینج کے نقصانات سے نمٹنے کے لیے نیشنل پلان بنانے کی ہدایت کردی، انہوں نے ہدایت کی کہ ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے اور بروقت تیاری کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی بحالی،موسمی خطرات سے بچاؤ اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے نیشنل پلان بنانے کی ہدایت کردی۔

    موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کے حامل گھر اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر نیشنل پلان کا حصہ ہیں۔

    وزیر اعظم کی موسمیاتی تبدیلی کونسل کو مکمل فعال ادارہ بنانے کی ہدایات کردی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق تعمیرات کے لیے اقدامات تجویز کیے جائیں، ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے اور بروقت تیاری کے لیے اقدامات کیے جائیں، وفاقی اور تمام صوبائی حکومتوں کا اشتراک عمل تیار کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ مستقبل میں موسمیاتی خطرات کی نشاندہی اور قومی سطح پر جامع منصوبہ تیار کیا جائے۔

    وزیر اعظم نے جامع پلان کی تیاری کے لیے بہترین ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا بھی حکم دیا، انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں تباہ کن رہی ہیں، سندھ اور بلوچستان میں تباہی تازہ مثال ہے، اس تباہی کو ہمیں بھول نہیں جانا، متاثرین کی بحالی کے ساتھ مستقبل کی تیاری کرنی ہے۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق کونسل مرکزی کردار ادا کرے، خطرات کی نشاندہی، وسائل کی فراہمی اور نقصان کا اندازہ لگانے کی صلاحیت بہتر بنانے پر توجہ دیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خطرات سے کیسے بچا جائے، انتظامیہ کی کیا تربیت ہونی چاہیئے، اس پر ٹھوس کام کریں، پاکستان کو شدید خشک سالی کے خطرے سے بچانا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے صوبہ سندھ کا ڈیلٹا کا علاقہ خشک ہوگیا ہے، ماہرین کی رائے کی روشنی میں اقدامات تجویز کریں، جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات سے بچاؤ کی تدابیر اور 3 گنا زیادہ گلیشیئر پگھلنے اور مون سون بارشوں کی شدت سے بچاؤ کے لیے بھی تجاویز تیار کریں۔

  • رواں سال پاکستان کی شرح نمو 75 سال میں سب سے کم رہے گی: مزمل اسلم

    رواں سال پاکستان کی شرح نمو 75 سال میں سب سے کم رہے گی: مزمل اسلم

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ رواں سال پاکستان کی شرح نمو 75 سال میں سب سے کم رہے گی، اگست میں لارج اسکیل مینو فیکچرنگ میں صرف 0.6 فیصد کا اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مزمل اسلم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اگست میں لارج اسکیل مینو فیکچرنگ میں صرف 0.6 فیصد کا اضافہ ہوا۔

    مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ جولائی تا اگست ایل ایس ایم میں 0.4 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، یہ اشارہ ہے رواں سال پاکستان کی شرح نمو 75 سال میں سب سے کم رہے گی۔

    مزمل اسلم کا مزید کہنا تھا کہ پہلے ہی ملک کی ترقی کو کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

  • سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض: سندھ حکومت کا اہم فیصلہ

    سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض: سندھ حکومت کا اہم فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کے پھیلاؤ کے پیش نظر اضافی طبی عملہ بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سندھ حکومت عارضی بنیاد پر میڈیکل آفیسرز اور پیرا میڈکس کی بھرتی کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے سیلاب زدہ اضلاع میں وبائی امراض کے پھیلاؤ کے بعد سندھ حکومت نے اضافی طبی عملہ بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت سیلاب زدہ اضلاع کے لیے 710 ہیلتھ ورکرز بھرتی کرے گی، بھرتی شدہ ہیلتھ ورکرز سندھ کے 12 سیلاب زدہ اضلاع میں تعینات ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق سندھ حکومت سیلاب زدہ اضلاع میں 300 میڈیکل آفیسرز بھرتی کرے گی، 180 میل اور 120 فی میل میڈیکل آفیسرز بھرتی ہوں گے۔

    اضافی عملے میں 110 اسٹاف نرسز، 130 ویکسی نیٹرز، 110 ہیلتھ ٹیکنیشن اور 60 کمیونٹی مڈ وائفس شامل ہوں گے۔

    میڈیکل آفیسرز اور پیرا میڈکس کی بھرتی رواں ماہ مکمل ہوجائے گی، یہ بھرتیاں عارضی بنیاد پر کی جائیں گی۔

  • لاہور میں ایک روز میں خواتین سے زیادتی کے 3 مقدمات درج

    لاہور میں ایک روز میں خواتین سے زیادتی کے 3 مقدمات درج

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک روز میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے 3 مقدمات درج کیے گئے ہیں، پولیس ملزمان کو تلاش کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے 3 واقعات پر مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    ابتدائی معلوماتی رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق گرین ٹاؤن میں شادی شدہ خاتون کو نوکری کاجھانسہ دے کر زیادتی کی گئی، ملزم وقاص نے نوکری دلانے کے بہانے 1 لاکھ روپے بھی ہتھیائے۔

    دوسرا واقعہ گجر پورہ کا ہے جہاں 20 سالہ معذور خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

    ایف آئی آر متاثرہ خاتون کے چچا نے درج کروائی جس کے مطابق ملزم صداقت گھر کے ساتھ حویلی میں خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنا کر فرار ہوا۔

    تیسرا واقعہ اقبال ٹاؤن کا ہے جہاں ملزم تنویر نے اپنی 17 سالہ کزن کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، واقعے کا مقدمہ متاثرہ لڑکی کے والد محمد ریاض کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    ایف آئی آر کے مطابق ملزم تنویر نے کزن کو شادی کا جھانسہ دے کر متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

  • تجاوزات کے خلاف آپریشن: علاقہ مکینوں نے سڑک بند کردی

    تجاوزات کے خلاف آپریشن: علاقہ مکینوں نے سڑک بند کردی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے عبد اللہ شاہ غازی گوٹھ میں سینکڑوں رہائشی سڑک پر آگئے، مکینوں نے تجاوزات کے خلاف متوقع آپریشن کے پیش نظر احتجاج شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے عبد اللہ شاہ غازی گوٹھ میں تجاوزات کے خلاف متوقع آپریشن سے قبل سینکڑوں رہائشی سڑک پر آگئے۔

    خواتین کی بڑی تعداد بھی احتجاج میں شریک ہے، مظاہرین نے سڑک پر مختلف مقامات پر ٹائر رکھ کر سڑک بند کردی۔

    ایک ماہ قبل بھی غازی گوٹھ میں آپریشن کے دوران پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے، وزیر اعلیٰ سندھ کے نوٹس پر ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں کو معطل کردیا گیا تھا۔

    ڈی ایس پی، ایس ایچ او اور ایس ایچ او اینٹی انکروچمنٹ کو بھی معطل کیا گیا تھا۔

  • جدید پبلک ٹرانسپورٹ، مضافات میں زیادہ سہولتیں: لاہور ماسٹر پلان 2050 منظور

    جدید پبلک ٹرانسپورٹ، مضافات میں زیادہ سہولتیں: لاہور ماسٹر پلان 2050 منظور

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے ماسٹر پلان 2050 کی منظوری دے دی گئی، لاہور میں آبادی کا دباؤ کم کرنے کے لیے مضافات میں رہنے والوں کو شہر کے برابر سہولتیں دی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ لاہور کے ماسٹر پلان 2050 کی منظوری دے دی گئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ لاہور ماسٹر پلان 2050 کے تحت بڑھتی ہوئی آبادی کی رہائشی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے گا، لاہور میں آبادی کا دباؤ کم کرنے کے لیے مضافات میں رہنے والوں کو شہر کے برابر سہولتیں دی جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ بفرزون قائم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر شجر کاری کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، مواصلاتی رابطے بہتر بنانے کے لیے انٹر چینج اور فلائی اوور تعمیر کیے جائیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مزید زرعی زمین ایکوائر کرنے کے بجائے ملٹی سٹوری بلڈنگ کلچر کو فروغ دیا جائے گا۔

  • سینکڑوں پیٹرول پمپس غیر قانونی طور پر چلائے جانے کا انکشاف

    سینکڑوں پیٹرول پمپس غیر قانونی طور پر چلائے جانے کا انکشاف

    اسلام آباد: ملک بھر میں سینکڑوں پیٹرول پمپس غیر قانونی طور پر چلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، مذکورہ پمپس اسمگل ہو کر آنے والی پیٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے میں بھی ملوث ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ میں ملک میں سینکڑوں پیٹرول پمپس غیر قانونی طور پر چلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، لیز ختم ہونے سے 206 پیٹرول پمپس نے غیر قانونی طور پر پیٹرول کی فروخت جاری رکھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پمپس اسمگل ہو کر آنے والی پیٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے میں بھی ملوث ہیں۔

    آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول پمپس نے لیز ختم ہونے کے باوجود غیر قانونی فروخت جاری رکھی، اوگرا نے پیٹرول پمپس کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔ غیر قانونی فروخت بند کروانے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ بھی نہیں کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق کابینہ ڈویژن نے معاملہ وفاقی کابینہ میں اٹھایا، وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

  • الیکشن سے قبل عوام کو رجھانے کے لیے کروڑوں روپے کی اسکیمیں منظور

    الیکشن سے قبل عوام کو رجھانے کے لیے کروڑوں روپے کی اسکیمیں منظور

    اسلام آباد: عام انتخابات سے قبل عوام کو رجھانے کے لیے کروڑوں روپے کی اسکیمیں منظور کرلی گئیں، ہر رکن قومی اسمبلی اپنے حلقے میں کام کروائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق انتخابات سے پہلے اراکین قومی اسمبلی پر نوازشات کی بارش کردی گئی، عام انتخابات سے قبل ہر رکن قومی اسمبلی کو خصوصی اسکیمیں دی جائیں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر رکن قومی اسمبلی کے لیے 50 کروڑ کی اسکیمیں منظور ہوں گی، اسکیمیں ایس ڈی جیز پروگرام کے تحت دی جائیں گی۔

    اسکیموں کے لیے ایس ڈی جیز پروگرام کا فنڈز بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاقی حکومت نے فنڈز میں مزید 17 ارب روپے کا اضافہ کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں ایس ڈی جیز پروگرام کے لیے 70 ارب روپے مختص کیے گئے تھے جسے بڑھا کر 87 ارب روپے کردیا گیا۔

  • 2 سیلاب متاثرہ بچے ملیریا کے باعث دم توڑ گئے

    2 سیلاب متاثرہ بچے ملیریا کے باعث دم توڑ گئے

    خیرپور: صوبہ سندھ کے شہر خیرپور میں 2 سیلاب متاثرین کے بچے ملیریا کے باعث دم توڑ گئے، سیلاب زدہ علاقوں میں مختلف وبائی امراض سمیت ملیریا اور ڈینگی کا پھیلاؤ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیرپور کے سٹی اسپتال میں 2 سیلاب متاثرین بچے ملیریا کے باعث انتقال کر گئے۔

    اسپتال کے انچارج ڈاکٹر کامران شاہانی کا کہنا ہے کہ انتقال کرنے والے بچوں میں 2 سالہ عرفان اور ایک سالہ ایان شامل ہے۔

    ڈاکٹر کامران کے مطابق دونوں بچے سیلاب متاثرین کے تھے اور کچھ روز سے ملیریا میں مبتلا تھے۔

    دوسری جانب سندھ کے 9 سیلاب زدہ اضلاع میں مچھر مار اسپرے کا آغاز آئندہ ہفتے ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق سندھ کے 9 سیلاب زدہ اضلاع میں لاروا اور مچھر مار اسپرے کیا جائے گا، ان اضلاع میں میرپور خاص، مٹیاری، شہید بے نظیر آباد، لاڑکانہ، جامشورو، دادو، نوشہرو فیروز اور قمبر شہداد کوٹ شامل ہیں۔

    انسداد لاروا کے لیے مقامی تیار کردہ بی ٹی آئی پی کے پاؤڈر استعمال ہوگا، پاؤڈر میں موجود بیکٹیریا خشکی اور پانی میں لاروا کی افزائش روکتا ہے۔