Tag: پاکستان-نیوز

  • پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

    پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

    الیکشن کمیشن نے پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا، جس کے تحت کوئی منتخب نمائندہ یا سرکاری اہلکار الیکشن پر اثر انداز نہیں ہوسکتا ہے۔

    پنجاب بھر میں تیس جنوری دو ہزار چودہ کو ہونے والے انتخابات کا ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے، جس کے تحت بلدیاتی انتخابات کی مہم کے دوران ترقیاتی منصوبوں کےاعلان پر پابندی ہوگی، اس کے علاوہ انتخابی حلقوں میں وزیراعظم، وزیراعلٰی کے علاوہ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی، صوبائی، وفاقی وزرا کے دورے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔

    الیکشن کمیشن نے مختلف بلدیاتی امیدواروں کے لئے انتخابی مہم کے اخراجات کی حد بھی مقرر کردی ہے، میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر کے امیدوارانتخابی مہم پر دو لاکھ روپے خرچ کرسکیں گے، یونین کونسل کے چیرمین اور وائس چیرمین انتخابی مہم پر ایک لاکھ روپے خرچ کرسکیں گے۔

    ڈسٹرکٹ کونسل کے چیرمین اور وائس چیرمین کے امیدوار کی انتخابی مہم کے لئے پچاس ہزار روپے اخراجات کی حد مقرر کی گئی ہے، اس کے علاوہ یونین کونسل کے جنرل کونسلرز تیس ہزار روپے تک انتخابی مہم پر خرچ کرسکیں گے اور یونین کونسل، ڈسٹرکٹ کونسل، میونسپل کارپوریشن اورمیٹروپولیٹن کارپوریشن کی مخصوص نشستوں کے امیدوار زیادہ سے زیادہ بیس ہزار روپے خرچ کرسکیں گے۔

  • ججزکیس :مشرف کی سیکیورٹی پر وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب

    ججزکیس :مشرف کی سیکیورٹی پر وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب

    اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ججز نظر بندی کیس میں وزارت داخلہ کو پرویز مشرف کی سکیورٹی سے متعلق مفصل رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

    ججز نظر بندی کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج عتیق الرحمٰن نے کی، دوران سماعت پرویز مشرف کی سکیورٹی کے حوالے سے رپورٹ جمع کروائی گئی۔

    عدالت نے رپورٹ پر آئی جی اسلام آباد کے دستخط نہ ہونے پر رپورٹ دوبارہ جمع کروانے کی ہدایت کر دی جبکہ پرویز مشرف کے ضامن کو بھی طلب کرلیا۔

    ضامن نے عدالت کو بتایا کہ پرویز مشرف کو سکیورٹی دینا حکومت کا کام ہے، سیکیورٹی دے دی گئی تو پرویز مشرف عدالت میں پیش ہو جائیں گے، عدالت نے سکیورٹی کے حوالے سے سیکرٹری داخلہ کو طلب کرلیا ہے۔

    جس پر وزارت داخلہ کی جانب سے طارق لودھی پیش ہوئے اور استدعا کی کہ انھیں رپورٹ جمع کروانے کیلئے مہلت دی جائے، جس پرعدالت نے نو جنوری تک رپورٹ جمع کروانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

  • نیٹوسپلائی نہ کھلنے پرامداد روک دی جائے گی،امریکی دھمکی

    نیٹوسپلائی نہ کھلنے پرامداد روک دی جائے گی،امریکی دھمکی

    امریکا نے اپنی فوج کے لیے سال دو ہزار چودہ کے مجوزہ بجٹ میں کہا ہےکہ طورخم کے راستے نیٹو سپلائی نہ کھلنے پر پاکستان کودہشت گردی کے خلاف ملنے والی امداد روک دی جائے گی۔

    امریکا نے طورخم کے راستے نیٹو سپلائی نہ کھلنے پر پاکستان کی امداد روکنے کی دھمکی دے دی، دوہزار چودہ کے بجٹ میں پاکستان کو امداد نیٹو سپلائی کی بحالی سے مشروط کر دی گئی ہے۔

    ایوان نمائندگان نے دفاعی بجٹ تجاویز کی منظوری دے دی ہے، اب سینیٹ سے منظوری لی جائے گی، مشروط امداد کے تحت کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر دفاع سے فوجی سامان کی محفوظ ترسیل کی ضمانت کے بغیر رقم جاری نہیں کی جائے۔

    امریکا کے دفاعی بجٹ میں پاکستان کو امداد میں ایک سال توسیع کی تجویز ہے مگر مجموعی مالیت کم کر دی گئی ہے، فوجی بجٹ میں پاکستان کو امداد کیلئے نئی شرائط بھی رکھی گئی ہیں، اب القاعدہ، تحریک طالبان پاکستان اور حقانی نیٹ ورک اور کوئٹہ شوریٰ طالبان کے خلاف کاروائی پر کانگریس کا اطمینان ضروری ہوگا۔

    کانگریس کو یہ یقین بھی دلانا ہوگا کہ پاکستانی سرحد کے اندر امریکی یا افغان فوج پر ہونے والے حملوں کو روکنے کے لیے اسلام آباد مؤثر قدم اٹھا رہا ہے، ساتھ ہی امریکی فوجی امداد کے درست استعمال کے شواہد بھی پیش کرنا ہوں گے۔

  • الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کا خط میڈیا کو جاری کردیا

    الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کا خط میڈیا کو جاری کردیا

    الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کا خط میڈیا کو جاری کردیا، ساتھ ہی یہ بھی کہا  کہ انگوٹھوں کی تصدیق ہمارا کام نہیں۔

    وزیر داخلہ نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن کو نادرا کا کنٹرول سنبھالنے کے لئے خط نہیں لکھا اس پر الیکشن کمیشن نے پہلے تو اس خط کی نقل میڈیا کو جاری کی پھر اپنے جواب میں بھی نادرا کا کنٹرول سنبھالنے سے انکار کر دیا۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انگوٹھوں کی تصدیق کرنا الیکشن کمیشن کا کام نہیں ہے نہ اسے یہ اختیار ہے کہ وہ کسی ادارے کا کنٹرول سنبھالے، وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو نادرا کا کنٹرول سنبھال کر انگوٹھوں کی تصدیق کی ہدایت کی تھی۔
       

  • لاپتہ افراد کیس میں آئی جی ایف سی سے رپورٹ طلب

    لاپتہ افراد کیس میں آئی جی ایف سی سے رپورٹ طلب

    سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کیس میں قائم مقام آئی جی ایف سی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

    سپریم کورٹ میں بلوچستان بدامنی اور لاپتہ افراد کی سماعت پر قائم مقام آئی جی ایف سی عدالت میں پیش ہوئے، قائم مقام آئی جی ایف سے نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ ان کے پاس دس افراد تھے، جن میں سے تین کی شناخت ہوچکی ہیں، جونام یہاں دیئے گئے ہیں ان میں سے کوئی بھی ایف سی کی تحویل میں نہیں ہیں۔

    سپریم کورٹ نے چھبیس دسمبر کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی، دوران سماعت صدر بلوچستان ہائیکورٹ بار نے کہا کہ صوبے میں چھبیس ڈاکٹرز اغوا کئے گئے اور سب نے تاوان دے کر رہائی پائی، پولیس حکام نے جواب میں بتایا کہ سول اسپتال اور نجی کلینکس کو سیکیورٹی فراہم کردی ہے، اس کے علاوہ ذاتی سیکیورٹی کیلئے اگر ڈاکٹرز درخواست دیں گے تو انھیں فوری اسلحہ لائسنس فراہم کیا جائے گا۔
        

       

  • امن کیلئے بھیک مانگنے پر یقین نہیں رکھتا، پرویز مشرف

    امن کیلئے بھیک مانگنے پر یقین نہیں رکھتا، پرویز مشرف

    اے آر وائی نیوز کے اینکر مبشر لقمان کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں سابق صدر پرویز مشرف نےکہا ہےکہ پاکستان سے بھاگوں گا نہیں، مقدمات لڑکر ختم کرنا چاہتا ہوں تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے، ضمانت پر رہائی کے بعد پرویز مشرف کا پہلا انٹرویو۔

    اے آر وائی نیوز کے اینکر مبشر لقمان کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں پرویز مشرف کا قریبی ساتھیوں کے ساتھ چھوڑ جانے کے حوالے سے کہنا تھا کہ زندگی میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں، آئندہ بھی اگر موقع ملاتو وہ ہی کرونگا جو ملک کیلئے بہتر سمجھتا ہوں۔

    نواز شریف سے اختلاف اپنی جگہ لیکن پاکستان سب سے پہلے ہے، طالبان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر سابق آرمی چیف نے کہا کہا امن کیلئے بھیک مانگنے پر یقین نہیں رکھتا، پرویز مشرف نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ اپنے خلاف دائر تمام مقدمات لڑکر ختم کروانا چاہتے ہیں، سابق صدر پاکستان نے انکشاف کیا کہ میڈیا کو آذاد کرنے کی اُس وقت کے نوے فیصد حکومتی عہدیداروں نے مخالفت کی لیکن میں نے پھر بھی میڈیا کو آذاد کرنے کا فیصلہ کیا۔

      پرویز مشرف دعوی کیاکہ پاکستان میں اصل جمہوریت ہم لیکر آئے، ضلعی حکومتوں کا نظام بناکر عوام کو بااختیار کیا، عورتوں اور اقلیتوں کو حقوق دیئے، ایک سوال پر اُن کا کہنا تھاکہ ایک بڑے چینل کے معروف اینکر نے کہا کہ آپ لال مسجد پر حملہ کیوں نہیں کررہے۔

    پرویز مشرف نے ماضی میں کئے گئے اپنے کئی متنازعہ فیصلوں کے حوالے سے کہا کہ جوکچھ کیا پاکستان اور عوام کیلئے کیا، ملک میں جاری دہشت گردی کے حوالے سے سابق آرمی چیف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ فرقہ وارانہ،،بلوچستان میں شورش اور طالبان کے حملے ان سب میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے اور اس کا مقابلہ پورے ملک کو مل کر کرنا ہوگا۔

  • پنجاب اورسندھ میں بلدیاتی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی کی چھپائی مکمل

    پنجاب اورسندھ میں بلدیاتی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی کی چھپائی مکمل

    پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن نے امیدواروں کے لئے کاغذات نامزدگی کی چھپائی اورتقسیم کا عمل مکمل کر لیا ہے، پنجاب میں امیدواروں کے لیے کاغذات نامزدگی کل سے دستیاب ہوں گے۔ صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے کاغزات نامزدگی کی پرنٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے ۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق۔پینل کیلئے بیلٹ پیپر کا رنگ سبزجبکہ ڈسٹرکٹ کونسل کے ووٹ کیلئے بیلٹ پیپر کارنگ آف وائٹ ہوگا۔ صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی میں دوسو اڑسٹھ یونین کمیٹیوں کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں کے علاوہ آزاد پینل بھی الیکشن میں حصہ لے سکیں گے۔

    سندھ میں کاغذات نامزدگی چوبیس دسمبر سےجاری کئے جائیں گے جو متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر کے دفاتر میں 26سے 29دسمبر تک جمع کرائے جاسکتے ہیں 31دسمبر کو انتخابی امیدواروں کے حوالے سے اعتراضات جمع کرائے جائیں گے۔

    کاغذات کی جانچ پڑتال یکم جنوری سے پانچ جنوری تک ہوگی اعتراضات کے خلاف اپیل 6اور 7جنوری کو داخل کی جاسکتیں ہیں ۔ جبکہ بارہ جنوری تک کاغذات وا پس لئے جاسکیں گے۔ جبکہ تیرہ جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے ۔
       

  • توہین عدالت کیس،آئی جی ایف سی ہرحال میں سپریم کورٹ طلب

    توہین عدالت کیس،آئی جی ایف سی ہرحال میں سپریم کورٹ طلب

    سپریم کورٹ کےحکم کے باوجود آئی جی ایف سی ایک بار پھر عدالت میں پیش نہیں ہوئے، چیف جسٹس نےاُنھیں ہرحال میں پیر کے روز پیش ہونےکا نوٹس جاری کردیا۔

    آئی جی ایف سی توہین عدالت کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں عدالتی بینچ کی، آئی جی ایف سی ایک بار پھر عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جس پر چیف جسٹس تصدق جیلانی نے کہا کہ آئی جی ایف سی کا عدالت میں پیش نہ ہونا افسوسناک ہے، انھیں پیشی کی واضح ہدایت دی گئی تھی۔

    چیف جسٹس نے آئی جی ایف سی کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ وہ پیر کے روز ہر حال میں پیش ہوں، دوسری جانب ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے قائم مقام آئی جی ایف سی کی تعیناتی کا نوٹیفکشن عدالت میں پیش کردیا، عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کو امن وامان کے حوالے سے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کردی۔

  • چیئرمین نادرا طارق ملک کی تقرری کیخلاف درخواست مسترد

    چیئرمین نادرا طارق ملک کی تقرری کیخلاف درخواست مسترد

    سپریم کورٹ نے چیئرمین نادرا طارق ملک کی تقرری کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی۔

    چئیرمین نادرا طارق ملک کی تقرری کے خلاف درخواست کی سماعت چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کی، سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل ایک سو چوراسی تین کے تحت دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ عدالت بنیادی حقوق کے اس آرٹیکل کے دائرہ اختیار سے تجاوز نہیں کرے گی۔

    درخواست گزار کاظم رضا ایڈووکیٹ سے مکالمے میں چیف جسٹس نے کہا کہ ایسی درخواستیں اس آرٹیکل کے تحت دائر کرنا آپ کے وقار کے منافی ہے، آپ چاہیں تو اس درخواست کو دوبارہ مناسب طریقے سے دائر کرسکتے ہیں۔

  • نادرا کو الیکشن کمیشن کے تحت دینےسے متعلق خط الیکشن کمیشن کوموصول

    نادرا کو الیکشن کمیشن کے تحت دینےسے متعلق خط الیکشن کمیشن کوموصول


    نادرا کو الیکشن کمیشن کے تحت دینے سے متعلق وزرات داخلہ کا خط الیکشن کمیشن کوموصول ہوگیا ہے۔

         الیکشن کمیشن نے خط ملنے کی تصدیق کردی ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن شیر افگن نے خط ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خط کا جائزہ لیا جارہا ہے، انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں بائیومیڑک سسٹم کے لئے پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے تجرباتی طور پر 4 پولنگ اسٹیشنز میں بائیومیٹرک نظام کی مشق کی جائے گی۔

     ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں مقناطیسی سیاہی استعمال کی گئی، تاہم کاونٹر فائل پر عام سیاہی استعمال کی گئی تھی، شیر افگن نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات میں معیاری عام سیاسی استعمال کی جائے گی اور اس سیاہی کی منظوری بھی پی سی ایس آئی آر اور نادرا کی مشاورت سے دی گئی ہے، اس سے انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کی جاسکتی ہے