Tag: پاکستان-نیوز

  • بہو کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو عدالت نے سزا سنا دی

    بہو کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو عدالت نے سزا سنا دی

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بہو کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے شخص کو 10 سال قید اور 1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں عدالت نے زیادتی کے ملزم کو جرم ثابت ہونے پر سزا سنا دی۔

    مجرم میر زمان کے خلاف بہو نے 9 فروری 2020 میں مقدمہ درج کروایا تھا۔

    عدالت نے میر زمان کو 10 سال قید اور 1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے، جرمانے کی عدم ادائیگی پر مجرم کو مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے قائد آباد میں 7 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کا واقعہ پیش آیا ہے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے 4 مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا۔

    بچی کے والد کا کہنا ہے کہ بچی کی لاش ایک خالی پلاٹ سے برآمد ہوئی تھی، اسپتال منتقل کیے جانے کے بعد اس سے زیادتی کی تصدیق ہوئی۔

    قائد آباد پولیس نے رات گئے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا، سرچ آپریشن کے دوران 4 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

  • ملک بھر میں کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری

    ملک بھر میں کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری

    اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے نئے رپورٹ کیسز کی تعداد 42 رہی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 630 ہے۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 42 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 74 ہزار 825 ہوگئی۔

    ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 43 ہزار 410 ہوچکی ہے۔

    این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 6 ہزار 54 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 3 کروڑ 9 لاکھ 61 ہزار 533 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.69 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 47 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

    ویکسی نیشن کی صورتحال

    ملک میں اب تک 13 کروڑ 95 لاکھ 84 ہزار 810 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 13 کروڑ 21 لاکھ 69 ہزار 217 افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔

  • سندھ کے سرکاری اسکولوں میں میوزک ٹیچرز کی بھرتی جلد ہوگی

    سندھ کے سرکاری اسکولوں میں میوزک ٹیچرز کی بھرتی جلد ہوگی

    کراچی: سندھ کے سرکاری اسکولوں میں میوزک ٹیچرز کی باضابطہ بھرتیوں کا عمل جلد شروع کردیا جائے گا، میوزک ٹیچرز تعلیمی اداروں میں نعت، حمد، اذان اور موسیقی سکھائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے سرکاری اسکولوں میں میوزک ٹیچرز کی باضابطہ بھرتیوں کا عمل جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    میوزک ٹیچر کو بی ایس 14 میں بھرتی کیا جائے گا، میوزک ٹیچر کے لیے میٹرک تک کی تعلیم اور موسیقی کے سرٹیفکیٹس لازمی قرار دیے گئے ہیں۔

    میوزک ٹیچر کے لیے نیشنل میوزک اکیڈمی اور سندھ انسٹی ٹیوٹ میوزک آرٹ کا سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، ٹیچر کو ہارمونیم، میوزیکل کی بورڈ اور پیانو بجانا آنا چاہیئے۔

    وزیر تعلیم سندھ کے مطابق میوزک ٹیچرز تعلیمی اداروں میں نعت، حمد، اذان اور موسیقی سکھائیں گے۔

  • ورلڈ بینک سندھ میں سیلاب سے تباہ ہونے والے مکانات تعمیر کروائے گا

    ورلڈ بینک سندھ میں سیلاب سے تباہ ہونے والے مکانات تعمیر کروائے گا

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سیلاب کے بعد صوبے میں گھروں کی تعمیر کے لیے سروے جاری ہے، تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کردیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ورلڈ بینک کے وفد کی ملاقات ہوئی، وفد کی سربراہی ریجنل ڈائریکٹر نے کی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک نے کسانوں کو بیج دینے کے لیے 100 ملین ڈالر مختص کیے ہیں، ساڑھے 12 ایکڑ زمین رکھنے والے چھوٹے کاشت کاروں کو زیادہ رقم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک نے 25 ایکڑ تک کے کاشتکاروں کو 5 ہزار فی ایکڑ بیج دینے کا وعدہ کیا ہے، محکمے چھوٹے کاشت کاروں سمیت کسانوں کی کل زمین کا ڈیٹا تشکیل دے رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں گھروں کی تعمیر کے لیے سروے شروع کردیا گیا ہے، سروے مکمل ہوتے ہی عالمی بینک سے ڈیٹا شیئر کیا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ گھروں کی تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے گا، ورلڈ بینک نے گھروں کی تعمیر کے لیے 110 ارب روپے دینے کا وعدہ کیا ہے، کراچی میں بھی متاثرہ سڑکوں کی مرمت اور تعمیر نو کا کام تیزی سے جاری ہے۔

  • ملک بھر میں کرونا وائرس کیسز میں کمی

    ملک بھر میں کرونا وائرس کیسز میں کمی

    اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے نئے رپورٹ کیسز کی تعداد 25 رہی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 630 ہے۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 25 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 74 ہزار 825 ہوگئی۔

    ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 43 ہزار 410 ہوچکی ہے۔

    این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 9 ہزار 103 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 3 کروڑ 9 لاکھ 61 ہزار 533 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.27 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 51 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

    ویکسی نیشن کی صورتحال

    ملک میں اب تک 13 کروڑ 95 لاکھ 84 ہزار 810 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 13 کروڑ 21 لاکھ 69 ہزار 217 افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔

  • مضر صحت ایئرکوالٹی : دنیا کے آلودہ ترین ممالک میں پاکستان تیسرے نمبر پر آگیا

    مضر صحت ایئرکوالٹی : دنیا کے آلودہ ترین ممالک میں پاکستان تیسرے نمبر پر آگیا

    اسلام آباد : دنیا کے آلودہ ترین ممالک میں پاکستان تیسرے نمبر پر آگیا جبکہ دو بڑے شہر پہلے دس آلودہ ترین شہروں میں شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کے تمام ممالک میں ایئر کوالٹی کو مانیٹر کرنے والی ویب سائٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مضر صحت ایئر کولٹی کے اعتبار سے دنیا میں پاکستان کا تیسرا نمبر ہے۔

    ایئر کوالٹی انڈیکس میں کہا گیا ہے کہ لاہور کا فضائی معیار بھی مضر صحت ہے اور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور تیسرے نمبر پر آگیا ، جہاں ایئرکوالٹی انڈیکس 205 ریکارڈ کی گئی۔

    انڈیکس کے مطابق کراچی کا فضائی معیار بھی انتہائی مضر صحت ہےاور 191 ایئر کوالٹی انڈیکس کیساتھ کراچی آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چوتھے نمبرپر آگیا۔

    154 سے200 درجے تک آلودگی مضر صحت ہے، 201 سے 300درجے تک آلودگی انتہائی مضر صحت ہے جبکہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کوظاہر کرتا ہے۔

    کراچی چوتھے نمبر پر انتہائی ناقص سے غیر صحت بخش رینج میں ہے۔

    دوسری جانب محکمہ تحفظ ماحول نے لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹے کی ایئرکوالٹی کے اعدادو شمار جاری کردیئے۔

    ترجمان محکمہ تحفظ ماحول نے بتایا کہ ٹاؤن ہال،مال روڈپرائیرکوالٹی انڈیکس115 ، ٹاؤن شپ میں ائیرکوالٹی انڈیکس96 اور کرول گھاٹی میں اے کیوآئی 249 ریکارڈ کیا گیا۔

  • قرض معاملات طے :  سعودی عرب  کا  پاکستان کو 38 کروڑ 20 لاکھ ڈالر دینے کا فیصلہ

    قرض معاملات طے : سعودی عرب کا پاکستان کو 38 کروڑ 20 لاکھ ڈالر دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد : پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قرض معاملات طے پاگئے، سعودی عرب چار منصوبوں کیلئے پاکستان کو 38 کروڑبیس لاکھ ڈالرفراہم کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک سعودی عرب اقتصادی تعلقات کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ، پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان قرض معاملات طے پا گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی فنڈز کیلئے ٹیکس چھوٹ کی سعودی شرط پوری کی جائے، سعودی عرب نے 4 منصوبوں کیلئے پاکستان کو38  کروڑ20  لاکھ ڈالرز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سعودی عرب نے فنڈز فراہمی کو ٹیکس چھوٹ سے مشروط کیا ہے، حکومت سعودی فنڈز کو ٹیکس چھوٹ دینے کیلئے ضروری اقدامات کررہی ہے۔

    حکومتی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب جلد معاہدوں پر دستخط کریں گے، سعودی ولی عہد کے متوقع دورہ پاکستان میں معاہدوں پر دستخط کا پلان ہے۔

  • قتل کیس میں سزائے موت پانے والا ملزم 6 سال بعد بری

    قتل کیس میں سزائے موت پانے والا ملزم 6 سال بعد بری

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ہائیکورٹ نے قتل کیس میں سزائے موت پانے والے ملزم کو 6 سال بعد بری کردیا، عدالت نے ملزم کی اپیل پر فیصلہ دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے قتل کیس میں سزائے موت پانے والے ملزم کو 6 سال بعد بری کردیا۔

    ملزم کی اپیل پر سماعت جسٹس شہرام سرور کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کی۔

    ملزم پر سنہ 2006 میں جائیداد کے تنازعے پر شہری کو قتل کرنے کا الزام تھا، ملزم کے خلاف تھانہ فیصل آباد پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کیا۔

    اپیل کی سماعت کرتے ہوئے ہائیکورٹ نے ملزم محمد عامر کو گواہوں کے بیانات میں تضاد کی بنیاد پر بری کیا۔

    خیال رہے اس سے قبل سندھ ہائیکورٹ نے پولیس کے تشدد سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کے ورثا کو 32 سال بعد انصاف فراہم کیا تھا۔

    سنہ 1990 میں حراست میں لیے جانے والے نوجوان پر پولیس کی تحویل میں بدترین تشدد کیا گیا تھا، واقعے کی جوڈیشل انکوائری میں پولیس اہلکاروں کو ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔

  • پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بات چیت مزید تاخیر کا شکار

    پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بات چیت مزید تاخیر کا شکار

    اسلام آباد: پاکستان اور انٹرنیشل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان بات چیت مزید تاخیر کا شکار ہوگئی، وزیر مملکت برائے خزانہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف معیشت میں ٹیکسوں کا حصہ بڑھانے کا مطالبہ کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انٹرنیشل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان بات چیت مزید تاخیر کا شکار ہوگئی، آئی ایم ایف کے ساتھ 21 نومبر تک بھی مذاکرات شروع نہ ہونے کا خدشہ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات نومبر کے آخر تک تاخیر کا شکار ہو سکتے ہیں۔

    اس حوالے سے وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت تاخیر کا شکار ہے، بات چیت اکتوبر میں ہونا تھی۔

    وزیر مملکت کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف معیشت میں ٹیکسوں کا حصہ بڑھانے کا مطالبہ کر رہا ہے، آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ ٹیکسوں کا حصہ 9 سے بڑھا کر 11 فیصد کردیا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے پاکستان کی 2 فیصد معیشت تباہ ہوئی، سیلاب کی وجہ سے آئی ایم ایف سے چھوٹ لینا چاہتے ہیں۔

  • پختونخواہ میں سینکڑوں اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف

    پختونخواہ میں سینکڑوں اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں سینکڑوں پرائمری، مڈل اور ہائی اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ڈائریکٹر محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ محکمے نے کئی بند اسکولوں کو فعال بنایا اور درجنوں نئے اسکولز قائم کیے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ میں 306 پرائمری، مڈل اور ہائی اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    ڈائریکٹر محکمہ تعلیم حافظ ابراہیم کے جاری کردہ دستاویزات کے مطابق صوبے میں 275 پرائمری، 27 مڈل اور 4 ہائی اسکولز کو فعال نہیں کیا جاسکا۔

    ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی 3 پرائمری اسکولز بند ہیں۔

    حافظ ابراہیم کے مطابق محکمہ تعلیم نے کئی بند اسکولوں کو فعال بنایا اور ان کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، محکمہ تعلیم نے گزشتہ چند سال کے دوران درجنوں نئے اسکولز قائم کیے۔