Tag: پاک بھارت کشیدگی

  • دشمن کی ہماری سرحدوں میں داخل ہونے کی ہمت کیسے ہوئی ؟ آصف زرداری

    دشمن کی ہماری سرحدوں میں داخل ہونے کی ہمت کیسے ہوئی ؟ آصف زرداری

    کراچی : سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ دشمن نے ہمت کیسے کی کہ وہ ہماری سرحدوں میں داخل ہو، قومی پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، آصف زرداری نے کہا کہ قوم کو ساتھ ملا کر پہاڑ کی چوٹی کی طرح کھڑے رہیں گے،دشمن کو بتا دیں گے کہ وہ اپنے آپ کو سمجھتا کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دشمن نے ہمت کیسے کی کہ ہماری سرحدوں میں داخل ہو، بھارت کو جو جواب دیا گیا وہ ٹھیک ہے مگر ہمیں تیار رہنا چاہیے۔

    یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر حکومت تمام سیاسی جماعتیں اور پاک افواج ایک پیج پر ہیں، تمام سیاسی رہنماؤں نے حملے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے اور بھارت کو سخت پیغام دیا ہے۔

    بھارت جارحیت کی جرات کرے گا تو منہ توڑ جواب دیں گے، آصف زرداری 

    اس سے قبل گزشتہ دنوں سابق صدر نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ جب میں صدر تھا تو اس وقت بھی اسی قسم کی صورتحال پیدا ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اگر جارحیت کی جرات کرے گا تو منہ توڑ جواب دیں گے، اور ’ہم سب پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

  • لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی، پاکستان کا اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ

    لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی، پاکستان کا اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کیا اور احتجاجی مراسلہ بھی حوالے کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ بھارتی کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔

    جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف وزری کرتے ہوئے شدید فائرنگ اور بمباری کی جس کے نتیجے میں 3 خواتین سمیت چار پاکستانی شہید اور 11 زخمی ہوئے تھے۔

    اطلاعات کے مطابق بھارتی فوج نے آزاد کشمیر کے مختلف سیکٹروں پر دراندازی کرتے ہوئے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود شہری آبادی پر فائر کیے جس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصانات ہوئے۔

    مزید پڑھیں: شہری آبادی کو نشانہ بنانا ہندو بنیے کی گھٹیا اور شرمناک حرکت ہے: عثمان بزدار

    بھارتی فوج کی جارحیت سے 3 خواتین سمیت چار افراد شہید اور 11 زخمی ہوئے، پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، اگلے مورچوں پر تعینات مستعدد فوجی جوان دشمن کو جواب دینے کے لیے الرٹ ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج نے عباس پور، چڑھوئی، کوئی رٹہ، نتھیال سیکٹر پر آبادی کو نشانہ بنایا۔

    دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں تعینات قائم مقام بھارتی ہائی کمشنرکو طلب کر کے لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر شدید احتجاج کیا اور عالمی برادری سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر بھی نوٹس لینے کی اپیل کی۔ دفتر خارجہ نے بھارتی سفیرکو احتجاجی مراسلہ بھی حوالے کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  لائن آف کنٹرول پر بھارتی دراندازی 4 شہری شہید، پاک فوج کا منہ توڑ جواب

    ترجمان دفتر خارجہ نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، عالمی برادری اس حوالے سے نوٹس لے کر اپنا کردار ادا کرے۔

  • روس اور چین اپنا کردار ادا کریں، تاکہ مزید تباہی نہ ہو: چوہدری شجاعت حسین

    روس اور چین اپنا کردار ادا کریں، تاکہ مزید تباہی نہ ہو: چوہدری شجاعت حسین

    لاہور: مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جنگیں فوج نہیں، قومیں لڑتی ہیں، قوم متحد ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دیگر فوجوں سے ہماری فوج کا موازنہ کرنے والے شرم کریں.

    چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ہماری فوج، قوم کا جذبہ اورقربانی سب پرحاوی ہے، بھارت کے مقابلے میں ہماری قوم اور فوج متحد ہے.

    سینئر سیاست داں کا کہنا تھا کہ روس، چین اپنا کردار ادا کریں، تاکہ مزید تباہی نہ ہو، ہمارا نظریہ صرف اور صرف پاکستان ہے.

    یاد رہے کہ آج پاک فضائیہ کے شیردل جوانوں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی جہازوں کو تباہ کردیا تھا، کارروائی میں‌ایک بھارتی پائلٹ ابھے نندن زندہ گرفتار ہوا۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی بھارت کوایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے آج سہ پہر اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے  اس ضمن میں تفصیلات فراہم کی تھیں.

    بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کوایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش کی اور کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلےکاحل نہیں، بیٹھ کربات چیت سےمسائل حل کرنے چاہییں، جارحیت کی توجواب دینا ہماری مجبوری ہوگی۔

  • میونخ کانفرنس میں بھی کہا تھا افغان امن عمل میں بھارت رخنہ ڈالے گا: وزیرِ خارجہ

    میونخ کانفرنس میں بھی کہا تھا افغان امن عمل میں بھارت رخنہ ڈالے گا: وزیرِ خارجہ

    اسلام آباد: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکا نے افغان جنگ شروع کی ہے جسے اب 17 سال ہو گئے ہیں، پومپیو کو فون پر یاد دلایا کہ پاکستان کی وجہ سے طالبان مذاکرات کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی کی اسپیشل ٹرانسمیشن میں بات کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو بتایا کہ طالبان امریکا مذاکرات پاکستان کی وجہ سے ہو رہے ہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انھوں نے میونخ کانفرنس میں بھی کہا تھا کہ افغان امن عمل میں بھارت رخنہ ڈال سکتا ہے، مودی نے الیکشن کی سیاست میں پورے خطے کو داؤ پر لگا دیا ہے۔

    [bs-quote quote=”وزیر خارجہ سے سعودی ہم منصب کا رابطہ، دونوں رہنماؤں کے درمیان او آئی سی اجلاس سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    دریں اثنا اسپیشل ٹرانسمیشن کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود کو سعودی ہم منصب کا فون آیا، انھوں نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کا فون آیا ہے اس لیے پروگرام میں مزید گفتگو نہیں کر سکتا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے سعودی ہم منصب کے رابطے میں دونوں رہنماؤں کے درمیان او آئی سی اجلاس سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

    قبل ازیں، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت خصوصی مشاورتی اجلاس میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، وزارت خارجہ کے سینئرحکام، سابق سفیروں نے شرکت کی، جس میں پاک بھارت کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورت حال پر مشاورت کی گئی۔

    اجلاس میں خطے میں قیام امن کے لیے اہم ممالک کی سیاسی قیادت سے روابط کے مزید فروغ کا فیصلہ کیا گیا، شاہ محمود نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے لیے بھارتی جارحیت خطے کے امن کو متاثر کر سکتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے آج بھی بھارت کو قیام امن کے لیے مذاکرات کی دعوت دی، ہم سفارتی سطح پر قیام امن کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔

  • پاکستانی قیدی: بھارتی پائلٹ پاک فوج کا شکر گزار

    پاکستانی قیدی: بھارتی پائلٹ پاک فوج کا شکر گزار

    راولپنڈی: بھارتی پائلٹ ابھی نندن نے کہا ہے کہ  پاک فوج کا رویہ پیشہ وارانہ اور متاثر کن ہے ہماری فوج کو ایسا رویہ اپنانا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی صورت میں زندہ گرفتار ہونے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کے ساتھ پاکستانی حکام اچھے رویے سے پیش آئے جس کا اُس نے خود بھی اعتراف کیا۔

    بھارتی پائلٹ کی ایک ویڈیو ریلیز کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اُس کے چہرے پر سکون اور ہاتھ میں چائے کا کپ ہے۔

    اس موقع پر ابھی نندن سے سوال پوچھا گیا کہ وہ کون سا طیارہ اڑا رہا تھا تو اُس نے معذرت کرتے ہوئے جواب دینے سے گریز کیا۔ بھارتی پائلٹ کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے طیارےکی معلومات آپ کوریکارڈسےمل جائیگی۔

    پائلٹ نے بتایا کہ وہ جنوب بھارت کا رہنے والا اور شادی شدہ ہے۔ ابھی نندن نے پاک فوج کے کردار اور رویے کو پیشہ وارانہ اور متاثر کن قرار دیتے ہوئے اپنی فوج کو مشورہ دیا کہ ہمیں بھی یہی رویہ اپنانا چاہیے۔

    ابھی نندن کا کہنا تھا کہ پاکستانی افسران کا رویہ انتہائی متاثر کن ہے، پاک فوج کے جوانوں نے ہجوم سے میری جان بچائی جس پر میں کپتان سے لے کر ہر محافظ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    مزید پڑھیں: پاک فوج  نے بھارتی پائلٹ کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا

    اس موقع پر پاکستانی حکام کی جانب سے ابھی نندن سے چائے سے متعلق پوچھا گیا تو اُس نے بولا چائے بہت اچھی ہے۔

    دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر نے وضاحت کی ہے کہ پاکستان کی قید میں صرف ایک بھارتی پائلٹ ہے جبکہ پاکستانی حکام نے بھی جنگی قیدی بننے والے بھارتی افسر کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

    یاد رہے کہ پاک فضائیہ کے شیردل جوانوں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی جہازوں کو تباہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں ایک بھارتی پائلٹ زندہ گرفتار ہوا تھا۔

    قبل ازیں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور  آج صبح گرائے جانے والے دو بھارتی جہازوں کے واقعے پر پریس کانفرنس کررہے تھے، جس کے دوران انہوں نے  بھارتی  پائلٹ کی ویڈیو شیئر کی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی ایئر فورس کے یونی فارم میں ملوث بھارتی فضائیہ کا افسر  خود اعتراف کررہا ہے کہ وہ بھارتی ایئر فورس کا ونگ کمانڈر ہے۔ ویڈیو میں اس نے اپنا نام  اوی نندن بتا یا ہے اور اپنا سروس نمبر 27981 بتایا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارتی طیاروں کو تباہ کرنے والا پاک فضائیہ کا ہیرو

    یہ بھی یاد رہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے پروپیگنڈا کیاجارہا ہے کہ  ان کی فضائیہ نے پاکستان کا ایف 16 طیارہ مار گرایا ہے تاہم ابھی تک ان کی طرف سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جاسکا ہے۔

    دوسری جانب پاکستان نے اپنی حدود میں گرنے والے طیارے کی تصاویر، بھارتی  پائلٹ اور اس سے ملنے والی دستاویزات مقامی اور عالمی میڈیا  کے سامنے پیش کردیں۔

    میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ صورتحال کی وجہ سے ایئر اسپیس بند ہے، پاکستان نے اپنے دفاع میں جواب دیا ہے، پاکستان ہمسایوں سمیت خطے میں امن چاہتا ہے، جارحیت کی گئی یا جنگ مسلط کی گئی بھرپور جواب دینے کی صلاحیت ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ پاک فضائیہ کےخصوصی آپریشن کی ویڈیوکچھ دیرمیں جاری کریں گے، زخمی بھارتی پائلٹ کیساتھ مہذب قوم کی طرح سلوک کیا اور اس کا سی ایم ایچ میں علاج جاری ہے۔

  • پاکستان کے ساتھ مزید کشیدگی نہیں چاہتے: سشما سوراج

    پاکستان کے ساتھ مزید کشیدگی نہیں چاہتے: سشما سوراج

    ووژن: چین میں موجود بھارتی وزیر خارجی سشما سوراج نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مزید کشیدگی نہیں چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج چین روس چین بھارت وزرائےخارجہ اجلاس میں شرکت کررہی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے اپنا ردعمل دیا۔

    انہوں نے نے کہا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ تعلقات میں مزید تناؤ نہیں چاہتا ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت ایک ذمہ دار ملک کی طرح برتاؤ کرتا رہے گا۔

    اس موقع پر انہوں نے پرسوں رات بھارتی طیاروں کی پاکستانی حدود میں دراندازی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کسی ملٹری تنصیب کو نشانہ نہیں بنایا ۔

    یاد رہے کہ آج صبح پاکستانی ایئر فورس نے اپنی حدود میں آنے والے بھارتی فضائیہ کے دو طیارے مار گرائے تھے۔ ان میں سے ایک مقبوضہ کشمیر میں گرا جبکہ ایک پاکستان کی جانب آزاد کشمیر میں گرا۔ پاکستانی جانب گرنےو الے جہاز کے دونوں پائلٹ حراست میں لے لیے گئے ہیں۔

     آج بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے انتہائی مختصر پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کی فاتحانہ کارروائیوں کا اعتراف کیا تھا اور بغیر سوال و جواب کے روانہ ہوگئے۔ رویش کمار نے اعتراف کیا تھا کہ پاکستان نے ایئر فورس نے ان کی تین ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ ان کا ایک مگ 21 طیارہ تباہ ہوچکا ہے۔

    بھارتی وزارتِ خارجہ نے اپنے طیارے کے نقصان کا اعتراف کرلیا

    دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل آصف غفور نے اپنی پریس کانفرنس میں بھارت کے ایک پائلٹ کی ویڈیو پیش کی تھی جس میں وہ اپنا نام ابھینندن بتا رہا ہےاور ساتھ ہی ساتھ اپنا عہدہ اور سروس نمبر بھی بتارہا ہے۔

    دوسرے پائلٹ کے بارے میں پاک فوج کے ترجمان نے بتایا کہ وہ زخمی ہے اور اس کا سی ایم ایچ میں علاج کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارتی پائلٹس کے ساتھ بالکل ویسا ہی سلوک کیا جارہا ہے جیسا کہ کوئی مہذب قوم کرسکتی ہے۔

    آج صبح کے واقعے کے تناظر میں بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا تھا کہ ان کی ایئر فورس نے پاکستانی ایف 16 کو نشانہ بنایا ہے۔ میجر جنرل آصف غفور نے اس بات کی نفی کی تھی اور بھارتی ترجمان نے بھی اپنی پریس بریفنگ میں اس نوعیت کا کوئی دعویٰ نہیں کیا۔

  • مودی پریشان ہے، کیوں کہ انتخابات میں شکست دیکھ رہا ہے: شیخ‌ رشید

    مودی پریشان ہے، کیوں کہ انتخابات میں شکست دیکھ رہا ہے: شیخ‌ رشید

    اسلام آباد: وزیر  ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ جارحیت بھارت نے کی، پاکستان نے اپنے دفاع میں جواب دیا.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے  اے آر  وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا. شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مودی سرکار دباؤ میں ہے، کیوں کہ انھوں نے نفرت کی سیاست کی.

    [bs-quote quote=” پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری آرہی تھی، مودی برداشت نہیں کرسکا، بھارتی انتہا پسندوں کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی تھی.” style=”style-8″ align=”left” author_name=”شیخ رشید”][/bs-quote]

    شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مودی سرکار نفرت میں خود پھنس گئی، بھارت سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں، ہم نے ریلوے میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، سپلائی ہروقت جاری رہے گی، آئندہ 72 گھنٹے اہم ہیں، پاکستان ریلوے پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے.

    انھوں نے کہا کہ مودی ضرور مستی کرے گا، کیوں کہ مقبوضہ کشمیرعالمی سطح پراجاگر ہوگیا ہے، اسلام آباد میں سفارتی اور فوجی سرگرمیاں جاری ہیں، پاکستان کا میڈیا آزاد ہے، حقائق سے دنیا کو باخبر رکھا ہوا ہے.

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک لیڈر (نریندی مودی) 5 ریاستوں میں ہار چکا ہے، ایک لیڈر الیکشن جیت کرآیا ہے، مگر وہ پھر بھی وہ امن کی بات کرتا ہے.

    انھوں‌ نے کہا کہ پاکستان نے امن کی شروع سے بات کی ہے، تاریخ بھی دیکھ لیں، ہمیشہ بھارت نے جارحیت کی ہے، مودی پریشان ہے، کیوں کہ انتخابات میں شکست دیکھ رہا ہے، پاکستان کےمؤقف اوروزیراعظم عمران خان کے پیغام کی تعریف کی گئی، پاک فوج دنیاکی بہترین فوج ہے، دہشت گردی کے خلاف تازہ جنگ لڑی ہے.

    مزید پڑھیں: پاکستان آرمی زندہ باد‘ دنیا بھر میں ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

    شیخ رشید نے کہا کہ بھارتی عوام جنگ کے خلاف ہیں، بھارتی عوام کو بھی پتا ہے کہ یہ جنگ آخری جنگ ہوگی، پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری آرہی تھی، مودی برداشت نہیں کرسکا، بھارتی انتہا پسندوں کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی تھی.

    انھوں نے کہا کہ ابھی جنگ شروع نہیں ہوئی اوربھارتی پائلٹس ہماری حراست میں ہیں، بھارتی پائلٹس کے ساتھ اچھا سلوک کیا جائے گا، جنگ سےکسی کافائدہ نہیں ہوتا، سب کا نقصان ہوتا ہے.

  • یہ مودی کے یار کا پاکستان نہیں نیا پاکستان ہے، بھرپورجواب د‌یا جائے گا، فیصل واوڈا

    یہ مودی کے یار کا پاکستان نہیں نیا پاکستان ہے، بھرپورجواب د‌یا جائے گا، فیصل واوڈا

    کراچی : وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ بھارت نےجارحیت کی پاکستان نےاپنےدفاع میں جواب دیا، خطےمیں امن چاہتےہیں ، یہ مودی کے یار کا پاکستان نہیں نیاپاکستان ہےبھرپورجواب دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاک بھارت موجودہ صورتحال پر کہا یہ مودی کےیارکاپاکستان نہیں نیاپاکستان ہےبھرپورجواب دے گا، بھارت نےجارحیت کی پاکستان نےاپنےدفاع میں جواب دیا۔

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ہم کسی سےکم نہیں صرف خطےمیں امن چاہتےہیں، بھارت جارحیت کرےگا تو بھرپور جواب دیا جائےگا۔

    یاد رہے پاکستان نے2بھارتی جنگی طیارےمارگرائے، ایک بھارتی طیارے کا ملبہ پاکستانی حدودمیں گرا، جس کے بعد 3 بھارتی پائلٹ کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایک بھارتی طیارے کا ملبہ مقبوضہ کشمیر کی حدودمیں گرا ، جس میں طیارے کے دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے۔

    مزید پڑھیں :  پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی طیارے مارگرائے

    بعد ازاں پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھارت کو سرپرائز دینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے باقاعدہ وارننگ کے بعددن کی روشنی میں حملہ کیا، پاکستان کشیدگی نہیں چاہتا، مجبور کیا گیا تو پوری طرح تیار ہیں۔

    واضح رہے اس سے قبل  بھارتی ایئرفورس کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی تھی، پاک فضائیہ کی بروقت ردعمل کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے تھے۔

    بھارتی دراندازی پر  وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی سے متعلق اجلاس ہوا تھا ، جس میں وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے بروقت ایکشن کی تعریف کرتے ہوئے پاک فوج اور عوام کو تیار رہنے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا جوابی کارروائی کیلئے پاکستان وقت اور جگہ کا انتخاب خود کرے گا۔

    بعد ازاں ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں نے مظفرآباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور مظفر آباد سیکٹر میں تین سے بچارمیل اندر آئے، بھارتی طیاروں نے جلد بازی میں اپنا پے لوڈ کھلے علاقے میں گرایا، تاہم پے لوڈ گرنے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

  • پاک فوج کا بھارت پر کامیاب وار، اسٹاک مارکیٹ بلندیوں کو چھونے لگی

    پاک فوج کا بھارت پر کامیاب وار، اسٹاک مارکیٹ بلندیوں کو چھونے لگی

    کراچی: بھارت کے بزدلانہ وار پر پاک فوج کے بھرپور جواب نے اسٹاک مارکیٹ کو آسمان کی بلندیوں پر پہنچا دیا، 100 انڈیکس 38 ہزار 858 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے دن بھارتی طیارے گرائے جانے کی خبریں سامنے آتے ہی پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی جانے لگی، 100 انڈیکس میں 665 پوائنٹس کی ریکوری ہوئی۔

    صبح کے وقت 100 انڈیکس 38 ہزار 386 پوائنٹس پرٹریڈ کرنے لگا۔

    بعد ازاں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے پرامن خطاب اور جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کے بعد اسٹاک مارکیٹ کی تیزی میں مزید اضافہ ہوا۔

    آج کے روز مجموعی طور پر انڈیکس میں 1500 پوائنٹس کی ریکوری ہوئی، دن کے اختتام تک 100 انڈیکس 38 ہزار 858 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

    خیال رہے کہ آج صبح پاک فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 2 بھارتی طیارے مار گرائے ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارت کے 2 طیارے لائن آف کنٹرول کے اطراف میں گر کر تباہ ہوئے ہیں۔ ایک طیارہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں گرا، جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کی جانب گرا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی علاقے میں گرنے والے طیارے کے دونوں پائلٹ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ پاکستانی علاقے میں گرنے والے جہاز کے ایک پائلٹ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

  • بھارتی وزارتِ خارجہ نے اپنے طیارے کے نقصان کا اعتراف کرلیا

    بھارتی وزارتِ خارجہ نے اپنے طیارے کے نقصان کا اعتراف کرلیا

    نئی دہلی: بھارتی وزارت خارجہ نے پاکستانی ایئر فورس کے ہاتھوں اپنا طیارہ تباہ ہونے اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا اعتراف کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے انتہائی مختصر پریس کانفرنس کی ، پاکستان کی فاتحانہ کارروائیوں کا اعتراف کیا اور بغیر سوال و جواب کے روانہ ہوگئے۔

    رویش کمار نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے ایئر فورس نے ان کی تین ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ ان کا ایک مگ 21 طیارہ تباہ ہوچکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارتی فضائیہ کا ٹکراؤ  ہوا جس میں  ان کا مگ 21 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ پائلٹ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ لاپتہ ہے، اور اس کے پاکستانی تحویل میں ہونے کی اطلاعات کی تصدیق کی جارہی ہے۔

    یاد ر ہے کہ آج صبح  پاکستانی ایئر فور س نے بھارتی فضائیہ کے دو طیارے مار گرائے تھے ۔ ان میں سے ایک مقبوضہ کشمیر میں گرا جبکہ ایک پاکستان کی جانب آزاد کشمیر میں گرا۔ پاکستانی جانب گرنےو الے جہاز کے دونوں پائلٹ حراست میں لے لیے گئے ہیں۔

    بھارت جان لے، جنگ مسلط کی تو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتےہیں

    پاک فوج  نے بھارتی پائلٹ کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا

    ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل آصف غفور نے اپنی پریس کانفرنس میں  بھارت کے ایک پائلٹ کی ویڈیو پیش کی جس میں وہ اپنا نام ابھینندن بتا رہا ہےاور ساتھ ہی ساتھ اپنا عہدہ اور سروس نمبر بھی بتارہا ہے۔

    دوسرے پائلٹ کے بارے میں پاک فوج کے ترجمان نے بتایا کہ وہ زخمی ہے اور اس کا سی ایم ایچ میں علاج کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارتی پائلٹس کے ساتھ بالکل ویسا ہی سلوک کیا جارہا ہے جیسا کہ کوئی مہذب قوم کرسکتی ہے۔

    آج صبح کے واقعے کے تناظر میں بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا تھا کہ ان کی ایئر فورس نے   پاکستانی ایف 16 کو نشانہ بنایا ہے۔ میجر جنرل آصف غفور نے اس بات کی نفی کی تھی اور بھارتی ترجمان نے بھی اپنی پریس بریفنگ میں اس نوعیت کا کوئی دعویٰ نہیں کیا۔

    یاد رہے گذشتہ روز بھارتی دراندازی کے بعد وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی سے متعلق اجلاس ہوا تھا، جس میں وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے بروقت ایکشن کی تعریف کرتے ہوئے پاک فوج اور عوام کو تیار رہنے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ جوابی کارروائی کیلئے پاکستان وقت اور جگہ کا انتخاب خود کرے گا۔

    گزشتہ روزبھارتی طیارے مظفرآباد سیکٹر میں جبہ کے مقام پر دراندازی کی کوشش کی تھی اورمظفرآباد سیکٹر میں تین سے چارمیل اندر آئے تھے ، پاک فضائیہ نے انہیں وارننگ دی تھی جس کے بعد  بھارتی طیاروں نے جلد بازی میں اپنا پے لوڈ کھلے علاقے میں گرایا، تاہم پے لوڈ گرنے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔