Tag: پاک بھارت کشیدگی

  • پاک بھارت کشیدگی: کن 3 غیر ملکی ایئر لائنز نے دونوں ملکوں کیلیے پروازیں معطل کر دیں؟

    پاک بھارت کشیدگی: کن 3 غیر ملکی ایئر لائنز نے دونوں ملکوں کیلیے پروازیں معطل کر دیں؟

    بھارت کے پاکستان پر میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر تین غیر ملکی ایئر لائنز نے دونوں ممالک کے لیے پروازیں معطل کر دی ہیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق بھارت کے پاکستان پر حملے کے بعد پاک بھارت کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اس صورتحال میں خلیجی فضائی کمپنیوں نے جنوبی ایشیا کے لیے کئی پروازیں منسوخ کر دی ہیں یا ان کا رخ تبدیل کر دیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اتحاد، امارات اور قطر ایئر ویز سمیت ایئر لائنز نے دبئی، ابوظہبی اور دوحہ ہوائی اڈوں سے بھارت اور پاکستان کے ہوائی اڈوں کے لیے پروازیں فوری طور پر روک دیں یا تاخیر کا شکار کر دیں۔

    اب ایمرٹس، اتحاد اور قطر ایئر ویز نے 10 مئی تک پاکستان کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔ ایمرٹس کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں پروازیں معطل کی گئی ہیں۔ صورتحال کو قریب سے مانیٹر کر رہے ہیں۔

    اتحاد نے کہا کہ اس نے 6 مئی کو پاکستان جانے والی پروازوں کو واپس بلایا۔ اس کے علاوہ 7 مئی کو کراچی (EY297)، لاہور (EY285) اور اسلام آباد (EY303) کے لیے پروازیں منسوخ کر دی تھیں۔

    ایئر لائنز کی ویب سائٹ کے مطابق ایمریٹس نے دبئی اور پاکستان میں سیالکوٹ، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت دیگر مقامات کے درمیان پروازیں بھی معطل کر دی ہیں۔

    قطر ایئر ویز نے کہا کہ اس نے فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے پاکستان کے لیے پروازیں "عارضی طور پر معطل” کر دی ہیں۔

  • پاک بھارت کشیدگی پر برطانوی حکومت کا بیان آ گیا

    پاک بھارت کشیدگی پر برطانوی حکومت کا بیان آ گیا

    پاک بھارت کشیدگی پر برطانوی حکومت کا سرکاری بیان آ گیا ہے جس میں دونوں ممالک سے معاملات کو بات چیت کے ذریعہ حل کرنے پر زور دیا ہے۔

    بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملے اور پاک فوج کے جوابی حملے کے بعد گزشتہ شب بھی بھارت نے پاکستان میں در اندازی کرتے ہوئے ڈرونز بھیجے جنہیں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے مار گرایا۔

    بھارت کی جانب سے پاکستان پر مسلسل حملوں اور دراندازی کے بعد کشیدگی انتہا کو پہنچ رہی ہے۔ ایسے میں برطانوی حکومت کی جانب سے پاک بھارت کشیدگی پر سرکاری بیان جاری کیا گیا ہے۔

    برطانوی انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکسان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پر حکومت برطانیہ میں تشویش پائی جاتی ہے۔ دونوں ہمارے اہم دوست ممالک ہیں۔

    برطانوی انڈر سیکریٹری نے کہا کہ بھارت کے پاکستان پر حملے میں عام شہریوں کی ہلاکت افسوسناک ہے۔ سیکریٹری خارجہ دونوں ممالک کے رابطے میں ہیں اور ہمارے ہائی کمشنرز بھی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آج صبح پاکستان کے وزیر خزانہ سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔ اس موقع پر دونوں ممالک سے کہتے ہیں کہ وہ صبر وتحمل سے کام لیں اور معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔

    واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے منگل اور بدھ کی درمیانی شب پاکستان پر حملوں اور پاک فوج کے فوری منہ توڑ جواب دیے جانے کے بعد گزشتہ شب اور آج دن میں بھی بھارت کی جانب سے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے متعدد ڈرون بھیجے گئے، جنہیں سیکیورٹی فورسز نے مار گرایا۔

    https://urdu.arynews.tv/pak-india-tension-pakistan-all-three-ports-on-high-alert/

  • پاک بھارت کشیدگی: شپنگ کمپنیوں نے 800 ڈالر تک کا سر چارج لگا دیا

    پاک بھارت کشیدگی: شپنگ کمپنیوں نے 800 ڈالر تک کا سر چارج لگا دیا

    شپنگ کمپنیوں نے پاکستان سے یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقا جانے والے کنٹینرز پر شپنگ چارجز میں 800 ڈالر تک کا بڑا اضافہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان بھارت کے درمیان شپنگ روابط معطل ہونے سے شپنگ کمپنیوں نے شپنگ چارجز بڑھا دیے ہیں، ذرائع پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن(پی این ایس سی) کے مطابق مشرق وسطیٰ، افریقا اور یورپ کے کنٹینر کارگو پر 300 سے 800 ڈالر تک کا اضافہ کیا گیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ شپنگ لائنز نے پاکستان سے افریقا کے لیے کرایوں میں 800 ڈالر کا اضافہ کیا جبکہ ایشیا کے لیے کرایوں میں 300 ڈالر کا اضافہ کیا گیا ہے جو کہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

    پاک بھارت کشیدگی  سے متعلق تمام خبریں

    یاد رہے کہ اس سے قبل پی این ایس سی کا جہاز بھارت کے لیے کارگو لے کر بھارتی کانڈلہ پورٹ کیلئے روانہ ہوا تھا جسے پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے سنگاپور کی طرف موڑ دیا تھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان بھارت کے درمیان شپنگ روابط معطل ہونے سے کارگو کی ترسیل میں مشکلات کا سامنا ہے، پاکستانی کارگو کی عمان اور سری لنکا کی بندرگاہوں سے ٹرانس شپمنٹ کی جا رہی ہے۔

  • پاک بھارت کشیدگی، پی ایس ایل 10 میں آج کراچی اور پشاور کا ہونیوالا میچ ملتوی

    پاک بھارت کشیدگی، پی ایس ایل 10 میں آج کراچی اور پشاور کا ہونیوالا میچ ملتوی

    پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث پی ایس ایل 10 میں آج کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ہونے والا میچ ملتوی کر دیا گیا ہے۔

    پاکستان سپر لیگ 10 اپنے آخری اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ پلے آف کے تین میچ سے قبل راؤنڈ کے چار میچز باقی ہیں جن میں پلے آف کے لیے تین ٹیموں کا فیصلہ ہونا ہے۔

    آج پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ ہونے والا تھا جو ملتوی کر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ آج صبح پنڈی اسٹیڈیم سے ملحقہ فوڈ اسٹریٹ ریس کورس ٹرانزٹ کیمپ کے قریب بھارتی ڈرونز کا مار گرایا گیا تھا۔

    دوسری جانب پاک بھارت کشیدگی کے باعث پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے پی ایس ایل انتظامیہ کو بھرپور سیکیورٹی فراہمی کا یقین دلایا ہے، پی ایس ایل کے بقیہ میچزکرانے کیلئے تیار ہیں۔

    ذرائع سندھ حکومت کے مطابق ٹریفک پولیس کو جامع پلان تیار کرنے کا حکم دے دیا ہے، کراچی کے 5 اسٹار ہوٹلز کو ٹیم کی بکنگ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    کراچی کے 5 اسٹار ہوٹلز کے اطراف سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایات کردی گئی ہے۔
    پاک بھارت کشیدگی کے باعث پی ایس ایل 10 کے میچز سے متعلق مختلف آپشنز پر غور کے لیے وزارتِ داخلہ اور پی ایس بی حکام کا اجلاس ہوا۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی زیادہ ہوئی توپی ایس ایل کے میچز دبئی یا دوحہ منتقل کئے جاسکتے ہیں جبکہ پی ایس ایل 10 کے میچز منتقل کرنے کا حتمی فیصلہ آج شام تک ہوگا۔

  • آذربائیجان کا بھی پاکستان کی مکمل حمایت اور ساتھ دینے کا اعلان

    آذربائیجان کا بھی پاکستان کی مکمل حمایت اور ساتھ دینے کا اعلان

    اسلام آباد: آذربائیجان نے پاکستان کی مکمل حکومت کا فیصلہ اور بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق آذربائیجان حکومت نے وزیراعظم شہباز شریف کے نام خط میں  پاک بھارت کشیدگی پر اظہار تشویش کیا ہے، پاکستان میں سفیر آذربائیجان خضرفرہادوف نے پاکستان حکومت کیلئے خصوصی پیغام  دیا ہے۔

    پاک بھارت کشیدگی  سے متعلق تمام خبریں

    آذربائیجان کے سفیر نے کہا ہے کہ آذربائیجان حکومت پاکستان میں بھارتی فوج کی کارروائیوں کی مذمت کرتی ہے، آذربائیجان کی حکومت پاکستان سے اظہار یکجہتی اور بھرپور حمایت کرتی ہے، آذڑبائیجان نے متاثرین کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔

    آذربائیجان نے دونوں ممالک سے تنازع سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی تجویز دی ہے، آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔

  • پاک بھارت کشیدگی کم کرانے کیلئے سعودی عرب متحرک ہوگیا

    پاک بھارت کشیدگی کم کرانے کیلئے سعودی عرب متحرک ہوگیا

    پاک بھارت کشیدگی کم کرانے کیلئے سعودی عرب متحرک ہوگیا، سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ غیر اعلانیہ دورے پر نئی دہلی پہنچ گئے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے سعودی وزیرمملکت عادل الجبیر نے دلی میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ملاقات کی جہاں دونوں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو کی ہے۔

    دوسری جانب جے شنکر نے سعودی رہنما کے ساتھ ملاقات کے بارے میں پوسٹ کرتے ہوئے کہا "آج صبح سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر کے ساتھ اچھی ملاقات ہوئی۔”

    پاک بھارت کشیدگی  سے متعلق تمام خبریں

    دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نئی دلی پہنچے ہیں، اپنے دورے کے دوران ایرانی وزیر خارجہ بھارتی ہم منصب جے شنکر سے ملاقات کریں گے۔

    ایرانی وزیر خارجہ نے رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کیا تھا، عباس عراقچی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی تھی۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کے قیام میں مدد کی پیشکش کر دی ہے۔

    ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی سے متعلق بیان دیتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر تحمل سے کام لیں اور حالات کو مزید خراب ہونے سے روکیں۔

    ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کو پیشکش کر دی

  • پاک بھارت جنگی صورتحال:  کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کوآرڈینیشن کےلیےلائحہ عمل تیار

    پاک بھارت جنگی صورتحال: کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کوآرڈینیشن کےلیےلائحہ عمل تیار

    اسلام آباد : پاک بھارت کشیدگی کے بعد جنگی صورتحال کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کوآرڈینیشن کے لیے لائحہ عمل تیار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے بعد جنگی صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت واربک کےحوالے سے اعلی سطح اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں تمام سرکاری و نجی اسپتالوں ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور فائر بریگیڈ حکام شریک ہوئے جبکہ اسلام آباد پولیس، اسپیشل برانچ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شرکت کی۔

    اجلاس میں محکمہ سوئی گیس،پی ٹی سی ایل اورتمام متعلقہ اداروں نے بھی شرکت کی۔

    اجلاس میں واربک کے مطابق تمام اداروں کو تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کوآرڈینیشن کے لیےلائحہ عمل تیار کرلیا گیا۔

    ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے کہا کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظرتمام سرکاری و نجی اسپتالوں میں ہائی الرٹ ہے، صورتحال مانیٹرکرنےکیلئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔

    عرفان میمن کا کہنا تھا کہ شہری ہنگامی صورتحال میں کنٹرول سینٹر کے 3 رابطہ نمبرز پر کسی بھی وقت رابطہ کرسکتے ہیں۔

  • پاک بھارت کشیدگی، اسلام آباد ایئرپورٹ بند ،  پروازیں کراچی ائیرپورٹ پر اتار لی گئیں

    پاک بھارت کشیدگی، اسلام آباد ایئرپورٹ بند ، پروازیں کراچی ائیرپورٹ پر اتار لی گئیں

    اسلام آباد : اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا گیا اور بیرون ملک سے لاہور آنے والی پروازیں کراچی ائیرپورٹ پر اتارلی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے لاہور اور سیالکوٹ کے بعد اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا گیا۔

    دوسری جانب بیرون ملک سے لاہور آنے والی پروازیں کراچی ائیرپورٹ پراتاری گئیں۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ نے بتایا کہ جدہ،دبئی،مسقط اورمدینہ سےلاہورآنےوالی پروازیں کراچی اتاری گئیں اور تمام مسافروں کو لاؤنچ میں منتقل کیا گیا ہے۔

    اس سے قبل لاہورائیرپورٹ کےلیےآنےوالی پروازوں کا رخ اسلام آباد موڑ دیاگیا تھا اور مسقط سے لاہور آنے پروازپی کے 230 اسلام آباد ائیرپورٹ پر اتاری گئی تھی۔

    نجی ائیر لائن کی ریاض سے لاہور آنے والی پرواز کو بھی اسلام آباد ائیرپورٹ اتار لیا گیا۔

    مزید پڑھیں : پاک بھارت کشیدگی : دوشہروں کی فضائی حدود پروازوں کیلیے بند

    خیال رہے کراچی، لاہور اور سیالکوٹ ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔

    ائیرپورٹ اتھارٹی کے مطابق لاہور اور سیالکوٹ ائیرپورٹس آج دن 12 بجے تک دستیاب نہیں ہوں گے جبکہ لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن میں7 روٹس کمرشل طیاروں کیلئے بند کیے گئے ہیں۔

  • لاہور والٹن روڈ کے علاقے میں یکے بعد دیگرے 3 دھماکے

    لاہور والٹن روڈ کے علاقے میں یکے بعد دیگرے 3 دھماکے

    لاہور: والٹن روڈ کے علاقے میں یکے بعد دیگرے 3 دھماکے ہوئے ہیں، جس نے لوگوں کو خوف زدہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے کہا ہے کہ والٹن روڈ کے علاقے میں تین زوردار دھماکے ہوئے ہیں، دھماکے سن کر لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو کی فائر فائٹنگ گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔

    دھماکوں کی آوازیں کئی کلو میٹر دور تک سنی گئیں، اس وقت سیکڑوں کی تعداد میں لوگ باہر نکل کر جمع ہو گئے ہیں، جب کہ پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔


    ہاؤسنگ سوسائٹیز میں بلیک آؤٹ رکھنے کے احکامات جاری


    سیکیورٹی فورسز کی جانب سے تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ دھماکے کس نوعیت کے ہیں، دھماکے لاہور کے پوش علاقے گلبرگ میں ہوئے ہیں، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور غیر متعلقہ افراد کو روک دیا گیا ہے۔

  • پاک بھارت کشیدگی : دوشہروں کی فضائی حدود پروازوں کیلیے بند

    پاک بھارت کشیدگی : دوشہروں کی فضائی حدود پروازوں کیلیے بند

    لاہور اور سیالکوٹ کی فضائی حدود میں متعدد فضائی روٹس کمرشل پروازوں کیلئے ایک بار پھر بند کردیے گئے ہیں۔

    پی اے اے نے اس حوالے سے نوٹم جاری کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور اور سیالکوٹ کی فضائی حدود میں متعدد فضائی روٹس کمرشل پروازوں کے لیے بند کردیے گئے ہیں۔

    نوٹم میں کہا گیا ہے کہ کچھ ائیر روٹس آپریشنل وجوہات کے باعث عارضی طور پردستیاب نہیں ہوں گے، دونوں بڑے شہروں کی فضائی حدود میں روٹس آج دوپہر12 بجے تک بند رہیں گے جبکہ لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن میں7 روٹس کمرشل طیاروں کیلئےبند کیے گئے ہیں۔

    نوٹم میں مزید کہا گیا ہے کہ سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کمرشل طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف بھی دوپہر 12بجے تک بند رہے گی۔

    اس حوالے سے پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی پی اے اے کا اپنے نوٹم میں کہنا ہے کہ مذکورہ اقدام کے باعث کچھ شیڈولوڈ پروازیں متاثر ہوسکتیں ہیں۔

    لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن میں7 روٹس کمرشل طیاروں کیلئے بند کیے گئے ہیں، سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کمرشل طیاروں کی لینڈنگ، ٹیک آف دوپہر12بجے تک بند رہے گی، مدینہ سے لاہور آنے والے پی آئی اے پرواز پی کے748کو کراچی لینڈ کرا دیا گیا ہے۔

    اس سلسلے میں متعلقہ ایئرلائنز کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے اور مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ صورتحال جاننے کے لیے متعلقہ ایئرلائن سے رابطے میں رہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز رات کے اندھیرے میں بھارتی فوج کے بزدلانہ حملے میں دو مساجد شہید ہوئیں جبکہ ایک بچی سمیت 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوئے۔

    پاک فوج نے بھارتی کارروائیوں کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج کے 3 رافیل، ایک سکوئی، ایک مگ 29 اور ایک ڈرون تباہ کر دیا جبکہ بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کردیا۔

    مزید پڑھیں : پاکستان کے تمام ایئرپورٹس سے متعلق اہم خبر آگئی

    اس سلسلے میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، صدر جنرل اسمبلی اور صدر سلامتی کونسل کو بھارتی جارحیت کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔