Tag: pakistan ARY

  • حقوق نسواں بل میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں، مولانا شیرانی

    حقوق نسواں بل میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں، مولانا شیرانی

    لاہور: چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانا محمد خان شیرانی نے کہا ہے کہ حقوق نسواں بل میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں، یہ صرف اسلام کے سیاسی کردار کو مسخ کرنے کا ایجنڈا ہے۔

    لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد شیرانی نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب حکومت کے علیحدہ علیحدہ قوانین کا اسلامی نظریاتی کونسل اپنے اجلاس میں بغور جائزہ لیا اور تمام مکتب فکر کے علماءنے ان دونوں کو مسترد کر دیا ہے۔

    وزیر قانون رانا ثناءاللہ کی طرف سے خط موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت پر واضح کردیا ہے کہ نام کا بل ہے مگر اندر کچھ بھی نہیں ہے اس کو قانون کی شکل نہیں دی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری کسی سے کوئی عداوت نہیں اپنا آئینی کام کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل ایک آئینی ادارہ ہے سیاسی نہیں ، حکومت آئین کے آرٹیکل 229کے تحت اگر ناموس رسالت قانون اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیجے تو بتا سکتے ہیں کہ ہم کیا کر سکتے ہیں۔

    مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا تھا کہ جب حکومت عوام کی ترجمان نہیں ہوتی اور اسے صرف اپنا اقتدار نظر آتا ہے تو وہ عوام کو آپس میں لڑاتی ہے حکومت کی ذمہ داری ہے کہ خاندان کے تحفظ کے لیئے قانون سازی کرے۔

  • ساؤتھ ائیشین سیکورٹیز ریگولیٹرز فورم کا اجلاس اکتوبر میں منعقد ہوگا

    ساؤتھ ائیشین سیکورٹیز ریگولیٹرز فورم کا اجلاس اکتوبر میں منعقد ہوگا

    اسلام آباد: جنوبی ایشائی ممالک کے سیکورٹیز ریگولیٹر کے فورم کا آئندہ اجلاس رواں سال اکتوبر میں پاکستان میں منعقد ہو گا،اس اہم اجلاس کی میزبانی سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن (ایس ای سی پی) کرے گا۔

    اس اجلاس میں بھارت ، سری لنکا ، بنگلہ دیش ، مالدیپ اور نیپال کے سیکورٹیز ریگولیٹرز شرکت کریں گے۔

     ایس ای سی پی کے چیئرمین ظفر حجازی نے سیکورٹیز فورم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ علاقائی ترقی اور ممبر ممالک میں سرمایہ کاری کے اضافہ کے لئے پاکستان اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔

     سارک ممالک کے مابین کیپیٹل سیکورٹیز میں تعاون اور ممبر ممالک کے ریگولیشن میں ہم آہنگی پیدا کرنے کی غرض سے ساؤتھ ایشین سیکورٹیز ریگولیٹر فورم 2005میں قائم کیا گیا تھا۔