Tag: پاک بھارت کشیدگی

  • پاکستان نے پلوامہ حملے پر بھارتی ڈوزئیر کا جواب دے دیا

    پاکستان نے پلوامہ حملے پر بھارتی ڈوزئیر کا جواب دے دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے پلوامہ حملے پر بھارتی ڈوزئیر کا جواب بھجوا دیا، ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی ڈوزئیر میں معلومات پر تحقیقات کر کے جواب دیا۔

    تفصیلات کے مطابق دفترِ خارجہ کی جانب سے بھارتی ہائی کمشنر کو دفترِ خارجہ بلا کر پلوامہ حملے پر ڈوزیئر کا جواب ان کے حوالے کیا گیا۔

    ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے بھارت کو پلوامہ حملہ کے بعد تحقیقات میں مدد کی پیش کش کی تھی، بھارت کی طرف سے 27 فروری کو ڈوزئیر بھجوایا گیا تھا۔

    دفترِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس معاملے پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پڑوسی ملک کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن اور سلامتی کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، آگے بڑھنے کے لیے بھارت کی طرف سے مزید معلومات کا انتظار ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت کی ماحولیاتی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا ڈوزیئر اقوام متحدہ میں پیش

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 28 فروری کو دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے اطلاع دی تھی کہ بھارت کے پلوامہ حملوں سے متعلق ڈوزیئر دفتر خارجہ کو موصول ہو گئے ہیں، اگر ثبوت اس قابل ہوئے کہ کارروائی جائے تو پاکستان کارروائی کرے گا۔

    بعد ازاں 8 مارچ کو بھارتی میگزین انڈیا ٹو ڈے نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے بھارتی ڈوزیئر مسترد کر دیے ہیں، جس پر دفتر خارجہ نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر جھوٹ پر مبنی ہے، بھارتی ڈوزیئر کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جلد جواب دیا جائے گا۔

  • پاکستان نے کشیدگی کم کرنے میں آگے بڑھ کر کردار ادا کیا، عادل الجبیر

    پاکستان نے کشیدگی کم کرنے میں آگے بڑھ کر کردار ادا کیا، عادل الجبیر

    ریاض: سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ کشیدگی ختم کرنے میں آگے بڑھ کر کردار ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر راجہ اعجاز کی سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ریاض میں قائم پاکستانی سفارت خانے میں تعینات ہونے والے راجہ اعجاز نے اپنا منصب سنبھالنے کے بعد امور سرانجام دینا شروع کردیے جس کے تحت انہوں نے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں شروع کردیں۔

    مزید پڑھیں: پاکستان اوربھارت کا پرامن طریقےسےساتھ رہناسب کے مفاد میں ہے،چینی وزارت خارجہ

    عادل الجبیر نے نے راجہ اعجاز کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی کے نئے سفیر کی آمد سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔

    راجہ اعجاز نے پاک بھارت کشیدگی کم کرانے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ خطے کی کشیدگی کم کرنے میں سعودی عرب کا اہم کردار ہے، پاکستان امن قائم کرنے کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لائے گا۔ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے حکومت نے بہت اہم کردار ادا کیا۔

    دو روز قبل پاکستانی سفیر کی سعودی فرمانروا سے اہم ملاقات بھی ہوئی تھی جس میں انہوں نے پاکستان کی غیر مشروط حمایت پر شاہ سلمان اور سعودی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

  • پاکستان اوربھارت کا پرامن طریقےسےساتھ رہناسب کے مفاد میں ہے،چینی وزارت خارجہ

    پاکستان اوربھارت کا پرامن طریقےسےساتھ رہناسب کے مفاد میں ہے،چینی وزارت خارجہ

    بیجنگ : چین کا کہنا ہے پاکستان اوربھارت کے درمیان پرامن تعلقات دنیا کے امن کے مفاد میں ہیں، چین نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کےلئے مثبت کردارادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اوربھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی سے متعلق چینی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ چین نے پاکستان اوربھارت میں تناؤ کم کرانے میں مثبت کردارادا کیا، کشیدگی میں کمی کے لئےچند دیگرممالک نے بھی کوششیں کیں۔

    چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا پاکستان اوربھارت کا پرامن طریقے سے ساتھ رہنا سب کے مفاد میں ہے، دوست ہمسائے کے طورپردونوں ممالک میں امن مذاکرات کی کوششوں اورکشیدگی کم کرنے میں کردارادا کیا۔

    ترجمان نے کہا چین عالمی برادری کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات اورپرامن طریقے سے اختلافات دورکرنے کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا۔

    یاد رہے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے پاک بھارت کشیدگی ختم کر کے دونوں ممالک کو صفحہ پلٹ کر آگے چلنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ممالک کو خطے میں امن کے لیے کشیدگی کو چھوڑ کر آگے بڑھنا ہوگا۔

     مزید پڑھیں:  پاکستان اوربھارت صفحہ پلٹیں اورآگےچلیں، چینی وزیرخارجہ

    اُن کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کو طویل مدت کےلئے بہتر تعلقات میں تبدیل ہونا چاہیے تاکہ خطے کے ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تجارتی معاہدے کر سکیں۔

    اس سے قبل چینی وزارت خارجہ نے پاک بھارت کشیدہ صورتحال پر اپنے بیان میں کہا پاکستان بھارت اچھے ہمسایوں کی طرح تعلقات نبھائیں تاکہ جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کا تسلسل جاری رہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ امید ہے دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں گے اور مذاکرات کے لئے سازگار اقدامات کریں گے اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے کام کریں گے۔

    واضح رہے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلواما میں ہونے والے دھماکے میں 44 بھارتی فوجی مارے گئے تھے، جس کے بعد بھارتی حکومت اور میڈیا نے تحقیقات کیے بغیر دھماکے کا الزام پاکستان پر عائد کردیا تھا، جسے پاکستان نے سختی سے مسترد کردیا تھا۔

    بعد ازاں 27 فروری کو بھارت کی3 جنگی جہاز تباہ ہوئے تھے، تین میں سے دوپاکستان ائیر فورس نے مار گرائے تھے جبکہ بھارتی پائلٹ کو بھی حراست میں لے لیا تھا، ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل آصف غفور نے بتایا تھا بھارتی طیارے پاکستانی حدود میں نشانہ بنائے، ایک طیارہ آزاد کشمیر دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرایا۔

    پاکستان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کیا، اس اقدام کو دنیا بھر میں سراہا گیا جبکہ  عالمی طاقتوں نے بھارت کو بھی جارحانہ اقدامات سے باز رہنے کا مشورہ دیا تھا۔

  • ایف 16 طیارے سجانے کے لیے نہیں رکھے، کسی بھی ملک کے خلاف استعمال ہوسکتے ہیں، سفارتی ذرائع

    ایف 16 طیارے سجانے کے لیے نہیں رکھے، کسی بھی ملک کے خلاف استعمال ہوسکتے ہیں، سفارتی ذرائع

    اسلام آباد: سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان دفاع کے لیے کسی بھی ملک کے خلاف ایف 16 کا استعمال کرسکتا ہے، طیارے سجانے کے لیے نہیں خریدے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان نے 26 فروری کی صبح بھارتی طیاروں کو گرانے کے لیے ایف 16 طیاروں کا استعمال کیا۔ بھارتی افواج کے سربراہان یا حکومتی نمائندے اس بات کا ثبوت پیش نہیں کرسکے بلکہ وہ ایک چادر کا ٹکڑا ہی اٹھائے اپنی دعوے کا دہراتے نظر آئے۔

    بھارتی میڈیا کے چند چینلز نے ایف سولہ طیاروں کا ثبوت نہ ملنے پر نسوار کی پڑیاں تک دکھائیں تاکہ وہ عالمی دنیا اور اپنے عوام کو بے وقوف بنا سکیں مگر انہیں ہر پاکستان کے خلاف ناکام دراندازی کے بعد انہیں ہر موڑ پر ہی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

    مزید پڑھیں: ایف 16 طیارے کا استعمال؟ بھارتی میڈیا نے نسوار کی تھیلی بطور ثبوت پیش کردی

    بھارت نے دعویٰ کیا تھا کہ اُس نے ایف سولہ طیارہ استعمال کرنے کے شواہد امریکا کو فراہم کردیے البتہ تین ہفتے گزر جانے کے باوجود جہازوں کے استعمال پر وائٹ ہاؤس انتظامیہ نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا سے معاہدے کے تحت پاکستان کسی بھی ملک کے خلاف ایف 16 طیارے استعمال کرسکتا ہے، اس ضمن میں کوئی خاص شرط یا پابندی نہیں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارتی تجزیہ کار نے اپنی ہی فضائیہ کا پاکستانی ایف 16 گرانے کا دعویٰ رد کر دیا

    سفارتی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نےایف16طیارےڈیکوریشن پیس کےلئےنہیں خریدے، امریکا نے 3 ہفتے بعد بھی ایف16 استعمال کے معاملے پرکوئی رابطہ نہیں کیا۔

  • پاک بھارت کشیدگی، حکومت کا چین سے اسٹریٹجک مشاورت کا فیصلہ

    پاک بھارت کشیدگی، حکومت کا چین سے اسٹریٹجک مشاورت کا فیصلہ

    اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاک بھارت کشیدگی پر اسٹریٹجک مشاورت کے لئے 3 روزہ دورے پر چین جائیں گے، جہاں وہ ہم منصب وانگ ژی سمیت چینی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور بھارت کیساتھ کشیدگی کے خاتمے کیلئے کاوشوں کا احاطہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے پاک بھارت کشیدگی پر چین سے اسٹریٹجک مشاورت کا فیصلہ کرلیا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اتوار کو 3 روزہ دورے پر چین جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران وزیر خارجہ ہم منصب وانگ ژی سمیت چینی قیادت سے ملیں گے اور پیر اور منگل کو دوطرفہ اسٹریٹجک مشاورت میں حصہ لیں گے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھارت کیساتھ کشیدگی کے خاتمے کیلئے کاوشوں کا احاطہ کریں گے اور داخلی سطح پر جاری اقدامات سے بھی چینی قیادت کو آگاہ کریں گے۔

     مزید پڑھیں:  پاکستان اوربھارت صفحہ پلٹیں اورآگےچلیں، چینی وزیرخارجہ

    یاد رہے  چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے خطے میں امن کے لیے  پاک بھارت کشیدگی ختم کر کےپاکستان اوربھارت کو صفحہ پلٹ کر آگے چلنے کا مشورہ دیا تھا ۔

    چینی وزیر خارجہ  کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کو طویل مدت کےلئے بہتر تعلقات میں تبدیل ہونا چاہیے تاکہ خطے کے ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تجارتی معاہدے کر سکیں۔

    اس سے قبل چینی نائب وزیرخارجہ نے وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت سیکریٹری خارجہ سے ملاقاتیں کی تھیں، ملاقاتوں باہمی دلچسپی کے امور سمیت پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورت حال پربات چیت ہوئی اور آزمائش پر پورا اترنے والی پاک چین اسٹریٹیجک تعاون کی پارٹنر شپ کا اعادہ کیا گیا تھا۔

  • کرتارپور راہداری: پاکستانی وفد کا بھارت جانا ہمسائے کے ساتھ اچھے تعلقات کی طرف قدم ہے، دفتر خارجہ

    کرتارپور راہداری: پاکستانی وفد کا بھارت جانا ہمسائے کے ساتھ اچھے تعلقات کی طرف قدم ہے، دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستانی وفد کا کرتارپور راہ داری پر بات چیت کے لیے بھارت جانا ہمسائیگی کے اچھے تعلقات کی طرف قدم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈاکٹر فیصل نے پاکستانی وفد کے بھارت جانے کو مثبت ہم سائیگی کی طرف اٹھایا جانے والا پہلا قدم قرار دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نے درخواست کی تھی کہ پاکستانی وفد دہلی کی بجائے واہگہ اٹاری پر مذاکرات کے لیے آئے۔

    ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستانی وفد مذاکرات کے لیے بھارت جا رہا ہے، یہ وزیر اعظم عمران خان کے کرتارپور وژن اور اسپرٹ کا عکاس ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ آج اٹاری کے مقام پر ہونے والے مذاکرات کرتارپور پر ملاقاتوں کا پہلا سلسلہ ہے، ہم ایک مثبت پیغام لے کر جا رہے ہیں، بھارت سے بھی آگے آنے کی امید ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرتار پور راہداری پراجلاس ، بھارت کا پاکستانی صحافیوں کو ویزہ دینے سے انکار

    خیال رہے کہ کرتارپور راہ داری پر مذاکرات کی کوریج کے لیے پاکستان نے بھارت کو پاکستانی صحافیوں کو ویزا دینے کی درخواست کی تھی جسے انڈیا نے مسترد کر دیا، جس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے اس اقدام کو افسوس ناک قرر دیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کرتار پور رہ داری کی سنگ بنیاد کے موقع پر 30 بھارتی صحافیوں کو ویزے جاری کیے تھے اور ان صحافیوں کی وزیر اعظم سے ملاقات بھی کرائی گئی۔

  • پاکستان نے بھارت سے کشیدگی میں کمی کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا: شیلا جیکسن

    پاکستان نے بھارت سے کشیدگی میں کمی کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا: شیلا جیکسن

    واشنگٹن: امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئر پرسن شیلا جیکسن کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو مذاکرات کی دعوت اور جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کی رہائی پر دنیا بھر میں ملکی اقدامات کو سراہا گیا۔

    پاکستانی کاکس کی چئیرپرسن کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت نے حالیہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنی پوری ذمہ داری نبھائی۔

    شیلا جیکسن کا اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کو خوش حال اور مستحکم ملک دیکھنا چاہتا ہے۔

    امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئر پرسن نے ہیوسٹن میں ڈیموکریٹ رہنما طاہر جاوید اور ڈاکٹر آصف قدیر کی جانب سے دئیے گئے ظہرانے سے بھی خطاب کیا۔

    پاک بھارت کشیدگی: خطے میں امن کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ تعریف ہے، یورپی پارلیمنٹ

    خیال رہے کہ گذشتہ سال جولائی میں شیلا جیکسن لی نے کہا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی امریکا کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان میں جمہوری عمل کی حمایت کرتے ہیں۔

    یاد رہے کہ چودہ فروری کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں ہونے والے خود کش حملے کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحانہ اقدامات اٹھائے تھے۔

    بھارتی فضائیہ نے 25 اور 26 فروری کی شب پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بالا کوٹ کے مقام جبہ پر طیاروں کا ایمونیشن گرایا تھا جس کے بعد وہاں کی حکومت نے کامیابی کے بلند و بانگ دعوے کیے تھے۔

  • بھارت کا جنگی جنون، روس سے کرائے پر ایٹمی آبدوز حاصل کر لی

    بھارت کا جنگی جنون، روس سے کرائے پر ایٹمی آبدوز حاصل کر لی

    نئی دہلی: جنگی جنون میں مبتلا بھارت  روس کے ساتھ ایک نئے معاہدے کے تحت کرائے پر ایٹمی آب دوز حاصل کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت نے روس کے ساتھ ایک نئی آب دوز  کرائے پر لینے کا معاہدہ کیا ہے، ایٹمی آبدوز کے حصول کا یہ معاہدہ 3 بلین ڈالرز پر مبنی ہے۔

    معاہدے کے مطابق روسی ایٹمی آب دوز 10 سال کے لیے لیز پر بھارت کے سمندروں میں خدمات انجام دے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس کی ایٹمی طاقت کی حامل یہ تیسری آب دوز 2025 تک بھارت کو فراہم کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ روس سرد جنگ کے زمانے میں بھی بھارت کو اسلحہ فراہم کرنے والا بڑا ملک تھا، اس سے قبل بھی بھارت کو ایک آب دوز کرائے پر دے چکا ہے، جس کے کرائے کی مدت میں اضافے کے لیے بھی مذاکرات کیے گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک بحریہ نے سمندری حدود میں موجود بھارتی آبدوز کاسراغ لگا کر داخلے کی کوشش ناکام بنادی

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ معاہدے کے تحت روسی ایٹمی آب دوز کم از کم دس سال تک بھارت کے پاس رہے گی۔

    یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے فضائی دراندازی اور بد ترین شکست کے بعد دشمن نے پاکستانی سمندری حدود میں بھی داخل ہونے کی کوشش کی لیکن مستعد پاک بحریہ نے اپنے سمندری زون میں موجود بھارتی آب دوز کا سراغ لگا کر اس کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔

  • نہتے شہریوں پر بھارتی فائرنگ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، آزاد کشمیر میں اسد قیصر کی گفتگو

    نہتے شہریوں پر بھارتی فائرنگ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، آزاد کشمیر میں اسد قیصر کی گفتگو

    میرپور: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ نہتے شہریوں پر بھارتی فائرنگ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، امن کے لیے حکومتِ پاکستان نے جو کرنا تھا وہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق میرپور آزاد کشمیر میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر بھارت نہتے شہریوں کو نشانہ بنا کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا مقصد پاک بھارت کشیدگی کو کم کرنا تھا، ہم مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔

    انھوں نے پاکستان کے واضح اور منصفانہ مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا ایشو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، آپ کسی کو زبردستی اپنا غلام بنا کر اس کے حقوق نہیں چھین سکتے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی کا یہ بھی کہنا تھا کہ بہتر ہے کشمیری عوام کی رائے کے مطابق استصواب رائے کرایا جائے، بھارت جس گیم کا حصہ بن رہا ہے وہ دونوں ممالک کے فائدے میں نہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارتی ریاستی دہشت گردی سے 22ہزار8 سو 99 کشمیری خواتین بیوہ ہوئیں، رپورٹ

    انھوں نے کہا کہ پاکستان ایک نیو کلیئر ملک ہے اور پاکستان کو اس بات کا احساس ہے اس لیے اس نے ہمیشہ ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کیا ہے۔

    واضح رہے کہ یوم خواتین پر جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے بھارتی فورسز کی دہشت گردی کے باعث 22 ہزار 899 کشمیری خواتین بیوہ ہو چکیں، 11 ہزار 113 خواتین سے زیادتی کی گئی جب کہ 8 ہزار کشمیری لاپتا ہوئے۔