Tag: پاک بھارت کشیدگی

  • ’پاک بھارت کشیدگی پر سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کونسل کو نوٹس لینا چاہیئے‘

    ’پاک بھارت کشیدگی پر سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کونسل کو نوٹس لینا چاہیئے‘

    نیویارک: اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کے سابق ہائی کمشنر زید راد الحسین نے مطالبہ کیا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کا سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کونسل فوری نوٹس لیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر زید راد الحسین نے ٹوئٹ کیا کہ پاک بھارت بارود کے ڈھیر پر مقابلے کیلئے تیار بیٹھے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس تنازع سے کچھ بھی خطے کیلئے انتہائی خطرناک ہوسکتا ہے، موجودہ بحران کی اصل وجہ انسانی حقوق کی سنگین صورت حال ہے۔

    زید راد الحسین کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی گزشتہ سال کی رپورٹ میں واضح بتا دیا گیا تھا کہ حقیقت کیا ہے۔

    خیال رہے کہ انسانی حقوق کونسل کی سال 2018 کی رپورٹ میں بھارتی مظالم بیان کیے گئے تھے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔

    انسانی حقوق کونسل کی رپورٹ میں انکوائری کمیشن تشکیل دینے کی سفارش کی گئی تھی۔

    ہم نے مؤثر جواب دے دیا، توقع ہے بھارت ہوش مندی کا مظاہرہ کرے گا: آرمی چیف

    یاد رہے کہ گذشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ توقع ہے بھارت ہوش مندی کا مظاہرہ کر کے وزیرِ اعظم کی دعوت کو مثبت لے گا، تاہم خدشہ ہے کہ بھارت پھر کوئی حرکت کر سکتا ہے۔

    پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پارلیمانی رہنماؤں کو ان کیمرہ بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کوہم نے مؤثر جواب دے دیا ہے۔

  • پاک بھارت کشیدگی : پاکستانی فضائی حدود آج بھی مکمل طور پر بند رہے گی

    پاک بھارت کشیدگی : پاکستانی فضائی حدود آج بھی مکمل طور پر بند رہے گی

    کراچی : پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستانی فضائی حدود آج بھی مکمل طور پر بند رہے گی، لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سے تمام پروازوں کے لیے آپریشن معطل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود آج بھی مکمل طور پر بند رہے گی، ملک بھرکے تمام ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن معطل رہے گا۔

    بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی اور پاکستان کی زبردست جوابی کارروائی کے بعد کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان کی فضائی حدود بند کردی گئی ہے۔

    فضائی حدود بند ہونے سے ملکی وغیر ملکی تمام ایئرلائنزکا آپریشن معطل رہے گا، سول ایوی ایشن کے نوٹم میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود جمعرات کی رات12بجے تک بند رہے گی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے بھی پاکستان آنے والی تمام پروازیں معطل ہیں، سعودی عرب، برطانیہ، یورپ اورمڈل ایسٹ جانے والی پروازیں بھی معطل رہیں گی۔

    اس کے علاوہ اندرون ملک جانے والی پروازوں کا آپریشن بھی معطل رہے گا، اس سلسلے میں تمام ایئرلائنز نے فضائی حدود بند ہونے سے متعلق اپنے مسافروں کو آگاہ کردیا۔

  • بھارت سے پائلٹ کی واپسی کی درخواست آئی تو پاکستان کھلے دل سے غور کر سکتا ہے: وزیرِ خارجہ

    بھارت سے پائلٹ کی واپسی کی درخواست آئی تو پاکستان کھلے دل سے غور کر سکتا ہے: وزیرِ خارجہ

    اسلام آباد: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت سے پائلٹ کی واپسی کی درخواست آئی تو پاکستان کھلے دل سے غور کر سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود نے پارلیمانی رہنماؤں کو ان کیمرہ بریفنگ میں کہا کہ بھارتی عوام کو یقین دلاتا ہوں ان کا پائلٹ بالکل محفوظ ہے، گرفتار بھارتی پائلٹ کو طبی اور دیگر سہولتیں بھی دیں گے۔

    وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ حالات بہتر کرنے کے لیے پاکستان کوئی بھی مثبت قدم اٹھانےکو تیار ہے، بھارت اور ان کے عوام کو پیغام دیتا ہوں پاکستان ذمہ دار ملک ہے، پاکستان کی مسلح افواج ذمہ دار افواج ہیں۔

    شاہ محمود نے کہا کہ پارلیمانی رہنماؤں نے پاکستان کے مفادات کے تحفظ کےعزم کا اعادہ کیا، پارلیمانی رہنماؤں نے حکومت اور مسلح افواج کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کیا، وزیرِ اعظم کی جانب سے تمام پارلیمانی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    انھوں نے ان کیمرہ بریفنگ میں کہا کہ چین کے وزیر خارجہ نے فون کر کے موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا، چین کے وزیر خارجہ نے مجھے اور میں نے انھیں اعتماد میں لیا۔ ایران کے وزیر خارجہ کا بھی فون آیا، انھوں نے بھی پاکستان سے یک جہتی اور تعاون کا اظہار کیا، ایرانی وزیر خارجہ نے موجودہ صورت حال میں کردار ادا کرنے کی پیش کش کی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ہم نے مؤثر جواب دے دیا، توقع ہے بھارت ہوش مندی کا مظاہرہ کرے گا: آرمی چیف

    وزیر داخلہ نے بریفنگ میں کہا کہ سعودی وزیر خارجہ سے بات ہوئی انھوں نے بھی مکمل یک جہتی کا اظہار کیا، سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا ولی عہد کا پیغام دیا، سعودی ولی عہد نے کشیدگی کم کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کی پیش کش کی ہے، ہمیں سعودی کردار پر خوشی ہوگی۔

    شاہ محمود نے کہا کہ بھارتی اپوزیشن سمجھتی ہے نریندر مودی پلوامہ واقعے پر سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

  • ہم نے مؤثر جواب دے دیا، توقع ہے بھارت ہوش مندی کا مظاہرہ کرے گا: آرمی چیف

    ہم نے مؤثر جواب دے دیا، توقع ہے بھارت ہوش مندی کا مظاہرہ کرے گا: آرمی چیف

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ توقع ہے بھارت ہوش مندی کا مظاہرہ کر کے وزیرِ اعظم کی دعوت کو مثبت لے گا، تاہم خدشہ ہے کہ بھارت پھر کوئی حرکت کر سکتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے عاصم علی رانا کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پارلیمانی رہنماؤں کو ان کیمرہ بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کوہم نے مؤثر جواب دے دیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے ان کیمرہ بریفنگ میں کہا ’توقع ہے بھارت ہوش مندی کا مظاہرہ کر کے وزیرِ اعظم کی دعوت کو مثبت لے گا۔‘

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے پر سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے زیادہ وقت شرکا کو خود بریف کیا۔

    آرمی چیف نے کہا کہ ہم پاکستان کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہیں، کسی پاکستانی طیارے نے ایل او سی کی خلاف ورزی نہیں کی، 2 بھارتی طیاروں کو ایل او سی عبور کرنے پر مار گرایا۔

    یہ بھی پڑھیں:  جوابی کارروائی پیشہ ورانہ ذمہ داری بن گئی تھی، بھارتی جارحیت پر پارلیمانی رہنماؤں کو اِن کیمرہ بریفنگ

    ذرایع کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ایک بھارتی جہاز پاکستانی حدود جب کہ دوسرا بھارتی حدود میں گرا، بھارت کو وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک بار پھر امن کی دعوت دے دی ہے۔

    آرمی چیف نے بریفنگ میں کہا کہ عالمی طاقتوں کی کوشش ہے کہ معاملات طے پا جائیں، عالمی طاقتوں نے موجودہ حالات پر اظہار تشویش کیا ہے، وہ اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔

  • پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی مخالفت کی، چینی وزیرخارجہ کا بھارتی ہم منصب کے سامنے دو ٹوک مؤقف

    پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی مخالفت کی، چینی وزیرخارجہ کا بھارتی ہم منصب کے سامنے دو ٹوک مؤقف

    ووژن: چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے بھارتی ہم منصب سشما سوراج کے سامنے پاکستان کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی مخالف کی۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے شہر ووژن میں روس، چین، بھارت سہہ فریقی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں بھارتی وزیر خارجہ کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت چین کے مشترکہ دوست ہیں، پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی کھل کر مخالفت کی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’چین بھارت اور پاکستان خطے میں دہشت گردی کی بھرپور مخالفت کرتے ہیں، چین بھارتی اور پاکستانی دوستوں کے عدم جارحیت کے جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے‘۔

    وانگ ژی کا کہنا تھا کہ چین کو امید ہے اسلام آباد اور نئی دہلی خطے میں امن و استحکام کی خاطر ایک دوسرے سے بات چیت کر کے کوئی حل نکالیں گے، چین دونوں ممالک کے مذاکرات کے درمیان تعمیری کردار ادا کررہا ہے۔

    مزید پڑھیں: پاکستان کے ساتھ مزید کشیدگی نہیں چاہتے: سشما سوراج

    اجلاس میں اقوام متحدہ کی سربراہی میں انسداد دہشت گردی مکینیزم اوربھارتی تجویز کردہ عالمی دہشت گردی پر جامع کنونشن پر بات چیت ہوئی۔

    بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا کہنا تھا کہ دہشت گردی انسانیت کے خطرہ بن چکا، خطے میں امن قائم کرنے کے لیے ہم پاکستان سے مزید جاحیت یا دراندازی نہیں چاہتے بلکہ خواہش ہے تینوں ممالک اپنا کردار ادا کریں۔

  • ایسی صورتِ حال میں نہیں لگتا وزیرِ خارجہ او آئی سی اجلاس میں شرکت کریں گے: وزیرِ دفاع

    ایسی صورتِ حال میں نہیں لگتا وزیرِ خارجہ او آئی سی اجلاس میں شرکت کریں گے: وزیرِ دفاع

    اسلام آباد: وزیرِ دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کو بلانے پر او آئی سی سے احتجاج کیا ہے، ایسی صورتِ حال میں نہیں لگتا کہ ہمارے وزیرِ خارجہ او آئی سی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمانی رہنماؤں کو ان کیمرہ بریفنگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ یہ بریفنگ بہت ضروری تھی کیوں کہ یہ حکومت یا اپوزیشن کا نہیں پاکستان کا معاملہ تھا۔

    [bs-quote quote=”آج کے اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کی شرکت کا پروگرام نہیں تھا۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”وزیر دفاع”][/bs-quote]

    وزیرِ دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ عسکری قیادت کی بریفنگ سے سب مطمئن ہیں، کل پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہوگا، سفارتی سطح پر بھی رابطے جاری ہیں، ہماری کوشش ہے حالات کو معمول پر لایا جائے۔

    اجلاس میں وزیرِ اعظم کی عدم شرکت پر ان کا کہنا تھا کہ اس اجلاس میں وزیرِ اعظم کی شرکت کا پروگرام تھا ہی نہیں، بھارتی جارحیت پر وزیرِ اعظم نے کہا تھا کہ جواب دیں گے، آج بھارت کے دو طیارے مار گرائے۔

    وزیرِ دفاع نے کہا کہ اب بھی کہتے ہیں ہم امن چاہتے ہیں، خطے میں زبردستی جنگ نہ پھیلائی جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جوابی کارروائی پیشہ ورانہ ذمہ داری بن گئی تھی، بھارتی جارحیت پر پارلیمانی رہنماؤں کو اِن کیمرہ بریفنگ

    خیال رہے کہ پارلیمانی رہنماؤں کو بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ واضح پالیسی ہے ہماری سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہو گی، بھارت ٹھوس شواہد دیتا تو پورے خلوص سے کارروائی کرتے، بھارت نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کر کے جارحیت کا ارتکاب کیا، جوابی کارروائی کرنا پیشہ ورانہ ذمہ داری بن گئی تھی۔

  • پاک بھارت کشیدگی، ترک وزیر خارجہ کی پاکستان کو تعاون کی یقین دہانی

    پاک بھارت کشیدگی، ترک وزیر خارجہ کی پاکستان کو تعاون کی یقین دہانی

    انقرہ: پاک بھارت کشیدگی پر ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے پاکستان کو تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، ترک وزیر خارجہ نے اپنی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

    [bs-quote quote=”خطے میں قیام امن کے لیے ترکی پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے” style=”style-8″ align=”left” author_name=”ترک وزیر خارجہ”][/bs-quote]

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب کو بھارت کی طرف سے کی جانے والی دراندازی اور خطے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال سے آگاہ کیا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن ہم اپنی سالمیت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے، ہم بھارتی جارحیت کے خلاف دفاع کا مکمل حق رکھتے ہیں۔

    ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر عائد الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے، مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کا حل بات چیت سے نکالا جاسکتا ہے، خطے میں قیام امن کے لیے ترکی پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

    مزید پڑھیں: پاکستان اور بھارت تحمل سے کام لیں: روس

    واضح رہے کہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے دونوں ملکوں کو صبرو تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیا گیا ہے، امریکا نے بھی کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مزید عسکری سرگرمیاں نہیں ہونی چاہئیں۔

    پاکستان کے دوست ملک چین نے بھی احتیاط سے کام لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان وہ اقدامات کریں جس سے خطے میں استحکام اور دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے۔

  • متحدہ عرب امارات:‌ بھارت جانے والی تمام پروازیں معطل، ایڈوائزری جاری

    متحدہ عرب امارات:‌ بھارت جانے والی تمام پروازیں معطل، ایڈوائزری جاری

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھارت جانے والی تمام پروازوں کو معطل کرتے ہوئے ایڈوائزری جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے جنرل برائے فضائی امور (سول ایوی ایشن اتھارٹی) نے شہریوں اور بھارت جانے والی پروازوں کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کی۔

    سول ایوی ایشن کے سربراہ نے بھارت جانے والی تمام پروازوں کو تاحکم ثانی بند رکھنے کی ہدایت کی جبکہ پاکستان کے پانچ شہروں میں بھی متحدہ عرب امارات کی کوئی پرواز آئندہ چند دنوں تک لینڈ نہیں کرے گی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بدھ کے روز اعلامیہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث شہری سفر کرنے سے اجتناب کریں۔

    مزید پڑھیں: کراچی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن جزوی بحال

    دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ پاکستان کی صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں۔  حکام کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے ملک کے شہریوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری کی۔

    یاد رہے کہ بھارت نے گزشتہ روز پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جس کے بعد عسکری قیادت الرٹ ہوگئی تھی تاہم آج صبح جب بھارتی فضائیہ نے دوبارہ دراندازی کی کوشش کی تو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دو بھارتی طیاروں کو تباہ کیا جس کے نتیجے میں ایک پائلٹ ہلاک جبکہ دوسرا زندہ پکڑا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان پر حملہ ڈرامہ تھا، پلوامہ حملہ میں مارے جانے والے فوجی کی والدہ کا بیان

    بھارت کی ممکنہ شر انگیزی کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان نے 28 فروری کی رات تک تمام بڑے شہروں میں واقع ہوائی اڈوں سے فلائٹ آپریشن معطل کیا جبکہ کچھ دیر قبل کراچی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال بھی ہوا۔ بھارت نے بھی اپنے تمام شہروں میں غیرمعینہ مدت تک فلائٹ آپریشن معطل کردیا جس کے باعث سیکڑوں مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

  • پاکستان پر حملہ ڈرامہ تھا، پلوامہ حملہ میں مارے جانے والے فوجی کی والدہ کا بیان

    پاکستان پر حملہ ڈرامہ تھا، پلوامہ حملہ میں مارے جانے والے فوجی کی والدہ کا بیان

    نئی دہلی: مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں مارے جانے والے بھارتی اہلکار کی والدہ نے پاکستان پر حملے کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے سوالات اٹھا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت اور میڈیا نے اپنے عوام کے آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے گزشتہ روز پاکستان پر حملے کی بے بنیاد ، من گھڑت خبریں شائع کیں اور کامیابی کے دعوے کیے۔

    بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ بھارت کے پائلٹس نے پاکستانی حدود میں داخل ہوکر مذہبی تنظیم کے کیمپ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تین سو ہلاکتیں ہوئیں۔

    مزید پڑھیں: پاکستان کے ساتھ مزید کشیدگی نہیں چاہتے: سشما سوراج

    حکومتی دعوؤں پر جب بھارتی عوام نے سوالات اٹھائے تو حکام بوکھلا گئے یہی وجہ ہے کہ وزیردفاع حملے سے مکمل لاعلم اور بھارتی وزیرخارجہ صحافیوں کے سوالات سنے بغیر ہی چلے گئے۔

    دوسری جانب بھارتی میڈیا نے مودی سرکار کی شان بڑھانے کے لیے پلوامہ حملے میں ہلاک ہونے والے اہلکار کی والدہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے بھی حکومت کو آئنیہ دکھایا اور پاکستان پر حملے کے دعوے کو مسترد کیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پلوامہ حملے میں مارے جانے والے اہلکار کی والدہ کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے پاکستان میں کارروائی کی تو اُس کی تصاویر کہاں ہیں؟ یہ حملہ نہیں محض ڈرامہ تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارتی وزارتِ خارجہ نے اپنے طیارے کے نقصان کا اعتراف کرلیا

    انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، یہ سب جھوٹ اس لیے ہے کہ کوئی تصویر ابھی تک سامنے نہیں آئی۔ بھارتی اہلکار کی والدہ نے مودی سرکار سے مطالبہ کیا کہ جیسے ہمارے فوجیوں کی ویڈیو آتی ہیں اُس طرح کارروائی کرکے دکھایا جائے۔

  • بھارتی پسپائی، حریت پسندوں‌ کا جشن روکنے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ

    بھارتی پسپائی، حریت پسندوں‌ کا جشن روکنے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں زیرتسلط بھارتی انتظامیہ میں پاکستان کے ہاتھوں پسپائی اور وادی میں ممکنہ جشن کو روکنے کے لیے حریت رہنماؤں کو نظر بند اور کرفیو نافذ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق  بھارتی فوج نے پاک فضائیہ کی کامیاب کارروائی اور بھارتی پائلٹ کی گرفتاری کے بعد 27 فروری کی دوپہر سے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کرتے ہوئے حریت قیادت کو نظر بند کردیا۔

    کٹھ پتلی انتظامیہ نے پاک فضائیہ کے ہاتھوں پسپائی کے بعد پاکستان کی حمایت میں ممکنہ جشن کو روکنے کے لیے مختلف ضلعوں میں انٹرنیٹ اور موبائل کی سروس بھی بند کردی ۔

    مزید پڑھیں: پاکستانی قیدی: بھارتی پائلٹ پاک فوج کا شکر گزار

    قبل ازیں بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں محاصرے کے دوران گھر گھر تلاشی لی اور دو نوجوانوں کو شہید کردیا، نوجوانوں کی شناخت سہیل نذیر می اور سدھیپورا پائین کے ناموں سے ہوئی۔

    کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے آپریشن کے دوران دو نوجوانوں کو گھر سے باہر نکالا اور انہیں شہید کیا جبکہ متعدد نوجوانوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر بھی منتقل کیا۔

    رپورٹ کے مطابق کٹھ پتلی انتظامیہ نے مسرت عالم بٹ، یاسمین راجہ کو سری نگر اور پلوامہ مین نظر بند کیا جبکہ شوکت بخشی کو سری نگر تھانے میں بند کیا گیا۔

    دوسری جانب حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے ہنگامی پریس کانفرنس طلب کی تو بھارتی فوجیوں نے صحافیوں کو اُن کے گھر جانے سے روک دیا جس کے باعث وہ میڈیا سے گفتگو بھی نہیں کرسکے۔

    یاد رہے کہ بھارتی فضائیہ نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی تھی جس پر پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے اُن کے دو جہازوں کو تباہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک پائلٹ ہلاک اور دوسرا زندہ گرفتار ہوا۔

    یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 2 کشمیری شہید

    حراست میں لیے جانے والے پائلٹ کی شناخت ابھی نندن کے نام سے ہوئی، بھارت نے پہلے تو اپنے افسر کی گرفتاری سے لاتعلقی کا اظہار کیا تاہم جب پاک فوج کے ترجمان نے اُسے میڈیا کے سامنے پیش کیا تو بھارتی حکام نے گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اُس کی واپسی کا مطالبہ کردیا۔