Tag: pak vs australia

  • مصباح الحق کے تین عہدے، نتیجہ صفر، شائقین اور سابق کرکٹرز کی کڑی تنقید

    مصباح الحق کے تین عہدے، نتیجہ صفر، شائقین اور سابق کرکٹرز کی کڑی تنقید

    لاہور : دورہ آسٹریلیا میں وائٹ واش ہونے پر مصباح الحق کی سلیکشن اور کوچنگ پر سوالات اٹھنے لگے،  شائقین اور سابق کرکٹرز نے بھی مصباح پر تنقید کے تیر برسا دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق مصباح کی کوچنگ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی تنزلی کا شکار ہے مصباح الحق کے بیک وقت تین عہدوں، کوچ ، چیف سلیکٹر اور بیٹنگ کوچ کے باوجود قومی کرکٹ ٹیم خاطر خواہ نتائج نہ دے سکی۔

     آسٹریلیا کے مشکل دورے کے لئے کئی تجربے بھی کیے گئے جو بری طرح ناکام ثابت ہوئے، نوجوانوں کی ٹیم بنائی گئی جس میں دو بالکل نئے بولرز لئے گئے۔

    اس کا نتیجہ یہ سامنے آیا کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی ہارے پھر ٹیسٹ میں وائٹ واش ہوا، عامر اور وہاب کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کھیلنے کیلئے نہ مناسکے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا سے شرمناک شکست کے بعد شائقین میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی، پورے دورہ آسٹریلیا پر بلے بازوں کی ایک جیسی بار بار غلطیوں نے مصباح کی کوچنگ پر بھی سوال اٹھادیئے۔

    مصباح الحق کی کوچنگ میں اب تک پاکستان پانچ ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچز ہار چکا ہے، جس کے ساتھ مصباح پرعہدہ چھوڑنے کیلئے دباو بڑھ گیا ہے۔

    سابق ٹیسٹ کرکٹرشعیب محمد نے آسٹریلیا سے شکست کا غصہ مصباح الحق پر نکالا اور کہا کہ مصباح اچھے کھلاڑی اور کپتان ضرور تھے لیکن بہترین کوچ نہ بن سکے۔ برسبین ٹیسٹ میں ہی ٹیم کی تیاریوں کاپول کھل گیا تھا۔ٹیم میں نئےبولرز شامل کرنا بڑی غلطی تھی۔

    علاوہ ازیں پاکستان کی آسٹریلیا سے شکست کا سوشل میڈیا پرمذاق بن گیا، ٹیم کی ناکامی پر سوشل میڈیا پردلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔

  • دوسرا ٹیسٹ : پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیمیں آج مد مقابل ہوں گی

    دوسرا ٹیسٹ : پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیمیں آج مد مقابل ہوں گی

    ایڈیلیڈ : پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا اور آخری کرکٹ ٹیسٹ آج بروز جمعہ سے ایڈیلیڈ میں کھیلا جائیگا، یہ کرکٹ کی تاریخ کا تیرھواں پنک بال ٹیسٹ ہوگا، پاکستان سیریز میں ایک صفر سے پیچھے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا کرکٹ ٹیسٹ آج ایڈیلیڈ میں شروع ہوگا، ڈے نائٹ ٹیسٹ گلابی گیند سے
    کھیلاجائے گا، حارث سہیل، عمران اور نسیم کو ڈراپ کئے جانے کا امکان ہے، امام الحق، عباس اور موسٰی فائنل الیون کا حصہ ہوسکتے ہیں۔

     آسٹریلیا کو دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔ جمعہ کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں اصل امتحان پاکستانی بلے بازوں کا ہوگا، پاکستان کا سامنا اسٹارک ، ہيزل ووڈ اور کمنز سے ہوگا۔

    قومی ٹیم غلطیوں کو نہ دہرا کر سیریز میں واپسی کا عزم لیے دوسرے روز بھی ایڈلیڈ میں پریکٹس میں مصروف رہی، ایڈلیڈ میں اسپنرز کو مدد ملے گی، یاسرشاہ کا بھی کردار اہم ہوگا۔

    یاد رہے کہ ایڈیلیڈ میں پاکستان اب تک کوئی میچ نہیں جیتا، شائقین کو اس بات کا بے صبری سے انتظار ہے کہ کیا قومی ٹیم اس بار تاریخ بدل پائے گی؟

  • پاکستان ٹیم آسٹریلیا میں سیریز جیت کر نئی تاریخ رقم کرسکتی ہے، معین خان

    پاکستان ٹیم آسٹریلیا میں سیریز جیت کر نئی تاریخ رقم کرسکتی ہے، معین خان

    لاہور : قومی ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز جیت کر نئی تاریخ رقم کرسکتی ہے، سرفراز احمد پرفارم کرتے ہی دوبارہ ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ معین خان نے کہا کہ آسٹریلیا میں پاکستان ٹیم نے کبھی سیریز نہیں جیتی، اب تاریخ بدلنے کا وقت آگیا ہے جو پاکستان ٹیم کرسکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اچھے بولرز کیخلاف سنبھلنا ہے اور ان کی جلد وکٹیں اڑانا پڑیں گی، کرکٹرز آپ کے خلاف بولیں گے تو کیسے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھے گا۔

    سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ کی کوالٹی کچھ عرصے سے خراب ہے، ٹی20 کی وجہ سے ٹیسٹ کرکٹ کی کوالٹی نیچے آگئی ہے، فواد عالم اور کامران اکمل جیسے کھلاڑی محنت کررہے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کو تینوں کپتانی سے ہٹانا غلط طریقہ ہے اگر احسان مانی نے انہیں قیادت سے ہٹایا تو مصباح الحق کو قدم اٹھانا چاہیے تھا، سرفراز احمد پرفارم کرتے ہی دوبارہ ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ آج سے شروع ہوگا، قومی ٹیم نے برسبین میں گزشتہ روز بھی ٹریننگ سیشن جاری رکھا۔ کینگروز کو شکست دینے کیلئے قومی کھلاڑی پر عزم ہیں، پریکٹس کے دوران کھیل کے تینوں شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کی بہتری میں مصروف دکھائی دیئے۔

  • ورلڈ کپ : پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اہم میچ آج ٹاونٹن میں ہوگا

    ورلڈ کپ : پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اہم میچ آج ٹاونٹن میں ہوگا

    ٹاونٹن : ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا اہم میچ آج دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا، پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا تاہم میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ2019میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اہم میچ آج ٹاونٹن کے کاونٹی کرکٹ گراونڈ میں کھیلا جائے گا، ٹاؤنٹن میں میچ ایک ہوگا، جیت کے امیدوار تین ہوں گے۔

    سیاہ بادل رنگ میں بھنگ ڈالنے کے لئے پہلے سے پہنچ گئے۔ محکمہ موسمیات نے ٹاؤنٹن میں بدھ کو وقفے وقفے سے تیزبارش کی پیشگوئی کردی ہے۔

    گزشتہ دو روز سے موسم آبرآلود ہے، جس کے باعث ٹیموں کو پریکٹس میں مشکلات درپیش ہیں۔ کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کو قابو کرنے کیلئے ہمیں جارحانہ کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

    آسٹریلوی کپتان فنچ نے کہا کہ پاکستان خطرناک ٹیم ہے۔ عامر کی سوئنگ واپس آگئی ہے، کھیلنے میں مشکلات ہوسکتی ہیں۔ ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا دو اور پاکستان ایک میچ جیت چکا ہے۔

    فاتح ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن مستحکم بنالے گی۔ میگا ایونٹ کا یہ بڑا مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

  • پاکستان نے سہ ملکی ٹی ٹوینٹی سیریز جیت لی،آرمی چیف کی مبارکباد

    پاکستان نے سہ ملکی ٹی ٹوینٹی سیریز جیت لی،آرمی چیف کی مبارکباد

    ہرارے : پاکستان نے سہ ملکی ٹی20سیریزجیت لی، آسٹریلیا کو چھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، آرمی چیف نےقومی ٹیم کو پہلی پوزیشن برقرار رکھنےپر بھی مبارکباد دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہرارے میں کھیلے جانے والی سہ ملکی ٹی ٹوینٹی سیریز میں آسٹریلیا کو ہرا کر ٹرافی اپنے نام کرلی، آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

    آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کیلئے184رنزکا ہدف دیا تھا، جواب میں پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں گرگئیں۔ جس کے بعد فخر زمان نے پوری ذمہ داری کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار 91رنز اسکور کیے، فخرزمان نے12 چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے91رنز بنائے۔

    کپتان سرفرازاحمد نے28رنزبنائے جبکہ شعیب ملک43،آصف علی17رنز بنا کرناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے184 رنز کا ہدف آخری اوور کی دو گیندوں تک حاصل کیا، شاہینوں کی فتح کے بعد پاکستان کی ٹی20رینکنگ میں پہلی پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی ہے۔

    فخر زمان نے اس سہ ملکی سیریز میں مجموعی طور پر278رنز اسکور کیے،انہیں مین آف دی سیریز کا اعزاز دیا گیاہے جبکہ آج کے میچ میں بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار91رنز کے باعث بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی انہوں نے اپنے نام کیا۔

    آرمی چیف اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی قومی ٹیم کو مبارکباد

    ہرارے میں شاہینوں کی جانب سے کینگروز کو ہرانے اور سہ ملکی ٹی20سیریزجیتنے پرآرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پرامن اورکھیل سےمحبت کرنےوالاملک ہے۔

    علاوہ ازیں چیئرمین پی پی بلاول بھٹو، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

    عمران خان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا، پوری قوم کی دعائیں اور نیک تمنائیں قومی ٹیم کے ساتھ ہیں، جیت پر کپتان سرفراز کو خصوصی مبارکباد دیتا ہوں انہوں نے ٹیم کی بہترین انداز میں قیادت کی۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ قومی ٹیم نےسہ فریقی سیریزجیت کرعوام کو بڑی خوشی دی ہے۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اپنے پیغام میں کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم نےبہترین کھیل پیش کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • یوتھ ون ڈے انڈر19سیریز: پاکستان نے آسٹریلیا کو49 رنز سے ہرا دیا

    یوتھ ون ڈے انڈر19سیریز: پاکستان نے آسٹریلیا کو49 رنز سے ہرا دیا

    میلبرن : پاکستان انڈر19نے آسٹریلیا کو انچاس رنز سے شکست دے کر یوتھ ون ڈے سیریز جیت لی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں یوتھ ون ڈے سیریز میں پاکستان انڈر19 نے آسٹریلیا کو انچاس رنز سے شکست دےدی۔

    محمد زید عالم نے ایک سو اٹھائیس رنز کی شاندار اننگز کھیلی، میلبرن میں کھیلے گئے یوتھ ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان انڈر نائن ٹین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تین سو نو رنز کا پہاڑ کھڑا کیا۔

    محمد زید عالم نے ایک سو اٹھائیس رنز کی اننگز کھیلی، ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بولرز نے شاندار بولنگ کی، آسٹریلین ٹیم دو سو ساٹھ رنز تک محدود رہی۔

    پاکستان نے تین میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت لی، انڈر نائن ٹین ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز کھیلنے قومی ٹیم اب نیوزی لینڈ روانہ ہوگی۔

  • ویمن ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے پاکستان کو159رنز سے ہرادیا

    ویمن ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے پاکستان کو159رنز سے ہرادیا

    لیسٹر: ویمن کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کو بھارت کے بعد ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا، آسٹریلیا نے ایک سو انسٹھ رنز کے بڑے مارجن سے میچ جیت لیا، قومی ویمن ٹیم 131رنز پر ڈھیرہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق لیسٹر میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سات رنز پر اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے باوجود آسٹریلین ٹیم دو سو نوے رنز بنانے میں کامیاب ہوگئی۔

    پیری 66 رنز کے ساتھ سرفہرست رہیں جبکہ ہیلی نے 63رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی ۔ان کے علاوہ ویلانی نے 59رنز کی انتہائی شاندار اننگ کھیلی۔

    ہدف کےتعاقب میں پاکستان ٹیم کا آغاز ایک بار پھر مایوس کن رہا۔ پوری پاکستان ٹیم ایک سو اکتیس رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ثناء میر 45 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں جبکہ ان کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہوا۔


    ویمنزورلڈ کپ: بھارت نے پاکستان کو95رنز سے ہرا دیا


    آسٹریلیا نے ایک سو انسٹھ رنز سے میچ جیت لیا۔ پاکستان کے آٹھ کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ پاکستان کی ویمن ورلڈ کپ میں یہ مسلسل چوتھی شکست ہے۔

  • ہماری فیلڈنگ انتہائی ناقص تھی، اظہرعلی کا اعتراف

    ہماری فیلڈنگ انتہائی ناقص تھی، اظہرعلی کا اعتراف

    سڈنی : قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ فیلڈرز کیچز پکڑ لیتے تو نتیجہ مختلف ہوسکتا تھا، تین سو ترپن رنزکا تعاقب کرنا آسان نہیں ہوتا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ہماری فیلڈنگ انتہائی ناقص تھی، آخری میچ جیت کر سیریز کا اختتام اچھے انداز میں کرنے کی کوشش کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز ہارنے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ خراب فیلڈنگ میچ میں شکست کا باعث بنی۔ میچ میں آسٹریلیا ٹیم نے بہترین فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا۔

    میچ کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب کے دوران صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ون ڈے کپتان کا کہنا تھا کہ ہدف مشکل ضرور تھا لیکن ناممکن نہیں تھا لیکن بدقسمتی سے اسے حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

    نئی گیند سے زیادہ رنز بنے لیکن جیسے ہی گیند پرانا ہو کر سوئنگ ہونا شروع ہوا تو بیٹنگ مشکل ہو گئی۔ ڈراپ ہونے والے کیچز لے ڈوبے کیونکہ پچ بیٹنگ کیلئے سازگار تھی۔

    اظہرعلی کا کہنا تھا کہ ایڈیلیڈ کے آخری ون ڈے میں آسٹریلیا کو ہرا کر جیت پر سیریز کا خاتمہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

  • آسٹریلیا کومسلسل چھٹی سیریز جیتنے کیلئے ایک فتح درکارہے

    آسٹریلیا کومسلسل چھٹی سیریز جیتنے کیلئے ایک فتح درکارہے

    سڈنی : آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف مسلسل چھٹی سیریز جیتنے کے لئے صرف ایک فتح درکار ہے۔ سڈنی میں بھی آسٹریلیا کا پلڑا بھاری ہے۔ پاکستان دو ہزار دو کے بعد سے آسٹریلیا کے خلاف کوئی سیریز نہیں جیتا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کو پاکستان کے ساتھ سیریز میں جیت کی ڈبل ہیٹ ٹرک کرنے کے لئے صرف ایک فتح درکار ہے۔ سڈنی کے میدان میں بھی اب تک آسٹریلیا کو ہی برتری حاصل ہے۔

    اب تک کھیلے گئے چودہ میچز میں کینگروز نے دس میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان نے 2002 میں آخری بارسیریز جیتی تھی، پاکستان انیس سو ستانوے سے آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں کوئی میچ نہیں جیتا۔

    مزید پڑھیں : سڈنی : پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان چوتھا ون ڈے آج ہوگا

    سال دوہزار چار، دوہزار نو، دوہزار دس، دوہزار بارہ اور دوہزار چودہ میں بھی پاکستان کوئی میچ جیتنے میں ناکام رہا۔ پندرہ سال سے شاہین جیت کے منتظر ہیں اور اس بار بھی پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔

    تازہ ترین صورت حال میں آسٹریلیا کو ہوم سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان کو تاریخ بدلنے کے لئے آئندہ کے دونوں میچز جیتنا ہوں گے۔

  • تیسرا ون ڈے: کھلاڑی جیت کیلیے سردھڑ کی بازی لگادیں، مکی آرتھر

    تیسرا ون ڈے: کھلاڑی جیت کیلیے سردھڑ کی بازی لگادیں، مکی آرتھر

    پرتھ : قومی کرکٹ ٹیم نے پرتھ میں تیسرے ون ڈے کے لئے بھرپور تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ جبکہ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ کھلاڑی جیت کیلیے سر دھڑ کی بازی لگادیں کیونکہ ہمارے پاس ہارنے کیلیے کچھ بھی نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم نے تیسرے ون ڈے میچ کیلئے پرتھ میں ڈیرے ڈال لیے، کنگروز کے خلاف تیسرے ون ڈے کے لئے شاہینوں نے پنجے تیز کرنے شروع کردیئے۔ دوسرے ون ڈے میں کامیابی نے کھلاڑیوں میں نئی روح پھونک دی ہے۔

    کوچ مکی آرتھر نے بھی کھلاڑیوں کو جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی ہدایت کردی۔ہے، ان کا کہنا ہے کہ سیریز میں گنوانے کے لئے ہمارے پاس کچھ نہیں، ٹیم کو میچ جیتنے کے لئے سر دھڑ کی بازی لگانا ہوگی۔

    قومی کرکٹرز نے پریکٹس میں بیٹنگ، بولنگ اورفیلڈنگ کی خامیوں کو دور کرنے کی بھرپور کوششیں کیں۔ ون ڈے کپتان اظہرعلی ہمسٹرنگ انجری کے سبب پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لے سکے۔پاک آسٹریلیا تیسرا ون ڈے جمعرات کو پرتھ میں  کھیلا جائے گا۔

    ٹیم منیجر کے مطابق اظہر تیسرے میچ میں بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ حفیظ ایک بار پھر کپتانی اور بیٹنگ میں خود کو منوائیں گے۔ جنید خان اور محمد عامر کی جوڑی پر کوچز خاص توجہ دے رہے ہیں۔ پرتھ میں قومی پیس ااٹیک ٹرم کارڈ ثابت ہوسکتا ہے۔