Tag: pakistan bait ul mal

  • حکومت کا سربراہ پاکستان بیت المال کی تعیناتی کا فیصلہ، آصف زرداری کے ترجمان سمیت تین نام شارٹ لسٹ

    حکومت کا سربراہ پاکستان بیت المال کی تعیناتی کا فیصلہ، آصف زرداری کے ترجمان سمیت تین نام شارٹ لسٹ

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان بیت المال کی سربراہی کے لیے تین ناموں پر غور کیا جا رہا ہے، کیوں کہ حکومت پی پی کا تجویز کردہ امیدوار ایم ڈی کے طور پر تعینات کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان بیت المال کے ایم ڈی کے عہدے کے لیے آصف علی زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچہ، سندھ سے پیپلز پارٹی کے ایک رہنما اور راولپنڈی سے پارٹی رہنما سمیرا گل کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔

    پیپلز پارٹی ایم ڈی کے لیے حتمی نام جلد حکومت کو بھجوائے گی، عامر پراچہ پی ڈی ایم دور حکومت میں بھی ایم ڈی بیت المال رہ چکے ہیں، جب کہ سمیرا گل این اے 55 راولپنڈی سے پی پی کی ٹکٹ ہولڈر رہ چکی ہیں۔

    پی پی ذرائع کے مطابق ایم ڈی کے لیے عامر فدا پراچہ مضبوط امیدوار ہیں۔ یاد رہے کہ حکومت نے اس سلسلے میں تعیناتی کا اختیار پی پی کو دیا ہے، اور حکومت پی پی کے تجویز کردہ امیدوار ہی کو ایم ڈی تعینات کرے گی۔

  • مالی امداد کے منتظر ہزاروں شہریوں کے لیے بیت المال کی جانب سے بڑی خوشخبری

    مالی امداد کے منتظر ہزاروں شہریوں کے لیے بیت المال کی جانب سے بڑی خوشخبری

    اسلام آباد: مالی امداد کے منتظر شہریوں کے لیے خوش خبری ہے کہ وفاقی حکومت نے پاکستان بیت المال کے فنڈز ریلیز کر دیے۔

    ذرائع بیت المال کے مطابق حکومت نے پاکستان بیت المال کو 2 ارب فنڈز جاری کر دیے ہیں، جس کے بعد بیت المال میں زیر التوا ہزاروں درخواستوں پر کارروائی کا آغاز ہو گیا ہے، اور شعبہ صحت اور تعلیم سے متعلقہ درخواستوں پر فنڈز جاری ہونا شروع کر دیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے 28 ہزار سے زائد درخواستیں زیر التوا تھیں، جن میں علاج، تعلیمی وظائف، مالی امداد کی ہزاروں درخواستیں شامل ہیں، میڈیکل کیسز کی بھی 13 ہزار سے زائد درخواستیں زیر التوا تھیں۔

    ذرائع پی بی ایم کے مطابق فنڈز کی عدم دستیابی سے کینسر کے سینکڑوں مریض متاثر ہو رہے تھے، کینسر کے مریضوں کی کیمو تھراپی، شعاعیں لگنے کا عمل تعطل کا شکار تھا، کینسر، ڈائیلائسز، امراض قلب، اور جگر کے مریضوں کے چیکس جاری نہیں ہو رہے تھے۔

    فنڈز کے اجرا کے بعد بیت المال کے وفاقی و صوبائی دفاتر کے ہزاروں ڈیلی ویجز ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی شروع ہو گئی ہے، جن کی تنخواہیں 2 ماہ سے واجب الادا تھیں۔

  • آئی ایم ایف شرائط، حکومت نے پاکستان بیت المال کو مزید فنڈز فراہمی سے انکارکر دیا

    آئی ایم ایف شرائط، حکومت نے پاکستان بیت المال کو مزید فنڈز فراہمی سے انکارکر دیا

    اسلام آباد: آئی ایم ایف کی شرائط کے سبب حکومت نے پاکستان بیت المال کو مزید فنڈز فراہمی سے انکارکر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر فدا پراچہ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت سے مزید فنڈز مانگے گئے تھے لیکن حکومت نے فنڈز دینے سے انکار کر دیا ہے۔

    ایم ڈی نے کہا کہ بیت المال نے رمضان پیکج اور دیگر مختلف منصوبوں کے لیے وفاقی حکومت سے مزید 3 ارب روپے فنڈز مانگے تھے، کیوں کہ بیت المال کے ذریعے شروع کیے گئے نئے اور جاری منصوبوں کے لیے مزید فنڈز درکار ہیں، لیکن جواب ملا کہ ہمیں مزید فنڈز نہیں دیے جا سکتے کیوں کہ یہ آئی ایم ایف کی شرائط سے متصادم ہے۔

    عامر پراچہ کا کہنا تھا کہ انھوں نے وزیر خزانہ سے ملاقات کر کے ان سے فنڈز فراہمی کی درخواست کی تھی، وزارت کے توسط سے وزیر اعظم کو بھی فنڈز فراہمی کی درخواست بھجوائی، لیکن انکار کیا گیا۔

    انھوں ںے کہا ’’پاکستان بیت المال کے منصوبوں کے لیے رواں مالی سال 6 ارب روپے کا بجٹ ملا، یہ بجٹ گزشتہ مالی سال کے بجٹ سے نصف ارب روپے کم ہے۔‘‘

    ایم ڈی بیت المال کا کہنا تھا کہ وہ پہلے کی طرح ہر ڈسٹرکٹ میں پانچ پانچ ہزار خاندانوں کو رمضان پیکج دینا چاہتے ہیں، وزیر اعظم کو بھی بیت المال کی جانب سے رمضان پیکج بنوا کر بھجوایا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا ’’اگر مزید فنڈز ملتے تو غریب خاندانوں کو رمضان المبارک میں ریلیف دے سکتے تھے۔‘‘

    عامر پراچہ نے مزید کہا ’’پاکستان بیت المال کے ایک اکاؤنٹ میں خطیر رقم موجود ہے، حکومت سے یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ ہمیں یہ رقم استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔‘‘

  • نامور مصنف اور ڈرامہ نگار ڈاکٹر انور سجاد کی کسمپرسی، پاکستان بیت المال نے مشکل دور کردی

    نامور مصنف اور ڈرامہ نگار ڈاکٹر انور سجاد کی کسمپرسی، پاکستان بیت المال نے مشکل دور کردی

    لاہور: پاکستان بیت المال نے ممتاز ڈرامہ نگار ، اداکار اور معروف ادیب ڈاکٹر انور سجاد کی بیماری اور معاشی تنگ دستی کا نوٹس لیا اور انہیں مالی امداد فراہم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر خاتون صارف نے ڈاکٹر انور سجاد شاہ کی معاشی تنگ دستی اور بیماری کے حوالے سے ایک خبر ٹویٹ کرتے ہوئے ارباب اقتدار کی توجہ دلانے کی کوشش کی تھی۔

    پاکستان بیت المال کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے ممبر عون عباس نے ٹویٹ کا نوٹس لیتے ہوئے دیگر صارفین سے استدعا کی کہ اگر کسی کے پاس ڈاکٹر انور سجاد کا نمبر ہے تو فراہم کریں۔

    انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ معروف ڈرامہ نویس و مصنف ڈاکٹر انور سجاد کےحوالے سے مدد کی اپیل کی ٹویٹ دیکھی جس کے بعد میں نےانکا رابطہ نمبر حاصل کیا اور پھر بیت المال لاہور کی ٹیم نے اُن کے گھر کا دورہ کیا۔

    دو گھنٹے قبل عون عباس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک اور ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈرامہ نگار ڈاکٹر انور سجاد شاہ کے ساتھ پاکستان بیت المال کی ٹیم موجود ہے۔

    پاکستان بیت المال کے مینیجنگ ڈائریکٹر نے بتایا کہ ادارے کی جانب سے اُن کو امداد فراہم کردی گئی اور جہاں تک ممکن ہوسکا مدد فراہم کی جائے گی۔

    ڈاکٹر انور سجاد شاہ نے وزیراعظم پاکستان اور پاکستان بیت المال کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ ’میں عمران خان کا بہت بڑا مداح ہوں’۔