Tag: pak vs australia

  • برسبین ٹیسٹ: پاکستان کے دو وکٹوں کے نقصان پر 70 رنز

    برسبین ٹیسٹ: پاکستان کے دو وکٹوں کے نقصان پر 70 رنز

    برسبین : پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری برسبین ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی گرفت مزید مضبوط ہوگئی۔ چار سو نوے رنزکے تعاقب میں پاکستان نے دو وکٹ پر ستر رنز بنالئے۔ پاکستانی ٹیم کو جیتنے کے لیے 490 رنز درکار ہیں ، شاہین ہدف سے اب بھی 420 رنز دوری پر ہیں اور 8 وکٹیں باقی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برسبین ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 490 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 70 رنز بنا لئے ہیں جبکہ اسے جیت کیلئے مزید 420 رنز درکار ہیں اور دو روز کا کھیل باقی ہے۔

    پاکستان کی جانب سے اظہر علی 41 اور یونس خان 0 سکور کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جو چوتھے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔ شاہینوں کیلئے برسبین ٹیسٹ بچانا مشکل ہوگیا۔ ایسے میں کوئی معجزہ ہی ٹیم پاکستان کو بچاسکتا ہے۔

    تیسرےروزکھیل شروع ہوا تو سرفرازاحمد اکیلے سپاہی کی طرح آسٹریلین گولہ باری کا سامنا کرتے رہے۔ لیکن ٹیل اینڈرز نے ساتھ نہ دیا۔ پوری ٹیم صرف ایک سو بیالیس رنزپر ڈھیر ہوگئی۔

    آسٹریلیا نے فالو آن کی بجائے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ دو سوستاسی رنزکی برتری ملتے ہی کینگروز شیر بن گئے۔ ٹیسٹ کو ٹی ٹوئنٹی میں بدل دیا۔ انہوں نے محمد عامر، یاسر اور وہاب ریاض کسی کو نہ بخشا۔ دوسری اننگز دو سو دو رنزپر اننگز ڈیکلیئر کی۔

    پاکستان کےسامنے چار سو نوے رنزکا پہاڑ کھڑا کیا۔ بڑے ہدف کےسامنے بلے باز ڈر ڈر کر کھیلے۔ سمیع اسلم اسٹارک کا شکار بنے۔

    بابر اعظم کو نیتھن لائن نےاسپن جال میں پھنسایا۔ اظہرعلی اکتالیس اور یونس خان انیس گیندیں کھیلنے کے بعد بھی صفر پرناٹ آؤٹ ہیں۔

  • قومی ٹیم میں آسٹریلیا کو شکست دینے کی پوری صلاحیت ہے، مکی آرتھر

    قومی ٹیم میں آسٹریلیا کو شکست دینے کی پوری صلاحیت ہے، مکی آرتھر

    برسبین : آسٹریلیا کیخلاف پاکستان ٹیم نے برسبین ٹیسٹ کی تیاریاں شروع کردیں۔ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ قومی ٹیم میں آسٹریلیا کو شکست دینے کی پوری صلاحیت ہے تاہم پاکستان کو بیٹنگ میں مزید بہتری لانا ہوگی۔ یاسر شاہ نے فٹنس بحال کرنے کیلئے بولنگ شروع کردی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے برسبین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ پاکستانی بلے باز بہت اچھے ہیں، ان کی قابلیت پر بھروسہ کرنا ہو گا، اسد شفیق اور بابر اعظم کا مستقبل تابناک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم برصغیر میں پریشانی کا شکار ہوتی ہے جبکہ برصغیر کی ٹیموں کو آسٹریلیا میں مشکلات پیش آتی ہیں، تاہم کھلاڑیوں کا جلد ماحول سے ہم آہنگ ہونا ہی اچھا ہے کیونکہ اس کے بغیر اچھی کارکردگی ممکن نہیں۔

    مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ابھی بھی بیٹنگ مسائل کا سامنا ہے۔ کھلاڑی زائد رنزاسکور کریں تو میچ بچا سکیں گے، ٹاپ آرڈر کے بعد اسد شفیق اور بابراعظم تکنیکی لحاظ سے پاکستان ٹیم کے ذمہ دار بیٹسمین ثابت ہونگے۔ پاکستانی ٹیم کو کوئی کمزور نہ سمجھے، سیریز میں مشکل ہے لیکن پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

    واضح رہے کہ پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کا آغاز پندرہ دسمبر سے ہوگا، پاکستانی ٹیم نے برسبین ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

    پنک گیند سے تباہی مچانے کیلئے پاکستانی بولرز نے بھی کمر کس لی ہے، باؤنسی اور تیز وکٹوں پر سنبھل کر کھیلنے کیلئے بلے بازوں کی سخت محنت کرنا ہوگی، یہ خامیوں کو دور کرنے کا اہم موقع ہے۔

  • بنگلادیش کو شکست: دفاعی چیمپیئن بھارت ورلڈ کپ کےسیمی فائنل میں پہنچ گیا

    بنگلادیش کو شکست: دفاعی چیمپیئن بھارت ورلڈ کپ کےسیمی فائنل میں پہنچ گیا

    میلبرن :دفاعی چیمپیئن بھارت نے کامیابی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے، کوارٹر فائنل میں بھارت نے بنگلہ دیش کو ایک سو نو رنز سے شکست دی۔

    میلبرن میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میچ کا ٹاس بھارت نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، دھون تیس رنزبناکر آؤٹ ہوئے، ڈینجر مین ویرات کوہلی کا جادو نہ چل سکا، وہ صرف تین رنز ہی بناسکے۔ رہانے انیس رنزبناکر پویلین لوٹ گئے۔

    ایک سو پندرہ رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد روہت شرما اور سریش رائنا وکٹ پر ڈٹ گئے، شرما ایک سو سینتیس اور رائنا نے پینسٹھ رنز اسکور کیے،بھارت نے جیت کیلئے تین سو تین رنز کا ہدف دیا۔

    حدف کے تعقب میں بنگال ٹائیگرز اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، پوری ٹیم ایک سو ترانوے رنز پر ڈھیر ہوگئی، امیش یادو نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، بھارت ایک سو نو رنز سے فاتح رہ کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

  • تیسرا کوارٹرفائنل :پاکستانی شاہین اور کینگروز کل ایڈیلیڈ میں مدِ مقابل

    تیسرا کوارٹرفائنل :پاکستانی شاہین اور کینگروز کل ایڈیلیڈ میں مدِ مقابل

    ایڈیلیڈ : پاکستانی شاہین اور کینگروز کے درمیان تیسرا کوارٹرفائنل کل ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

    بانوے کے چیمپیئن اور چار مرتبہ کے ورلڈ چیمپیئن عالمی کپ میں آٹھ بار ٹکرا چکے ہے، چار میں فتح نے شاہینوں کے قدم چومے اور چار میں آسٹریلین ٹیم فتح یاب رہی۔

    پہلے عالمی کپ میں آصف اقبال کی قیادت میں پاکستان کو تہتر رنز سے شکست ہوئی، انیس سو اناسی میں آصف اقبال ہی کی قیادت میں پاکستان نے آسٹریلیا کو نواسی رنز سے دھول چٹاکر کینگروز سے بدلا لیا۔

    انیس سو ستاسی کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست کر فائنل کھیلا اور پہلی بار چیمپیئن بنا۔

    انیس سو بانوے میں عمران خان کی قیادت میں حیران کن طور پراسٹار کھلاڑیوں سے لیس ایلن باڈر کی ٹیم کو شکست دی، انیس سو نناوے کے ورلڈ کپ میں شاہین اور کینگروز دومرتبہ آمنے سامنے آئے۔

    گروپ میچ میں شاہینوں نے میدان مارا تو فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو عبرتناک شکست دیکر دوسری بار چیمپیئن بنا۔

    دو ہزار تین میں وقار یونس کی قیادت میں قومی ٹیم کینگروز کو دبوچنے میں ناکام رہی، اینڈریو سائمنڈز کی سنچری نے آسٹریلیا کو باآسانی جیت دلوائی۔

    دوہزار گیارہ میں شاہینوں نے آفریدی کی قیادت میں سابق چیمپیئن کی لگاتار چونتیس فتوحات کو بریک لگائی تھی۔

    اب مصباح الحق کی قیادت میں پاکستانی ٹیم بانوے کی تاریخ دہرا پائی گی یا کینگروز فتح سمیٹ کر گرین شرٹس کا سفر ختم کرینگے۔

  • کیرئیرکا اختتام شاندارطریقے سے چاہتا ہوں، آفریدی

    کیرئیرکا اختتام شاندارطریقے سے چاہتا ہوں، آفریدی

    پاکستان کے مایہ نازاسٹارکرکٹرشاہد آفریدی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اپنے ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیرکا اختتام ورلڈ کپ میں شاندارفتح حاصل کرکے کرنا چاہتے ہیں۔

    شاہد خان آفریدی 35 سال کے ہیں اوریہ ان کا پانچواں ورلڈ کپ ہے اوروہ چاہتے ہیں کہان کے اس طویل کیرئیر کا اختتام یادگارہو۔

    انہوں نے فرانسیسی خبررساں ادارے سے جمعے کے روزآسٹریلیا کے خلاف ہونے والے کوارٹرفائنل میچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’’میں وہ کرنا چاہتاہوں جس کی ٹیم مجھ سے توقع کرتی ہے‘‘۔

    ان کا کہنا تھا کہ’’میں اپنے مداحوں کی توقعات پرپورا اترنا چاہتا ہوں اورمجھے امید ہے کہ میری کارکردگی ٹیم کو فتح دلائے گی، مجھے یقین ہے کہ پاکستان آسٹریلیا کے خلاف اپنی تمام توانائیاں استعمال کرے گا‘‘۔

    انہوںنے اس امرکو تسلیم کیا کہ پاکستانی ٹیم کے بارے میں پیشن گوئی کرنا ناممکن ہے اورہم اپنی اسی صلاحیت کو آسٹریلیا کے خلاف خفیہ ہتھیار کے طورپراستعمال کریں گے۔

    آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ایسی ٹیم ہے جو کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتی ہے اور کسی بھی ٹیم سے ہاربھی سکتی ہے لیکن سب جانتے ہیں کہ جب ہمارا دن ہوتا ہے تو اس دن ہم اپنا سب سے بہترین کھیل پیش کرتے ہیں‘‘۔

    شاہد خان کو اپنی 400 وکٹیں مکمل کرنے کے لئے 5 وکٹیں درکارہیں، اگروہ یہ پانچ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو وہ واحد کھلاڑی ہوں گے جن کے ون ڈے میں 8000 رنز اور چار سو وکٹیں ہیںجو کہ اپنی نوعیت کا انتہائی منفرد ریکارڈ ہے۔

  • محمد عرفان کی آسٹریلیا کیخلاف میچ میں شرکت مشکوک

    محمد عرفان کی آسٹریلیا کیخلاف میچ میں شرکت مشکوک

    ایڈیلیڈ: آسٹریلیا کیخلاف کوارٹرفائنل سے قبل پاکستان کو دھچکا لگ گیا، طویل قامت فاسٹ بولر محمد عرفان کی میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کیخلاف ڈو اینڈ ڈائی میچ سے قبل شاہینوں کو بڑا دھچکالگ گیا، سات فٹ ایک انچ قد کے مالک محمد عرفان کولہے کی انجری سے تاحال صحت یاب نہ ہوسکے۔

    فاسٹ بالر کی آسٹریلیا کیخلاف ناک آؤٹ میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی۔ ایڈیلیڈ میں محمد عرفان کاایم آر آئی ٹیسٹ کرا لیاگیا ہے،تاہم ابھی تک اس کی رپورٹ سامنے نہیں آئی ۔

    ذرائع کے مطابق محمد عرفان کی انجری شدید نوعیت کی ہے انہیں مکمل طور پر ٹھیک ہونے میں دو ہفتے لگ سکتے ہیں۔انجری کے باعث محمد عرفان آج ہونے والے پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

    ایم آر آئی ٹیسٹ کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی فیصلہ ہوگا کہ محمد عرفان آسٹریلیا کیخلاف کوارٹرفائنل کھیلیں سکے گے یا نہیں۔

    محمد عرفان عالمی کپ کے پانچ میچز میں آٹھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا چکے ہیں،واضح رہے  کہ فاسٹ بالر محمد عرفان یو اے ای کیخلاف میچ مں کولہے کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔

  • ورلڈ کپ کوارٹر فائنل :پاکستان آسٹریلیا مقابلہ بیس مارچ کو ہوگا

    ورلڈ کپ کوارٹر فائنل :پاکستان آسٹریلیا مقابلہ بیس مارچ کو ہوگا

    ایڈیلیڈ : پاکستان نے ورلڈ کپ کے کوارٹرفائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ بیس مارچ کو سنسنی خیز مقابلہ چار بار کے ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا سے ہوگا۔ اگر مگر ختم ہوگیا اور پاکستان کوارٹرفائنل میں پہنچ گیا۔

    اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں۔ ہارنے والی ٹیم سیدھا گھر آئے گی۔ ائیر پورٹ پر شائقین یقیناً  بپھرے ہوئے ہونگے۔ ایک ناکامی پچھلی کامیابیوں کو بے معنی بنادے گی۔

    ایڈیلیڈ میں بیس مارچ کو گھمسان کا رن پڑے گا۔ مدمقابل آسٹریلیا جس کی باؤلنگ تباہ کن اور نو نمبر تک بیٹنگ ہے۔ شاہنیوں کا لمبے چوڑے کینگروز سے ٹاکرا ہوگا۔

    آسٹریلیا کے پاس چھکے مارنے والوں کی بھرمارہے۔ اور پاکستان کے پاس چھکے چھڑانے والوں کی کمی نہیں ،کیونکہ ان کے ساتھ قوم کی دعائیں ہوں گی۔

    اس دن بوم بوم دھوم مچائے گا اورویسے بھی سرفراز دھوکا نہیں دے گا۔ جمعے کا بابرکت دن ہوگا اور شاہینوں کی محنت بیڑا پار لگائے گی، کیونکہ قوم کی دعائیں جو ساتھ ہیں۔

  • ہاکی چیمپئینزٹرافی: آج پاکستان آسٹریلیا سے مد مقابل ہوگا

    ہاکی چیمپئینزٹرافی: آج پاکستان آسٹریلیا سے مد مقابل ہوگا

    بھونیشور: بھونیشور میں جاری ہاکی ٹورنامنٹ میں ایک دن آرام کے بعد آج چار میچز کھیلے جارہے ہیں۔ پاکستان ایونٹ میں دو ناکامی کے بعد پہلی جیت حاصل کرنے کے لئے بے تاب ہے۔

    قومی ٹیم کو پہلے میچ میں بیلجئیم اور دوسرے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ گروپ اے میں انگلینڈ چھ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہے۔

    آسٹریلیا کے خلاف آخری گروپ میچ گرین شرٹس کے لئے انتہائی اہم ہے۔ ٹیم کے کپتان محمد عمران کا کہنا ہے کہ دو میچز میں شکست سے کھلاڑیوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔

    کینگروز کے خلاف جیت حاصل کرکے کھویا ہوا مقام حاصل کریں گے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ شام پانچ بجے شروع ہوگا۔ آج ہونے والے دیگر میچز میں انگلینڈ کا مقابلہ بیلجئیم اور بھارت کی ٹیم نیدرلینڈ کے مدمقابل آئے گی۔

  • دبئی ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد پاکستان ٹیم ابوظہبی پہنچ گئی

    دبئی ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد پاکستان ٹیم ابوظہبی پہنچ گئی

    ابوظہبی : پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شرکت کے لئے ابوظہبی پہنچ گئی، سیریز میں کامیابی کے لئے قومی ٹیم بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔

    دبئی میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑنے کے بعد قومی ٹیم ابوطہبی پہنچ گئی ہے، گرین شرٹس دوسرے ٹیسٹ میں بھی فتح کے لئے پُر عزم ہیں، مصباح الیون نے ابوظہبی میں پریکٹس کا آغاز کردیا ہے۔

    سخت گرمی میں کھلاڑی دبئی ٹیسٹ کی خامیوں کے دور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ منیجمنٹ فیلڈنگ میں بہتری کے لئے خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ پاکستان دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر نہ صرف بیس سال بعد سیریز اپنے نام کرسکتا ہے بلکہ ٹیسٹ رینکنگ میں دنیا تین بہترین ٹیموں میں بھی شامل ہوجائے گا۔

    یہ اکتیس سال بعد پہلا موقع ہوگا جب پاکستان آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں وائٹ واش کرے گا۔

    اسے قبل انیس سو تیراسی میں عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے آسٹریلیا کو تین صفر سے کلین سوئپ کیا تھا۔

    قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کو سیریز میں شکست دینے کا یہ سنہری موقع ہے، جسے وہ ضائع نہیں کرنا چاہتے، انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہے امید ہے ابوظہبی ٹیسٹ میں بھی کامیابی پاکستان کے قدم چومے گی۔

  • دبئی ٹیسٹ: پاکستان نے آسٹریلیا کو پہلے میچ میں شکست دے دی

    دبئی ٹیسٹ: پاکستان نے آسٹریلیا کو پہلے میچ میں شکست دے دی

    دبئی : شاہینوں نے ون ڈے اورٹی ٹوئنٹی سیریز کی شکست کا ادھار چکادیا ،پاکستان نے آسٹریلیا کو ہرا کر ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ جیت لیا،تفصیلات کے مطابق دبئی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین کھیلے جارہے ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے 221 رنز سے جیت لیا ہے.

    دبئی ٹیسٹ میں پاکستانی بالرز اور بیٹسمین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔. آسٹریلیا کی ٹیم 438 رنز کے تعاقب میں 216 رنز پر ڈھیر ہوگئی پاکستان کی جانب سے پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے یاسر شاہ نے سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جبکہ بہترین کارکردگی پر یونس خان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیاہے۔

    پاکستانی شاہینوں نے بیٹسمینوں اور پھر بولرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا کو دبئی ٹیسٹ چاروں شانے چت کردیا۔دبئی کا میدان پاکستانی شاہینوں کے نام رہا، ٹیسٹ کے آخری اور فیصلہ کن روز مشکلات سے دوچار آسٹریلوی ٹیم کا کڑا امتحان انسٹھ رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع ہوا۔

    اسپنرز نے گھومتی گیندوں کا استعمال کرتے ہوئے ایک ایک کرکے بلے بازوں کو پویلین لی راہ دکھائی۔ اسٹیون اسمتھ اور مچل جانسن نے مزاحمت کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں لیکن اپنی ٹیم کو شکست کےبھنور سے نہ بچا سکے۔

    پاکستانی اسپنرز کا جادو چلا اور آسٹریلیا دو سو سولہ رنز پر ہمت ہار گیا۔  ذوالفقار بابرنے پانچ اورنوجوان اسپنر یاسر شاہ چار کینگروز کا شکار کرنے میں کامیاب رہے۔ دونوں نے مجموعی طور پر سات سات وکٹیں حاصل کیں۔ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ تیس اکتوبر کر ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔