Tag: پاکستان-نیوز

  • عباسی شہید اسپتال کے تمام شعبے بند، مشینیں خراب

    عباسی شہید اسپتال کے تمام شعبے بند، مشینیں خراب

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے دوسرے بڑے اسپتال عباسی شہید کے حالات بدترین ہوگئے، تمام شعبے بند اور غیر فعال ہیں، وہاں آنے والے مریض دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کراچی کے دوسرے بڑے اسپتال عباسی شہید کا حال برا ہے، اسپتال کے تمام شعبے بند پڑے ہیں۔

    اسپتال میں لاکھوں روپے مالیت کی ایکسرے مشین اور سی ٹی اسکین سے لے کر تمام مشینری خراب پڑی ہے، ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو جناح اسپتال اور سول اسپتال بھیج دیا جاتا ہے۔

    اسپتال کے باہر پریشان حال کھڑے مریضوں کا کہنا تھا کہ وہ سرکاری اسپتال میں مفت علاج کروانے آئے ہیں لیکن یہاں ادویات ہی نہیں، ہزاروں روپے کی ادویات باہر سے خریدنے کے لیے کہا جاتا ہے۔

    علاوہ ازیں لیبارٹریز بھی غیر فعال ہیں جس کی وجہ سے مہنگے ٹیسٹ کہیں اور سے کروانے کے لیے کہا جاتا ہے۔

    گزشتہ روز گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اسپتال کا دورہ کیا اور اسپتال کی حالت کو بہتر بنانے کا وعدہ کیا تاہم مریضوں کا کہنا ہے کہ اس قسم کے وعدے پہلے بھی صاحبان اقتدار کی جانب سے کیے جاتے رہے ہیں لیکن اسپتال کی حالت میں تاحال کوئی بہتری نہیں آئی۔

  • بلوچستان میں سیلاب زدہ علاقوں کے لیے 100 ملین ڈالر منظور

    بلوچستان میں سیلاب زدہ علاقوں کے لیے 100 ملین ڈالر منظور

    کوئٹہ: عالمی بینک کی جانب سے صوبہ بلوچستان کو 100 ملین ڈالر قرض دینے کی پیشکش کی گئی ہے جو سیلاب زدہ علاقوں میں زراعت، روزگار اور گھروں کی بحالی پر خرچ کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں ورلڈ بینک کی جانب سے بلوچستان کو آسان شرائط پر 100 ملین ڈالر قرض دینے کی پیشکش کی گئی۔

    مذکورہ قرض کی پیشکش صوبے میں سیلاب زدہ علاقوں میں زراعت، روزگار اور گھروں کی بحالی کے لیے کی گئی۔

    عالمی بینک نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ عالمی بینک نے بحالی اور تعمیر نو کے لیے معاونت کی یقین دہانی کروائی۔

    ملاقات میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس وسائل محدود جبکہ تباہی لا محدود ہے، پہلے دن طے کیا تھا قرض بھی لینا پڑا تو گریز نہیں کریں گے مگر ہاتھ نہیں پھیلائیں گے۔

  • کم آمدنی والے افراد اسمارٹ فون خرید سکیں گے، وزارت آئی ٹی کا بڑا اقدام

    کم آمدنی والے افراد اسمارٹ فون خرید سکیں گے، وزارت آئی ٹی کا بڑا اقدام

    اسلام آباد: ملک میں کم آمدنی والے افراد کو موبائل فون فراہم کرنے کے لیے آسان اقساط پر اسمارٹ فون فراہم کرنے کی اسکیم شروع کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن سید امین الحق نے عوام کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے اسمارٹ فون فار آل کے تحت کم آمدنی والے افراد کے لیے آسان اقساط پر موبائل فونز اسکیم کا اجرا کردیا۔

    اسکیم عالمی ادارے جی ایس ایم اے کے تعاون سے مقامی کمپنی قسط پے کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔

    اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امین الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسکیم کے تحت 20 سے 30 فیصد ادائیگی پر کوئی بھی فرد موبائل حاصل کر سکے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اسکیم کا مقصد عام آدمی تک فون پہنچانا اور چھوٹے کاروباری افراد کو ای کامرس کی جانب لانا ہے۔

    امین الحق کا کہنا تھا کہ کسی ضمانت یا طویل کاغذی کارروائی کے تحت صرف شناختی کارڈ پر موبائل کا حصول یقینی بنا رہے ہیں، ابتدائی طور پر 10 ہزار سے 1 لاکھ روپے مالیت کے فون 3 سے 12 ماہ کی اقساط میں دیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ موبائل میں جدید سافٹ ویئر ہوگا، عدم ادائیگی پر فون لاک ہوجائے گا اور کہیں استعمال نہیں ہوسکے گا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں کنیکٹوٹی سہولیات کے لیے 65 سے 70 ارب روپے سے زائد کے پروجیکٹس ہیں، کنیکٹوٹی کے ساتھ اسمارٹ فونز کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے مذکورہ اسکیم کا اجرا کیا گیا ہے۔

  • آرمی چیف جنرل قمرباجوہ آج  یومِ دفاع کی تقریب سے خطاب کریں گے

    آرمی چیف جنرل قمرباجوہ آج یومِ دفاع کی تقریب سے خطاب کریں گے

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمرباجوہ آج یوم دفاع کی تقریب سے خطاب کریں گے ، یوم دفاع کی تقریب سیلاب کے باعث ملتوی کی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سیلاب کےباعث ملتوی ہونے والی یوم دفاع کی تقریب آج ہوگی، تقریب میں آرمی چیف جنرل قمرباجوہ خطاب کریں گے۔

    تقریب آرمی آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی، جس میں 6 ستمبر 1965 کو مادر وطن کے دفاع میں عظیم قربانیاں دینے والے شہداء اور فاتحین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے فوجی افسران اور دیگر شریک ہوں گے۔

    یاد رہے ہر سال یوم دفاع و شہدا کی یاد میں مرکزی تقریب 6 ستمبر کو منعقد کی جاتی ہے لیکن اس سال ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب کی وجہ سے ہونے والی مون سون بارشوں کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

    خیال رہے آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کے الوداعی دورے جاری ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ گیریژن کے دورے کے موقع پر آرمی چیف نے یادگارشہداء پرحاضری دی اور پھول چڑھائے۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسران اور جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے سیلابی صورتحال کے دوران صوبائی حکومت کی مدد اور امدادی کاموں پر ان کے کردار کو سراہا۔

    اس کے علاوہ آرمی چیف نے صوبے میں امن و استحکام کیلئے کوئٹہ کور کی کوششوں کی تعریف کی، انہوں نے شیخ محمد بن زید النہیان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کوئٹہ کا بھی افتتاح کیا۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں متحدہ عرب امارات کے تعاون سے قائم 120 بستروں کی پہلی کارڈیک سہولت ہے، یہ کارڈیک انسٹی ٹیوٹ کوئٹہ میں بلوچستان کی آبادی کی ہر ممکن خدمت کرے گا۔

  • ملک بھر میں کرونا وائرس کیسز کا سلسلہ جاری

    ملک بھر میں کرونا وائرس کیسز کا سلسلہ جاری

    اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے نئے رپورٹ کیسز کی تعداد 27 رہی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 630 ہے۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 27 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 74 ہزار 965 ہوگئی۔

    ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 43 ہزار 564 ہوچکی ہے۔

    این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 6 ہزار 666 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 3 کروڑ 91 لاکھ 5 ہزار 127 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.41 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 40 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

    ویکسی نیشن کی صورتحال

    ملک میں اب تک 13 کروڑ 95 لاکھ 99 ہزار 826 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 13 کروڑ 22 لاکھ 8 ہزار 520 افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔

  • لاہور سے لندن تک بائیک پر سفر کرنے والا شخص

    لاہور سے لندن تک بائیک پر سفر کرنے والا شخص

    لاہور: سیاحت کا جنون رکھنے والے پاکستانی شہری ذوالفقار علی نے 27 روز میں بائیک پر لاہور سے لندن تک کا سفر طے کر ڈالا۔

    صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے رہائشی ذوالفقار علی نے جو برطانوی شہریت بھی رکھتے ہیں، عام سی بائیک پر لاہور سے لندن تک کا سفر کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہوتے ہوئے بھی وہ بائیک پر شمالی علاقہ جات کا سفر کرچکے ہیں، اب کی بار انہوں نے لندن کا سفر کیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ بلوچستان سے نکل کر ایران اور پھر آذر بائیجان گئے وہاں کئی روز گزارے، اس کے بعد ترکی، بلغاریہ اور رومانیہ سے ہوتے ہوئے لندن پہنچے۔

    ذوالفقار علی کا کہنا تھا کہ جاتے ہوئے انہیں 27 دن کا وقت لگا جبکہ واپس لاہور آنے میں صرف 14 دن لگے۔

    انہوں نے بتایا کہ چونکہ وہ برطانوی شہریت بھی رکھتے ہیں لہٰذا ان کے برطانوی پاسپورٹ پر ہر جگہ کا ویزا انہیں نہایت آسانی سے مل گیا۔

  • لاہور میں 30 سال پرانی انڈہ چنے کی دکان

    لاہور میں 30 سال پرانی انڈہ چنے کی دکان

    لاہور : زندہ دلان لاہور کی صبح غذائیت سے بھرپور ناشتے سے نہ ہو ایسا ہو نہیں سکتا اس کے لیے وہ کوئی سمجھوتہ بھی نہیں کرتے۔

    ان کی اسی خوش خوراکی کی وجہ سے لاہور میں مختلف پکوانوں کی دکانوں کا کاروبار دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کرتا ہے، ان میں سے ایک دکان انڈہ چنے فروخت کرنے والے کی بھی ہے۔

    لاہور کے علاقے چاہ میراں میں ایک قدیم دکان پر گزشتہ 30 سال سے مزیدار انڈہ چنے کی ڈش تیار جا رہی ہے جہاں صبح صبح لوگ جوق درجوق ناشتہ کرنے آتے ہیں۔

     لاہور میں انڈہ چنے کی یہ قدیم دکان  لاہوریوں کی پسندیدہ جگہ ہے جس کے بارے میں وہ کہتے ہیں کہ اس دکان میں ملنے والے انڈے چنے کی ڈش گزشتہ 30 سال سے  ذائقہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔ اسی لیے اس دکان پر لوگ قطاروں میں لگ کر ناشتہ کرتے ہیں۔

    دکان کی بالائی منزل پر چنے پکائے جاتے ہیں جو پکنے کے بعد 12 فٹ لمبے اور 4 انچ چوڑے پائپ کے ذریعے نچلی منزل پر دیگچے میں آتے ہیں اور وہیں سے گاہکوں کو ان میز یا پیک کرکے پیش کیے جاتے ہیں۔

    اہلیان لاہور کا کہنا ہے کہ معیاری مصالحوں کی بدولت اس ڈش کا ذائقہ نہایت منفرد ہے۔ اس حوالے سے دکان مالک کا کہنا ہے کہ انہوں نے جب دکان شروع کی تب روزانہ 3 کلو چنے فروخت ہوتے تھے، اب یہ مقدار 250 کلو تک جا پہنچی ہے اور اتوار کے روز مزید بڑھ کر 500 کلو ہوجاتی ہے۔

  • سیلاب متاثرہ بچوں کے لیے خصوصی افسران تعینات ہوں گے

    سیلاب متاثرہ بچوں کے لیے خصوصی افسران تعینات ہوں گے

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں بتایا گیا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچوں کے انسانی حقوق سے متعلق 4 کیسز سامنے آئے، سندھ سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی گئی ہے کہ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کے افسران تعینات کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں رکن کمیٹی جواد اللہ نے کہا کہ ابھی تک چائلڈ رائٹس کمیٹی کو نوٹیفائیڈ نہیں کیا گیا، اسپیکر صوبائی اسمبلی ابھی معاملے پر توجہ نہیں دے رہے۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچوں کے انسانی حقوق سے متعلق 4 کیسز سامنے آئے، سندھ سوشل ویلفیئر کو ہائیکورٹ نے احکامات جاری کیے کہ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کے افسران تعینات کیے جائیں۔

    رکن کمیٹی کا کہنا تھا کہ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے، سب کچھ مکمل ہوگیا، افسوس ہے کہ ہمارا بجٹ صرف 22 ملین روپے ہے۔

    رکن کمیٹی کے مطابق اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں کا اختیار ہے کہ قوانین میں ترمیم کی جا سکے، صوبوں کی سطح پر کوئی ایسی کمیٹی نہیں جو قانون سازی پر عملدر آمد پر کام کر سکے۔

  • امریکا کا پاکستان کے ساتھ سبز اتحاد برقرار رکھنے کا عزم

    امریکا کا پاکستان کے ساتھ سبز اتحاد برقرار رکھنے کا عزم

    کراچی: امریکا نے پاکستان کے ساتھ سبز اتحاد برقرار رکھنے کا عزم کیا ہے، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کراچی کا دورہ کر کے اس عزم کا اعادہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم 2 روزہ دورے پر کراچی آئے ہیں، انھوں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔

    امریکی سفیرڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ سبز اتحاد برقرار رکھنے کے لیے ہم پر عزم ہیں، امریکا اور پاکستان کی حکومتوں کی جانب سے پائیدار اور وسیع البنیاد معاشی ترقی کے لیے کئی طرح سے مشترکہ کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا امریکا سمجھتا ہے کہ سبز اتحاد پاکستان میں نجی شعبہ جات اور ماحول دوست ذراعت کی ترقی و ترویج کے لیے کوشاں ہے، امریکا ایک لحاظ سے باہمی تجارت کے حوالے سے پاکستان کا سب سے بڑا شراکت دار ہے۔

    ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ امریکا ان ممالک کی فہرست میں سب سے اوپر ہے، جن کی پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے خدمات غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں۔

    امریکی سفیر نے کہا گزشتہ برسوں میں امریکا کی جانب سے پاکستان میں 50 فی صد سے زیادہ سرمایہ کاری کی گئی۔

  • مچھر کالونی میں ہجوم کے ہاتھوں 2 افراد کی ہلاکت: علاقے میں پولیس سروس 15 موجود نہیں

    مچھر کالونی میں ہجوم کے ہاتھوں 2 افراد کی ہلاکت: علاقے میں پولیس سروس 15 موجود نہیں

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ٹیلی کام کمپنی کے 2 ملازمین کی ہلاکت کے معاملے پر فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں پولیس سروس 15 کی سہولت دستیاب نہیں تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں ٹیلی کام کمپنی کے 2 ملازمین کی ہلاکت کے معاملے پر محکمہ انسانی حقوق کی تشکیل کردہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے رپورٹ پیش کردی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں پولیس سروس 15 کی سہولت دستیاب نہیں، مچھر کالونی کرائم منشیات اور ڈرگ مافیا کا گڑھ ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ہجوم کی ہینڈلنگ کے بارے میں پولیس کو تربیت دی جانی چاہیئے، جھوٹی افواہ پھیلانے والوں کے خلاف تحقیقات اور ایکشن لیا جائے، ادارے عوام میں افواہوں کی تصدیق کرنے کے متعلق آگاہی پھیلائیں۔

    رپورٹ میں دی گئی سفارشات میں کہا گیا کہ تمام ملزمان کی گرفتاری، شفاف ٹرائل اور سخت سزاؤں کو یقینی بنایا جائے، ملازمین حفاظتی تدابیر کےحوالے سے تربیت یافتہ ہونے چاہئیں۔