Tag: pak vs ban

  • ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاک، بنگلا دیش کے درمیان پہلا میچ آج کھیلا جائے گا

    ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاک، بنگلا دیش کے درمیان پہلا میچ آج کھیلا جائے گا

    ڈھاکہ(20 جولائی 2025): پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ آج  ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا مقابلہ آج ڈھاکا کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں ہوگا، سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی جبکہ گرین شرٹس نے تیاریاں بھی فائنل کرلیں۔

    ٹی 20 فارمیٹ میں پاکستان کا بنگلا دیش کے خلاف ریکارڈ کافی شاندار رہا ہے، پاک ٹیم کو بنگال ٹائیگرز کے خلاف 19 جبکہ حریف کو 3 میچز میں کامیابی حاصل ہوئی۔

    پاکستان نے گذشتہ باہمی سیریز میں بنگلا دیشی سائیڈ کو لاہور میں ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کیا تھا، اب جوابی سیریز میں بھی اسی کھیل کا سلسلہ برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/wcl-2025-pak-india-match-canceled/

    پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ بنگلا دیش ہوم گراؤنڈ اور اپنی کنڈیشنز میں اچھی ٹیم ہے، چیلنجز کے بارے میں علم ہے، پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

    واضح رہے کہ آج بارش کی پیش گوئی کی گئی جبکہ سیریز کے بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اس سے قبل ہفتہ کو ڈھاکہ کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچوں کی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی۔

    یاد رہے کہ سیریز کے تینوں میچ 20، 22 اور 24 جولائی کو ڈھاکہ کے مشہور شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

  • پاک بنگلادیش ٹیسٹ سیریز کے لیے راولپنڈی میں مؤثر سیکیورٹی انتظامات

    پاک بنگلادیش ٹیسٹ سیریز کے لیے راولپنڈی میں مؤثر سیکیورٹی انتظامات

    پاک بنگلادیش کرکٹ میچز کے انعقاد کے لیے راولپنڈی میں مؤثر سیکیورٹی انتظامات کر لیے گئے۔

    سی پی او سید خالد ہمدانی کے مطابق راولپنڈی پولیس کے 4000 سے زائد افسران و اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں، شہریوں کی سہولت کے مدنظر مؤثر ٹریفک انتظامات کے لیے 350 سے زائد ٹریفک پولیس افسران بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

    روٹ اور اسٹیڈیم کے اطراف چھتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے گئے ہیں، کرکٹ اسٹیڈیم اور گرد و نواح میں 99 اسپیشل پکٹس لگائی گئی ہیں، کرکٹ ٹیموں کے روٹ پر سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

    پاک بنگلادیش ٹیسٹ سیریز آج سے شروع ہوگی

    کرکٹ اسٹیڈیم اور گرد و نواح میں ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور ضلعی پولیس کی خصوصی ٹیمیں گشت کے فرائض سر انجام دے رہی ہیں، تمام سینئر افسران ڈیوٹی پر تعینات افسران و جوانوں کو پوائنٹ وائز چیک اور بریف کر رہے ہیں، شائقین کرکٹ مخصوص راستے سے مکمل چیکنگ کے بعد اسٹیڈیم میں داخل ہو سکیں گے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے ساتھ باہمی ربط کے ذریعے بہترین انتظامات اور فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، شائقین اور ٹیموں کے لیے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔

  • ڈھاکا میں پاکستانی آف اسپنر نے نئی تاریخ رقم کر دی

    ڈھاکا میں پاکستانی آف اسپنر نے نئی تاریخ رقم کر دی

    ڈھاکا: پاکستانی آف اسپنر ساجد خان نے بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں ستم ڈھا دیا، 12 وکٹیں لے کر نئی تاریخ رقم کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق آج ڈھاکا میں ساجد خان نے ٹیسٹ میچ میں بارہ وکٹیں لے کر نئی تاریخ بنا دی، انھوں نے دانش کنیریا کا بنگلا دیش کے خلاف 2001 میں قائم کردہ بارہ وکٹوں کا ریکارڈ برابر کر دیا۔

    ساجد نے پہلی اننگز میں بنگلا دیش کی 8 وکٹیں لے کر میچ میں جان ڈال دی تھی، وہ ثقلین مشتاق کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے دوسرے آف اسپنر بھی بن گئے ہیں، جب کہ دوسری اننگز میں ساجد 4 وکٹیں لے کر میچ کے ہیرو بن گئے۔

    پاکستان کا بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی کلین سوئپ

    ساجد خان نے کی تباہ کن بولنگ کی وجہ سے ڈرا ٹیسٹ کو جیت کی شکل مل گئی، پہلی اننگز میں ساجد کے پندرہ اوورز میں آٹھ وکٹوں نے میچ دل چسپ بنایا، آخری روز بھی ساجد خان چھائے نظر آئے۔

    شان دار بولنگ پر کھلاڑیوں نے ساجد خان کو مبارک باد دی، اننگز کے بعد ڈریسنگ روم میں انھوں نے تاریخ بنانے والی گیند پر اپنا بولنگ ریکارڈ بھی درج کیا۔

    میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ساجد خان نے کہا میں نے پلان کے مطابق ایک جگہ پر بولنگ کی اور کامیابی ملی، پوری ٹیم کی یہی سوچ تھی کہ ہمیں جیت کے لیے جانا ہے، جیت کا کریڈٹ صرف مجھے نہیں پوری ٹیم کو جاتا ہے۔

  • پاکستان کا بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی کلین سوئپ

    پاکستان کا بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی کلین سوئپ

    ڈھاکا: پاکستان نے خراب موسم اور بنگلا دیش کو شکست دے کر دوسرا ٹیسٹ ایک اننگز اور 8 رنز سے جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈھاکا میں پاکستان نے بنگلا دیشی ٹیم کو ڈھا دیا، ایک اننگز اور آٹھ رنز سے دوسرا ٹیسٹ بھی جیت لیا، بنگلا دیش کے خلاف پاکستان نے ٹی 20 کے بعد ٹیسٹ سیریز میں بھی کلین سوئپ کیا ہے۔

    2 میچز کی سیریز میں پاکستان کو دو صفر سے جیت ملی، آف اسپنر ساجد خان نے میچ میں 12 وکٹیں لیں۔

    بنگلا دیش کی ٹیم دوسری اننگز میں 205 رنز پر آؤٹ ہو گئی، پاکستان کی جانب سے 12 وکٹیں حاصل کر کے ساجد خان میچ کے ہیرو بن گئے، ساجد خان نے پہلی اننگز میں 8، دوسری اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔

    پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز پاکستانی کھلاڑی عابد علی نے حاصل کیا، پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں بنگلادیش کو ایک اننگز اور 8 رنز سے شکست دی۔

    پہلے دن بارش اور خراب روشنی رہی، لیکن پاکستان نے پانچویں دن میزبان ٹیم کو فالو آن سے دوچار کر دیا، 25 رنز پر 4 وکٹیں گرا دیں، 2 حسن نے اور 2 شاہین نے لیں۔

    اس کے بعد بنگلا دیشی بیٹسمین ڈٹ گئے، لٹن نے 45، مشفق نے 48، شاکب نے 63 رنز بنائے، ایسے میں بابر خود بولنگ کرنے کے لیے آئے، تو ساتویں وکٹ گری اور شاکب، ساجد کا شکار ہو گئے، اس کے ساتھ ہی جیت کا دروازہ کھل گیا اور ساجد نے آخری وکٹ لے لی، یوں 12 وکٹوں کے ساتھ وہ مین آف دی میچ رہے۔

    پاکستان نے مجموعی طور پر بنگلا دیش کے خلاف 13 میں سے 12 ٹیسٹ جیت لیے ہیں۔

  • پاکستان نے بنگلہ دیش کو 94 رنز سے شکست دے دی، ورلڈ‌ کپ کا سفر اختتام پذیر

    پاکستان نے بنگلہ دیش کو 94 رنز سے شکست دے دی، ورلڈ‌ کپ کا سفر اختتام پذیر

    لندن: ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کا سفر ختم ہوگیا، قومی ٹیم نے آخری گروپ میچ میں بنگلہ دیش کو 94 رنز سے شکست دے دی، نیوزی لینڈ بہتر رن ریٹ ہونے کی وجہ سے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لارڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کی جانب سے دئیے جانے والے 316 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی، شاہین شاہ آفریدی کو 6 وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔

    بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ 26 رنز پر گری، سومیا سرکار 22 رنز بنا کر محمد عامر کو وکٹ دے بیٹھے، تمیم اقبال کو 8 رنز پر شاہین آفریدی نے بولڈ کیا۔

    مشفیق الرحیم 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شکیب الحسن نے 64 رنز کی اننگز کھیلی انہیں شاہین آفریدی نے آؤٹ کیا، لٹن داس 32 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    محمود اللہ 29 رنز بنا کر بولڈ ہوئے، مصدق حسین کو 16 رنز پر شاداب خان نے آؤٹ کیا، محمد سیف الدین بغیر کوئی رن بنائے شاہین آفریدی کا نشانہ بنے، مشرفی مرتضیٰ 15 رنز بناسکے۔

    شاہین شاہ آفریدی نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاداب خان نے دو وکٹیں حاصل کیں، محمد عامر اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    اس سے قبل لارڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے اور بنگال ٹائیگر کو جیت کے لیے 316 رنز کا ہدف دیا تھا، بابر اعظم نے 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 23 رنز پر گری جب فخر زمان 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، گرین شرٹس کی دوسری وکٹ 180 رنز پر گری بابر عظم نروس نائنٹیز کا شکار ہوتے ہوئے 96 رنز پر محمد سیف الدین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

    امام الحق 100 رنز بنا کر ہٹ وکٹ آؤٹ ہوئے، محمد حفیظ 27 رنز بنا کر ایک بار پھر اسپنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، حارث سہیل 6 رنز بنا کر مستفیض الرحمان کا نشانہ بنے۔

    کپتان سرفراز احمد 2 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے، عماد وسیم نے 43 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، وہاب ریاض 2 اور شاداب خان ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد عامر 8 رنز بناسکے۔

    بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، محمد سیف الدین نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مہدی حسن ایک وکٹ لے سکے۔

     ورلڈ کپ 2019 میں آج پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں لارڈز کے تاریخی میدان میں مدمقابل ہیں۔ پاکستان کے سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات انتہائی کم ہیں۔ٹاس جیت کر پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف 350 رنز بنائے تو حریف کو 311 رنز سے ہرانا ہوگا، اگر پاکستان بنگلہ دیش کے خلاف 400 رنز بنائے تو حریف کو 84 رنز پر آل آؤٹ کرنا ہوگا۔

    ٹاس جیت کر پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے بڑا اسکور کریں، ہمیں پتہ ہے مارجن بہت بڑا ہے۔ کوشش کریں گے میچ جیتیں اور اچھا اختتام کریں۔

    بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، کوشش کریں گے پاکستان کو کم رنز پر روکیں۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، حارث سہیل، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، وہاب ریاض اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔

    بنگلہ دیشی ٹیم میں مشرفی مرتضیٰ (کپتان)، تمیم اقبال، سومیہ سرکار، شکیب الحسن، مشفق الرحمٰن، لٹن داس، محمد اللہ، مصدق حسین، مہدی حسن، محمد سیف الدین اور مستفیض الرحمٰن شامل ہیں۔

  • فائنل میں پہنچنے کیلئے کارکردگی دکھا کر بنگلہ دیش سے جیتنا ہوگا،عثمان بزدار

    فائنل میں پہنچنے کیلئے کارکردگی دکھا کر بنگلہ دیش سے جیتنا ہوگا،عثمان بزدار

    لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ فائنل میں پہنچنے کیلئےکارکردگی دکھا کربنگلہ دیش سے جیتنا ہوگا، نیک خواہشات اور دعائیں قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا فائنل میں پہنچنے کیلئے کارکردگی دکھاکر بنگلہ دیش سےجیتنا ہوگا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تمام صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، میدان میں انفرادی کی بجائے ٹیم ورک کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا امید ہے ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف فتح حاصل کرکے فائنل کھیلے گی، نیک خواہشات اور دعائیں قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔

    یاد رہے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ایشیا کپ میں ڈو اینڈ ڈائی مقابلہ آج ابوظہبی میں ہوگا، جیتنے والی ٹیم فائنل میں بھارت کے مدمقابل آئے گی۔

    سنسنی خیز مقابلہ شام ساڑھے چار بجے شرو ع ہوگا۔

    خیال رہے ایشیا کپ میں سپر فور مرحلے میں بھارت  ٹیم پہلے ، پاکستان دوسرے اور بنگلہ دیش تیسرے نمبر پر ہے، جبکہ پاکستان کو بھارت سے دونوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔