Tag: pak vs india

  • چیمپئنز ٹرافی 2025 : پاک بھارت ٹاکرا آج دبئی میں ہوگا

    چیمپئنز ٹرافی 2025 : پاک بھارت ٹاکرا آج دبئی میں ہوگا

    دبئی : دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا مقابلہ ’پاک بھارت ٹاکرا‘ آج دبئی میں ہوگا، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں دونوں بڑے حریف آمنے سامنے ہوں گے۔

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے 5ویں میچ میں آج بروز اتوار 23 فروری کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے۔

    اگر گزشتہ میچوں کی بات کی جائے تو اب تک پاکستان اور بھارت کے درمیان135ون ڈے میچز ہوچکے ہیں۔ جن میں پاکستان بھارت کے خلاف73ون ڈے میچ جیت چکا ہے جبکہ بھارت پاکستان کے خلاف57ون ڈے میچ جیت چکا ہے۔ دونوں کے درمیان 5ون ڈے کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

     چیمپئنز ٹرافی میں مجموعی طور پر پاک بھارت ٹاکرا 5 بار  ہوچکا ہے، پاکستان چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف 3میچز جیت چکا، بھارت چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے خلاف 2 میچز جیت چکا پاکستان گزشتہ 5ون ڈے میچز میں بھارت جیت نہیں سکا ہے۔

    اس کے علاوہ دبئی اسٹیڈیم پر پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان اب تک 58ون ڈے میچ کھیلے جا چکے ہیں۔

    دبئی اسٹیڈیم میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم 22بار کامیاب ہوئی، دبئی میں دوسری باربیٹنگ کرنے والی ٹیم نے 34بار میچ جیتا، دبئی اسٹیڈیم میں ٹیموں نے صرف 4بار300سے زائد رنز بنائے۔

    اس میدان میں سب سے بڑا ہدف287 رنز سری لنکا نے پاکستان کے خلاف حاصل کیا، دبئی میں روہت شرما نے بھارت کی طرف سے سب زیادہ رنز اسکور کیے۔

    دبئی کے گراؤنڈ پر 6 میچوں میں روہت شرما نے 358 رنز اسکور کیے جبکہ پاکستان کی جانب سے بابراعظم نے سب زیادہ رنز اسکور کیے۔

    بابراعظم  نے دبئی کے 6 میچوں میں 335 رنز اسکور کیے، ایک سنچری بنائی، دبئی کرکٹ گراؤنڈ پر پاکستان 22 میچ کھیل چکا ہے، بھارت دبئی میں کوئی میچ نہیں ہارا، 7 میں سے 6 جیتا ایک میچ ٹائی ہوا۔

  • سابق بھارتی کرکٹر نے اس پاکستانی بلے باز کو انڈیا کیلیے خطرہ قرار دے دیا

    سابق بھارتی کرکٹر نے اس پاکستانی بلے باز کو انڈیا کیلیے خطرہ قرار دے دیا

    چیمپئنز ٹرافی 2025 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کل بروز اتوار 23 فروری کو دبئی میں ٹکرائیں گے جس کیلیے شائقین میں کافی جوش و خرش پایا جاتا ہے۔

    سابق بھارتی کرکٹر پیوش چاولہ نے انڈین میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں بھارتی ٹیم کیلیے جس پاکستانی کھلاڑی کو خطرہ قرار دیا ہے وہ مڈل آرڈر بلے باز سلمان علی آغا ہیں جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف افتتاحی میچ میں شاندار کامیابی کا مظاہرہ کیا۔

    پیوش چاولہ نے سلمان علی آغا کی جارحانہ بلے بازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کی طرف سے سب سے بڑا خطرہ سلمان علی آغا ہیں کیونکہ وہ ایسے کھلاڑی ہیں جو کسی بھی وقت کھیل کا رخ بدل سکتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: سہ فریقی سیریز: سلمان علی آغا بہترین کھلاڑی قرار

    پاکستانی مڈل آرڈر بلے باز نے نیوزی لینڈ کے خلف میچ میں مشکل حالات کے باوجود 28 گیندوں پر 42 رنز بنائے تھے۔

    پیوش چاولہ نے کہا کہ جب پاکستان جنوبی افریقا کے خلاف 350 رنز کا تعاقب کر رہا تھا تو بلے باز جس طرح کی سنچری بنائی وہ قابل ذکر ہے۔

    ساتھ ہی سابق کرکٹر نے یہ بھی کہا کہ فارم کی بنیاد پر بھارت کو برتری حاصل ہے کیونکہ آئی سی سی ٹورنامنٹس اور خاص طور پر ون ڈے فارمیٹ میں انڈیا نے پاکستان کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

    یاد رہے کہ بھارت اور پاکستان چیمپئنز ٹرافی میں پانچ بار آمنے سامنے آچکے ہیں، پاکستان نے تین میچز میں کامیابی حاصل جبکہ بھارت دو میچز جیتا ہے۔

    پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں سرفراز احمد کی قیادت میں انڈیا کو 180 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

    مجموعی طور پر بھارت اور پاکستان نے 135 ون ڈے کھیلے ہیں، انڈیا نے 57 میچز جیتے ہیں جبکہ پاکستان نے 73 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے، پانچ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔

  • ویمنز ایشیاء کپ میں پاک بھارت فائنل کا امکان بڑھ گیا، شائقین پر جوش

    ویمنز ایشیاء کپ میں پاک بھارت فائنل کا امکان بڑھ گیا، شائقین پر جوش

    ویمنز ایشیاء کپ 2024 اپنے آخری مراحل داخل ہوچکا ہے، بھارتی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے، جبکہ ٹورنامنٹ کے فائنل سے قبل ایک بار پھر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فائنل ہونے کی چہ مگوئیاں شروع ہوچکی ہیں۔

    پاک بھارت شائقین کرکٹ روایتی حریفوں کے درمیان مقابلے کے متمنی ہیں اور اس مقابلے سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔

    ٹورنامنٹ کے اس ایڈیشن کا پہلا سیمی فائنل بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان ہوگا، یہ میچ جمعہ کی دوپہر 2 بجے دامبولا میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا سیمی فائنل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اسی روز شام 7 بجے کھیلا جائے گا۔

    اگر سیمی فائنل کے مقابلوں میں پاکستان سری لنکا کو اور بھارت بنگلہ دیش کو شکست تو دے دیں تو خواتین ایشیا کپ کا فائنل دو روایتی حریفوں کے درمیان ہوسکتا ہے۔

    بھارت اپنے تینوں لیگ میچ جیت کر ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پہنچا ہے۔ وہیں بنگلہ دیش کو گروپ مرحلے میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

    مانچسٹر ایئرپورٹ پر پاکستانی نژاد فیملی پر تشدد، باکسر عامر خان کا رد عمل

    بھارتی ٹیم کی اگر بات کی جائے تو ایشیاء کپ کی مضبوط دعویدار ہے،جبکہ بھارت کی طرح سری لنکا بھی اس ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے۔

  • پاک بھارت میچ کے دوران ٹنڈولکر نے فخر عالم سے کیا کہا؟

    پاک بھارت میچ کے دوران ٹنڈولکر نے فخر عالم سے کیا کہا؟

    ٹی20 ورلڈ کپ 2024میں پاکستان نے بھارت سے جیتا ہوا میچ ہار کر پوری قوم کو مایوس کیا، اتنے کم اسکور پر بھارتی شائقین بھی اپنی ٹیم کی فتح کے حوالے سے ناامید تھے۔

    اس ایک مثال ٹی وی اداکار اور میزبان فخر عالم نے پیش کی، اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پُرجوش میں فخر عالم جو اس وقت اسٹیڈیم میں موجود تھے نے ایک واقعہ بیان کیا۔

    انہوں نے کہا کہ 9 جون کے میچ میں بھارت کی اننگ ختم ہوئی تو ہمارے ساتھ یوراج سنگھ اور سچن ٹنڈولکر بھی بیٹھے ہوئے تھے ٹنڈولکر اور یووراج ہمارے کمپنی کے برانڈ ایمبیسیڈر ہیں، ٹنڈولکر نے ہمیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ میچ تو انڈیا کے ہاتھ سے نکل گیا ہے۔

    لیکن پھر ایسا ہوا جس کی ہمیں بھی امید نہیں تھی اور پاکستانی کھلاڑی یکے بعد دیگرے پویلین واپس جاتے ہوئے نظر آئے۔

    فخر عالم نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ جیتنے کیلئے ہراوور میں 6رنز چاہیے تھے، کہتے ہیں کہ ہماری ٹیم روایتی کرکٹ کھیلتی ہے،6رنز کی اوسط سے زیادہ اور کیا چاہیے تھا؟

    انہوں نے کہا کہ ملک میں کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کو درست کرنے کی ضرورت ہے، ایسا لگ رہا تھا ہم پتہ نہیں کیوں ٹی 20ورلڈ کپ کھیلنے گئے ہوئے تھے۔

    پروگرام کے میزبان وسیم بادامی نے طنزاً کہا کہ سچن ٹنڈولکر بے شک بہت بڑے کھلاڑی ہیں لیکن ہمارے 11لڑکوں نے انہیں بھی غلط ثابت کردیا۔

    یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا 9 جون کو ہونے والا پاک بھارت ٹاکرا ایسا مقابلہ رہا جو انتہائی لو اسکورنگ تھا اور پاکستان نے یہ جیتا ہوا میچ خود طشتری میں رکھ کر بھارت کو پیش کیا۔

    بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19اوورز میں 119رنز بنائے اور آل آؤٹ ہوگئے جواب میں پاکستان کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 113رنز ہی بنا پائی اس طرح قومی ٹیم چھ رنز سے یہ میچ ہاری۔

  • ’’صاف نظر آرہا ہے ٹیم میں دوستی یاری چل رہی ہے‘‘

    ’’صاف نظر آرہا ہے ٹیم میں دوستی یاری چل رہی ہے‘‘

    کراچی : ٹی20ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بھارت کے ہاتھوں جیتا ہوا میچ ہارنے پر سابق کرکٹر باسط علی نے کپتان بابر اعظم کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

    اے آر وائی نیوز پر جاری خصوصی نشریات ہر لمحہ پرجوش میں سابق کرکٹر باسط علی پاکستان کی شکست اور گرین شرٹس کی پرفارمنس پر آبدیدہ ہوگئے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت میچ نہیں جیتا بلکہ پاکستان میچ ہارا ہے، مداحوں کو سوگ میں نہیں ہونا چاہیئے، یہ ٹیم ہے ہی ایسی۔ پچیس پچیس ڈالرز میں یہ لوگ ڈنرز پر جاکر ملک و قوم کا نام بدنام کرتے ہیں۔

    قومی ٹیم کی شکست پر برہم باسط علی نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا شاداب خان کو بلے باز کے طور پر ٹیم میں رکھا ہوا ہے، صاف نظر آرہا ہے کہ ٹیم میں دوستی یاری چل رہی ہے، ابرار کو کیا ٹیم میں مجسمہ بنانے کے لیے رکھا ہوا ہے؟

    بابر اعظم کو کپتانی چھوڑ دینی چاہیے

    ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے بابر کو کپتانی سے ہٹایا انہوں نے ہی اسے دوبارہ کپتان بنادیا، بابراعظم کو دوبارہ کپتان بنانے والوں سے بھی سوال تو بنتا ہے۔ اس ورلڈ کپ کے بعد بابر اعظم کو کپتانی چھوڑ دینی چاہیے۔

     کراچی والو خوش ہوجاؤ

    انہوں نے بتایا کہ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے کہا تھا کہ کراچی والو خوش ہوجاؤ اسد شفیق کو ٹیم میں رکھا گیا ہے، کیا چیف سلیکٹر کے اس بیان پر کسی کو نوٹس نہیں لینا چاہیے تھا؟

    چیئرمین پی سی بی کو گمراہ کیا جارہا ہے

    باسط علی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کو گمراہ کیا جارہا ہے، چیئرمین پی سی بی اگر ثبوت مانگیں تو ضرور دوں گا۔

    نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں اس لیے نہیں کھلایا جاتا کہ وہ کارکردگی سے اپنی جگہ بنالیں گے، چیئرمین پی سی بی کیوں نہیں سمجھ رہے کہ یہ دوستی یاری کی ٹیم ہے۔

    بھارتی کپتان کے حوالے سے سے کیے گئے ایک سوال کے جواب میں باسط علی نے روہت شرما کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ہاتھ سے میچ نکل گیا تھا لیکن اس نے ہمت نہیں ہاری۔

    روہت شرما نے آج بہترین کپتانی کا مظاہرہ کیا ہے، بھارتی ٹیم نے آج بہت اچھا کھیل پیش کیا وہ بلاشبہ تعریف کی مستحق ہے۔

    یہ ٹیم ورلڈ کپ کے لیے نہیں ہے

    اس موقع پر کامران اکمل نے بھی اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کئی بارکہا ہےکہ یہ ٹیم ورلڈ کپ کے لیے نہیں ہے، ہمارے دور میں بھی دوستیاں چلتی تھیں لیکن آج جو کچھ ہورہا ہے پہلے نہیں دیکھا، انٹرنیشنل کرکٹ پر سمجھوتہ کریں گے تو ٹیم کا یہی حال ہونا ہے۔

    کامران اکمل کا کہنا تھا کہ آج قومی ٹیم نے برے سے برا کھیلا، بھارت کے خلاف جیتنے کا یہ اچھا موقع تھا، کیا دیگر بلے باز صرف بابراعظم کے آسرے پر ہی کھیلتے ہیں؟ قومی ٹیم امریکا سے بھی زیادہ بھارت کے خلاف برا کھیلی ہے۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ : بابر اعظم نے بھارت سے شکست کی بڑی وجہ بتا دی

    ٹی 20 ورلڈ کپ : بابر اعظم نے بھارت سے شکست کی بڑی وجہ بتا دی

    نیو یارک : پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھارت سے شکست کا ذمہ دار بلے بازوں کو قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہم نے آخری اوورز میں بہت غلطیاں ہوئیں۔

    نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں گروپ اے کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے پاک بھارت میچ میں شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم اپنی غلطیوں پرغور کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آج ہماری بولنگ بہت اچھی رہی، ہم نے بھارت کو 120رنز تک محدود رکھا لیکن ہمارے بلے بازوں نے بہت بال مس کیں جس سے پریشر بڑھا۔

    کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ بہت زیادہ ڈاٹ بالز ہونے کی وجہ سے بلے باز دباؤ میں آگئے، یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے سے ہم پر کافی پریشر آیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ آخری اوورز میں بہت غلطیاں کیں، سوچا تھا کہ پہلے6اوور اچھےکھیل لیے تو ہدف آسانی سے حاصل کرلیں گے۔

    اپنی گفتگو میں کپتان بابراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اننگز کے بقیہ دس اوورز میں اچھی بیٹنگ نہیں ہوسکی، ہمیں آئندہ دو میچوں میں اچھی کارکردگی کی امید ہے۔

    واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بلے بازوں کی لاپروائی، غیر ذمہ داری اور غفلت نے پاکستان کو بھارت کے خلاف جیتا ہوا میچ ہروا دیا، قومی ٹیمم کو 6 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    گرین شرٹس 120 رنز کا ہدف بھی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ پاکستانی بیٹرز ایک بار پھر بھارت کے خلاف ڈھیر ہوگئے، بابر اعظم، افتخار احمد، شاداب خان اور عماد وسیم میچ میں بری طرح ناکام ثابت ہوئے۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ : اعظم خان بھارت کیخلاف میچ سے باہر، ذرائع

    ٹی 20 ورلڈ کپ : اعظم خان بھارت کیخلاف میچ سے باہر، ذرائع

    نیویارک : ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے سب سے اہم پاک بھارت میچ سے قبل قومی ٹیم میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم خان کو اس میچ سے باہر کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین آج بروز اتوار کھیلے جانے والے میچ سے قبل قومی ٹیم میں کی جانے والی تبدیلی سے متعلق اہم خبر سامنے آگئی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں آج نیویارک کے اسٹیڈیم میں مدمقابل آرہے ہیں جہاں پاکستان کے کھلاڑی اعظم خان ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

    اعظم خان

    ذرائع کے مطابق پریکٹس سیشن میں اعظم خان کو بیٹنگ پریکٹس نہیں کرائی گئی کیونکہ ہیڈ کوچ اعظم خان کی موجودہ کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔

    دوسری جانب ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اعظم خان کی جگہ قومی کرکٹر عماد وسیم کی ٹیم میں واپسی کا قوی امکان ہے۔

    یاد رہے کہ قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امریکا کے خلاف میچ میں مایوس کن کارکردگی دکھانے پر شائقین کی کڑی تنقید کی زد میں ہیں۔

    مذکورہ میچ میں قسمت نے اعظم خان کا ساتھ نہ دیا اور وہ صفر پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے، تاہم اس صورتحال پر پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل ان کا دفاع کرتے ہوئے نظر آئے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہرلمحہ پرجوش میں گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ مڈل آرڈر میں کوئی آپشن نہیں اعظم خان کو اسکواڈ میں رکھنا پڑے گا، اعظم خان کو بھارت کے خلاف میچ میں کھلانا چاہیے۔

  • پاک بھارت ٹاکرا، قومی ٹیم آج نیویارک میں پریکٹس کریگی

    پاک بھارت ٹاکرا، قومی ٹیم آج نیویارک میں پریکٹس کریگی

    نیویارک: قومی ٹیم آج نیویارک میں پاک بھارت ٹاکرے کیلئے بھرپور پریکٹس کرے گی۔ ٹیم گزشتہ روز ڈیلاس سے نیویارک پہنچی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا سے شرمناک شکست کھانے کے بعد قومی ٹیم کل بروز اتوار نیویارک میں بھارت سے مقابلہ کرے گی۔

    نیویارک میں کل دو روایتی حریف آپس میں ٹکرائیں گے، میچ سے ایک روز قبل قومی کرکٹ ٹیم ڈیلس سے نیو یارک پہنچی ہے، کھلاڑیوں نے گزشتہ روز مکمل آرام کیا اور آج بھرپور پریکٹس سیشن ہوگا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ محسن نقوی بھی پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کے لئے نیوریاک میں موجود ہیں، وہ اہم میچ سے قبل قومی کرکٹرز سے ملاقات کریں گے اور ان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

    واضح رہے کہ میگا ایونٹ میں امریکا سے اپ سیٹ شکست پر ڈریسنگ روم کا ماحول بھی افسردہ ہے۔جبکہ قومی ٹیم پر شدید تنقید کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    ٹی 20 ورلڈکپ، بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 2 وکٹوں سے شکست دیدی

    ٹیم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کا کہنا تھا کہ کسی نے بھی میچ پلان پر عمل نہیں کیا، قومی کپتان بابر اعظم نے بھی شکوہ کیا اور کہا کہ باؤلرز نے اچھی کارکردگی نہیں دکھائی جو ہار کا سبب بنی۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ : پاک بھارت ٹاکرے میں دہشت گردی کا خطرہ

    ٹی 20 ورلڈ کپ : پاک بھارت ٹاکرے میں دہشت گردی کا خطرہ

    آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شیڈول پاک بھارت میچ کے حوالے سے تشویشناک رپورٹ سامنے آئی ہے، جس کے مطابق میچ سے قبل دہشت گردی کا خطرہ بتایا جارہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر نیویارک انتظامیہ نے اسٹیڈیم کی سیکیورٹی بڑھادی ہے۔

    گورنر کے دفتر سے جاری بیان میں کیا گیا ہے کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں تاہم اس وقت عوامی تحفظ کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔

    ترجمان گورنر آفس کے مطابق انتظامیہ قانون نافذ کرنے والےحکام کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے، عوام کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ ہم پُرعزم ہیں کہ ٹی20ورلڈ کپ محفوظ اور یادگار ثابت ہوگا، یاد رہے کہ اس میگا ایونٹ میں پاک بھارت ٹاکرا 9جون کو نیویارک میں شیڈول ہے۔

    یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیراہتمام ٹی 20 ورلڈ کپ کا نواں ایڈیشن یکم سے 29 جون تک ویسٹ انڈیز اور امریکا میں کھیلا جائے گا۔

    کون سی ٹیم کس گروپ میں ہے؟

    ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان، بھارت، کینیڈا، آئرلینڈ، امریکا، انگلینڈ، آسٹریلیا، نمیبیا، اسکاٹ لینڈ، اومان، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، افغانستان، پاپوا نیوگنی ،یوگنڈا، جنوبی افریقا، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیپال اور نیدر لینڈز سمیت 20 ٹیمیں شامل ہیں۔

    ان ٹیموں کو چار مختلف گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت، کینیڈا، آئر لینڈ اور امریکا شامل ہیں۔

    گروپ بی میں انگلینڈ، آسٹریلیا، نمیبیا، اسکاٹ لینڈ اور اومان کو رکھا گیا ہے۔

    گروپ سی میں نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، افغانستان، پاپوانیوگنی اور یوگنڈا شامل ہیں جبکہ گروپ ڈی میں جنوبی افریقا، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیپال اور نیدر لینڈز شامل ہیں۔

  • ٹیم کیلئے کھیلنے والے ہی باہر ہوجاتے ہیں، اظہرعلی بھی بول پڑے

    ٹیم کیلئے کھیلنے والے ہی باہر ہوجاتے ہیں، اظہرعلی بھی بول پڑے

    آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023میں بھارت کے ہاتھوں قومی کرکٹ ٹیم کی شرمناک شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    اس حوالے سے کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے بڑے مقابلے میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی نے بہت مایوس کیا، پاکستان بھارت کے پریشر میں آگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں میزبان نجیب الحسنین سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی بھی خاموش نہ رہے اور ٹیم کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیئے۔

    سابق کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ ٹیم کیلئے کھیلنے والے کھلاڑی ٹیم سے ہی باہر ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو کھلاڑی پچھلے میچوں میں اچھی کارکردگی دکھارہے ہوتے ہیں ایسا نہیں ہے کہ وہ چھکا نہیں لگا سکتے بس ذرا سی ہمت کی ضرورت ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جب حالات قابو میں ہوں اس وقت ہی کوشش کرنی چاہیے ورنہ پریشر میں آنے کے بعد سنبھلنا بہت مشکل ہوتا ہے۔

    اس موقع پر باسط علی کا کہنا تھا کہ ہمارے بلے باز سامنے والے بالر کو دیکھتے ہیں جبکہ دیکھنا یہ چاہیے کہ ان کی بال پر رنز کیسے رن لینے ہیں اور کہاں پر شاٹ کھیلنی ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ 2023میں بھی بھارت سے شکست کھانے کی روایت برقرار رکھی گزشتہ روز احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے میچ میں بھارت نے پاکستان کے 192 رنز کا ہدف 30 اعشاریہ 3 اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا تھا۔

    قومی ٹیم کے بلے باز ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور پوری ٹیم 191 رنز پر ڈھیر ہوگئی جبکہ بھارتی ٹیم نے باؤلرز کی بھی درگت بنائی۔