Tag: pak steel

  • پاکستان اسٹیل کوتیس سال کیلئے لیزپردینے کی منظوری

    پاکستان اسٹیل کوتیس سال کیلئے لیزپردینے کی منظوری

    اسلام آباد : نجکاری کمیشن نے پاکستان اسٹیل کو تیس سال کیلئے لیز پر دینے کی منظوری دے دی۔ کئی ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کیلئے وی آر ایف اسکیم لائی جائے گی۔ اُو جی ڈی سی ایل کے پانچ فیصد شئیرز اور ایس ایم ای بینک بھی فروخت کرنے کا فیصلہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نجکاری بورڈ کے چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا، نجکاری بورڈ نے پاکستان اسٹیل ملز کو لیز پر دینے اور انشورنس کمپنی کی نجکاری کی منظوری دے دی ہے۔

    اجلاس کے فیصلوں کی حتمی منظوری کابینہ کی نجکاری کمیٹی آئندہ ہفتے دے گی۔ نجکاری کمیشن بورڈ نے پاکستان اسٹیل ملز کو 30 سال کیلئے لیز پر دینے کی منظوری دے دی ہے۔ اُو جی ڈی سی ایل کے5 فیصد شئیرز اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے جبکہ اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائیزز بینک کو بھی فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    چئیرمین نجکاری کمیشن محمد زبیرکی زیرصدارت ہونے والےاجلاس کے فیصلوں کی حتمی منظوری کابینہ کی نجکاری کمیٹی آئندہ ہفتےدے گی۔

    ذرائع کےمطابق اسٹیل ملز کے اثاثوں پر حکومت کا اختیار برقرار رہیگا، نئی انتظامیہ اِن کو فروخت نہیں کرسکےگی۔ صرف مشینری ہینڈ اُوور کی جائیگی تاہم کئی ہزار ملازمین کو فارغ کرنےکیلئے وی آر ایف اسکیم لائی جائے گی۔

  • وزیر مملکت برائے پارلیمانی اُمور کا پاکستان اسٹیل کا دورہ

    وزیر مملکت برائے پارلیمانی اُمور کا پاکستان اسٹیل کا دورہ

    اسلام آباد: وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل کے مسائل اور معاملات کے بارے میں وزیراعظم کو آگاہ کروں گا تاکہ پاکستان اسٹیل دوبارہ ایک منافع بخش ادارہ بنایا جا سکے۔

    وزیر مملکت برائے پارلیمانی اُمور شیخ آفتاب احمد نے پاکستان اسٹیل کے دورے کے موقع پر کہا کہ پاکستان اسٹیل کی ترقی سے ملک کی انجینئرنگ کی صنعتوں کے فروغ اور ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گا۔

     چیف ایگزیکٹو آفیسر ظہیر احمد خان نے وزیر مملکت کو پاکستان اسٹیل کی موجودہ صورتحال اور کارکردگی سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ ا نتظامیہ پاکستان اسٹیل کے کارخانوں کی مرمت کر کے 40-45 فیصد پیداوار حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

    حکومت کے مالیاتی پیکیج کی بدولت اپریل میں پاکستان اسٹیل 77 فیصد پیداوار حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا۔

     انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل 100 کی فیصد پیداوار حاصل کرنے اور ملازمین کی 3 مہینے کی تنخواہیں ،یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی کے لے حکومت سے مزید13 ارب روپے کی مدد مانگی ہے ۔

  • پاکستان اسٹیل کی پیداوار چھتیس فیصد تک پہنچ گئی

    پاکستان اسٹیل کی پیداوار چھتیس فیصد تک پہنچ گئی

    کراچی: پاکستان اسٹیل کی پیداوار چھتیس فیصد تک پہنچ گئی۔بلاسٹ فرنس کی مرمت کے بعد اسٹیل ملز کی پیداوار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

    پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل ظہیر احمد خان نے پاکستان اسٹیل کے سینئر افسران سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیل ملزکے کارخانوں سے 36 فیصد پیداوار حاصل کی گئی۔

    ان کا کہنا تھا ملازمین کی تنخواہیں بھی اگلے ہفتے جاری ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ بلاسٹ فرنس نمبر1-اور اسٹیل میکنگ ڈیپارٹمنٹ کے کنورٹر کی ضروری مرمت کا کام مکمل کرلیاہے۔

    انہوں نے بتایا کہ بلاسٹ فرنس نمبر2-اور ایس ایم ڈی کا دوسرا کنورٹر بھی رواں ماہ کے دوران کام شروع کر دے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل کے اسٹاک میں خام لوہے اور کوئلے کے وافر مقدار میں ذخائر موجود ہیں۔اور آ ئندہ ہفتے 2 مزید بحری جہاز خام مال لیکر پاکستان اسٹیل کی جیٹی پر لنگر انداز ہوں گے

  • حکومت کا پاکستان اسٹیل کو نجی شعبےکےحوالےکرنےکا فیصلہ

    حکومت کا پاکستان اسٹیل کو نجی شعبےکےحوالےکرنےکا فیصلہ

    کراچی: وفاقی حکومت نےپاکستان اسٹیل کو نجی شعبےکےحوالےکرنےکافیصلہ کرلیا،نجکاری کمیشن نےمالیاتی مشیرکےتقرر کیلئے درخواستیں طلب کرلیں۔

    نجکاری کمیشن نےمالیاتی مشیر کیلئے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ اٹھائیس نومبر رکھی ہے،وفاقی حکومت کا دعوی ہےکہ پاکستان اسٹیل کی فروخت سےملنے والی رقم قرضوں کی ادائیگی اور غربت کے خاتمےکیلئے استعمال کی جائیگی۔

    نجکاری کمیشن کےمطابق اسٹیل ملزکےپاس تنخواہوں کی ادائیگی اور خام مال خریدنےکےبھی پیسےنہیں ہیں جبکہ ادارےکا مالی خسارہ سو ارب روپےسےتجاوزکرگیا ہے،پاکستان اسٹیل کی بحالی اور بیل آوٹ پیکج کےنام پر پیپلز پارٹی اور نوازحکومت کے موجودہ دور میں اب تک پچاس ارب روپے ادارےکو دیئےجاچکےہیں۔

  • پاکستان اسٹیل کے پلانٹ میں فنی خرابی کو دور کردیا گیا

    پاکستان اسٹیل کے پلانٹ میں فنی خرابی کو دور کردیا گیا

    کراچی: پاکستان اسٹیل ملز کا بلاسٹ فرنس چند روز قبل فنی خرابی کی وجہ سے بند ہو گیا تھا۔ جسے پاکستان اسٹیل کے انجنیئرز نےبہت کم وقت میں ٹھیک کر دیا،ترجمان اسٹیل ملز نے بتایا کہ کنورٹر کی بھی مرمت کر دی گئی ہے۔

    حکومت کی جانب سے اب تک تیرہ ار ب پچاس کروڑ روپے کے بیل آؤٹ پیکیج سے تنخواہیں اور بجلی، گیس کے بل اور دوسرے اسٹورز کی خریداری پر خرچ کئے گئے۔

    اس کے علاوہ ایک لاکھ ٹن سے زائد خام لوہا،دو لاکھ بیس ہزار ٹن کوئلہ پہنچ چکا ہے۔مزید پچپن ہزار ٹن کوئلہ اورپچپن ہزار ٹن خام لوہا نومبرمیں کراچی پہنچ جائے گا۔

  • کے الیکٹرک سے پاک اسٹیل کو خطرہ ہے،سی ای او ظہیراحمد خان

    کے الیکٹرک سے پاک اسٹیل کو خطرہ ہے،سی ای او ظہیراحمد خان

     کراچی :پاکستان اسٹیل ملز کےسی ای او میجرجنرل ریٹائرڈ ظہیراحمد خان نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کسی کی بات نہیں سنتی۔گھارو پمپنگ اسٹیشن پربجلی کی بندش سے پاکستان اسٹیل کو خطرہ ہے۔

    کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں میجر جنرل ریٹائرڈ ظہیر احمد خان کا کہنا تھا کہ گھارو پمپنگ اسٹیشن پر فروری سے اب تک 44 مرتبہ ٹرپنگ ہوئی ہے ، جس سے پانی کا ذخیرہ 110 ملین گیلن سے کم ہوکر 25 ملین گیلن رہ گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی کی وجہ سے رواں ماہ 20 فیصد پیداواری ہدف حاصل کرنا مشکل ہوگیا ہے ،

    انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے پانی کے ریزروائیر کا لیول پندرہ گیلن کی کم ترین سطح پر آگیا ہے،جس کی وجہ سے اسٹیل ٹاؤن اور گلشن حدید کو پانی کی فراہمی بند ہوچکی ہے ، ظہیر احمد خان نے کہا کہ بجلی کی بندش اور پانی کی قلت سے اسٹیل ملز کے کچھ پلانٹس کو بند کیا گیا ہے اور اس وقت صرف دو پلانٹس کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارت پیدوار حکومت سندھ اور گورنر سندھ پانی اور بجلی کے مسلے کو حل کریں