Tag: pak to australia

  • کراچی : پی آئی اے کی آسٹریلیا جانے والی پہلی  پرواز مؤخر

    کراچی : پی آئی اے کی آسٹریلیا جانے والی پہلی پرواز مؤخر

    کراچی : پی آئی اے حکام نے پاکستان سے براہ راست جانے والی پی آئی اے کی پہلی پرواز کو روک لیا ہے، جس کی وجہ سیکیورٹی صورتحال بتایا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پہلی ڈائریکٹ پرواز آسٹریلوی سول ایوایشن کی اجازت سے22 اپریل کو لاہور سے سڈنی روانہ ہونا تھی۔

    تاہم آخری وقت میں آسٹریلوی وزارت داخلہ کی جانب سے لاہور اور کراچی ائیرپورٹ کی سیکیورٹی صورتحال کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ بعد ازاں آسٹریلوی وزارت داخلہ کی جانب سے پی آئی اے کو پرواز مؤخر کرنے کی ہدایات دی گئیں۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے جائزہ مکمل ہونے تک اپنی پہلی دو پروازیں مؤخر کررہا ہے ۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ پاکستانی سیکیورٹی صورتحال اور ائیرپورٹس کے نظام کا ازسرنو جائزہ لینے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ اور پاکستانی سفارت خانہ آسٹریلوی حکام سے مکمل رابطہ میں ہے اور مکمل تعاون فراہم کررہا ہے۔ پہلی دو پروازوں کے مسافروں کو کال سینٹر کے ذریعے سے مطلع کیا جارہا ہے۔

  • پی آئی اے : پاکستان سے براہ راست آسٹریلیا پروازوں کا اعلان

    پی آئی اے : پاکستان سے براہ راست آسٹریلیا پروازوں کا اعلان

    کراچی : قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی جانب سے آسٹریلیا کیلئے براہ راست پروازیں چلانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، پروازوں کا باقاعدہ آغاز جلد کیا جائے گا۔

    پاکستان سے براہ راست آسٹریلیا جا نے والے مسافروں کیلئے اچھی خبر آگئی، پی آئی اے نے آسٹریلیا کے لئے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے مارچ کے آخری ہفتے میں کراچی اور لاہور سے آسٹریلیا کے لئے پروازیں آپریٹ کرے گا۔

    پی آئی اے کراچی اور لاہور سے ہفتہ وار دو پروازوں کیلئے بوئنگ777لانگ رینج طیارے استعمال ہوں گے۔

    ترجمان پی آئی اے نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ادارے نے آسٹریلیا ایوی ایشن اتھارٹی سے طیاروں کی لینڈنگ کی اجازت کیلئے درخواست جمع کرادی ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ آسٹریلین ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے اجازت ملتے ہی پی آئی اے اپنا آپریشن باقاعدہ شروع کردے گی۔

    واضح رہے کہ پی آئی اے نے آسٹریلیا کے علاوہ مالدیپ اور ہانگ کانگ کے لیے بھی پاکستان سے براہ راست پروازوں کی منصوبہ بندی پر کام تیز کردیا ہے۔

    اس سلسلے میں گزشتہ ماہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک نے کہا تھا کہ استنبول اور بنکاک کے لیے بھی دوبارہ براہ راست فضائی آپریشن شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ، امریکا اور یورپی ملکوں کے لیے براہ راست پروازیں بحالی کے لیے یورپی، برطانوی اور امریکی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے بات چیت جاری ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایاسا نے یورپی ملکوں کے لیے پروازیں چلانے کے لیے آڈٹ کا کہا ہے، آڈٹ کلیئر ہوتے ہی پروازیں بحال ہو جائیں گی۔