Tag: PAK vs AUS

  • پاک آسٹریلیا پہلا ٹی 20 آج برسبین میں کھیلا جائے گا

    پاک آسٹریلیا پہلا ٹی 20 آج برسبین میں کھیلا جائے گا

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز آج سے برسبین میں ہوگا، میچ سے قبل شائقین کرکٹ کے لئے ایک بری خبر بھی ہے۔

    آسٹریلوی محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر ایک بجے بارش کا امکان ہے، جس کے باعث برسبین میں پاکستان اور آسٹریلیا کا ٹی ٹوئنٹی میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    پاکستان کی جانب سے محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان ٹیم کی قیادت کرنے والے 12 ویں کپتان ہونگے۔

    رضوان کا کہنا ہے کہ تیاری اچھی ہے، فائنل الیون سے متعلق وہی فیصلہ کیا جائے گا جو بہتر ہوگا۔

    جوش انگلس سیریز میں آسٹریلیا کی قیادت کریں گے، آسٹریلیا کو مچل اسٹارک، جوش ہیز ل ووڈ، مستقل کپتان مچل مارش اور اوپنر ٹریوس ہیڈ کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن بھر بارش ہوسکتی ہے، جبکہ ہلکی ہوا چلنے کا بھی امکان ہے جبکہ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوجائے گا۔

    دوسری جانب پاکستان نے آسٹریلیا کو اسی کی سر زمین پر ون ڈے سیریز میں شکست دینے کے ساتھ ایک اور بڑا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔

    پاکستان نے آسٹریلیا کو اسی کی سر زمین پر تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز میں دو، ایک سے شکست دے کر کینگروز کے دیس میں 22 سال بعد یہ کارنامہ انجام دیا۔ اس کے ساتھ ہی گرین شرٹس آسٹریلیا میں ایشیا کی سب سے کامیاب کرکٹ ٹیم بن گئی ہے۔

    اس سے قبل وقار یونس کی قیادت میں گرین شرٹس نے آسٹریلیا کو 2002 میں ون ڈے سیریز میں شکست دی تھی۔

    سیریز میں اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے بعد دنیائے کرکٹ کی تیسری ٹیم بن گئی ہے جس نے کینگروز کو اسی کی سر زمین پر دو طرفہ ون ڈے سیریز میں دوسری بار شکست دی ہے۔

    چیمپئنز ٹرافی: محسن نقوی ڈٹ جائیں تو پاکستان کی جیت ہوگی، باسط علی

    اس کے ساتھ ہی پاکستان خطہ ایشیا کی پہلی ایسی ٹیم بن گئی ہے جس نے کرکٹ کی سپر پاور کو دو بار اسی کی سر زمین پر زیر کرنے کی ہمت کی ہے۔

  • دوسرا ٹیسٹ: تماشائیوں کی طرف سے آسٹریلوی کھلاڑیوں کو بریانی کی دعوت

    دوسرا ٹیسٹ: تماشائیوں کی طرف سے آسٹریلوی کھلاڑیوں کو بریانی کی دعوت

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ جاری ہے جس کے دوران تماشائی نہایت دلچسپ اور رنگا رنگ پوسٹرز پکڑے دکھائی دیے۔

    24 سال بعد پاکستان کی سرزمین پر آسٹریلوی ٹیم کرکٹ سیریز کھیلنے اتری تو کھیل سے محبت کرنے والوں کی خوشی دیدنی تھی اور اس خوشی کا اندازہ تماشائیوں کے ہاتھوں میں موجود پوسٹرز سے لگایا جاسکتا ہے۔

    آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان کھیلی جانے والی سیریز نہ صرف پاکستانی بلکہ غیر ملکی کرکٹ فنیز بھی انجوائے کررہے ہیں۔

    ایسے ہی ایک کرکٹ فین کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ایک پوسٹر ہاتھوں میں اٹھائے نظر آئے۔ ہاتھوں میں پکڑے پوسٹر پر کراچی میں واقع محمد علی جناح کا مزاز بنایا گیا تھا اور اس پر لکھا تھا، امی، میں پاکستان منتقل ہورہا ہوں۔ برائے مہربانی کپڑے بھیج دیں۔

    کراچی میں شائقین کرکٹ نہ صرف آسٹریلوی کرکٹرز کو اچھی کرکٹ کھیلنے پر داد دے رہے ہیں بلکہ انہیں کھانوں کی دعوتیں بھی دے رہے ہیں اور ان سے فرمائشیں بھی کررہے ہیں۔

    اسٹیڈیم میں بیٹھی ایک خاتون کے پوسٹر پر لکھا تھا، ہائے اسٹیو (سمتھ) ڈنر پر آجائیں میری والدہ عمدہ بریانی بناتی ہیں۔

    انہی کے برابر میں ایک بچہ پوسٹر پکڑے کھڑا تھا جس پر لکھا تھا کہ وہ اسٹیو اسمتھ، مارنس لابوشین اور پیٹ کمنز کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اگلے ایڈیشن میں کراچی کنگز کی طرف سے کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔

    لاہور قلندرز کے کپتان اور پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا فین کلب کراچی میں بھی دیگر کھلاڑیوں کے پرستاروں پر بھاری رہا، اسٹیڈیم میں جگہ جگہ تماشائی ان کے نام کے پوسٹرز تھامے نظر آئے۔ ایک پوسٹر پر لکھا تھا کہ آسٹریلوی کھلاڑی شاہین آفریدی کو کھیل ہی نہیں سکتے۔

    واضح رہے یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹیسٹ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

  • ویمنز ورلڈ کپ 2022: آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    ویمنز ورلڈ کپ 2022: آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2022 میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، پاکستانی ٹیم نے اب تک ایونٹ میں اپنے 2 میچز کھیلے اور دونوں میں شکست کھائی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2022 میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، آسٹریلیا نے 191 رنز کا ہدف 35 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

    آسٹریلیا کی ایلسا ہیلی 72، لیننگ 35 اور ہائینز 34 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

    پاکستان نے پہلے کھیل کر 6 وکٹ پر 190 رنز بنائے، کپتان بسمہ معروف نے 78 اور عالیہ ریاض نے 53 رنز بنائے۔

    خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ 2022 میں اب تک 2 میچز کھیل چکی ہے اور دونوں میں اسے شکست ہوئی ہے، اپنا پہلا میچ پاکستان نے روایتی حریف بھارت سے کھیلا تھا جس میں اسے 107 رنز سے شکست ہوئی۔

    قومی ویمنز ٹیم 245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 137 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کوئی بھی کھلاڑی لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہی۔

    قومی ٹیم اب اپنا اگلا میچ 11 مارچ بروز جمعہ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔

  • پاکستان آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز: میچ کا ٹکٹ کتنے کا ہوگا ؟

    پاکستان آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز: میچ کا ٹکٹ کتنے کا ہوگا ؟

    لاہور: شائقین کرکٹ کے لئے اچھی خبر ہے کہ آسٹریلیا سے ہوم ٹیسٹ سیریز کی ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تاریخی سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت آج سے ملک بھر میں شروع ہوگئی ہے۔

    جنرل انکلوژرزکےٹکٹ کی قیمت100روپے، فرسٹ کلاس ٹکٹ200اورپریمیئم انکلوژرز کی ٹکٹ350روپےمیں ملےگی جبکہ وی آئی پی انکلوژرز کےٹکٹ کی قیمت500روپےرکھی گئی ہے۔

    پی سی بی کے مطابق سیریز کی ٹکٹیں بک می کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہیں ، اس کے علاوہ ایم اینڈ پی کوریئر کے آؤٹ لیٹس پر بھی ٹکٹیں دستیاب ہوں گی، تمام ٹکٹ ہولڈرز کے لیے ضروری ہے کہ وہ اسٹیڈیم میں داخلے کے وقت اپنا شناختی کارڈ اور مکمل ویکسینیشن سرٹیفیکٹ اپنے ہمراہ رکھیں۔

    پی سی بی کے مطابق پہلے مرحلے میں پچاس فیصد ٹکٹیں فروخت کی جائیں گی، این سی او سی کی جانب سے تماشائیوں کی تعداد میں وضاحت کے بعد باقی ٹکٹیں فروخت کے لیے پیش کی جائیں گی۔

    پا کستان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ ٹک ٹاک پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کا آفیشل اسپانسر ہوگا ، ٹائٹل اسپانسر کی حیثیت سے ٹک ٹاک کرکٹ مداحوں کو اپنی ایپ پر خصوصی کرکٹ ویڈیوز بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔

    اس کے علاوہ پی سی بی اس سیریز کے آغاز سے قبل ٹک ٹاک پر اپنا آفیشل اکاؤنٹ بنائے گا، جہاں شائقین کرکٹ کے لیے خصوصی کنٹنٹ اپلوڈ کیا جائے گا۔

    سیریز کا پہلا ٹیسٹ چار سے آٹھ مارچ تک راولپنڈی، دوسرا بارہ سے سولہ مارچ تک کراچی اور تیسرا ٹیسٹ اکیس سے پچیس مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔

  • پاکستان سیمی فائنل کس لمحے ہارا؟ وقار یونس کی ماہرانہ رائے

    پاکستان سیمی فائنل کس لمحے ہارا؟ وقار یونس کی ماہرانہ رائے

    سابق کرکٹر وقار یونس کا کہنا ہے کہ سیمی فائنل میں کیچ چھوٹنے کے بعد بھی میچ کی بازی پلٹی جاسکتی تھی لیکن اس کے بعد ٹیم بدحواس ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق اے اسپورٹس کے پروگرام دی پویلین میں سابق کھلاڑی وقار یونس نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے سیمی فائنل میچ پر اپنی ماہرانہ رائے دی۔

    آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا سے 5 وکٹوں سے شکست کھائی، سابق کھلاڑی وقار یونس کا کہنا تھا کہ حسن علی کے ہاتھ سے جب کیچ گرا تو ٹیم بدحواس ہوگئی اور اس کے سوچنے سمجھنے کی صلاحیت ختم ہوگئی۔

    انہوں نے کہا کہ اس کے بعد بھی اگر حواس قابو میں رکھے جاتے تو میچ کی بازی پلٹی جاسکتی تھی۔

    وقار یونس کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کی مسلسل کوشش تھی کہ وکٹ لی جائے جس کے نتیجے میں اسے پے در پے چھکے کھانے پڑے۔

    انہوں نے کہا کہ پہلا چھکا لگنے کے بعد اگر میچ کی رفتار 2 سے 4 منٹ کے لیے سست کرلی جاتی تو ٹیم کو سوچنے کا موقع مل سکتا تھا، اور وہ پلان بی پر عمل کرسکتے تھے۔

    سابق کھلاڑی وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کے کیریئر کی ابھی شروعات ہے وہ اس میچ سے بہت کچھ سیکھ کر خود کو بہتر کرسکتا ہے، اور مستقبل میں ایک ذمے دار بولر کی صورت میں سامنے آسکتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح حسن علی بھی اچھا کھلاڑی ہے، یہ مینجمنٹ اور کوچز کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کی حوصلہ افزائی کریں اور اس کا اعتماد بحال کریں۔

  • تیسرا ون ڈے، کینگروز نے شاہینوں‌ کو 80 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی

    تیسرا ون ڈے، کینگروز نے شاہینوں‌ کو 80 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی

    ابوظبی: آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میچ میں 80 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، کپتان ایرون فنچ نے 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، امام الحق 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں کینگروز نے شاہینوں کو 80 رنز سے شکست دے دی، 267 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 186 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ایڈم زمپا نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

    پاکستان کے اوپننگ بلے باز امام الحق 46 رنز بنا کر نمایاں رہے، عماد وسیم نے 43 رنز کی اننگز کھیلی، عمر اکمل اور شعیب ملک بالترتیب 36 اور 32 رنز بناسکے۔

    آسٹریلیا کے لیگ اسپنر ایڈم زمپا نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاسٹ بولر پیٹ کمنز نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    قبل ازیں ابوظبی میں کھیلے جانے ولاے تیسرے ون ڈے میچ میں کینگروز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے اور گرین شرٹس کوجیت کے لیے 267 رنز کا ہدف دیا، ایرون فنچ 90 اور گلین میکسویل نے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی۔

    آسٹریلیا کی پہلی وکت صفر پر گری جب عثمان خواجہ بغیر کوئی رن بنائے شنواری کی گیند پر بولڈ ہوگئے، 20 رنز پر کینگروز کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا 14 رنز بنا کر شان مارش بھی پویلین لوٹ گئے۔

    ایرون فنچ اور ہینڈز کومب نے ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا، فنچ 90 اور ہینڈکومب 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اسٹونس کو 10 رنز پر عماد وسیم نے پویلین روانہ کیا۔

    گلین میکسویل نے شنواری کی گیند پر امام الحق کی جانب سے کیچ ڈراب ہونے کے بعد 71 رنز کی اننگز کھیلی، کیری 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری، عماد وسیم، یاسر شاہ، حارث سہیل اور جنید خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، محمد حسنین کافی مہنگے بولر ثابت ہوئے انہوں نے 5 اوورز میں 50 رنز دئیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔

    قبل ازیں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز ابو ظہبی میں کھیلی جارہی ہے، تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    قومی ٹیم کے کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ٹاس جیتتا تو میں بھی بیٹنگ کرتا، پاکستان کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ عثمان شنواری اور جنید خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ محمد حسنین ٹیلنٹڈ بالر ہیں، امید ہے حسنین فٹ رہے گا اور اچھی کارکردگی دکھائے گا۔

    دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں پیٹ کمنز اور جیسن بھنڈروف کو شامل کیا گیا ہے۔

    پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو 0-2 کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان ٹیم کا باؤلنگ اٹیک ابتدائی دونوں ون ڈے میچز میں بری طرح ناکام رہا، کینگروز نے دونوں میچ 8، 8 وکٹوں سے اپنے نام کیے۔

  • شارجہ ون ڈے، ایرون فنچ کی شاندار سنچری، پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست

    شارجہ ون ڈے، ایرون فنچ کی شاندار سنچری، پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست

    شارجہ: آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں کپتان ایرون فنچ کی شاندار سنچری کی بدولت 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی، فنچ شاندار کارکردگی پر مرد بحران قرار پائے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 281 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان کرلیا، ایرون فنچ 116 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، پانچ میچوں سیریز میں آسٹریلیا کو 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی۔

    آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 63 رنز پر گری جب عثمان خواجہ 24 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد فنچ اور شان مارش کے درمیان 172 رنز کی شراکت قائم ہوئی، فنچ 116 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

    شان مارش نے ناقابل شکست 91 رنز کی اننگز کھیلی، پاکستان کے محمد عباس اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

     شارجہ میں کھیلے جانے والے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 281 رنز کا ہدف دے دیا، عمر اکمل نے 49 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

    شعیب ملک نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 35 رنز پر گری جب امام الحق کرس لیون کی گیند پر آؤٹ ہوئے، ڈیبیو کرنے والے شان مسعود نے 40 رنز بنائے۔

    عمر اکمل 50 گیندوں پر 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہوں نے تین بلند و بالا چھکے لگائے، قائم مقام کپتان شعیب ملک 11 رنز بنا کر میکسویل کی گیند پر بولڈ ہوئے، فہیم اشرف 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    حارث سہیل نے کیریئر کی پہلی شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے ناقابل شکست 101 رنز بنائے، عماد وسیم نے جارحانہ 28 رنز کی اننگز کھیلی۔

    آسٹریلیا نے کولٹر نیل نے دو وکٹیں حاصل کیں، اسپنرز میکسویل اور کرس لیون کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

    پاکستان کی طرف سے محمد عباس اور شان مسعود پاکستان کی طرف سے ڈیبیو کیا۔ پاکستان کی ٹیم کپتان شعیب ملک، امام الحق، شان مسعود، عمراکمل، حارث سہیل، محمد رضوان، عماد وسیم، محمد عامر، فہیم اشرف، محمد عباس اور یاسر شاہ پر مشتمل ہے۔

    دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں کپتان ایرون فنچ، شان مارش، عثمان خواجہ، پیٹر ہینڈ سکومب، کین رچرڈسن، گلین میکسویل، جیسن بہرنڈوف، ایڈم زمپا اور نیتھن لیون شامل ہیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کا موقع ملے گا، کینگروز کے بعد انگلش ٹیم کے خلاف سیریز ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگی۔

    پاکستان ٹیم نے شارجہ کے میدان میں گزشتہ روز بھرپور پریکٹس بھی کی تھی، قومی ٹیم کی قیادت شعیب ملک کر رہے ہیں جبکہ سرفراز احمد کو آرام کی غرض سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

    اس سے قبل شعیب ملک کی قیادت میں 38 ایک روزہ میچز کھیلے گئے جس میں سے 25 میں وہ فتحیاب ہوئے جبکہ 13 میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس حساب سے ان کی فتح کا تناسب عمدہ ہے۔

  • ٹی ٹوینٹی :‌بابر اعظم اور محمد حفیظ کی پارٹنر شپ بہت اہم تھی، کپتان سرفراز احمد

    ٹی ٹوینٹی :‌بابر اعظم اور محمد حفیظ کی پارٹنر شپ بہت اہم تھی، کپتان سرفراز احمد

    ابوظہبی : پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ بابر اعظم اور محمد حفیظ کی پارٹنر شپ بہت اہم تھی، حسن علی کے آخری اوور میں رنز ٹرننگ پوائنٹ تھے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ابوظہبی میں جاری پاک آسٹریلیا ٹی ٹوینٹی میچ میں کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ عماد وسیم کا کم بیک ہمارے لیے بہت اچھا تھا۔

    بابر اعظم اور محمد حفیظ کی پارٹنر شپ بہت اہمیت کی حامل تھی، حسن علی کے آخری اوور میں رنز ٹرننگ پوائنٹ تھے۔

    ،مزید پڑھیں: پہلا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان کے ہاتھوں آسٹریلیا کوعبرتناک شکست

    واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے پہلےٹی ٹوینٹی میچ میں155رنزکا ہدف دے کر آسٹریلیا کو66رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1کی برتری حاصل کرلی۔

    اس سے قبل ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے جیت کےعزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کو ہی ترجیح دیتے۔

  • ابو ظہبی ٹیسٹ: پاکستان نے آسٹریلیا کو 373 رنز سے شکست دے دی

    ابو ظہبی ٹیسٹ: پاکستان نے آسٹریلیا کو 373 رنز سے شکست دے دی

    ابو ظہبی: پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 373 رنز سے شکست دے دی جس کے بعد پاکستان نے 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز 0-1 سے جیت لی۔

    تفصیلات کے مطابق ابو ظہبی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلوی ٹیم دوسری اننگز میں 164 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    آسٹریلیا کی جانب سے چوتھے روز ایرون فنچ اور ٹریوس ہیڈ نے نامکمل اننگز کا آغاز کیا، ٹیم کا مجموعی اسکور 71 رنز بنا تو ٹریویس ہیڈ 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    ایرون فنچ 31، شان مارش 5 اور کپتان ٹم پین بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    آسٹریلوی کھلاڑی مچل اسٹارک 27 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد پیٹرسڈل بھی صرف 3 رنز بنا کر چلتے بنے۔

    پاکستان کی جانب سے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے والے محمد عباس نے 4 وکٹیں جبکہ یاسر شاہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

    میچ جیتنے کے بعد پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ریکارڈ بھی بنا لیا۔ رنز کے اعتبار سے یہ پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف سب سے بڑی جیت ہے۔

    اس سے قبل پاکستان نے سنہ 2014 میں آسٹریلیا کو 356 رنز سے شکست دی تھی۔

    گزشتہ روز پاکستان نے ابو ظہبی ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے آخری سیشن میں دوسری اننگز 400 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 538 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں محمد عباس نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 جبکہ بلال آصف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ 2 میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت میچ ڈرا ہوگیا تھا۔

    میچ کے بعد شاندار بولنگ پر محمد عباس مین آف دی میچ قرار پائے۔ محمد عباس سیریز کے بھی بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

    انہوں نے کہا کہ محنت کر رہا ہوں، ون ڈے کے لیے بھی دستیاب ہوں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ محمد عباس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تمام کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا۔

    انہوں نے کہا کہ نئے لڑکوں کو بھرپور موقع فراہم کیا جا رہا ہے، محمد عباس کی بولنگ سے دونوں ٹیموں میں فرق ثابت ہوا۔

  • آسٹریلیا کا شان دار کم بیک، سنسنی خیز مقابلے کے بعد دبئی ٹیسٹ بے نتیجہ ختم

    آسٹریلیا کا شان دار کم بیک، سنسنی خیز مقابلے کے بعد دبئی ٹیسٹ بے نتیجہ ختم

    دبئی: پاکستان اور آسٹریلیا کا ٹیسٹ میچ  سنسنی خیز مقابلے کے بعد بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں جاری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے شان دار بیٹنگ کرتے ہوئے حیران کن کم بیک کیا۔

    پاکستان نےآسٹریلیاکوجیت کے لئے462 رنزکاہدف دیا تھا۔ آخری دن کے آغاز پر  پاکستان کو جیت کے لیے 7 وکٹیں، آسٹریلیا کو 326 رنز درکار تھے۔

    بہ ظاہر پاکستان کا پلڑا بھاری تھا، البتہ آسٹریلیا نے اعتماد سے بیٹنگ کی۔ عثمان خواجہ 141 رنزبناکرنمایاں رہے، آسٹریلوی کپتان ٹِم پین61 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔  دوسری اننگز میں یاسرشاہ نے چار، محمدعباس نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

    آخری دس اوورز میں پاکستان کو دو وکٹیں درکار تھیں، مگر آسٹریلوی بلے باز اعتماد سے بیٹنگ کرتے رہے۔  میچ کے اختتام پر آسٹریلیانے 8 وکٹوں پر 362رنزبنائے۔

    گذشتہ روز آسٹریلیا نے 462 رنز ہدف کے تعاقب کے لیے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے اچھی شراکت قائم کی آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 87 رنز پر گری جب ایرون فنچ 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شان مارش اور مچل مارش بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    عثمان خواجہ 50 اور ہیڈ 34 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کینگروز کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    قبل ازیں پاکستان نے دوسری اننگز 181 رنز پر ڈکلیئر کردی ہے اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 462 رنز کا ہدف دیا ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم پہلی اننگ میں حارث سہیل اور محمد حفیظ کی شاندار سنچری کی بدولت 482 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

    تیسرے روز آسٹریلیا کی ٹیم 202 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پاکستان نے کینگروز کو فالو آن نہ کروا کر خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 45 رنز پر تین وکٹیں گر گئیں، تیسرے روز کھیل کے اختتام پر قومی ٹیم نے 325 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

    یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں امام الحق، اظہر علی، محمد حفیظ، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، کپتان سرفراز احمد، بلال آصف، یاسر شاہ، وہاب ریاض، محمد عباس اور میر حمزہ بطور 12 ویں کھلاڑی شامل ہیں۔

    آسٹریلوی ٹیم میں 3 کھلاڑیوں نے ڈیبیو کیا جن میں ایرون فنچ، ٹریوس ہیڈ اور مارنس لیوسکا گنی شامل ہیں۔

    آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی ٹم پین کر رہے ہیں جبکہ شان مارش ان کے نائب کے فرائض انجام دیتے ہوئے دکھائی دیے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ایرون فنچ، عثمان خواجہ، مچل مارش، مارنس لیوسکاگنی، ٹریوس ہیڈ، مچل اسٹارک، نیتھن لیون پیٹرسڈل اور جان ہولینڈ شامل ہیں۔

    آسٹریلیا کی بال ٹیمپرنگ کے معاملے کے بعد یہ پہلی ٹیسٹ سیریز ہے اور اسے ٹیم کے لیے کرکٹ کے میدان میں اپنی کھوئی ہوئی ساخت واپس بحال کرنے کے لیے اہم میچ سمجھا جا رہا ہے۔