کراچی: نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقدہ پاکستان اور سری لنکا کا کرکٹ میچ تیز بارش سے گراؤنڈ میں پانی کھڑا ہوجانے کے سبب منسوخ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ہونے والی تیز بارش سے جمع ہونے والے پانی کے خشک نہ ہونے کےامکانات دیکھ کر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک سری لنکا میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق تیز بارش کے سبب ٹاس بھی نہیں ہو سکا ہے اور آؤٹ فیلڈ بھی گیلی ہے جس کے سبب میچ منسوخ کیا گیا۔ کچھ دیر قبل تک پی سی بی کا ارادہ تھا کہ رات ساڑھے آٹھ بجے تک بھی میچ کے امکانات ہوئے تو ون ڈے میچ کو ٹی ٹوئنٹی میں تبدیل کردیا جائے گا۔
امپائرز نے کچھ دیر قبل گراؤنڈ کا جائز ہ لیا جہاں تیز بارش کے سبب پانی جمع ہے اور اطراف بھی پانی سے لبریز ہیں، ان عوامل کے سبب میچ کو منسوخ کرتے ہی بنی اور شائقین کرکٹ کو مایوس ہی گھر لوٹنا پڑا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے شائقین کو میچ ٹکٹ کے پیسے واپس کرد یے جائیں گے کیونکہ دوسرا ون ڈے میچ انتیس ستمبر کو شیڈول ہے اور بیچ میں میچ کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 2 اکتوبر کو کھیلا جائےگا۔
ون ڈے سیریز کے تینوں میچز کراچی میں ہی شیڈول ہیں اور تینوں میچز ڈے اینڈ نائٹ منعقد ہونا ہیں۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا آغاز 5 اکتوبر کو ہوگا۔تینوں ٹی ٹونٹی کرکٹ میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے اور تینوں میچز نائٹ ہوں گے۔
برسٹل : پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کرکے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیدیا گیا، شدید بارش کی وجہ سے میچ کا ٹاس بھی نہ ہوسکا۔
تفصیلات کے مطابق برسٹل گراؤنڈ میں کرکٹ ورلڈ کپ کا پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا میچ مسلسل بارش کے باعث انتظامیہ نے منسوخ کردیا۔
میچ منسوخی کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔ بارش کی وجہ سے میچ میں ٹاس بھی نہیں ہوسکا تھا، ورلڈ کپ کا گیارہواں میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونا تھا تاہم اب اس کی منسوخی کا اعلان کردیا گیا ہے۔
برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق آج برسٹل میں رات تک مسلسل بارش ہوگی، دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اپنے ابتدائی دو میں سے ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کرکٹ ورلڈکپ میچز میں اب تک 7 بارآمنےسامنے آئے ہیں اور پاکستان نے ساتوں میچزمیں سری لنکا کو شکست دی ہے ، تاہم آج برسٹل میں تیز بارش کے سبب میچ منسوخ ہونے پر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا ہے۔
شارجہ: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان شارجہ میں کھیلے جانے والے چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان ٹیم نے 174 رنزکا ہدف39 اوورزمیں 3 وکٹوں پربا آسانی حاصل کیا، شعیب ملک اور بابراعظم نے نصف سنچریاں اسکور کیں، پاکستان کو پانچ میچوں کی سیریز میں 0-4 کی برتری حاصل ہوگئی۔
قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان17رنز بنا سکے جبکہ شعیب ملک اور بابر اعظم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 69- 69 رنز اسکور کیے۔
اس سے قبل سری لنکن ٹیم پاکستانی بالرز کا سامنا نہ کرسکی اور پورے اوورز کھیلے بغیرہی 173 رنز پر ڈھیر ہوگئی، حسن علی نے تین، شاداب خان اور عماد وسیم نے 2،دو وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، تھریمانے 62اسکور کے ساتھ نمایاں رہے، ون ڈے میں ڈیبیو کرنے والے پاکستانی کھلاڑی عثمان خان شنواری نے اپنے پہلے اووور میں ہی سری لنکا کی بڑی وکٹ اپنے نام کی۔
انہوں نے سری لنکن کپتان اپل تھرنگا کو کوئی رن بنائے بغیر ہی پویلین بھیج دیا، تھریمانے کے علاوہ کوئی سری لنکن کھلاڑی پاکستانی بالرز کے آگے جم کر نہ کھیل سکا، سری لنکا کی پوری ٹیم 43.3اوورز میں 173رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
یاد رہے کہ سری لنکا کے ساتھ پاکستان کو مذکورہ 5 میچوں کی سیریز میں 0-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے۔
چوتھے ون ڈے کے لیے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی تھیں، رومان رئیس اور فہیم اشرف کی جگہ عثمان شنواری اور عماد وسیم کو ٹیم میں شامل کیا گیاتھا۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اس بات کی خوشی ہے کہ ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد کھلاڑیوں نے ون ڈے سیریز میں زبردست کم بیک کیا ہے اور تینوں میچوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم مسلسل 7 ون ڈے میچز میں کامیابی حاصل کر چکی ہے جبکہ سری لنکا کو مسلسل 10 ون ڈے میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔
ابو ظہبی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکن ٹیم کوسات وکٹوں سے شکست دے کر 5 میچوں کی ون ڈے سیریز اپنے نام کرلی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ابوظہبی میں کھیلے جارہے تیسرے ون ڈے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کو209رنز کا ہدف دیا تھا جسے پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر باآسانی پورا کرلیا۔
قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق نے ڈیبیو میچ میں شاندارسنچری بنائی، بہترین کاکردگی پر امام الحق کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔
انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے125گیندوں پر5چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے سینچری اسکور کی، اس کے علاوہ فخر زمان نے 29 ، محمد حفیظ نے 34 اور بابر اعظم نے 30رنز بنائے۔
اس فتح کے بعد پاکستان کو5میچوں کی سیریزمیں3صفرکی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے۔
اپنےچچا انضمام الحق کی طرح بنناچاہتا ہوں، امام الحق
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے امام الحق نے کہا کہ میرا کوئی رول ماڈل نہیں، انضمام الحق کی طرح بنناچاہتا ہوں، انضمام الحق میری بہت مدد کرتےہیں،جب بھی مشکل آتی ہے چچاسے مدد لیتاہوں، کافی عرصےسے موقع ملنے کاانتظار کررہا تھا، موقع دینے پرکوچ مکی آرتھراور کپتان سرفراز احمد بھائی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
حسن علی کی پرفارمنس روز بروز بہترہو رہی ہے، سرفراز احمد
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ سیریز جیتنے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، حسن علی کی پرفارمنس روز بروز بہترہو رہی ہے، اس کے علاوہ دیگر نوجوان کھلاڑی بھی شاندار کارکردگی کامظاہرہ کررہے ہیں۔
قبل ازیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کی پوری ٹیم 48.2اوورز میں 208 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، سری لنکا کی جانب سے اپل تھرنگا نے سب سے زیادہ61رنز بنائے تھسارا پریرا38جبکہ لہیرو تھریمانے28رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے پانچ، شاداب خان نے دو ، جنید خان اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
حسن علی کی پچاس وکٹیں مکمل
قومی ٹیم کے بالر حسن علی نے پانچ سری لنکن کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا اور اس کے ساتھ ہی حسن علی کی ون ڈے میں 50 وکٹیں مکمل ہوگئیں۔
یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم اس سال محض چار ون ڈے میچز جیت سکی ہے اور پاکستان کے ساتھ ہونے والے آج کھیلے جانے والے ون ڈے میچز کو ملا کر لگاتار دس میچز ہار چکی ہے۔
سری لنکا کے ساتھ سیریز کے باقی میچز میں سے دو شارجہ (20 اور 23 اکتوبر) میں کھیلے جائیں گے۔
سری لنکن ٹیم پاکستان کے ساتھ تین ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے گی جس میں سے دو میچز ابوظہبی ( 26 اور 27 اکتوبر ) میں کھیلے جائیں گے جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا فائنل 29 اکتوبر کو لاہور میں منعقد ہوگا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔
دبئی : شاہینوں نے ٹیسٹ سیریز کی شکست کا بدلہ لے لیا، دبئی ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکا کو83رنز سے شکست دےدی، سری لنکا293رنزکےتعاقب میں 209 رنزبناسکا۔
تفصیلات کے مطابق فارمیٹ اور کٹ بدلتے ہی شاہینوں کی پرفارمنس بھی بدل گئی۔ پہلے ون ڈے میں قومی ٹیم کی بیٹنگ بھی چلی اور بولنگ بھی لاجواب رہی، اس بار بابر اعظم کی روٹھی فارم بھی مان گئی، انہوں نے103رنز بناکر کیرئیر کی چھٹی سنچری اسکور کی۔
اوپنر احمد شہزاد بارہ گیندیں کھیل کر بھی اپنا کھاتہ نہ کھول پائے اور رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ آئے، شعیب ملک کو سپورٹ کرنے ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا بھی اسٹیڈیم میں موجود تھیں، شعیب ملک کی دھواں دھار بیٹنگ پر ثانیہ بےحد خوش نظر آئیں۔
بابر اعظم کی سنچری اور شعیب کی ففٹی کی بدولت پاکستان نے 293رنزکا ہدف دیا۔ جواب میں پاکستانی بولرز نے لنکن بلےبازوں کو باآسانی قابو کرلیا۔
تھرمانے کے علاوہ کوئی کھلاڑی پاکستانی بولرز کے آگے نہ ٹک سکا۔ پاکستان نے209رنز پر سری لنکا کو ڈھیر کرکے میچ83رنز سے جیت لیا۔
پاکستان کو پانچ میچوں کی سیریزمیں0-1کی برتری حاصل ہوگئی، رومان رئیس اور حسن علی نے 3،3کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا، محمد حفیظ اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ لی، شعیب ملک میچ کےبہترین کھلاڑی قرار پائے۔
ہدف کے تعاقب میں ڈک ویلا اور تھرنگا نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن پاکستان کی خطرناک باؤلنگ کے آگے ٹکنے میں کامیاب نہیں ہوئے، ویلا19اور تھرنگا18رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
چندی مل چاراور مینڈس دو رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ سری وردنا بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کی گیند کا نشانہ بنے اور بولڈ ہو کر پویلین لو ٹ گئے ،پیریرا21رنز پر شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
سری لنکا کی جانب سے تھریمانے 53رنز کے ساتھ سرفہرست رہے اور دنانجا 50رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سری لنکن کپتان تھرنگا کا کہنا تھا کہ پاکستان نےاچھی بیٹنگ کی، پاکستان کو270رنزسے کم پرروک سکتےتھے، ابتدائی وکٹیں جلد گرنےسے ہدف کا تعاقب مشکل ہوگیا، ہمارے بلےبازوں کوکارکردگی بہترکرنے کی ضرورت ہے،
قومی ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز ہارنےکے بعد پہلامیچ جیتنا بہت ضروری تھا، جیت کاکریڈٹ پوری ٹیم کوجاتاہے، پہلے بیٹنگ کرکے بڑا اسکورکرنا کوشش ہوتی ہے۔
سرفرازاحمد نے کہا کہ امید تھی کہ محمد حفیظ اورشعیب ملک کے آنے سےمورال بلند ہوگا، بابر اعظم نے بہترین اننگز کھیلی۔
قبل ازیں سری لنکا اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم نے بابر اعظم کی سینچری103رنز اور شعیب ملک کی نصف سینچری81رنز کی بدولت293رنز کا ہدف دیا تھا۔
سری لنکا کے کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے اوپنر فخر زمان اور احمد شہزاد نے کھیل کا آغاز کیا۔
بارہ گیندیں ضائع کرنے کے بعد احمد شہزاد کوئی رن بنائے بغیر ہی پویلین واپس چلے گئے، فخر زمان نے 43رنز کی اننگ کھیلی۔
شعیب ملک نے شاندار81رنز بنائے جبکہ محمد حفیظ 32 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، ٹیم کے کپتان سرفراز احمد صرف ایک رن بناسکے، پاکستان نے مقررہ 50اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر292 رنز بنائے۔
پاکستان ٹیم میں سرفراز احمد کپتان، احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، عماد وسیم، رومان رئیس، شاداب خان، حسن علی اور جنید خان شامل ہیں۔
سری لنکا ٹیم میں اوپل تھرنگاکپتان، نیروشن ڈیکویلا، کوشل مینڈس، لاہیرو تھریمانے، دنیش چندی مل، تھیسارا پریرا، انوشا داننجایا، سریش لکمل، جے ویندرسے، گاماگے اور ایم سری وردنے شامل ہیں۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔
دبئی : پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جانے والا دبئی ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا، کپتان اور نائب کپتان کی نصف سنچریوں نے ٹیم کو سنبھالا دے دیا، کھیل کے آخری روز پاکستان کو جیت کیلئے119رنز درکار ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا کی پوری ٹیم96رنز پر ہی پویلین سے باہر چلی گئی۔
پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ حارث سہیل نے صرف ایک رن دے کر تین وکٹیں لیں جبکہ یاسر شاہ نے دو اور محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بعد ازاں پاکستان ٹیم نے اپنی اننگز کا آغازکیا تو صرف باون رنز پر آدھی ٹیم کے آؤٹ ہوجانے کے بعد کپتان اور نائب کپتان نے ریسکیو ورک شروع کیا۔
تین سو سترہ رنز کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز تباہ کن تھا، قومی ٹیم کے بلے باز سمیع اسلم، شان مسعود، بابراعظم اور اظہرعلی قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے۔
بابر اعظم نے تو اپنا کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت گوارہ نہ کی، سرفراز اور اسدشفیق کی نصف سنچریوں نےپاکستان کو بچالیا۔
چوتھے روز کے اختتتام پر قومی ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنالیے ہیں، اس وقت کریز پر کپتان سرفراز احمد 57 اور اسد شفیق 86 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔
اسد شفیق نے پانچ چوکوں کی مدد سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 19 ویں نصف سینچری مکمل کی، پاکستان ٹیم کو اس میچ میں جیت کیلئے مزید 119 رنز درکار ہیں اور اس کی پانچ وکٹیں باقی ہیں، یاد رہے کہ پاکستان یواےای میں آج تک کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں ہارا۔
دبئی : پاکستان کی بیٹنگ لائن دبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بری طرح ناکام ہوگئی، سری لنکا نے دو سو باسٹھ رنز پرواپس پویلین پہنچا دیا، فالو آن کے بجائے مہمان ٹیم خود بیٹنگ کررہی ہے، دن کے اختتام تک پاکستانی بولرز پانچ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر اور مڈل آرڈر سب کچھ ناکام رہا۔
دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم دو سو باسٹھ رنز پرہی ڈھیر ہوگئی اور دو سو بیس رنز کی برتری سری لنکا کو مل گئی۔
سری لنکن اسکور چار سو بیاسی رنز کے جواب میں شاہینوں کی بیٹنگ فلاپ رہی۔ اظہر علی اور حارث سہیل نے نصف سنچریاں بنائیں لیکن قومی ٹیم کی مشکلات دور نہ ہوئیں۔
بڑے ہدف کا عزم لے کر سری لنکن ٹیم فالو آن کے بجائے خود بیٹنگ کررہی ہے۔
ابوظہبی : پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن سری لنکا نے دو سو ستائیس رنزبنائے اور اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے ہیں، کرونارتنے93رنز بنا کر رن آؤٹ ہو ئے۔
تفصیلات کے مطابق ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے روز سر ی لنکا کی بیٹنگ سست مگر پر اعتماد رہی، آئی لینڈرز نے چار وکٹ کے نقصان پر دو سو ستائیس رنزبنالئے، کرونارتنے نے تیرانوے رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
یاسر شاہ نے دو وکٹیں حاصل کرکے اپنے کیریئر کی ایک سو پچاس وکٹیں مکمل کر لیں، حسن علی نے 1ایک وکٹ حاصل کی، سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
اٹھارہویں اوور میں حسن علی نے پاکستانی کو بریک تھرو دلادیا، اگلے ہی اوور میں یاسر شاہ نے لہیرو تھرمانے کو آوٹ کر کے سری لنکا کو دوسرا جھٹکا دے دیا۔ اکسٹھ کے اسکور پر یاسر نے پاکستان کےلئے تیسری وکٹ حاصل کی۔
مینڈس کے آؤٹ ہوتے ہی کھانے کا وقفہ ہوگیا، پہلا سیشن پاکستانی بولرز کے نام رہا، دوسرے سیشن میں سری لنکن بلے باز ڈٹے رہے، اوپنر کرونارتنے نے چندی مل کے ساتھ سنچری شراکت بناتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنائی۔
اننگز کے تیسرے سیشن میں پاکستان کو اہم کامیابی ملی، اوپنر کرونارتنے ترانوے رنزبناکر رن آؤٹ ہوگئے، پہلے روز کے اختتام پر سری لنکا نے چار وکٹ پر دو سو ستائیس رنز بنالئے ہیں۔
لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے کیمپ کیلئے اٹھارہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا۔ پہلا ٹیسٹ اٹھائیس ستمبر سے ابوظہبی میں شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے تیاریوں کا آغاز کردیا، تربیتی کیمپ کیلئے پی سی بی نے اٹھارہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔
یو اے ای میں سری لنکا کے خلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم کا ٹریننگ کیمپ انیس سے تئیس ستمبر تک قذافی اسٹیڈیم میں جاری رہے گا۔
کیمپ کیلئے اٹھارہ کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد،اظہرعلی،شان مسعود،احمدشہزاد، سمیع اسلم، بابراعظم، اسد شفیق،حارث سہیل،عثمان صلاح الدین، محمدرضوان، یاسرشاہ، محمداصغر، بلال آصف، میرحمزہ، محمدعامر، محمدعباس، وہاب ریاض اور حسن علی کے نام شامل ہیں۔
لاہور: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کرکٹ سیریز کا آغاز 28 ستمبر سے ہوگا، دونوں کے درمیان دو ٹیسٹ میچ، تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے، آخری دو ٹی ٹوئنٹی لاہور میں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 28 ستمبر سے 2 اکتوبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 6 اکتوبر سے 10 اکتوبر تک ابوظہبی میں شیڈول ہے۔
ون ڈے سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 13 اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا، دوسرا اور تیسرا ون ڈے 16 اور 18 اکتوبر کو ابوظہبی میں ہوگا جب کہ چوتھا ون ڈے 20 اکتوبر اور پانچواں ون ڈے 23 اکتوبر کو شارجہ میں ہوگا۔
اسی طرح ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ26 اکتوبر کو دبئی میں ہوگا بعدازاں اگلے دو ٹی ٹوئنٹی میچز 28 اور 29 اکتوبر کو لاہور میں ہوں گے۔
خیال رہے کہ لاہور میں ہونے والے دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہیں،پی سی بی نے شیڈول سری لنکا کرکٹ بورڈ کو بھیج دیا ہے جس کی جلد منظوری کا امکان ہے۔
ویسٹ انڈیز اور دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی، نجم سیٹھی
اس ضمن میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بور نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ سری لنکا کے بعد ویسٹ انڈیز اور پھر دوسری ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی،وزیر داخلہ سے ملاقات ہوئی ہے انہوں نے بھرپور سیکیورٹی کا یقین دلایا ہے۔
اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے سگنلز گرین ہیں، چاہتے ہیں کہ لاہور سے پہلے کراچی میں میچز ہوں اور لاہور کے بعد پورے پاکستان میں میچز ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں پی ایس ایل کے بعد عالمی کرکٹرز پاکستان ضرور آئیں گے۔