Tag: پاکستان-نیوز

  • کراچی کا مطلع ابر آلود، محکمہ موسمیات نے بارش کی نوید سنادی

    کراچی کا مطلع ابر آلود، محکمہ موسمیات نے بارش کی نوید سنادی

    کراچی(24 جولائی 2025): محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا مطلع جزوی ابر آلود ہے، جبکہ شہر میں آج شام میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بادلوں کا بسیرا ہے اور سمندری ہوائیں بحال ہیں جبکہ ہوام میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے موسم مرطوب ہے۔

    محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ کراچی میں آج بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے تاہم شہر کا آج کم سے کم درجہ حرارت 28.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔

    موسم سے متعلق خبریں

     محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے، دن بھر مطلع زیادہ تر ابر آلود رہنے کے ساتھ موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ جنوب مغربی سے 10 سے 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں چل رہی ہیں، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں آج بھی شدید بارش کا انتباہ جاری کیا گیا ہے جس کے پیش نظر عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایات جاری کردی گئیں، محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، بونیر، چارسدہ، صوابی اور مردان میں شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

    این ڈی ایم اے کےمطابق حساس مقامات پر ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو نائٹ شفٹ میں ہائی الرٹ رہے گی، دریائے سوات کے کنارے ریسکیو اہلکاروں اور مقامی غوطہ خوروں کی پیٹرولنگ جاری رہے گی، ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ادارے رابطے میں رہیں گے۔

  • سی سی ڈی کے مبینہ مقابلوں میں 2 ڈاکو مارے گئے

    سی سی ڈی کے مبینہ مقابلوں میں 2 ڈاکو مارے گئے

    لاہور(24 جولائی 2025): کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ( سی سی ڈی ) کے 2 مبینہ مقابلوں میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں سی سی ڈی کی جرائم کے خلاف کارروائی جاری ہے، گزشتہ رات 2 مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکو مارا گیا ہے، پہلی کارروائی ہئیر کے علاقے میں کی گئی۔

    سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہئیرکے علاقے میں سی سی ڈی اور ڈاکوؤں میں فائرنگ  کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں زیرِ حراست ملزم انور ملنگی مارا گیا۔

    سی سی ڈی، انور ملنگی کو ریکوری کیلئے ڈیفنس سے ہئیر لے جا رہی تھی، گھات لگائے ملزم کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، انور ملنگی مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔

    سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد ملزم کے ساتھی فرار ہوگیا جس کا پولیس تعاقب کررہی ہے جبکہ ہلاک ملزم سنگین جرائم کے الزامات میں گرفتار تھا۔

    دوسری کارروائی سکھیکی مواں بھٹیاں میں کی گئی جہاں سی سی ڈی پولیس  اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا، 15 پر ڈکیتی کی اطلاع پر سی سی ڈی پولیس نے کارروائی کی اس دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی۔

    سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ساتھیوں کی گولی لگنے سے مارا گیا، ہلاک ڈاکو کی شناخت بلال کے نام سے ہوئی ہے جو درجنوں وارداتوں میں ملوث تھا، ڈاکو کے ساتھی  اندھیرےکا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

    https://urdu.arynews.tv/gujrat-ccd-muqabla/

  • شدید بارشوں کا انتباہ جاری

    شدید بارشوں کا انتباہ جاری

    اسلام آباد( 24 جولائی 2025): ملک کے بلائی علاقوں میں شدید بارشوں کے پیش نظر عوام کے لئے انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

    ملک کے بالائی علاقوں میں آج بھی شدید بارش کا انتباہ جاری کیا گیا ہے جس کے پیش نظر عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، بونیر، چارسدہ، صوابی اور مردان میں شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

    موسم سے متعلق خبریں

    لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور نوشہرہ میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

    مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ ہے، بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے باعث این ڈی ایم اے نے بھی ایڈوائزری جاری کر دی۔

    این ڈی ایم اے کےمطابق حساس مقامات پر ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو نائٹ شفٹ میں ہائی الرٹ رہے گی، دریائے سوات کے کنارے ریسکیو اہلکاروں اور مقامی غوطہ خوروں کی پیٹرولنگ جاری رہے گی، ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ادارے رابطے میں رہیں گے۔

  • پاکستان میں سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، فی تولہ سونا کتنے کا ہوگیا؟

    پاکستان میں سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، فی تولہ سونا کتنے کا ہوگیا؟

    کراچی(23 جولائی 2025): پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں آج  بڑا اضافہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 3700 روپے کا اضافہ ہوا اور فی تولہ کی قیمت 3 لاکھ 64 ہزار 900 روپے پر پہنچ گئی۔

    اسی طرح 10گرام سونا 3171 روپے اضافے سے 3 لاکھ 12 ہزار 842 روپے کا ہوگیا، عالمی مارکیٹ مارکیٹ میں سونا 37 ڈالر اضافے سے 3424 ڈالر کا ہو گیا۔

    پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

    واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔

    اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔

    پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔

    سونے سے 200 فی صد منافع، ہر کاروبار پر سبقت مل گئی

  • دریا سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ، سکھر بیراج پر سیلابی صورتحال کا امکان

    دریا سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ، سکھر بیراج پر سیلابی صورتحال کا امکان

    (23 جولائی 2025): دریا سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث کالا باغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج پر سیلابی صورتحال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دریا سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ  ہوا ہے جس کے باعث کالا باغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج پر سیلابی صورتحال ہے، اس کے علاوہ ایک ہفتے کے دوران گڈو بیراج پر اونچے درجے جبکہ سکھر بیراج پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔

    سکھر بیراج کنٹرول روم کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1530 فٹ ریکارڈ  کی گئی ہے جبکہ تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد 358200 کیوسک اور اخراج 357800 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

     کابل ندی سے دریا سندہ میں پانی کی آمد 43800 کیوسک ریکارڈ کالاباغ بیراج پر پانی کی آمد 382763 کیوسک اور پانی کا  اخراج 374763 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

    چشمہ بیراج پر پانی کی آمد 359530 کیوسک اور اخراج 340280 کیوسک ریکارڈ کیا گیا تونسہ بیراج پر پانی کی آمد 254774 کیوسک اور اخراج 248274 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

    منگلہ ڈیم پر پانی کی سطح 1193.5 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ منگلہ ڈیم میں پانی کی آمد 68468 کیوسک اور اخراج 8000 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، پنجند کے مقام پر پانی کی آمد 40036 کیوسک اور اخراج 25776 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

    گڈو بیراج پر پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے گڈو بیراج پانی کی آمد 340568 کیوسک ریکارڈ جبکہ گڈو بیراج سے پانی کا اخراج 304686 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

    سکھر بیراج پر پانی کی آمد 262335 کیوسک اور سکھر بیراج سے پانی کا اخراج 208745 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 191015 کیوسک اور اخراج 150310کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

    سکھر بیراج کنٹرول روم کے مطابق پنجاب سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں ہونے والی بارشوں سے دریا سندہ میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

  • کوئٹہ: غیرت کے نام پر باپ نے بیٹی اور بھانجے کو قتل کردیا

    کوئٹہ: غیرت کے نام پر باپ نے بیٹی اور بھانجے کو قتل کردیا

    کوئٹہ: بلوچستان میں غیرت کے نام پر ہولناک قتل کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے جہاں باپ نے بھانجے اور بیٹی کو قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سیاہ کاری کے الزام میں ایک اور دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، قمبرانی روڈ پر باپ عبدالطیف نے مبینہ طور پر اپنی بیٹی نازنین اور بھانجے قادر ظریف کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عبدالطیف فائرنگ کے بعد اپنے دو چھوٹے بچوں سمیت فرار ہوگیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے کیس سیریس کرائمزانوسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا، ملزم کی گرفتاری کے لیے کیچی بیگ تھانے کی پولیس ٹیم چھاپے مار رہی ہے، لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔

    دوسری جانب سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شوہر کے مبینہ بدترین جنسی تشدد کے بعد کوما میں جانے والی نئی نویلی دلہن انتقال کر گئیں۔

    پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید کے مطابق شوہر کے بہیمانہ جنسی تشدد کا نشانہ بننے والی 19 سالہ شانتی 23 جولائی کی صبح 10 بج کر 45 منٹ پر سول اسپتال کے ٹراما سینٹر میں دم توڑ گئیں۔

    ڈاکٹر سمیہ سید کے مطابق متاثرہ لڑکی کو ایک اور اسپتال میں آپریشن کے بعد تشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا تھا، ابتدائی میڈیکل معائنے میں جنسی تشدد کے شواہد ملے تھے۔

    بغدادی تھانے کے ایس ایچ او مجید علی نے بھی لڑکی کی موت کی تصدیق کی، ان کے مطابق شانتی کی شادی 15 جون کو اشوک نامی شخص سے ہوئی تھی اور دو دن بعد شوہر نے ان پر غیر فطری انداز میں جنسی تشدد کیا، جس سے ان کی طبیعت بگڑ گئی تھی۔

  • اسلام آباد: گاڑی میں سوار باپ بیٹی کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع

    اسلام آباد: گاڑی میں سوار باپ بیٹی کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع

    اسلام آباد( 23 جولائی 2025): نجی سوسائٹی میں سیلابی ریلے میں ڈوبے والی گاڑی میں سوار باپ بیٹی کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام ہاؤسنگ سوسائٹی میں گاڑی آبی ریلے میں بہہ گئی تھی، اس گاڑی میں کرنل(ر)اسحاق اور انکی بیٹی سوار تھے۔

    عینی شاہدین نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ گاڑی میں باپ بیٹی سوار تھے، کار سوار افراد نے برساتی نالے کے قریب سے گاڑی گزارنے کی کوشش کی لیکن پانی کابہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے دونوں افراد کار سمیت پانی میں بہہ گئے۔

    رات گئے تک اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری رکھا گیا لیکن دریائے سواں اور نالہ لئی میں طغیانی کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہا۔

    اسلام آباد : گاڑی میں سوار باپ ، بیٹی سیلابی ریلے میں بہنے کی ویڈیو سامنے آگئی

    تاہم اب روشنی ہوتے ہی راولپنڈی کی حدود میں دریائے سواں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا، ریسکیو ٹیمیں کشتیوں، ماہرین اور جدید آلات کی مدد سے آپریشن کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

  • کراچی میں صبح سویرے مختلف علاقوں میں رم جھم، موسم خوشگوارہوگیا

    کراچی میں صبح سویرے مختلف علاقوں میں رم جھم، موسم خوشگوارہوگیا

    کراچی(23 جولائی 2025): شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہونے والی رم جھم بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کے بعد سے گزشتہ شام سے ہی بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں تاہم صبح سویرے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مطلع ابرآلود ہے، صبح سویرے لیاری، ماڑی پور روڈ، کلفٹن، بلدیہ میں وقفے وقفے سے بوندا باندی ہوئی ہے جس سے شہر میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

    موسم سے متعلق خبریں

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہیں اور آئندہ چند روز تک صبح و رات کے اوقات میں بوندا باندی کے امکان ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ہونے سے موسم مرطوب ہے اور آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری تک جانےکا امکان ہے۔

    لاہور میں طوفانی بارش برس گئی، جڑواں شہروں میں بھی موسلادھار جھڑی

    دوسری جانب پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں طوفانی بارش برس گئی ہے، جس پر ریسکیو پنجاب ہائی الرٹ ہو گیا ہے، دوسری طرف جڑواں شہروں میں بھی موسلادھار بارش جاری ہے۔

    ترجمان ریسکیو پنجاب نے کہا ہے کہ لاہور میں بارش کے پیش نظر ریسکیو ٹیموں کو ہنگامی الرٹ پر رکھا گیا ہے، عوام نشیبی علاقوں میں جانے سے گریز کریں، اور الیکٹرک پولز، کھلے بورڈز اور سوئچز کو ہاتھ نہ لگائیں، بارش کے باعث پھسلن سے حادثات کا خدشہ ہے اس لیے شہری احتیاط کریں، اور کسی بھی ایمرجنسی میں فوری طور پر 1122 پر رابطہ کریں۔

  • آج سے مزید بارشوں کی پیشگوئی، مون سون کا اسپیل زیادہ طاقتور ہونے کا امکان

    آج سے مزید بارشوں کی پیشگوئی، مون سون کا اسپیل زیادہ طاقتور ہونے کا امکان

    لاہور(21 جولائی 2025): پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج سے مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق  صوبےکے بیشتر اضلاع میں آج مون سون بارشیں ہوں گی اور مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ زیادہ طاقتور ہے جب کہ بارشوں کا چوتھا سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہے گا۔

    پی ڈی ایم اے نے راولپنڈی، مری،گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، حافظ آباد،گجرات، جہلم، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا، میانوالی اور گوجرانوالہ میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔

    دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے اس کے پیش نظر پنجاب کے دریاؤں وندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

    دریائے راوی، جہلم، ستلج اور چناب کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے، دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب، پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 20 ہزار کیوسک ہے، دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی نے پنجاب بھر کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنرز کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایات کی گئی ہے۔

  • میدان عرفات، منیٰ اور مزدلفہ میں عازمین کیلیے کیا سہولتیں ہیں؟

    میدان عرفات، منیٰ اور مزدلفہ میں عازمین کیلیے کیا سہولتیں ہیں؟

    سعودی عرب میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں مناسک حج کی ادائیگی کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مشاعر مقدسہ میں عازمین حج کو گرمی سے محفوظ رکھنے کیلیے میدان عرفات کو جانے والے راستوں پر بڑی تعداد میں درخت لگائے گئے ہیں۔

    سعودی میڈیا کے مطابق میدان عرفات جانے والے تمام راستوں پر جگہ جگہ شیڈز لگائے گئے ہیں، علاوہ ازیں وادی مزدلفہ اور دیگر مقامات پر روشنی کا مناسب انتظام کیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق میدان عرفات اور وادی منیٰ کے مختلف مقامات پر ہر 500 میٹر بعد سروس سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں فرسٹ ایڈ اور دیگر سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔

    ترقیاتی منصوبے کے تحت 15 ہزار مربع میٹر رقبے پر سبزہ لگایا گیا ہے جن میں پودے اور گھاس وغیرہ شامل ہے جس سے ماحول خوشگوار ہو سکے گا۔مختلف مقامات پر 240 پھوار والے ٹاور، 12 بڑی چھتریاں اور 14 تجارتی مراکز تعمیر کیے گئے ہیں۔

    میدان عرفات سے مزدلفہ جانے کے لیے لچکدار راستے بنائے گئے ہیں،جسے گزشتہ برس تجرباتی طورپر بنایا گیا تھا تاہم اس سال اس کے دوسرے مرحلے کو مکمل کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں حج سیزن 2025 کیلیے دنیا بھر سے عازمین حج کے قافلے روزانہ کی بنیاد پر مقدس سرزمین کا رخ کررہے ہیں۔

    سعودی محکمہ پاسپورٹ نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات 24 ذو القعدہ تک بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج کی تعداد 8 لاکھ 20 ہزار 665 تک پہنچ گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق زمینی راستے سے 35 ہزار 478 عازمین مملکت پہنچے جبکہ بحری ذرائع سے آنے والے عازمین کی تعداد دو ہزار 822 رہی۔ سب سے زیادہ عازمین فضائی راستے سے مملکت پہنچے جن کی تعداد 7 لاکھ 82 ہزار358 ہے۔

    محکمہ پاسپورٹ نے فضائی، بری اور بحری پورٹس پر عازمین کے داخلے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    سعودی عرب میں غیر قانونی حج روکنے کیلئے ڈرونز کا استعمال

    یاد رہے کہ مملکت کے تمام بین الاقوامی پورٹس کے امیگریشن ہالز میں کوالیفائیڈ عملہ اور جدید تیکنیکی ڈیوائسز کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔