Tag: Pakistan Captain

  • ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: فاطمہ ثنا قومی ٹیم کی کپتان مقرر

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: فاطمہ ثنا قومی ٹیم کی کپتان مقرر

    ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتان کو تبدیل کر دیا گیا، فاطمہ ثنا ایونٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق فاطمہ ثنا کو آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان مقرر کر دیا گیا ہے، عالمی ایونٹ 3 سے 20 اکتوبر تک متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگا۔

    گزشتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی 10کھلاڑی موجودہ اسکواڈ میں شامل ہیں، ندا ڈار کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم میں شامل ہیں جبکہ سعدیہ اقبال کی شمولیت کو فٹنس سے مشروط کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ بنگلہ دیش سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کردیا ہے۔

    آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں سیاسی صورتحال کی وجہ سے ایونٹ منتقل کیا گیا ہے، ایونٹ کی میزبانی کے حقوق بنگلہ دیش کے پاس ہی رہیں گے، کچھ ملکوں کی ٹریول ایڈوائزری کی وجہ سے بنگلا دیش میں ایونٹ ممکن نہیں تھا۔

    واضح رہے کہ میگا ایونٹ 3 سے 20 اکتوبر تک دبئی اور شارجہ میں کھیلا جائے گا، بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے حالیہ واقعات کی وجہ سے ٹریول ایڈوائزری جاری کی تھی۔

  • آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2022 کے لئے قومی ٹیم کا اعلان

    آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2022 کے لئے قومی ٹیم کا اعلان

    لاہور: آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کیلئے پاکستان کی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے، ندا ڈار کو عالمی مقابلےکیلئےنائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سلیکشن کمیٹی کی سربراہ اسماویہ اقبال نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ بسمعہ معروف کی دو سال بعد قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اور وہ ورلڈکپ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گی اس کے علاوہ ناہیدہ خان اور غلام فاطمہ بھی ٹیم کا حصہ بنی ہیں۔

    سلیکشن کمیٹی کی سربراہ نے بتایا کہ کائنات امتیاز اور سعدیہ اقبال انجریز کے باعث اسکواڈ کا حصہ نہ بن سکیں، جبکہ ارم جاوید، طوبیٰ حسن اور نجیہ علوی ٹریولنگ ریزرو کی حیثیت سے اسکواڈ کے ہمراہ سفر کریں گی۔

    یہ بھی پڑھیں: فاطمہ ثنا ہمارا فخر، پی سی بی کی مبارکباد

    واضح رہے کہ بسمہ معروف ایک روزہ کرکٹ میں 108 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں جہاں انہوں نے 2602 رنز اسکور کیے جبکہ 44 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔

    یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ بسمعہ نے اتنے ہی بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی ہے جہاں انہوں نے 2224 رنز اسکور کیے اور 36 وکٹیں بھی لیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کا اسکواڈ

    بسمعہ معروف (کپتان)، ندا ڈار (نائب کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، غلام فاطمہ، جویریہ خان، منیبہ علی، ناہیدہ خان، نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل، سدرہ امین اور سدرہ نواز(وکٹ کیپر)

    ٹریولنگ ریزرو: ارم جاوید، نجیہ علوی (وکٹ کیپر) اور طوبیٰ حسن

  • سرفراز پر چار میچز کی پابندی، آئی سی سی کے فیصلے پر پی سی بی کا ردعمل

    سرفراز پر چار میچز کی پابندی، آئی سی سی کے فیصلے پر پی سی بی کا ردعمل

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے فیصلہ پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد کو فوری وطن واپس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نسل پرستانہ جملے کسنے کی پاداش میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر چار میچز کی پابندی عائد کردی۔

    آئی سی سی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ سرفراز احمد پر4 میچزکی پابندی عائد کردی گئی، سرفراز احمد جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں آج سمیت بقیہ ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی قیادت نہیں کرسکیں گے۔

    مزید پڑھیں: آئی سی سی نے سرفرازاحمد پر4 میچوں کی پابندی لگا دی

    آئی سی سی نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ سرفراز احمد کے خلاف نسل پرستانہ جملوں پر کارروائی کی اور  وہ آئی سی سی اینٹی ریس از کوڈ کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے فیصلے پر مایوس کن قرار دیتے ہوئے کپتان کو فوری وطن واپس بلانے کا فیصلہ کیا۔ پی سی بی نے اپنے جاری اعلامیے میں کہا کہ نسل پرستی پرمبنی رویےکی سخت مخالفت کرتےہیں، شعیب ملک سیریزکے باقی تمام میچز میں کپتان ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: سرفراز کی بات کا ترجمہ کیوں نہیں کیا؟ رمیز راجہ نے بتادیا

    اسے بھی پڑھیں: سرفراز کی بات کا ترجمہ کیوں نہیں کیا؟ رمیز راجہ نے بتادیا

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق محمد رضوان کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں بطور کپیر شامل کرلیا گیا۔

    واضح رہے کہ دوسرے ون ڈے میچ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان جنوبی افریقی کھلاڑی فلک کوائیو کے خلاف سخت جملے کسنے پر تنقید کی زد میں رہے۔

  • جنوبی افریقا کی ٹیم نے سرفراز احمد کومعاف کردیا

    جنوبی افریقا کی ٹیم نے سرفراز احمد کومعاف کردیا

    سینچورین: جنوبی افریقا کی ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہا ہے کہ سرفراز احمد کے مخلصانہ جذبے کو قبول کرتے ہیں ہم سب نے انہیں معاف کردیا۔

    سینچورین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان فاف ڈوپلیسی کا کہنا تھا کہ جب ہم اسٹیڈیم میں کھیلنے جاتے ہیں تو سب کی نظریں ہماری ہی طرف ہوتی ہیں اس لیے بہت محتاط انداز سے بات کرنا پڑتی ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم میں کھیلنے والی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں کوئی دشمنی نہیں ہوتی البتہ کبھی کبھی ایسے جملے نکل جاتے ہیں جو ناگوار گزرتے ہیں تاہم میچ ختم ہونے کے بعد سب ایک دوسرے سے گلے شکوے دور کرلیتے ہیں۔

    فاف ڈوپلیسی کا کہنا تھا کہ سرفراز نے معذرت کی، ہم سب اُن کے مخلصانہ جذبے کو قبول کرتے ہیں، پھلوکوایو سمیت تمام کھلاڑیوں نے پاکستانی کپتان کو معاف کردیا۔

    مزید پڑھیں: سرفراز احمد کو نسل پرستانہ جملے کسنا مہنگا پڑ گیا، پابندی کی تلوار لٹکنے لگی

    جنوبی افریقا کی ٹیم کے کپتان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ہمیں امید ہے سرفراز نے پھلو کے لیے جن خیالات کا اظہار کیا وہ مذاق ہی تھا کیونکہ انہوں نے میچ ختم ہونے کے فوری بعد ہی بلے باز سے معذرت کرلی تھی‘۔

    ایک سوال کا مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے ڈوپلیسی کا یہ بھی کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کا دورہ کرنے والے کھلاڑی اسٹیڈیم میں آنے کے بعد کوشش کر کے منہ کو بند ہی رکھیں۔

    واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا  کھلاڑی پر نسل پرستانہ جملے کسے تھے جس کے بعد سوشل میڈیا پر تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: سرفراز واقعے نے کھلاڑیوں کی ہر سطح پر تعلیم کی اہمیت بڑھا دی ہے: پی سی بی

    سرفراز احمد نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر صارفین سے بھی معافی مانگتے ہوئے وضاحت پیش کی تھی۔