Tag: Pakistan airspace

  • بیرون ملک پھنسے مسافروں کو وطن لانے کا سلسلہ شروع

    بیرون ملک پھنسے مسافروں کو وطن لانے کا سلسلہ شروع

    اسلام آباد: پاکستان کی فضائی حدود ہر قسم کی پروازوں کیلئے مکمل بحال کردی گئی، حج پروازیں اب سے شیڈول کے مطابق سعودی عرب روانہ ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے ایئر پورٹس پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے، بیرون ملک پھنسے مسافروں کو وطن واپس لایا جارہا ہے، قومی ایئرلائن کی پرواز ٹورنٹو سے مسافروں کو لیکر لاہور اور پھر کراچی پہنچے گی جبکہ نجی ائیر لائنز کا بھی اندرون ملک فلائٹ آپریشن شروع کردیا ہے۔

    ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج پروازیں اب سے شیڈول کے مطابق سعودی عرب روانہ ہوں گی، فلائٹ آپریشن کی وقتاً فوقتاً بندش کے باعث مجموعی طور پر 10 حج پروازیں منسوخ ہوئیں۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور سے 3، اسلام آباد سے 2 جبکہ کراچی اور ملتان کی ایک، ایک حج پرواز منسوخ ہوئی، فلائٹس منسوخی کے باعث 2 ہزار 290 عازمین کا شیڈول متاثر ہوا، ایک ہزار 277 عازمین کو خصوصی پروازوں کے ذریعے روانہ کیا جاچکا ہے۔

    رہ جانے والے ایک ہزار 13 عازمین کو جلد خصوصی پروازوں کے ذریعے سعودی عرب روانہ کردیا جائے گا، اب تک 19 ہزار 669 پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، عازمین حج پروازوں کی معلومات کیلئے متعلقہ حاجی کیمپوں سے رابطے میں رہیں۔

  • پوپ فرانسس کا پاکستان کی فضائی حدود سے گزرتے ہوئے خیر سگالی کا پیغام

    پوپ فرانسس کا پاکستان کی فضائی حدود سے گزرتے ہوئے خیر سگالی کا پیغام

    کراچی: پوپ فرانسس نے پاکستان کی فضائی حدود سے گزرتے ہوئے خیر سگالی کا پیغام دیا۔

    ایوی ایشن ذرائع کے مطابق عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے خصوصی طیارے نے پاکستانی حدود کا استعمال کیا ہے، انھوں نے اٹلی سے جکارتہ جاتے ہوئے پاکستانی فضائی حدود کا استعمال کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پوپ فرانسس نے پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے پر خیر سگالی کا پیغام بھی دیا، ان کا خصوصی طیارہ تہران سے ہوتا ہوا پاکستان کی فضائی حدود میں کراچی فلائٹ ریجن میں داخل ہوا تھا۔

    اے ٹی سی ذرائع کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولر نے خصوصی طیارے کو ویلکم کیا، جب کہ پوپ فرانسس کی جانب سے صدر پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے خیر سگالی کا پیغام دیا گیا۔

    خیال رہے کہ پوپ فرانسس جنوب مشرقی ایشیا اوشیانا کے تاریخی دورے پر جکارتہ پہنچ گئے ہیں، وہ دو دن کے طویل سفر کے بعد انڈونیشیا پہنچے ہیں، گھٹنے کے دائمی درد کے ساتھ 87 سالہ پوپ کے بارے میں یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ یہ سفر نہیں کر پائیں گے۔ انھوں نے طیارے میں 75 صحافیوں سے گفتگو بھی کی۔

  • بھارتی وزیر اعظم نے کب کب پاکستان کی فضائی حدود استعمال کی؟

    بھارتی وزیر اعظم نے کب کب پاکستان کی فضائی حدود استعمال کی؟

    بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پہلی بار پاکستان کی فضائی حدود سے نہیں گزرے، تیسری بار وزیر اعظم بننے کے بعد وہ 4 مرتبہ پاکستان کی فضائی حدود سے گزر چکے ہیں۔

    پچھلے دو ادوار کی وزارت عظمیٰ کے دوران مودی کے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کے لا تعداد واقعات پیش آ چکے ہیں ہیں۔

    نریندر مودی 24 اگست سے قبل 21 اگست کو دہلی سے اپنے خصوصی طیارے انڈیا ون میں پولینڈ کے دارالحکومت وارسا جاتے ہوئے صبح 10 بجے قصور کے قریب سے 36 ہزار فٹ کی بلندی سے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے تھے۔

    مودی کا طیارہ 48 منٹ تک پاکستان کی فضائی حدود میں رہا، وہ چترال سے افغانستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے تھے۔

    بھارتی وزیر اعظم کے طیارے کا پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کا انکشاف

    اس سے قبل دہلی سے ماسکو جاتے ہوئے 8 جولائی کو صبح 11 بجکر 26 منٹ پر بھارتی وزیر اعظم کا طیارہ انڈیا ون صبح 11 بجکر 26 منٹ پر 36 ہزار فٹ کی بلندی سے پرواز کرتے ہوئے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا۔ انڈیا ون چترال کے قریب سے ہی دوپہر 12 بج کر 10 منٹ پر افغانستان کی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا۔

    بھارتی وزیر اعظم کا طیارہ ماسکو سے ویانا گیا اور پھر 10 جولائی کو ایران کے راستے زائدان کے قریب سے رات 4 بجکر 43 منٹ پر پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوا۔

    وزیر اعظم بھارت کا طیارہ رحیم یار خان کے اوپر سے 37 ہزار فٹ کی بلندی سے پرواز کرتے ہوئے صبح 5 بجکر 54 منٹ پر 37 ہزار فٹ کی بلندی پر بھارت میں داخل ہوا تھا۔

  • بھارتی ائیرلائنز کو پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے سبب 549 کروڑ کا نقصان

    بھارتی ائیرلائنز کو پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے سبب 549 کروڑ کا نقصان

    نئی دہلی : بھارتی ائیرلائنز کو پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے سبب 549 کروڑ کا کا نقصان اٹھانا پڑ گیا ، بھارتی وزیر ہوا بازی  نے کہا رواں برس 26 فروری سے فضائی حدود کی بندش ہمسایہ ملک کا یک طرفہ فیصلہ ہے اور اس کا خاتمہ اسلام آباد کی مرضی پر ہی منحصر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ائیرلائنز کو پاکستانی فضائی حدود بند ہونے کے سبب 549 کروڑ روپے خسارے کا سامنا ہے ، بھارتی وزیر ہوابازی ہردیپ سنگھ پوری کا کہنا ہے کہ رواں برس 26 فروری سے فضائی حدود کی بندش ہمسایہ ملک کا یک طرفہ فیصلہ ہے اور اس کا خاتمہ اسلام آباد کی مرضی پر ہی منحصر ہے۔

    ہردیپ سنگھ کی طرف سے پیش کئے گئے اعدادو شمار کے مطابق نجی فضائی کمپنی سپائس جیٹ کو 20 جون تک30.73 کروڑ، انڈی گو کو 25 مئی تک 25.1 کروڑ، گوائیر فضائی کمپنی کو 20 جون تک 2.1 کروڑ اور ائیر انڈیا کو 2 جولائی تک 491 کروڑ کا خسارہ ہو چکا ہے۔

    پاکستان نے رواں برس 26 فروری کو بھارتی ائیر فورس کے طیاروں کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بند کر دیا تھا، جس کے بعد سے اب تک بھارتی کمرشل ائیرلائنز کیلئے شمالی علاقوں سے گزرنے والے 11 روٹس میں سے صرف 2 کھولے گئے ہیں۔

    ان روٹس کی بندش کے سبب بھارت کے مشرق سے مغرب جانے والی پروازیں شدید متاثر ہوئی ہیں، خصوصا بھارتی شمالی علاقوں میں واقع ائیر پورٹس سے جانے والی فضائی ٹریفک پر اس پابندی کا خاصا برا اثر پڑا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اس پابندی کے سبب نہ صرف پروازوں کا دورانیہ طویل ہو گیا ہے بلکہ اضافی ایندھن کی قیمتیں برداشت کرنا بھی فضائی کمپنیوں کیلئے خسارے کا سبب بنا ہے۔

    یاد رہے گزشتہ ماہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کیلئے پاکستان سے روٹ فراہم کرنے کی خصوصی درخواست کی تھی، جسے پاکستانی حکومت نے منظور بھی کر لیا تھا تاہم بھارتی وزیراعظم نے روٹ ملنے کے باوجود ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بعد ازاں عمان اور ایران کے طویل روٹ پر سفر کرنا ہی پسند کیا۔