Tag: PAK vs AUS

  • بنگلادیش کو شکست: دفاعی چیمپیئن بھارت ورلڈ کپ کےسیمی فائنل میں پہنچ گیا

    بنگلادیش کو شکست: دفاعی چیمپیئن بھارت ورلڈ کپ کےسیمی فائنل میں پہنچ گیا

    میلبرن :دفاعی چیمپیئن بھارت نے کامیابی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے، کوارٹر فائنل میں بھارت نے بنگلہ دیش کو ایک سو نو رنز سے شکست دی۔

    میلبرن میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میچ کا ٹاس بھارت نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، دھون تیس رنزبناکر آؤٹ ہوئے، ڈینجر مین ویرات کوہلی کا جادو نہ چل سکا، وہ صرف تین رنز ہی بناسکے۔ رہانے انیس رنزبناکر پویلین لوٹ گئے۔

    ایک سو پندرہ رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد روہت شرما اور سریش رائنا وکٹ پر ڈٹ گئے، شرما ایک سو سینتیس اور رائنا نے پینسٹھ رنز اسکور کیے،بھارت نے جیت کیلئے تین سو تین رنز کا ہدف دیا۔

    حدف کے تعقب میں بنگال ٹائیگرز اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، پوری ٹیم ایک سو ترانوے رنز پر ڈھیر ہوگئی، امیش یادو نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، بھارت ایک سو نو رنز سے فاتح رہ کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

  • آسٹریلیا فیورٹ ہے لیکن فیورٹ ہمیشہ نہیں جیتے، مصباح الحق

    آسٹریلیا فیورٹ ہے لیکن فیورٹ ہمیشہ نہیں جیتے، مصباح الحق

    ایڈیلیڈ: پاکستان کرکٹ ٹیم کےکپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ وہ ورلڈ کپ جیتنے کیلئے آئے ہیں اور اس کے لئے آسٹریلیا سمیت سب کو ہرانا ہوگا۔

    ایڈیلیڈ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ آسٹریلیا فیورٹ ہے لیکن فیورٹ ہمیشہ نہیں جیتے، آسٹریلیا سے میچ اہم ہے، کوئی دباؤ نہیں، جیت کے لئے میدان میں اتریں گے۔

    مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان کی بولنگ اتنی مضبوط ہے کہ وہ کینگروز کو پچھاڑ سکتے ہیں۔

    دوسری جانب آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے پاکستان کو سخت حریف قرار دے دیا۔

      مائیکل کلارک کا کہنا ہے کہ پاکستان سے میچ فائنل سمجھ کر کھیلیں گے، بہترین کھیل پیش کرکے ہی سیمی فائنل میں پہنچا جاسکتا ہے، انکا مزید کہنا تھا کہ مائیکل کلارک نے کہا کہ دونوں ٹیموں کا پیس اٹیک مضبوط ہے، ایڈیلیڈ کے میدان میں اصل امتحان بولرز کا ہوگا۔

  • تیسرا کوارٹرفائنل :پاکستانی شاہین اور کینگروز کل ایڈیلیڈ میں مدِ مقابل

    تیسرا کوارٹرفائنل :پاکستانی شاہین اور کینگروز کل ایڈیلیڈ میں مدِ مقابل

    ایڈیلیڈ : پاکستانی شاہین اور کینگروز کے درمیان تیسرا کوارٹرفائنل کل ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

    بانوے کے چیمپیئن اور چار مرتبہ کے ورلڈ چیمپیئن عالمی کپ میں آٹھ بار ٹکرا چکے ہے، چار میں فتح نے شاہینوں کے قدم چومے اور چار میں آسٹریلین ٹیم فتح یاب رہی۔

    پہلے عالمی کپ میں آصف اقبال کی قیادت میں پاکستان کو تہتر رنز سے شکست ہوئی، انیس سو اناسی میں آصف اقبال ہی کی قیادت میں پاکستان نے آسٹریلیا کو نواسی رنز سے دھول چٹاکر کینگروز سے بدلا لیا۔

    انیس سو ستاسی کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست کر فائنل کھیلا اور پہلی بار چیمپیئن بنا۔

    انیس سو بانوے میں عمران خان کی قیادت میں حیران کن طور پراسٹار کھلاڑیوں سے لیس ایلن باڈر کی ٹیم کو شکست دی، انیس سو نناوے کے ورلڈ کپ میں شاہین اور کینگروز دومرتبہ آمنے سامنے آئے۔

    گروپ میچ میں شاہینوں نے میدان مارا تو فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو عبرتناک شکست دیکر دوسری بار چیمپیئن بنا۔

    دو ہزار تین میں وقار یونس کی قیادت میں قومی ٹیم کینگروز کو دبوچنے میں ناکام رہی، اینڈریو سائمنڈز کی سنچری نے آسٹریلیا کو باآسانی جیت دلوائی۔

    دوہزار گیارہ میں شاہینوں نے آفریدی کی قیادت میں سابق چیمپیئن کی لگاتار چونتیس فتوحات کو بریک لگائی تھی۔

    اب مصباح الحق کی قیادت میں پاکستانی ٹیم بانوے کی تاریخ دہرا پائی گی یا کینگروز فتح سمیٹ کر گرین شرٹس کا سفر ختم کرینگے۔

  • ورلڈ کپ: پاکستان آسٹریلیا کو ہراکر 1992 کی یاد  تازہ کرسکتا ہے

    ورلڈ کپ: پاکستان آسٹریلیا کو ہراکر 1992 کی یاد تازہ کرسکتا ہے

    ایڈیلیڈ: پاکستان آسٹریلیا کو ہراکر انیس سو بانوے عالمی کپ کی یاد پھر سے تازہ کرسکتا ہے۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کی گاڑی انیس سو بانوے عالمی کپ کے ٹریک پر چل پڑی ہے، گرین شرٹس نے ایک اسٹیشن کراس کرلیا ہے، قومی ٹیم کی سواری اب ناک آؤٹ زون میں داخل ہوگئی ہے۔

    انیس سو بانوے میں بھی پاکستانی ابتدائی میچ ہارنے کے بعد جیت کی راہ پر گامزن ہوا تھا، پاکستان نے ورلڈ چیمپئن بننے کے لئے راہ کی تمام رکاوٹیں ہٹادیں تھیں، پاکستان سے میچ آسٹریلیا کے پرانے زخم پھرسے تازہ کردے گا۔

    پرتھ میں شاہینوں نے اڑتالیس رنز سے میدان مارا تھا، عامر سہیل، رمیز راجہ اور جاوید میانداد نے بیٹنگ میں عمدہ کارکردگی دکھائی تھی ۔ بولنگ میں وسیم، عاقب، عمران خان اور مشتاق احمد نے کمال کردیا تھا۔ اس بار بھی بولنگ چل پڑی ہے۔

    انیس سو بانوے کے ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم نے آسٹریلیا کی فیورٹ ٹیم کو ناکوں چنے چبوادیئے تھے، اسی طرح اب بیٹنگ میں سرفراز، احمد شہزاد، مصباح اور عمر اکمل تاریخ دہرا کر ٹیم کی گاڑی سیمی فائنل کے پلیٹ فارم پر پہنچا سکتے ہیں۔

  • ابوظہبی ٹیسٹ: آسٹریلین ٹیم پاکستان کیخلاف فالوآن کا شکار

    ابوظہبی ٹیسٹ: آسٹریلین ٹیم پاکستان کیخلاف فالوآن کا شکار

    ابو ظہبی: پاک آسٹریلیا کرکٹ ٹیسٹ میں شاہینوں نے آسٹریلین بیٹنگ لائن کی دھجیاں بکھیر دیں، آسٹریلین ٹیم انیس سو اٹھاسی کے بعد پاکستان کیخلاف فالوآن کا شکار ہوئی لیکن مصباح الحق کے عجیب وغریب فیصلے نے سب کو حیران کردیا۔

    ابو ظہبی کے میدان میں پاکستانی بولرز چھا گئے، پہاڑ جیسا پانچ سو ستر رنز کا ہدف دیکھ کر کینگروز کے ہاتھ پاؤں ہی پھول گئے، بلے بازوں کے بعد بولرز نے آسٹریلیا کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کینگروز کو دبوچنا شروع کیا۔

    شاہینوں کے تگڑے وار نے کینگروز کو پہلی اننگز میں صرف دو سو اکسٹھ رنز پر ڈھیر کردیا، عمران خان نے تین اور راحت علی نے دو کینگروز کا شکار کیا، ذولفقار بابر اور یاسر شاہ کی جادوہی جوڑی نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    آسٹریلین ٹیم انیس سو اٹھاسی کے بعد پاکستان کیخلاف پہلی مرتبہ فالو آن کا شکار ہوئی۔ لیکن اسے مصباح الحق کی دفاعی حکمت عملی کہی جائے یا عجیب وغریب منطق  مصباح الحق نے فالو آن نافذ کرنے کے بجائے خود بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی۔

  • دبئی ون ڈے، آسٹریلیا نے پاکستان کو5 وکٹوں سے شکست دے دی

    دبئی ون ڈے، آسٹریلیا نے پاکستان کو5 وکٹوں سے شکست دے دی

    دبئی: آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں پانچ وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت لی۔

    آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر بے جھجک بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اوپنر نے کپتان کے فیصلے کی لاج بھی رکھی۔ احمد شہزاد اور سرفراز احمد نے ایک سو چھبیس رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستان کو آئیڈیل آغاز فراہم کیا۔ اوپنرز کے جان لڑانے کےبعد مڈل آڈر اور ٹیل اینڈرز نے جان چھڑائی۔ تاہم پاکستانی ٹیم دوسو پندرہ رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    جواب میں معمولی ہدف دیکھ کر کینگروز بھی بولرز پر ایسے جھپٹے کہ شاہینوں کے تمام حربے ناکام ہوئے، محمد عرفان،آفریدی اور رضا حسن ایک بھی بلے بازوں کو مشکل میں نہ ڈال سکے، گلن میکسویل کی چھہتر رنز کی بدولت آسٹریلیا نے چوالیسویں اوور میں ہدف حاصل کرکے ایک اور سیریز اپنے نام کی۔

  • پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا،مصباح کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

    پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا،مصباح کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

    دبئی: پاکستان آسٹریلیا سیریزکا دوسرا ون ڈے میچ آج دبئی میں کھیلا جارہا ہے، قومی ٹیم کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ، انور علی کی جگہ اسپنر رضاحسن ٹیم میں شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ آج دبئی میں کھیلاجارہا ہے۔ کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    قومی ٹیم میں انور علی کی جگہ اسپنررضاحسن کو شامل کیا گیا ہے، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اوپنراحمد شہزاد اورسرفرازاحمد نے اب تک تین اوورز میں سولہ رنز اسکور کئے ہیں۔

  • دوسرا ون ڈے: پاکستان اورآسٹریلیا کی ٹیمیں آج مد مقابل ہونگی

    دوسرا ون ڈے: پاکستان اورآسٹریلیا کی ٹیمیں آج مد مقابل ہونگی

    دبئی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے کی سیریز کا دوسرا میچ آج دبئی میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق سیریز میں واپسی کے لئے پرعزم ہیں۔ پاکستان کے پاس ہارنے کے لئے اب کچھ بھی نہیں۔

    دبئی کے میدان میں گرین شرٹس اپنی بقا کی جنگ لڑیں گے۔ آسٹریلیا کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔اس وقت صورتحال یہ ہے کہ جیت سیریز برابر کردے گی ہار گئے تو سیریز شاہینوں کے ہاتھ سے نکل جائے گی۔

    گرین شرٹس کے لئے میچ ڈو اینڈ ڈائی ہوگا۔ بیٹسمینوں کو وکٹ پر جم کر کھیلنا ہوگا۔ آخری ون ڈے کیلئے قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔ زرائع کے مطابق اسد شفیق اور انور علی کی جگہ پلیئنگ الیون میں صہیب مقصود اور رضا حسن کو شامل کیا جاسکتا ہے۔

    انجری کے باعث محمد حفیظ کے بعد جنید خان بھی سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔ ادھر پاکستان کو اسپن جال میں پھنسانے کے لئے آسٹریلوی ٹیم میں مچل مارش کی جگہ زیویر دوہرٹی کو جگہ دی گئی ہے۔

    کپتان مصباح الحق کہتے ہیں ٹیم کو ایک اچھی اننگز کی ضرورت ہے۔ جیت کے لئے سردھڑ کی بازی لگادیں گے۔