Tag: پاک بھارت کشیدگی

  • پاک بھارت کشیدگی، سندھ حکومت نے محکمہ بلدیات میں ایمرجنسی نافذ کردی

    پاک بھارت کشیدگی، سندھ حکومت نے محکمہ بلدیات میں ایمرجنسی نافذ کردی

    کراچی:پاک بھارت کشیدگی کے پیش ِ نظر سندھ حکومت کے محکمہ بلدیات نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام افسران وملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے محکمہ بلدیات کی جانب سے گزشتہ رات نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا جس میں پاک بھارت کشیدگی کے پیش ِنظر بلدیاتی اور شہری اداروں کو باہمی رابطے کو مضبوط بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    نوٹی فکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بلدیاتی ادارے ہیوی مشینری تیار رکھیں۔صوبے بھر کی کونسلوں سے فائر ٹینڈرز،باوزر،ڈمپر،لوڈر،فراہمی ونکاسی آب کے پمپس کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔

    بلدیاتی کونسلوں سے مشینری کی موجودگی کے مقامات سے بھی آگاہ کرنے کو کہا گیا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ تمام واٹر اسکیموں سے پانی کی سپلائی کو ہرممکن بحال رکھنے کے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    بلدیاتی اداروں کو حکم دیا گیا ہے کہ عوام کوخطرے سے آگاہ کرنے والے سائرن بھی تیار رکھا جائے تاکہ کسی بھی خطرے کی صورت میں عوام کو بروقت آگاہی دی جاسکے۔

    سند ھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں افسران اور ملازمین کو دفاتر میں موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔احکامات پر عمل نہ کرنے والے افسران وملازمین کو سخت محکمہ جاتی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ رات بھارت کی ممکنہ شر انگیزی کے پیش ِ نظر کراچی سمیت ملک کے کئی حساس مقامات پر لائٹ بند کرکے بلیک آوٹ کردیا گیا تھا اور اسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی تھی۔

  • بھارت اگرپاکستان کی طرف آیا توقہربن کرٹوٹ پڑیں گے‘‌‌ شیخ رشید

    بھارت اگرپاکستان کی طرف آیا توقہربن کرٹوٹ پڑیں گے‘‌‌ شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ کل کے جواب کے بعد بھارت کی ایئرفورس کوسانپ سونگھ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شیخ رشید احمد نے کہا کہ چینی سفیرسے ملاقات ہوئی وہ کشیدگی کم کرنے میں کافی پرامید ہیں، عالمی طاقتیں کشیدگی کم کرنے کے لیے پوری کوشش کررہی ہے۔

    وزیر ریلوے نے کہا کہ آج خطرہ کم ہے، خطرہ زیادہ تھا اس لیےسمجھوتہ ایکسپریس نہیں چلائی، پیر سے سمجھوتہ ایکسپریس پھرچلے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری پاک فضائیہ کا صلاحیتوں میں کوئی مقابلہ نہیں ہے، کل کے جواب کے بعد بھارت کی ایئرفورس کوسانپ سونگھ گیا۔

    شیخ رشید احمد نے کہا کہ بھارت کوواضح پیغام ہے ہم جنگ نہیں چاہتے، ہمیں کشیدگی کم کرنی چاہیے، وزیراعظم نے پھرکہا تحقیقات کے لیے تیارہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اگرجنگ ہوئی تو یہ آخری جنگ ہوگی، خونی اورہولناک ہوگی، جنگ کی صورت میں تاریخ کا دھاوا اوردائرہ بدل جائے گا۔

    وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ بھارت کی لڑائی بھارتی میڈیا لڑرہی ہے، بھارتی میڈیا کی کوشش ہے بس کسی طرح جنگ ہوجائے۔

    شیخ رشید احمد نے کہا کہ کل کے واقعے کے بعد بھارتی اینکرزکا مورال ڈاؤن ہے، بھارت اگر پاکستان کی طرف آیا توقہربن کرٹوٹ پڑیں گے۔

    پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی طیارے مارگرائے، آئی ایس پی آر

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے 2 طیارے مار گرائے تھے جبکہ ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں کو پاکستانی فضائی حدود میں نشانہ بنایا گیا، ایک بھارتی طیارہ آزاد جموں کشمیر اور دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرا۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل بھارت کے طیاروں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جس پر پاکستانی طیاروں نے بروقت ردعمل دیا تو بھارتی طیارے اپنا پے لوڈ لائن آف کنٹرول کے علاقے جبہ میں گراتے ہوئے فرار ہوگئے تھے۔

  • پاک بھارت کشیدگی ختم کرانے کے امریکی بیان پرشاہ محمود قریشی کا خیرمقدم

    پاک بھارت کشیدگی ختم کرانے کے امریکی بیان پرشاہ محمود قریشی کا خیرمقدم

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے جنگیں مسائل کا حل نہیں، حل مذاکرات سے ہی نکلتا ہے، صدر ٹرمپ کے بیان پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا خیر مقدم کیا۔ اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا کے پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت سے بھی قریبی تعلقات ہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا کا اس معاملے میں دلچسپی لینا اچھا اور مثبت قدم ہے، کینیڈین وزارت خارجہ کی جانب سے بھی ابھی مراسلہ ملا ہے۔ پاکستان ہمیشہ سے کشیدگی کے حق میں نہیں رہا۔ کشیدگی کا حل صرف گفت و شنید ہے، بھارت کو کہ چکے ہیں کہ آئیں بات کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ بننے سے پہلے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کی، ہماری نئی سوچ ہے نیا پاکستان بننے جا رہا ہے، ہمیں ماضی میں نہیں رہنا چاہیئے۔

    وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ کاش بھارت ماضی سے نکل کرآگے بڑھے اور صورتحال کو سمجھے، ہم تو پہلے دن سے امن کی بات کر رہے ہیں۔ جارحیت بھارت کی جانب سے کی گئی، ہم نے تو دفاع میں اقدام اٹھایا۔

    انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بنیادی حقیقت ہے اس سے انکار نہیں کیا جا سکتا، پاک بھارت مذاکرات کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر ہے۔ بھارت سمجھ رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر ان کے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر پر بات کے لیے تیار ہی نہیں ہوتا۔

    شاہ محمود قریش کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر بات کرنی ہے ہم تیار ہیں، بھارت دہشت گردی پر بات کرنا چاہتا ہے ہم تیار ہیں۔ بھارت جس چیز پر بات کرنا چاہتا ہے ہم تیار ہیں آئیں بیٹھیں بات تو کریں۔

    انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے جنگیں مسائل کا حل نہیں، حل مذاکرات سے ہی نکلتا ہے۔ امریکی صدر کا اچھا بیان آیا ہے ہمیں اس کو سراہنا چاہیئے، صدر ٹرمپ کے بیان پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، ہمیں جو خبریں مل رہی ہیں، ان کے مطابق کشیدگی جلد ختم ہوجائے گی۔

    اپنے بیان میں امریکی صدر نے مزید کہا ہے کہ امید ہے کہ خطےمیں جلد امن قائم ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان قیام امن کے لیے ہماری کوششیں بھی جاری رہیں گی۔

  • پاک بھارت کشیدگی ختم کرنے کے لیے کوشش کررہے ہیں، امریکی صدر

    پاک بھارت کشیدگی ختم کرنے کے لیے کوشش کررہے ہیں، امریکی صدر

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، امید ہے خطے میں جلد امن قائم ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دہائیوں سے جاری کشیدگی ختم ہونے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، ہمیں جو خبریں مل رہی ہیں، ان کے مطابق کشید گی جلد ختم ہوجائے گی۔

    اپنے بیان میں امریکی صدر نے مزید کہا ہے کہ امیدہے کہ خطےمیں جلدامن قائم ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان قیامِ امن کے لیے ہماری کوششیں بھی جاری رہیں گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بھارتی جارحیت پر امریکی ردعمل کو ناکافی قرار دیا تھا۔واشنگٹن میں پاکستانی سفیرڈاکٹراسد مجیدخان نے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ پاکستان حکومت امریکی ردعمل کا اندازہ لگا رہی ہے، امریکا کے بھارتی اسٹرائیک کی مذمت نہ کرنے کوحکومت دیکھ رہی ہے۔

    پاکستان کے تحفظات پر امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے پاکستان و بھارت کی موجودہ صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں اور فوجی کارروائیوں سے گریز کریں۔ یہ بھی کہا گیا تھا کہ پیٹرک شناہن پاک بھارت کشیدگی کم کرنے پر کام کررہے ہیں۔ اس حوالے سے امریکی وزیر دفاع نے اعلیٰ حکام سے تبادلہ خیال کیا ہے۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی پاک بھارت کشیدگی کی موجودہ صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا تھا اور دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی خاتمے کیلئے ثالث کا کردار ادا کرنے کی دوبارہ پیش کش کی ہے۔انہوں نے پاکستانی وزیرخارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا تھا ۔

    پاکستان نے بھارتی جارحیت پرامریکی ردعمل کوناکافی قراردے دیا 

     اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی ثالثی کی پیشکش

    بھارت کی جانب سے سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر گزشتہ روز پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے 2 طیارے مار گرائے تھے جبکہ ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں کو پاکستانی فضائی حدود میں نشانہ بنایا گیا۔ ایک بھارتی طیارہ آزاد جموں کشمیر اور دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرا تھا۔

    بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی چین میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ مزید کشیدگی نہیں چاہتا، بھارت ذمہ دار ملک کی طرح برتاؤ کرے گا۔

    پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز تمام معاملے پر قوم کو اعتماد میں لیتے ہوئے بھارت کو مخاطب کرکے کہا تھا کہ جنگیں مسائل کا حل نہیں ہوتی ہیں، آپ نے ہماری طاقت دیکھ لی ہے، آئیے مذاکرات کی جانب چلتے ہیں۔ وزیر اعظم کے اس بیان کاساری دنیا نے خیر مقدم کیا تھا۔

  • پاک اوربھارت کے درمیان امن کے لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں، کینیڈا

    پاک اوربھارت کے درمیان امن کے لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں، کینیڈا

    اوٹاوا: کینیڈین وزارت خارجہ نے پاک بھارت کشیدگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امن و سلامتی کےلیے مذاکرات ہی واحد حل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے پاکستان و بھارت کی موجودہ صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں اور فوجی کارروائیوں سے گریز کریں۔

    کینیڈین وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دونوں ممالک کے ساتھ ملکر لڑنے کو تیار ہیں، امید ہے پاک بھارت کشیدگی جلد ختم ہوجائے گی۔

    مزید پڑھیں : پاک بھارت کشیدگی، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی ثالثی کی پیشکش

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ایئرفورس نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 2 بھارتی طیارے مار گرائے ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارت کے 2 طیارے لائن آف کنٹرول کے اطراف میں گر کر تباہ ہوئے ہیں۔ ایک طیارہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں گرا، جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کی جانب گرا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی علاقے میں گرنے والے طیارے کے دونوں پائلٹ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ پاکستانی علاقے میں گرنے والے جہاز کے ایک پائلٹ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

  • پاکستان امن اوراپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے‘ اسدعمر

    پاکستان امن اوراپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے‘ اسدعمر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ امن، سرحدی حفاظت کے لیے ہم نے اپنے ارادے، صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم تاریخ کے دوراہے پرکھڑے ہیں، پاکستان اوربھارت کی قیادت کوفیصلہ کرنا ہے۔

    اسد عمر نے کہا کہ قوم کوامن وخوشحالی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں یا تنازع کی طرف یہ فیصلہ کرنا ہوگا۔


    وفاقی وزیر خزانہ پاکستان امن اوراپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے، امن، سرحدی حفاظت کے لیے ہم نےاپنے ارادے، صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔

    پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی طیارے مارگرائے، آئی ایس پی آر

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے 2 طیارے مار گرائے تھے جبکہ ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں کو پاکستانی فضائی حدود میں نشانہ بنایا گیا، ایک بھارتی طیارہ آزاد جموں کشمیر اور دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرا۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل بھارت کے طیاروں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جس پر پاکستانی طیاروں نے بروقت ردعمل دیا تو بھارتی طیارے اپنا پے لوڈ لائن آف کنٹرول کے علاقے جبہ میں گراتے ہوئے فرار ہوگئے تھے۔

  • پاک بھارت جنگ کی صورت میں خطے اور دنیا کی ہار ہوگی ،فوادچوہدری

    پاک بھارت جنگ کی صورت میں خطے اور دنیا کی ہار ہوگی ،فوادچوہدری

    اسلام آباد : وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاک بھارت جنگ کی صورت میں خطے اور دنیا کی ہار ہوگی اور دنیامزیدحصوں میں تقسیم ہو جائے گی ، دنیاسےکہتے ہیں آئیں مل بیٹھ کرکشیدگی کاخاتمہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے پاک بھارت موجودہ صورت حال پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا پاکستان بھارت کشیدگی خطےکےبعددنیابھرپراثراندازہوسکتی ہے اور جنگ کی صورت میں دنیامزیدحصوں میں تقسیم ہوگی، جس سے شدت پسندی پروان چڑھےگی۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاک بھارت جنگ کی صورت میں خطے اوردنیاکی ہارہوگی، دنیا سے کہتے ہیں آئیں مل بیٹھ کرکشیدگی کاخاتمہ کریں۔

    یاد رہے گذشتہ روز پاکستان کی جانب سے سرحدی حدود کی خلاف ورزی 2 بھارتی طیارے مار گرائے تھے، ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ایک بھارتی طیارہ  آزاد کشمیر جبکہ دوسرامقبوضہ کشمیرکی حدودمیں گرا، زمین پر موجود افواج نے 2 بھارتی پائلٹ کو حراست میں لے لیا تھا۔

    مزید پڑھیں : جارحیت کی توجواب دیناہماری مجبوری ہوگی، وزیراعظم

    بعدازاں : وزیراعظم عمران‌ خان نے بھارت کوایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا جنگ کسی بھی مسئلےکاحل نہیں، بیٹھ کربات چیت سےمسائل حل کرنے چاہئیں، جارحیت کی توجواب دیناہماری مجبوری ہوگی۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ توقع ہے بھارت ہوش مندی کا مظاہرہ کر کے وزیرِ اعظم کی دعوت کو مثبت لے گا، تاہم خدشہ ہے کہ بھارت پھر کوئی حرکت کر سکتا ہے۔

  • پاک بھارت کشیدگی، دونوں ممالک فوجی کارروائیوں سے گریز کریں، پینٹاگون

    پاک بھارت کشیدگی، دونوں ممالک فوجی کارروائیوں سے گریز کریں، پینٹاگون

    واشنگٹن : امریکی محکمہ دفاع کا پاک بھارت کشیدگی پر ردعمل دکھاتے ہوئے کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان فوجی کارروائیوں سے گریز کریں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے پاکستان و بھارت کی موجودہ صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں اور فوجی کارروائیوں سے گریز کریں۔

    امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ پیٹرک شناہن پاک بھارت کشیدگی کم کرنے پر کام کررہے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے بگڑتے حالات پر امریکی وزیر دفاع نے اعلیٰ حکام سے تبادلہ خیال کیا ہے۔

    گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے وزراء خارجہ ترجیحی بنیادوں پر باہمی رابطے کریں اور دونوں ممالک مزید فوجی کارروائی سے گریز کریں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز  پاکستان ایئرفورس نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 2 بھارتی طیارے مار گرائے ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارت کے 2 طیارے لائن آف کنٹرول کے اطراف میں گر کر تباہ ہوئے ہیں۔ ایک طیارہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں گرا، جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کی جانب گرا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی علاقے میں گرنے والے طیارے کے دونوں پائلٹ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ پاکستانی علاقے میں گرنے والے جہاز کے ایک پائلٹ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

  • لاہور: سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین تاحکم ثانی بند

    لاہور: سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین تاحکم ثانی بند

    لاہور: پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین فوری طور پربند کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سمجھوتہ ایکسپریس کی بھارت روانگی منسوخ کردی گئی ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق سمجھوتہ ایکسپریس تاحکم ثانی بند کردی گئی ہے۔

    ریلوے شیڈول کے مطابق ہفتے میں دو دن میں سمجھوتہ ایکسپریس لاہور سے اٹاری، بھارت کے لیے روانہ ہوتی ہے۔ شیڈول کے تحت پیراور جمعرات سمجھوتہ ایکسپریس کی روانگی کے لیے مختص دن ہیں۔

    پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس گزشتہ ہفتے لاہور سے 45 مسافروں کو لے کر بھارت روانہ ہوئی تھی۔

    سمجھوتہ ایکسپریس پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے سبب بند کی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین کا آغاز 22 جولائی 1976 کو ہوا تھا۔ ٹرین کے مسافروں کا امیگریشن اور کسٹم واہگہ، پاکستان اور اٹاری، بھارت میں ہوتا ہے۔

    پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی طیارے مارگرائے، آئی ایس پی آر

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے 2 طیارے مار گرائے تھے جبکہ ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں کو پاکستانی فضائی حدود میں نشانہ بنایا گیا، ایک بھارتی طیارہ آزاد جموں کشمیر اور دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرا۔

  • پاک بھارت کشیدگی، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی ثالثی کی پیشکش

    پاک بھارت کشیدگی، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی ثالثی کی پیشکش

    نیویارک: پاک بھارت کشیدگی پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاک بھارت کی موجودہ صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی خاتمے کیلئے ثالث کا کردار ادا کرنے کی دوبارہ پیش کش کی ہے۔

    یو این میڈیا بریفنگ میں سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستانی وزیرخارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

    اس دوران پاک بھارت کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے خطے میں امن وامان کیلئے دونوں ملکوں کو مل بیٹھ کر مسائل کے حل کامشورہ دیا۔

    انہوں نے بھارتی دراندازی پر پاکستان ائیرفورسز کی کارروائی میں دو بھارتی طیارے مار گرانے اور بھارتی پائلٹ کی گرفتاری پر کہا وہ تمام صورتحال کا جا ئزہ لے رہے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کو اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کا ٹیلی فون

    ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کے خا تمے کیلئے ثالث کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گتریس نے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

    اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان امن پسند ہے لیکن سالمیت اور وقار پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے، بھارت کی جارحیت کے خلاف دفاع کا مکمل حق رکھتے ہیں۔