Tag: پاکستان-نیوز

  • ججزنظربندی کیس:مشرف کو12بجے تک پیش کرنے کا حکم

    ججزنظربندی کیس:مشرف کو12بجے تک پیش کرنے کا حکم

    اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ججز نظر بندی کیس کی سماعت جاری ہے۔ عدالت نے پرویز مشرف کو بارہ بجے تک ہر صورت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

    دوران سماعت عدالت نے احکامات دیئے کہ پرویز مشرف کو ایمبولینس میں ڈال کر لانا پڑے تو لائیں، عمر کے اس حصے میں چھوٹی موٹی بیماریاں ہو جاتی ہیں، آج کی غیر حاضری پر کوئی عذر نہیں سنا جائے گا۔

    اس موقع پر ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان خصوصی عدالت آئے اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، ان کے مطابق تمام روٹس پر سیکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے۔
           

  • خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کے خلاف مقدمے کی سماعت

    خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کے خلاف مقدمے کی سماعت

    خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کے خلاف مقدمے کی سماعت جاری ہے، سابق صدر آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

    خصوصی عدالت میں پرویزمشرف کے خلاف مقدمے کی سماعت شروع ہوئی تو معاملہ ایک بار وہی یعنی سابق صدر کی عدالت میں پیشی تھا، تین رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس فیصل عرب نے استفسار کیا کہ بتایا جائے پرویز مشرف عدالت کیوں نہیں آئے؟

    جس پر وکیل سرکار اکرم شیخ نے کہا کہ مشرف جان بوجھ کر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، میڈیکل رپورٹ میں ایسا کہیں بھی نہیں لکھا کہ وہ عدالت پیش نہیں ہوسکتے، عدالت کے حکم پر عمل نہ کرنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔

    اکرم شیخ نے استدعا کی کہ عدالت اپنے حکم کی خلاف ورزی پر کاروائی کرے، انھوں نے دلائل میں کہا کہ جو شخص عدالتی حکم پر عدالت میں پیش نہیں ہوتا وہ اپنے دفاع کا اختیار کھو دیتا ہے، صدر حسنی مبارک کو اسٹریچر پرعدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

    پرویز مشرف کے وکیل انور منصور نے دلائل میں کہا کہ اکرم شیخ پراسیکیوٹر ہیں، انھیں پرسی کیوٹر کا کردار ادا کرنا نہیں چاہیئے، اکرم شیخ عدالت کی معاونت کریں مشرف کو زبردستی سزا دلوانے کی کوشش نہ کریں۔

    ایک موقع پر پرویز مشرف کے وکلاء اور وکیل سرکار میں تلخ کلامی بھی ہوئی، انور منصور نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں نے تجویز کیا ہے کہ مشرف اسی اسپتال سے علاج کروائیں جہاں سے وہ پہلے معائنہ کروا چکے ہیں۔

    مشرف کو علاج کیلئے فرانس جانے کا مشورہ دیا گیا ہے، انور منصور کا کہنا تھا کہ عدالت مشرف کی گرفتاری کا حکم دے دیتی ہے اور اگر کل یہ عدالت قانونی قرار نہیں پاتی تو مشرف کے چہرے پر جو داغ لگ جائے گا اسکا ذمہ دار کون ہوگا؟

  • پنجاب اور سندھ میں نئے شیڈول کیلئے مشاورتی اجلاس بلانے کا فیصلہ

    پنجاب اور سندھ میں نئے شیڈول کیلئے مشاورتی اجلاس بلانے کا فیصلہ

    الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ کی انتخابی عمل منسوخ کر کے نئے شیڈول کیلئے آئندہ ہفتے مشاورتی اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بروقت انتخابات نہیں ہوسکتے، صوبے کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔

    سندھ اور پنجاب میں انتخابی عمل منسوخ کردیا، جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی کوئی حیثیت نہیں رہی، انتخابی فہرستیں بھی غیر منجمد کردی گئیں، الیکشن کمیشن نے نئے شیڈول کیلئے صوبوں سے رابطہ کرلیا، آئندہ ہفتے پھر مشاورتی بیٹھک ہوگی۔

    ایڈیشنل ڈی جی الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نئے شیڈول کے ساتھ نیا انتخابی عمل شروع ہوگا، شیرافگن نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات وقت پرنہیں ہوسکتے، حلقہ بندیاں جنوری کے آخر تک ہوں گی، خیبرپختونخوا حکومت کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔

    ایڈیشنل ڈی جی الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا میں بائیومیٹرک نظام کا فیصلہ بھی نہیں ہوسکا، پچاس ہزار بائیومیٹرک مشینوں کی خریداری پر ڈیڑھ ارب روپے خرچ ہوں گے، الیکشن کمیشن کے مطابق قانون سازی نہ ہونے کے باعث اسلام آباد اور کنٹونمنٹ ایریاز میں بلدیاتی انتخابات کیلئے مزید وقت مانگ لیا گیا ہے۔
       

  • مشرف غداری کیس کی سماعت آج ہوگی، وارنٹ جاری ہونے کے امکانات

    مشرف غداری کیس کی سماعت آج ہوگی، وارنٹ جاری ہونے کے امکانات

    سابق صدر مشرف کیخلاف غداری کیس کی سماعت آج ہوگی، سابق صدر پرویز مشرف آج بھی عدالت میں پیش ہوں گے یا پھر انہیں میڈیکل بنیاد پر پیشی سے استثنیٰ دے دیا جائے گا،عدالت آج کیا فیصلہ کرے گی، احمد رضا قصوری کا کہنا ہے کہ آج بھی پرویز مشرف کی عدالت میں پیشی کا امکان کم ہے۔

    سابق صدر پرویزمشرف پہلی پیشی کے موقع پر عدالت جاتے ہوئے اچانک طبعیت خراب ہونے پر ملٹری اسپتال جا پہنچے، جس کے بعد سے اب تک سابق صدر اے ایف آئی سی میں زیرعلاج ہیں، عدالت میں سابق صدر کے وکلاء ان کی نمائندگی کرتے ہوئے مشرف کیس کے خلاف اپنے دلائل پیش کریں گے۔

    سات جنوری کو خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کے خلاف مقدمے کی سماعت کے دوران سابق صدر کی علالت سے متعلق میڈیکل رپورٹ عدالت کے روبرو پیش کردی گئی، جسٹس فیصل عرب اور بینچ کے دیگر دو ارکان نے رپورٹ کا جائزہ لیا اور فریقین کے وکلا کو رپورٹ کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل رپورٹ پر فیصلہ جمعرات سولہ جنوری کو سنایا جائے گا۔

    جسٹس فیصل عرب نے مشرف کے وکیل انور منصور سے استفسار کیا کہ مقدمہ توہین عدالت کا ہو یا آرٹیکل چھ کا، ملزم کے پیش نہ ہونے پر وارنٹ گرفتاری کیے جا سکتے ہیں؟ جسٹس فیصل عرب کا کہنا تھا کہ وکیل صفائی کے مطابق اگر عدالت کو گرفتاری کا اختیار نہیں ہے تو ملزم صرف اس لیے حکم عدولی کرسکتا ہے کہ اسے گرفتار نہیں کیا جائے گا۔

     

  • بلوچستان بدامنی کیس: چیئرمین وائس آف مسنگ پرسن طلب

    بلوچستان بدامنی کیس: چیئرمین وائس آف مسنگ پرسن طلب

    سپریم کورٹ نے بلوچستان بدامنی کیس میں چیئرمین وائس آف مسنگ پرسن کوطلب کرلیا، عدالت نے آئی جی ایف سی کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کی نقل بھی دراخوست گزار کو فراہم کرنے کا حکم دیا۔

    بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت جسٹس ناصرالملک اور جسٹس ثاقب نثار پر مشتمل بینچ نے کی، بلوچستان حکومت کے وکیل شاہد حامد نے عدالت کو بتایا کہ تیرہ افراد کو لاپتہ کرنے کا الزام ایف سی پر ہے۔

    آٹھ افراد کے بارے میں ایم آئی کو مدد کا الزام دیا جارہا ہے جبکہ چھ افراد کے بارے میں دعوی ہے کہ انہیں پولیس لے گئی، دیگر تئیس افراد کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ کہاں گئے۔

    اعلیٰ عدالت نے چیئرمین وائس آف مسنگ پرسن نصراللہ بلوچ کو طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام لاپتہ افراد سے متعلق تفصیلات تحریری طور پر فراہم کریں تاکہ مناسب کاروائی کی جائے۔

    عدالت نے آئی جی ایف سی کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کی نقل دراخوست گزار کو فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت تیس جنوری تک ملتوی کردی۔
           

  • اسلام آباد:لاپتہ افراد کیس کی سماعت آج ہورہی ہے

    اسلام آباد:لاپتہ افراد کیس کی سماعت آج ہورہی ہے

    سپریم کورٹ میں لاپتہ افراد کیس کی سماعت آج ہورہی ہے۔

    گزشتہ سماعت میں سپریم کورٹ نے لاپتہ مسعود جنجوعہ کی بازیابی کے حوالے سے مقدمے کی سماعت ملتوی کی تھی جبکہ وزارت دفاع اور حکومت پنجاب سے تین ہفتوں میں رپورٹ طلب کی گئی ہے۔

    عدالت نے وزارت دفاع کی جانب سے 11 میں سے 4 ذمہ داروں کے جمع کرائے گئے بیانات حلفی کو خفیہ رکھنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے باقی ذمہ داروں کے بیان حلفی بھی داخل کرانے کی ہدایت کی تھی۔
       

  • سپریم کورٹ میں لاپتہ افراد کیس کی سماعت

    سپریم کورٹ میں لاپتہ افراد کیس کی سماعت

    سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کیس میں آمنہ مسعود جنجوعہ کو سرکار کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کا جائزہ لینے کی اجازت دیدی۔

    لاپتا افراد کیس کی سماعت کے دوران مسعود جنجوعہ کی گمشدگی کے حوالے سے اسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل عرفان احمد نے رپورٹ پیش کی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے سپریم کورٹ سےاستدعا کی کہ رپورٹ خفیہ رکھی جائے۔

    جس پر جسٹس جواد نے کہا کہ رپورٹ میں ایسی کوئی بات نہیں جو خفیہ رکھی جائے اور عدالت نے آمنہ مسعود جنجوعہ کو رپورٹ کا جائزہ لینے کی اجازت دیتے ہوئے حکم دیا کہ بریگیڈئیر سید اطہر کا بیان حلفی تصدیق شدہ نہیں، دوبارہ جمع کرایا جائے۔

    اعلیٰ عدالت نے حکومت پنجاب اور پولیس سے بھی رپورٹ اور گمشدگی کی ایف آئی آر کی نقل طلب کرتے ہوئے سماعت تین ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔

  • سپریم کورٹ میں اوگرا عملدرآمد کیس کی سماعت

    سپریم کورٹ میں اوگرا عملدرآمد کیس کی سماعت

    سپریم کورٹ میں اوگرا عملدرآمد کیس کی سماعت ہوئی، پراسیکیوٹر نیب کے آغا نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین نیب نہیں ہیں، جس کی وجہ سے مشکلات ہو رہی ہیں وقت دیا جائے۔

    جسٹس جواد نے استفسار کیا کہ توقیر صادق کے بارے میں کیا تحقیقات کی گئیں، جس پر پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں توقیر صادق کے نام پر لاہور میں دو زمینیں ہیں، اس کی بھی تحقیقات جاری ہیں جبکہ توقیرصادق کو باہر سے لانے میں اڑتیس لاکھ  کے اخراجات آئے، عدالت نے مزید سماعت سولہ جنوری تک ملتوی کردی۔
       

  • سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے نیا شیڈول بنانے کی اجازت

    سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے نیا شیڈول بنانے کی اجازت

    سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا درد سر کم کر دیا، الیکشن کمیشن کو سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول تبدیل کرنے کی اجازت مل گئی۔

    سندھ اور پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول دوسری بار منسوخ کر دیا گیا، سندھ اور لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے حلقہ بندیاں غیر قانونی قرار دیئے جانے اور پرنٹنگ کارپوریشن کی جانب سے بیلٹ پیپر مقررہ وقت میں چھاپ کر دینے سے معذرت کے بعد الیکشن کمیشن نے بھی سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔

    عدالت کو اپنی مشکلات بتائیں اور بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں میں توسیع کی درخواست کر ڈالی، سپریم کورٹ نے درخواست کو باوقار طریقے سے سنا اور الیکشن کمیشن کو اسکی سہولت کے مطابق نیا شیڈول جاری کرنے کی اجازت دے دی۔

    درخواست کی سماعت جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی، اب بلدیاتی امیدواروں کو نئے شیڈیول کا انتظار کرنا ہوگا۔
           

  • سابق صدر پرویز مشرف کی صحت میں بتدریج بہتری

    سابق صدر پرویز مشرف کی صحت میں بتدریج بہتری

    راولپنڈی اے ایف آئی سی میں زیر علاج سابق صدر پرویز مشرف کی صحت میں بتدریج بہتری آرہی ہے لیکن اب تک انھیں اسپتال سے فارغ کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔

    سابق صدر پرویز مشرف کی صحت کے بارے میں میڈیکل بورڈ نے جو رپورٹ عدالت میں پیش کی تھی اسکے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کی صحت میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔

    دل کی شریان بند ہونے سمیت ذہنی دباؤ ،گردن اور جبڑوں میں درد اور بائیں کندھے میں تکلیف شامل تھیں، انہیں اے ایف آئی سی میں انتہائی اعلیٰ طبی امداد دی گئی جس پر گزشتہ رات میڈ یکل بورڈ نے مختلف ٹیسٹ کیے جن کا موزانہ آج صبح کیے گئے ٹیسٹ کی رپورٹ سے کیا گیا جس میں بتدریج بہتری پائی گئی ہے۔

    میڈیکل بورڈ نے پرویز مشرف کو دس ہفتوں سے زائد ادویات استعمال کرنے کا مشورہ دیا لیکن میڈیکل بورڈ نے اس بات کا فیصلہ نہیں کیا کہ پرویز مشرف کو اسپتال سے ڈسچارج کیا جائے یا نہیں اس پر میڈیکل بورڈ کے درمیان مشاورت جاری ہے ۔