Tag: پاکستان-نیوز

  • سابق صدر مشرف کی بیماری، پیپلزپارٹی اورایم کیو ایم آمنے سامنے

    سابق صدر مشرف کی بیماری، پیپلزپارٹی اورایم کیو ایم آمنے سامنے

    پرویز مشرف کی بیماری کا معاملہ بنا لیکن ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی میں ٹھن گئی، پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کی تنقید کی پُر زور مذمت کردی، قمر زمان کائرہ نے ایم کیو ایم سے وضاحت طلب کرلی۔

    غداری کیس کے ملزم پرویز مشرف کیا بیمار پڑے، سیاسی جماعتوں میں کھلبلی مچ گئی، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بیان مشرف کی پیشی پر بھی بازی لے گیا۔

    ایم کیوایم کی جانب سے سخت تنقید کی گئی تو پیپلز پارٹی نے مذمت کردی اور ساتھ ہی یہ بھی بتا دیا کہ آصف زرداری نے گیارہ سال جیل کی سختیاں بہادری سے برداشت کیں لیکن حاکم وقت کے سامنے سر نہیں جھکایا۔

    وہیں قمر زمان کائرہ نے ایم کیو ایم سے وضاحت مانگ لی ہے کہ ایم کیو ایم پرویز مشرف کے ساتھ ہے، یا بلاول اور آصف زرداری کے خلاف ہے یا کوئی پوائنٹ اسکورننگ کی جارہی ہے۔

    قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ڈکٹیٹر کو اس کے کئے کی سزا ملنی چاہیے۔ پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ کیس ایک آمر کیخلاف ہے، اس میں سیاسی جماعتوں کو آپس میں نہیں الجھنا چاہئے۔
       

  • سابق صدر پرویز مشرف کی حالت میں اب تک کوئی بہتری نہیں آسکی

    سابق صدر پرویز مشرف کی حالت میں اب تک کوئی بہتری نہیں آسکی

    سابق صدر پرویز مشرف نے پہلی رات راولپنڈی کے اے ایف آئی سی کے سی سی یو میں گزاری، حالت میں اب تک کوئی بہتری نہیں آسکی ہے۔

    گزشتہ روز غداری کیس میں پیشی کیلئے جاتے وقت سابق صدر پرویز مشرف کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی، جس کے باعث انہیں اے ایف آئی سی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، ذرائع کے مطابق گزشتہ رات سابق صدر نے بات کرنے کی کوشش کی تاہم وہ بات کرنے سے قاصر رہے، جس پر ڈاکٹروں نے انہیں بات کرنے سے منع کرتے ہوئے مکمل آرام تجویز کیا ہے۔

    ادویات کے زیراثر سابق صدر کی طبیعت میں بے چینی اور طلاطم تھا اور انکی حالت میں بہتری نہیں آئی، آج سابق صدر کے دوبارہ ٹیسٹ ،ای سی جی اور خون بھی ٹیسٹ کیا جائے گا، سینئرز ڈاکٹرز پر مشتمل سات رکنی بورڈ ان کی انجیو گرافی ہائی ٹافسی اور دیگر ٹیسٹ کی رپورٹ پر دوبارہ غور کریگا۔ واضح رہے کہ ہائی ٹافسی رپورٹ میں سابق صدر کے دل کی متعدد شریانیں بند ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ ،رپورٹس کے مطابق ان کی ادویات کی تبدیلی کیساتھ ملک یا بیرون ملک انکےعلاج پر بھی غور کررہا ہے، سابق صدر کی اے ایف آئی سی میں منتقلی کے باعث اسپتال میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
        
       

  • عدالت نے پرویز مشرف کو حاضری سے عارضی استثنیٰ دیدیا

    عدالت نے پرویز مشرف کو حاضری سے عارضی استثنیٰ دیدیا

    سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمہ کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے علالت کے باعث پرویز مشرف کو عدالت میں حاضری سے عارضی استثنیٰ دیدیا، وارنٹ گرفتاری کی درخواست بھی مسترد کردی، احمد رضا قصوری کا کہنا ہے کہ سیاسی لوگوں کے فیصلے سیاسی طریقے سے ہوتے ہیں۔

    سابق صدر پرویز مشرف نکلے تو عدالت جانے کیلئے تھے لیکن اسپتال پہنچ گئے، جمعرات کی صبح تقریباً گیارہ بجے سابق صدر پرویز مشرف سخت سیکیورٹی حصار میں اپنے فارم ہاؤس سے نکلے لیکن دل میں تکلیف کے باعث انھیں راستے سے ہی آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی راولپنڈی منتقل کردیا گیا۔

    سابق صدر پرویز مشرف کےخلاف غداری کے مقدمہ کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو بیماری کے باعث ایک دن حاضری  سے استثنیٰ دیدیا، خصوصی عدالت کے جسٹس فیصل عرب نے سابق صدر کی عدم پیشی پر وارنٹ گرفتاری کی استدعا مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ پیر کو صورتحال دیکھ کر فیصلہ دیا جائے گا۔

    پرویز مشرف کے وکلا میں شامل بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ عدالت نے حالات کو مدنظر رکھ کر فیصلہ دیا، بیرسٹر احمد رضا قصوری نے کہا کہ ان کی پرویز مشرف سے ملاقات نہیں ہوسکی لیکن سیاسی لوگوں کے فیصلے سیاسی طریقے سے ہوتے ہیں، عدالتوں سے نہیں، اس سے پہلے سابق صدر پرویز مشرف غداری کے مقدمہ میں خصوصی عدالت میں پیش نہ ہوئے توعدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

    جسٹس فیصل عرب نے قرار دیا کہ پرویز مشرف ہر صورت پیش ہوں بصورت دیگر ان کے وارنٹ جاری کئے جاسکتے ہیں لیکن دل کے عارضے کے باعث عدالت نے عبوری حکم جاری کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کو حاضری سے استثنیٰ دے دیا اور سماعت پیر تک ملتوی کردی۔
        

       

  • آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی سربراہی میں کور کمانڈر کانفرنس ہوئی، کانفرنس میں فوج کے پیشہ وارانہ امور اور ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں منعقد ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں جنوبی اور شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری کاروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس مین فوج کے پیشہ وارانہ امور اور ملک کی مجموعی سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس معمول کے مطابق ہر ماہ ہوتی ہے۔
      
     
       

  • بلدیاتی انتخابات:سندھ اورپنجاب میں تیاریاں سست روی کا شکار

    بلدیاتی انتخابات:سندھ اورپنجاب میں تیاریاں سست روی کا شکار

    سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کےلئےتیاریاں غیریقینی صورتحال کے سبب سست روی کا شکار ہوگئیں۔

    سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں صرف سولہ دن باقی رہ گئے ہیں، ہائی کورٹ کے حکم کے بعد تیاریاں سست روی کا شکار ہوگئیں، نامزدگی فارم جمع ہونے کے بعد کراچی مین کاغذات کی جانچ کا کام مکمل طورپر شروع نہ ہوسکا۔

    ذرائع کے مطابق ریٹرننگ افسران کو تاحال متعقلہ دستاویزات موصول نہیں ہوئیں، جس کے ذریعے کاغذات کی جانچ کی جاتی ہے، ضلع سینٹرل میں کاغذات کی جانچ کا کام ایک دن تاخیرکے بعد شروع ہوگیا۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق سندھ میں اسکروٹنی کا عمل پانچ جنوری تک مکمل کرنا ہے، جس کے بعد منظور یا مسترد کاغذات کے خلاف دائر اپیلوں پر فیصلے سنائے جائیں گئی۔

    تیرہ جنوری کو حتمی فہرست جاری کرنے کے بعد اٹھارہ جنوری کو بلدیاتی دنگل سجے گا، پنجاب میں بھی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کھٹائی میں پڑتا نظر آرہا ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب میں نئی حلقہ بندیوں کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول پر عمل در آمد ممکن نہیں ہے، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے انتخابات کے التواء کی درخواست دی گئی تو حلقہ بندیوں کے لئے درکار وقت کا جائزہ لیا جائے گا۔
       

  • غداری کیس:مشرف کے پیش نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ

    غداری کیس:مشرف کے پیش نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ

    غداری کیس میں خصوصی عدالت نے مشرف کی عدم پیشی سے متعلق فیصلہ چار بجے تک محفوظ کرلیا، پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے کہا کہ مشرف کو دل کی تکلیف کا بہانہ کیا گیا ہے، ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے جائیں۔

    غداری کیس میں پرویز مشرف پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے تیسری سماعت ہوئی، سابق صدر آج بھی پیش نہیں ہوئے، فرد جرم عائد ہوتے وقت ملزم کا عدالت میں حاضر ہونا لازمی ہوتا ہے۔

    مشرف کے وکیل شریف الدین پیرزدہ نے سماعت پیر تک ملتوی کرنے کی استدعا کی، عدالت نے مشرف کے پیش نہ ہونے پر ریمارکس دئیے کہ آج مشرف پیش نہیں ہوئے تو پھر قانون کے مطابق کاروائی ہوگی۔

    عدالت کا بیشتر وقت پراسیکویٹر اور مشرف کے وکلا کے درمیان تلخ کلامی میں گزرا، عدالت نے گیارہ بجے یہ ہدایت دیتے ہوئے سماعت آدھے گھنٹے کے لئے ملتوی کی کہ پرویز مشرف کو آج لازمی پیش کیا جائے۔

    مشرف کا قافلہ گھر سے پونے گیارہ بجے کے بعد نکلا تو قیاس کیا جارہا تھا کہ وہ عدالت جارہے ہیں لیکن قافلہ آرمی اسپتال راولپنڈی چلا گیا، اس دوران سماعت کا وقت دوبارہ شروع ہوگیا، عدالت نے پوچھا کہ پرویز مشرف کہاں ہیں۔

    ڈی آئی جی سیکیورٹی جان محمد نے عدالت کو بتایا کہ مشرف کو عدالت لایا جارہا تھا کہ ان کی راستے میں طبیعت خراب ہوگئی، انہیں عسکری ادارہ برائے امراض قلب منتقل کیا گیا ہے ، آج ان کی پیشی ممکن نہیں۔

    اس موقع پر پراسیکیوٹراکرم شیخ نے کہا کہ دل کی تکلیف کا بہانہ کیا گیا ہے، پرویزمشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے جائیں، تاہم عدالت نے عدم پیشی پر چار بجے تک فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت پیرتک ملتوی کردی۔
       

  • سابق صدر مشرف دل کی تکلیف کے باعث ملٹری اسپتال منتقل

    سابق صدر مشرف دل کی تکلیف کے باعث ملٹری اسپتال منتقل

    سابق صدر پرویزمشرف عارضہ قلب میں مبتلا ہوگئے، پرویزمشرف عدالت پیشی پر جانے کےلئے نکلے تو راستے میں دل کا دورہ پڑگیا، ای سی جی سمیت دیگر ٹیسٹ اور طبی معائنہ جاری ہے۔

    تقریبا پونے بارہ بجے کا وقت چک شہزاد سے ایک کارواں نکلا، سیکیورٹی قافلہ پرویز مشرف کو خصوصی عدالت کے سامنے پیش کرنے کے لئے لے جارہا تھا کہ سابق آرمی چیف کو دل کا دورہ پڑگیا، لمحے بھر میں گاڑیوں کا رخ آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی جانب ہوگیا۔

      اے ایف آئی سی میں سابق آرمی چیف کو ایمرجنسی میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا ای سی جی کیا گیا، ای سی جی رپورٹ کے ساتھ ہی خون کے نمونے اور دیگر ٹیسٹ لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں، اسپتال ذرائع کے مطابق پرویز مشرف کو ذہنی دباؤ کی وجہ سے دل کی تکلیف ہوئی۔

  • سابق صدر مشرف خصوصی عدالت میں پیشی کیلئے روانہ

    سابق صدر مشرف خصوصی عدالت میں پیشی کیلئے روانہ

    اسلام آباد میں سابق صدر پرویز مشرف غداری کیس میں خصوصی عدالت میں پیشی کیلئے خصوصی عدالت روانہ ہوگئے،  اطراف میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مشرف کی رہائش گاہ سے عدالت تک سرچنگ بھی کی۔

    سابق صدر پرویز مشرف کی خصوصی عدالت میں پیشی کے لئے سخت ترین سیکیورٹی کا انتظام کیا گیا، مشرف کی رہائش گاہ سے خصوصی عدالت تک رینجرز اور پولیس کے پندرہ سو اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

    گزرگاہ کے اطراف میں واقع مقامات عمارات کی سیکیورٹی کو بھی سخت کردیا گیا ہے، پولیس اور رینجرز اہلکاروں کے ساتھ بی ڈی ایس کا عملہ بھی موجود ہے۔

    مشرف فارم ہاؤس کے قریب سے گزشتہ روز ملنے والے بارودی مواد کی ایف آئی آر ایکسپلوسیر ایکٹ کے تحت تھانہ شہزاد ٹاؤن میں درج کرلی گئی، اس سے قبل بھی چوبیس دسمبر کو بھی پانچ کلو گرام بارودی مواد، ڈیٹونیٹر اور اسلحہ برآمد ہوا تھا۔

    اب تک سابق صدر پرویز مشرف کے گھر کے پاس سے بارودی مواد سے بھری ایک مشتبہ گاڑی جب کہ تین مرتبہ سڑک کے اطراف سے باورودی مواد برآمد ہوچکا ہے۔
           

  • پرویزمشرف کےخلاف غداری کیس کی تیسری سماعت شروع

    پرویزمشرف کےخلاف غداری کیس کی تیسری سماعت شروع

    پرویزمشرف کے خلاف غداری کیس کی تیسری سماعت شروع ہوئی تو معاملہ پھر وہی تھا، پرویز مشرف کو پیش کیا جائے، وکلا کا اصرار تھا سیکورٹی خدشات شدید ہیں، اس کت ساتھ ہی سابق صدر کے وکلاء نے خود کو ملنے والوں دھمکیوں کا معاملہ بھی اُٹھایا۔

    پرویز مشرف کے وکیل نے بتایا کہ ان کی کار پرحملہ کیا گیا، دھمکیاں دی گئیں، جاسوسی بھی کی جارہی ہے، رات ایک بجے سے صبح پانچ بجے تک گھر کی گھنٹی بجائی جاتی رہی، رات بھر نہیں سو سکا، ان حالات میں دلائل نہیں دے سکتے، مشرف کو نہ بلایا جائے۔

    جس پر جسٹس فیصل عرب نے کہا ہم آپ کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم جاری کرتے ہیں، مشرف کی حاضری یقینی بنائیں، اسکے بعد ریلیف دیدیا جائیگا، دوران سماعت پرویز مشرف اور حکومتی وکلاء کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

    سابق صدر کے وکیل ابراہیم ستی نے بتایا کہ اکرم شیخ نے کہا میرا نشانہ قصوری نہیں پیر زادہ ہوگا، جس پراکرم شیخ نے کہا انھوں نے دھمکی نہیں دی بلکہ درخواست کی تھی کہ ایک دوسرے کی ذات پر حملے نہیں کیے جائیں۔

    ایک موقع پر مشرف کے وکیلوں نے عدالتی کاروائی کا بائیکاٹ کردیا، تاہم بعد میں وہ عدالت میں واپس آگئے، وکلاء کے آپس میں بات کرنے پر پابندی لگاتے ہوئے جسٹس فیصل عرب نے کہا آپس میں بات کی گئی تو اسے عدالتی کاروائی میں مداخلت سمجھا جائیگا۔

  • فاٹا میں قیام امن کی کوششیں جاری رکھیں گے ، چوہدری نثار علی خان

    فاٹا میں قیام امن کی کوششیں جاری رکھیں گے ، چوہدری نثار علی خان

    وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاہے کہ فاٹا کے عوام امن چاہتے ہیں اور وفاقی حکومت فاٹا میں امن و امان کے لئے اپنی کوشیش جاری رکھے گی۔

    اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت طالبان کے ساتھ مذاکرات سے مسئلے کا حل نکالنا چاہتی ہے۔

    چودھری نثار کا کہنا تھاکہ کچھ طالبان مذاکرات عمل کے حق میں نہیں ، حکومت کی کوشش ہے کہ اس ذہنیت کو تبدیل کیاجائے ، وفاقی وزیر داخلہ سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات میں دیگر اہم ملکی امور پر بھی بات چیت کی گئی ۔