Tag: Pakistan 77th independence day

  • ہمیں زندہ قوم بن کر ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے، مریم نواز

    ہمیں زندہ قوم بن کر ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے، مریم نواز

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں پاکستان جیسی نعمت سے نوازا ہے، آنے والے وقت میں ملک کی بھاگ دوڑ نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوگی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں تمام بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہوں،کل ارشد ندیم سے ملاقات ہوئی اس کی حوصلہ افزائی کی۔

    انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے ملک کا نام روشن کیا ہے، ملک کا نام روشن کرنے سلسلہ جاری رہنا چاہیے، پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، نوجوان باصلاحیت ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کیلئے ہم سب کو آواز اٹھانی چاہیے، جنہوں نے ملک کی ترقی میں حصہ ڈالا ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آزادی دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہے، ہم سب کو بطور قوم اپنا احتساب کرنا ہے، جو ہوگیا وہ ہوگیا، اب ہمیں آنے والے وقت کی فکر کرنی چاہیے، ملک میں سیاسی استحکام ہوگا تو ملک ترقی کریگا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ افواج پاکستان کے جوانوں نے ملک کیلئے جانیں قربان کیں، پولیس کے جوانوں نے بھی ملک کیلئے جانیں قربان کیں۔ ملک کی خاطر قربانی دینے والوں کو یاد رکھنا چاہیے۔

    پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کا پرتپاک استقبال، قومی پرچموں کی بہار

    پاکستانی قوم میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، ہم سب کو فرد کے بجائے ملک کا سوچنا چاہیے، ہمیں زندہ قوم بن کر ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے۔

  • پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کا پرتپاک استقبال، قومی پرچموں کی بہار

    پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کا پرتپاک استقبال، قومی پرچموں کی بہار

    اسلام آباد: پاکستان کا 77واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کی آزادی کے77 برس مکمل ہونے پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں کی جانب سے دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔

    اس موقع پر پاک فوج کے دستے کی جانب سے نعرہ تکبیر، اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے بھی بُلند کئے گئے، یہ توپوں کی سلامی اس بات کی غمازی کرتی ہیں کہ”ہم ایک با حوصلہ قوم ہیں اور وقت آنے پر نا صرف سینہ سپر بلکہ دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے بھی ہمہ وقت تیار ہیں“۔

    ملک بھر کی مساجد میں پاکستان کی بقا اور سلامتی کیلئے قرآن خوانی اور دعاؤں کااہتمام کیا جارہا ہے، نماز فجر کے وقت ملک بھر میں امن واستحکام، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں۔

    تحریک آزادی پاکستان کے شہدا کیلئے قرآن خوانی کااہتمام کیا گیا جن کے طفیل یہ حسین خطہ ارض بہ فضلِ خداوندِ متعال ہمیں نصیب ہوا،اس موقع پر شہدائے تحریک پاکستان کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، وطن عزیز کی سالمیت کیلئے قیمتی جانوں کا نذرا نہ پیش کرنے والوں سے بھی اظہار یکجہتی کی گئی۔

    پشاور میں جشن آزادی کے حوالے سے شہدا کے لواحقین کیلئے پاک فوج کی جانب سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، شہداکے لواحقین اور دیگر شرکا نے یادگار شہدا پر پھول رکھے۔

    تقریب میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول اور اسپیشل بچوں کے اسکول کے طلبا و طالبات بھی شریک ہوئے، کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل عمر احمد بخاری تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

    77 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، ملک بھر میں شاندار آتش بازی

    گوادر میں جشن آزادی کے پر مسرت موقع پر رنگارنگ آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، رنگارنگ آتش بازی سے گوادر کا آسمان روشنیوں سے منور ہوگیا، گوادر کی عوام کی بڑی تعداد نے آتش بازی کا مظاہرہ دیکھا اور پاکستان سے محبت کا اظہار کیا۔