Tag: پاک بھارت کشیدگی

  • او آئی سی بھارت کو دی جانے والی دعوت منسوخ کرے: رضا ربانی

    او آئی سی بھارت کو دی جانے والی دعوت منسوخ کرے: رضا ربانی

    اسلام آباد: سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اور  محنت کش افواج پاکستان کے ساتھ ہیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کا پاکستان منہ توڑ جواب دے گا.

    پیپلز پارٹی کے سینئر  رہنما کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے آپسی اختلافات بھلانے ہوں گے، وزیر خارجہ پریس کانفرنس کی بجائے ایوان میں تفصیلات بتائیں.

    ان کا مزید کہنا تھا کہ او آئی سی اجلاس میں بھارت کی شرکت کا معاملہ بھی تشویش ناک ہے، او آئی سی کو چاہیے کہ بھارت کو شرکت کی دعوت منسوخ کرے.

    رضاربانی نے کہا ہے کہ امت مسلمہ میں کہیں بھی ظلم ہو پاکستان پہلے آواز اٹھاتا ہے، پاکستان بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا.

    انھوں نے کہا کہ قوم بھارتی جارحیت سے نمٹنے کے لئے فوج کی پشت پرکھڑی ہے، پارلیمنٹ پرمختلف اوقات میں خطرے کے بادل منڈلاتے رہے، ہم متحد ہیں.

    خیال رہے کہ آج بھارتی ایئرفورس کی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے پر پاک فضائیہ نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔

    بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی اجلاس ہوا، جس کے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے بروقت ایکشن کی تعریف کی اور پاک فوج اور عوام کو تیار رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

  • توقع ہے پاکستان اور بھارت تحمل سے کام لیں گے، ترجمان چینی وزارت خارجہ

    توقع ہے پاکستان اور بھارت تحمل سے کام لیں گے، ترجمان چینی وزارت خارجہ

    بیجنگ: چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ توقع ہے پاکستان اوربھارت تحمل سے کام لیں گے اور ایسے اقدامات کریں گے، جس سے خطے میں استحکام آئے اور باہمی تعلقات بہترہو۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ صورتحال پر چین میدان میں آگیا ، چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا ہے توقع ہے پاکستان اور بھارت تحمل سے کام لیں گے۔

    ترجمان کا کہنا تھا امید ہے پاکستان اور بھارت ایسے اقدامات کریں گے، جس سے خطے میں استحکام آئے اورباہمی تعلقات بہترہوں۔

    یاد رہے چند روز قبل بھی ترجمان چینی وزارت خارجہ گینگ شوانگ نے بریفنگ میں کہا تھا کہ چین کا علاقائی امن و سلامتی اور پاک بھارت مستحکم تعلقات پر بہت انحصار ہے، امید ہے دونوں ممالک تحمل سے کام لیتے ہوئے مذاکراتی راہ اختیار کریں گے۔

    مزید پڑھیں : پاکستان اور بھارت کے درمیان امن خطے کے استحکام کے لیے ضروری ہے: چین

    ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت خطے کے اہم ملک ہیں، دونوں ممالک مذاکرات کے ذریعے جلد از جلد اپنے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں، دونوں ممالک کے درمیان قیام امن خطے کے استحکام کیلیے بہت ضروری ہے۔

    واضح رہے بھارتی ایئرفورس کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی ، پاک فضائیہ کی بروقت ردعمل کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے تھے۔

     

    مزید پڑھیں : لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی، پاک فضائیہ کا بھرپور جواب، بھارتی طیارے بھاگ گئے

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں نے مظفرآباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور مظفر آباد سیکٹر میں تین سے چارمیل اندر آئے، بھارتی طیاروں نے جلد بازی میں اپنا پے لوڈ کھلے علاقے میں گرایا، تاہم پے لوڈ گرنے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

  • بھارتی دراندازی ،  پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس  کل صبح 11 بجے طلب

    بھارتی دراندازی ، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل صبح 11 بجے طلب

    اسلام آباد : حکومت نے ارکان پارلیمنٹ کی تجویزکاخیرمقدم کرتے ہوئے بھارتی دراندازی پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل طلب کرلیا ، اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا اعلان کردیا ہے۔

    وزیرمملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمدخان کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس کل صبح 11 بجےطلب کر لیاگیا ہے اور مشترکہ اجلاس طلب کرنے کے لئے سمری بھجوادی گئی ہے۔

    پاکستان ہماری ماں ہے، جس کی حفاظت سروں کی قربانی دے کرکریں گے، علی محمدخان

    علی محمدخان نے کہا حکومت نے ارکان پارلیمنٹ کی تجویزکاخیرمقدم کیا، پارلیمان، سیاسی قیادت اورعوام پاکستان دشمنوں کو بھرپورجواب دیں گے ، آج اہم دن ہے،سب نےاتحادکاثبوت دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ  پاکستان ہماری ماں ہے، جس کی حفاظت سروں کی قربانی دے کرکریں گے، عسکری قیادت کو بھی ایوان کےجذبات سےآگاہ کر دیاگیا ہے، پوری قوم مسلح افواج کےساتھ ہے

    یاد رہے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا تھا، پیپلز پارٹی کے رہنما خورشیدشاہ نے کہا ہمیں اپنی ملک کی سلامتی چاہیے، جوائنٹ پارلیمنٹ کاسیشن بلایاجائے، ہم بھارت کو بتائیں کہ جنگ کیا ہوتی ہے۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کاایشوہے پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس آج ہی بلائیں، اپنےاختلافات کو پس پشت ڈال کرقوم کواعتماد میں لے کر بھارت کو پیغام دینا چاہیے کہ ہم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ اتحاد کا وقت ہےاس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیئے۔

    ن لیگی رہنما ایازصادق کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس بلا کر بھارت سمیت دنیا بھر کو آج ہی پیغام جانا چاہیے جبکہ اسدالرحمان نے بھی کہا کہ ہمیں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس فوری بلانا چاہیے اور متفقہ پالیسی عالمی سطح پر دینی چاہیے۔

    امیرحیدرہوتی نے بھی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس بلانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پاک فوج کے افسران کو بھی مدعو کریں، مودی نے اپنی سیاست بچانے کیلئے خطے کا امن برباد کرنے کی کوشش کی۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے بھی قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلاکر تفصیلی بریفنگ دینےکی ضرورت ہے، بھارت کے خلاف پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اورعوام متحد ہیں، ہمیں عالمی سطح پر متفقہ پیغام دینا چاہیے کہ ہم بھی ایک ایٹمی طاقت ہیں۔

  • پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی، پاکستان اس کا جواب دے گا: وزیر خارجہ

    پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی، پاکستان اس کا جواب دے گا: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کشمیر سمیت بھارت میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی، پاکستان اس جارحیت کا جواب دے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر خزانہ اسد عمر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ شرکا کی متفقہ رائے ہے کہ پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی، پاکستان اس جارحیت کا جواب دے گا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا خصوصی اجلاس کل طلب کیا گیا ہے، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی بلایا جائے گا۔ ایک کمیٹی بنائی گئی ہے وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور وزیر خزانہ شامل ہیں، کمیٹی تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کر کے اعتماد میں لے گی۔

    انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ میڈیا کو جگہ کا معائنہ کروایا جائے گا، ہیلی کاپٹرز تیار ہیں بس موسم تھوڑا بہتر ہوجائے۔ بھارت میں ہی آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں محبوبہ مفتی کا بیان سامنے ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی قائدین سے وزیر اعظم اور دفتر خارجہ رابطے کریں گے، ترکی کے وزیر خارجہ سے کچھ دیر پہلے تفصیلی گفتگو ہوئی، صورتحال سے آگاہ کیا۔ جدہ میں او آئی سی کی کشمیر رابطہ کمیٹی کا اجلاس بھی جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کل شام 7 بجے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ سے بھی گفتگو ہوئی، یکم اور 2 مارچ کو ابو ظہبی میں کانفرنس میں بھارتی وزیر خارجہ کو مدعو کیا گیا ہے۔ سشما سوراج کو او آئی سی اجلاس میں مدعو کرنے سے متعلق بات کی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے سشما سوراج کو مدعو کرنے پر سعودی ولی عہد سے بات کی، او آئی سی کے خاص ممبران کو پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آج صورتحال یکسر تبدیل ہوچکی ہے، بلا مشاورت او آئی سی اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ کو مدعو کیا گیا۔ پاکستان کی ریڈ لائنز اور تاریخ کے حوالوں سے ممبران کو آگاہ کیا گیا ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر سمیت بھارت میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، پلوامہ میں واقعہ ہوا بھارت کی 10 ریاستوں میں کشمیریوں پر زمین تنگ کردی گئی، وہ کشمیری جنہیں بھارت نے اسکالر شپس دیں انہیں نشانہ بنایا گیا۔ بھارت میں کشمیری وکلا اور تاجروں پر حملے کیے جاتے ہیں۔ ’ان لوگوں کا قصور یہ ہے کہ کلمہ گو اور کشمیری ہیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ او آئی سی کی مقبوضہ کشمیر پر قراردادوں کو بھارت نے ردی میں پھینکا، پارلیمنٹ ممبران کو صورتحال سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔ وزیر اعظم عمران خان کے 21 فروری کے بیان کو دنیا نے سراہا، وزیر اعظم نے کہا تھا بھارت کے پاس ثبوت ہیں تو دیں کارروائی کریں گے، وزیر اعظم نے کہا تھا جارحیت کی گئی تو دفاع کا حق رکھتے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پلوامہ حملے سے کئی ہفتے پہلے سفیروں کو آگاہ کیا گیا تھا کہ مودی سرکار ڈس ایڈونچر کر سکتی ہے، 5 ریاستوں میں شکست کے بعد مودی سرکار کچھ بھی کر سکتی ہے، اندازہ تھا انتخابات کے لیے مودی سرکار کشیدگی بڑھائے گی۔ جو پیش بندی کر سکتے تھے وہ ہم نے عالمی سطح پر کی۔

    انہوں نے کہا کہ 2 بج کر 55 منٹ پر بھارتی طیارے داخل ہوئے تھے، 2 بج کر 58 منٹ پر بھارتی طیارے واپس جا چکے تھے۔ پاک فضائیہ کے خوف سے بھارتی طیارے پاکستان حدود سے نکل چکے تھے، ’بھارتی عزائم سے بخوبی واقف ہیں، جارحیت کی گئی تو بھرپور جواب دینے کا حق رکھتے ہیں‘۔

    شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاک فوج مکمل چاق و چوبند اور تیار تھی، ہم ردعمل نہیں عمل کر کے دکھائیں گے۔ اشتعال انگیزی کا شکار نہیں ہوں گے جو ہم نے کرنا ہے وہ کریں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرتار پور ایک دیرینہ خواہش تھی، وہ اقتدار کی خاطر دیوار سے ٹکریں مار رہے ہیں۔ ’خواہش ہے کہ بھارت بھی اپنے ذہن کے راستے کھولے‘۔

  • بھارت کسی کی بات سننے کو تیار نہیں: سیکریٹری خارجہ

    بھارت کسی کی بات سننے کو تیار نہیں: سیکریٹری خارجہ

    جدہ: سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ بھارت کسی کی بات سننے کو تیار نہیں، وزیر اعظم نے پہلی تقریر میں بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے جدہ میں آرگنائزیشن آف اسلامک کو آپریشن (او آئی سی) کشمیر رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا میں آپس کے اختلاف مذاکرات کے ذریعے حل ہوتے ہیں، جنگ اور جنگی جنون مسائل کا ہرگز حل نہیں۔

    سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نہ تو او آئی سی اورنہ ہی انسانی حقوق اداروں کی بات سننے کو تیار ہے، وزیر اعظم نے پہلی تقریر میں بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت ہر روز مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کا خون بہا رہا ہے، بھارت پاکستان کے خلاف اپنی عوام کی نفرت کو ہوا دے رہا ہے۔ بھارت جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے اور اس نے دراندازی بھی کی۔

    تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ او آئی سی ممالک اور اقوام متحدہ بھارتی ہٹ دھرمی کا نوٹس لے، دنیا بھارت کے جنگی جنون پھیلانے کا سخت نوٹس لے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی فوج مضبوط ہے کبھی جنگ کو مسائل کا حل تصور نہیں کیا۔ ہمیشہ خواہش رہی کہ بھارت تمام معاملات میز پر بیٹھ کر حل کرے۔

    یاد رہے کہ آج صبح بھارتی ایئر فورس کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی، پاک فضائیہ کے بروقت ردعمل کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں نے مظفر آباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور مظفر آباد سیکٹر میں 3 سے 4 میل اندر آئے، بھارتی طیاروں نے جلد بازی میں اپنا پے لوڈ کھلے علاقے میں گرایا، تاہم پے لوڈ گرنے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

    آئی ایس پی آر نے بھارتی طیاروں کی جانب سے جلد بازی میں پھینکے گئے پے لوڈ کی تصاویر بھی جاری کردی ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پالیسی بیان میں کہا کہ بھارت نے ایل او سی کی خلاف ورزی کی، پاکستان مناسب جواب کا حق محفوظ رکھتا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے لائن آف کنٹرول کی حالیہ صورتحال پر اجلاس بلایا ہے۔

  • اقوام متحدہ کشمیر پر اپنا نمائندہ خصوصی مقرر کرے: صدر آزاد کشمیر

    اقوام متحدہ کشمیر پر اپنا نمائندہ خصوصی مقرر کرے: صدر آزاد کشمیر

    جدہ: صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ بھارت نے ہمیشہ او آئی سی کی کشمیر پر قراردادوں کو مسترد کیا۔ اقوام متحدہ کشمیر پر اپنا نمائندہ خصوصی مقرر کرے، او آئی سی اقوام متحدہ کی رپورٹ پر عملدر آمد کو یقینی بنائے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے جدہ میں آرگنائزیشن آف اسلامک کو آپریشن (او آئی سی) کشمیر رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ او آئی سی کی کشمیر پر قراردادوں کو مسترد کیا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت پلوامہ واقعے کے بعد جنگی جنون میں مبتلا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ وسیع ہے۔ گزشتہ چند دن میں 400 سے زائد کشمیریوں کو حراست میں لیا گیا۔

    صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پورے مقبوضہ کشمیر میں فوجی آپریشن جاری ہے، بندوق بردار بھارتی فوجی چن چن کر نوجوانوں کو شہید کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیر پر اپنا نمائندہ خصوصی مقرر کرے، او آئی سی اقوام متحدہ کی رپورٹ پر عملدر آمد کو یقینی بنائے۔

    یاد رہے کہ آج صبح بھارتی ایئر فورس کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی، پاک فضائیہ کے بروقت ردعمل کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں نے مظفر آباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور مظفر آباد سیکٹر میں 3 سے 4 میل اندر آئے، بھارتی طیاروں نے جلد بازی میں اپنا پے لوڈ کھلے علاقے میں گرایا، تاہم پے لوڈ گرنے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

    آئی ایس پی آر نے بھارتی طیاروں کی جانب سے جلد بازی میں پھینکے گئے پے لوڈ کی تصاویر بھی جاری کردی ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پالیسی بیان میں کہا کہ بھارت نے ایل او سی کی خلاف ورزی کی، پاکستان مناسب جواب کا حق محفوظ رکھتا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے لائن آف کنٹرول کی حالیہ صورتحال پر اجلاس بلایا ہے۔

  • جوابی کارروائی کیلئے پاکستان وقت اور جگہ کا انتخاب خود کرے گا، وزیراعظم عمران خان

    جوابی کارروائی کیلئے پاکستان وقت اور جگہ کا انتخاب خود کرے گا، وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے پاک فضائیہ کے بروقت ایکشن کی تعریف کرتے ہوئے پاک فوج اور عوام کو تیار رہنے کی ہدایت کردی اور کہا جوابی کارروائی کیلئے پاکستان وقت اور جگہ کا انتخاب خود کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ، اعلامیہ میں وزیراعظم عمران خان نے پاک فضائیہ کے بروقت ایکشن کی تعریف کی اور پاک فوج اور عوام کو تیار رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی کیلئے پاکستان وقت اور جگہ کا انتخاب خود کرے گا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے عالمی رہنماؤں کوبھارت کےغیرذمہ دارانہ رویے سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی کااجلاس کل طلب کرلیا ہے۔

    بھارت کےخودساختہ دعوے یکسر مسترد


    اجلاس میں بھارت کے خود ساختہ دعوے یکسر مستردکردیئے گئے  اور کہا گیابھارتی اقدام مقامی سطح پرہونےوالےانتخابات کیلئےفائدہ اٹھانےکی کوشش ہے، اس سے علاقائی امن واستحکام کو شدید خطرات لاحق ہوئے ہیں۔

    دراندازی کی جگہ بین الاقوامی اور مقامی میڈیا کیلئے اوپن کرنے کا اعلان


    حکومت نے دراندازی کی جگہ بین الاقوامی اور مقامی میڈیا کیلئے اوپن کرنے کا اعلان کردیااور کہا عالمی برادری خود آکر زمینی حقائق دیکھیں۔

    پوری قوم کو اعتماد میں لینے کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا اعلان


    اجلاس میں پوری قوم کو اعتماد میں لینے کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا اعلان بھی کیا گیا، اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس اسٹاف کمیٹی ،تینوں افواج کےسربراہان کی شرکت کریں گے جبکہ وزرائےخارجہ، دفاع، خزانہ اور دیگر سول و ملٹری حکام بھی شریک ہوں گے۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بھارتی طیاروں کی دراندازی پر قومی سلامتی سےمتعلق اجلاس ہوا ، اجلاس میں عسکری حکام ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اوروزیر دفاع پرویز خٹک شریک ہوئے۔

    قومی سلامتی سےمتعلق اجلاس میں پاک فضائیہ کےاعلیٰ حکام نے بھارتی طیاروں کی دراندازی سے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

    واضح رہے بھارتی ایئرفورس کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی ، پاک فضائیہ کی بروقت ردعمل کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔

    مزید پڑھیں : لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی، پاک فضائیہ کا بھرپور جواب، بھارتی طیارے بھاگ گئے

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں نے مظفرآباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور مظفر آباد سیکٹر میں تین سے چارمیل اندر آئے، بھارتی طیاروں نے جلد بازی میں اپنا پے لوڈ کھلے علاقے میں گرایا، تاہم پے لوڈ گرنے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

    آئی ایس پی آرنے بھارتی طیاروں کی جانب سےجلدبازی میں پھینکےگئے پےلوڈکی تصاویرجاری بھی کی۔

    خیال رہے گذشتہ ہفتے وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    قومی سلامتی اجلاس میں وزیرِ اعظم پاکستان نے مسلح افواج کو بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا اختیار دے دیا تھا اورکہا تھا کہ  یہ نیا پاکستان ہے، ریاست اپنے لوگوں کا تحفظ یقینی بنائے۔

  • اوآئی سی اجلاس: بھارتی وزیر خارجہ کو مدعو کرنے  پر پاکستان بائیکاٹ کرے، خواجہ آصف

    اوآئی سی اجلاس: بھارتی وزیر خارجہ کو مدعو کرنے پر پاکستان بائیکاٹ کرے، خواجہ آصف

    اسلام آباد : سابق وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کامعاملہ ہےپارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس آج ہی بلایاجائے، بھارتی وزیر خارجہ کو او آئی سی رابطہ گروپ میں بطور مہمان اعزازی مدعو کرنا پاکستان کی سفارتی ناکامی ہے، ہمیں اجلاس کابائیکاٹ کرنا چاہئے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا اوآئی سی کےاجلاس میں سشماسوراج کو بلایاگیا ہے، او آئی سی میں بہت عجیب بات ہے جو بھارتی وزیرخارجہ کو بلایاگیاہے، سفارتی سطح پر ہماری ناکامی ہے، جو سشماسوراج کو او آئی سی میں بلایاگیا۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اس ملک کا چپے چپے کی حفاظت کریں گے، ہمیں اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کرقوم کو اعتماد میں لے کر بھارت کو پیغام دیناچاہیے، حکومت کہتی تھی دوتین دن میں خوشخبری آئےگی یہ خوشخبری آگئی، اس طرح خارجہ پالیسی نہیں چلتی جس طرح حکومت چلارہی ہے۔

    ہمارے اختلافات حکومت چلانے کے انداز پر ہیں، پاکستان کیلئے سب ایک ہیں

    سابق وزیر خارجہ نے کہا مسئلہ کشمیر کے معاملے پر ہم سب ایک ہیں، کشمیریوں کے مسائل پر ہمیں ہچکچانا نہیں چاہیے، ہمارے اختلافات حکومت چلانے کے انداز  پر  ہیں، پاکستان کیلئے سب ایک ہیں۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے مطالبہ کیا قومی سلامتی کاایشوہےپارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس آج ہی بلائیں، یہ اتحادکاوقت ہے اس معاملے پر  سیاست نہ کریں، آج ہاؤس کا تقدس رکھیں، قومی ضرورت کےتحت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کا خون بہارہاہے اوراوآئی سی میں سشماسوراج کو بلایاگیا، سشماسوراج کواوآئی سی اجلاس میں بلاناہماری توہین ہے، ہمیں اجلاس کابائیکاٹ کرنا چاہئے۔

  • پاک بھارت ممکنہ جنگ: پوری دنیا بھوک سے مرجائے گی

    پاک بھارت ممکنہ جنگ: پوری دنیا بھوک سے مرجائے گی

    پاکستان اور بھارت کے درمیان گزشتہ کئی روز سے سخت کشیدگی دیکھی جارہی ہے جو آج بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی کے بعد کئی گنا بڑھ گئی، دونوں ممالک جنگ کے دہانے پر کھڑے دکھائی دیتے ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں جنگ کی صورت میں ہونے والے نقصانات کس قدر تباہ کن ہوں گے؟

    سنہ 2007 میں امریکا کی مختلف یونیورسٹیوں کی جانب سے کی جانے والی ایک مشترکہ تحقیق کے مطابق پاک بھارت جنگ میں اگر 100 نیوکلیئر ہتھیاروں کا استعمال کیا جائے (یعنی دونوں ممالک کے مشترکہ نیوکلیائی ہتھیاروں کا نصف)، تو 2 کروڑ 21 لاکھ لوگ براہ راست اس کی زد میں آ کر موت کا شکار ہوجائیں گے۔

    ہلاکتوں کی یہ تعداد دوسری جنگ عظیم میں ہونے والی ہلاکتوں کی نصف ہے۔ یہ ہلاکتیں صرف پہلے ہفتے میں ہوں گی اور مرنے والے تابکاری اور آتش زدگی کا شکار ہوں گے۔

    اوزون کی تہہ غائب ہوجائے گی

    انٹرنیشنل فزیشن فار دا پریوینشن آف نیوکلیئر وار کی سنہ 2013 میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق پاک بھارت جنگ میں نیوکلیئر ہتھیار استعمال ہوں گے اور یہ ہتھیار دنیا کی نصف اوزون تہہ کو غائب کردیں گے۔

    اوزون تہہ زمین کی فضا سے 15 تا 55 کلومیٹر اوپر حفاظتی تہہ ہے جو سورج کی مضر اور تابکار شعاعوں کو زمین پر آنے سے روک دیتی ہے۔ اوزون تہہ کی بربادی سے پوری دنیا کی زراعت شدید طور پر متاثر ہوگی۔

    رپورٹ کے مطابق ہتھیاروں کے استعمال سے گاڑھا دھواں پوری زمین کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا جو کئی عشروں تک قائم رہے گا۔ اس دھوئیں کی وجہ سے زمین کی 40 فیصد زراعت ختم ہوجائے گی۔

    موسمیاتی تبدیلیوں اور تابکاری کے باعث زراعت کے متاثر ہونے سے دنیا کے 2 ارب افراد بھوک اور قحط کا شکار ہوجائیں گے۔

    برفانی دور جیسے حالات

    پاک بھارت ممکنہ جنگ میں نیوکلیائی ہتھیاروں کے استعمال کے بعد ان کا دھواں زمین کی فضا کے اوپر ایک تہہ بنا لے گا جو سورج کی روشنی کو زمین پر آنے سے روک دے گا۔ یہاں سے زمین پر سرد موسم کا آغاز ہوجائے گا جسے ‘نیوکلیئر ونٹر‘ کا نام دیا جاتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق اس وقت زمین پر آئس ایج یعنی برفانی دور جیسے حالات پیدا ہوجائیں گے۔ یہ موسم بالواسطہ زراعت کو متاثر کرے گا۔

    سورج کی حرارت اور روشنی کی عدم موجودگی سے بچی کھچی زراعت میں بھی کمی آتی جائے گی یوں قحط کی صورتحال مزید خوفناک ہوجائے گی۔

    پڑوسی ممالک بھی براہ راست زد میں آئیں گے

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کا بھارت پر نیوکلیئر حملہ اور بھارت کا پاکستان پر حملہ خود ان کے اپنے علاقوں کو بھی متاثر کرے گا۔ دوسری جانب افغانستان کے سرحدی علاقے بھی ان حملوں سے براہ راست متاثر ہوں گے۔

    ماہرین کے مطابق پاکستان اور بھارت سے متصل ممالک میں بھی ہلاکتیں ہونے کا خدشہ ہوگا جبکہ تابکاری سے لاکھوں لوگ متاثر ہوں گے۔

  • بھارت اب بازنہ آیا تو اس کے ہزارٹکڑے کریں گے‘ علی محمد خان

    بھارت اب بازنہ آیا تو اس کے ہزارٹکڑے کریں گے‘ علی محمد خان

    اسلام آباد : وزیرِ مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ انشااللہ نئی دہلی کے لال قلعہ پرپاکستانی پرچم لہرائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں وزیرمملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمد خان نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کوبھرپورجواب دے دیا۔

    علی محمد خان نے کہا کہ کیا بھارت کواب مزید اورجواب چاہیے، امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے۔

    [bs-quote quote=”وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ بھارت اب بازنہ آیا تو اس کے ہزار ٹکڑے کریں گے۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    وزیرِ مملکت علی محمد خان نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پربننے والا ملک ہے تاقیامت رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انشااللہ نئی دہلی کے لال قلعہ پرپاکستانی پرچم لہرائیں گے۔

    لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی، پاک فضائیہ کا بھرپور جواب، بھارتی طیارے بھاگ گئے

    واضح رہے کہ بھارتی ایئرفورس کی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے پر پاک فضائیہ نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔

    میجرجنرل آصف غفور کے مطابق بھارتی طیاروں نے مظفرآباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور بھارتی طیارے اپنا پےلوڈ بالاکوٹ کے قریب گرا کرفرار ہوگئے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی طیارے مظفر آباد سیکٹر میں 3 سے 4 میل اندر آئے، بھارتی طیاروں نے جلد بازی میں اپنا پےلوڈ کھلےعلاقے میں گرایا۔