Tag: pakistan-condemns

  • اسرائیل کا ایران پر حملہ، پاکستان کا ردعمل آگیا

    اسرائیل کا ایران پر حملہ، پاکستان کا ردعمل آگیا

    اسلام آباد: پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملے کے بعد ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پ ترجمان دفتر خارجہ نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں، اسرائیلی اشتعال انگیزیاں خطے اور دنیا کے امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسرائیلی حملے ایران کی خود مختاری، علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے، اسرائیلی کارروائیاں اقوام متحدہ چارٹر اور عالمی قوانین کے منافی ہیں۔

    پاکستان کا کہنا ہے کہ ایران کو اقوام متحدہ کے آرٹیکل اکیاون کے تحت دفاع کا حق حاصل ہے، اسرائیلی اشتعال انگیزیاں خطے، دنیا کے امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں، عالمی برادری اسرائیلی جارحیت روکنے، ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کی ذمہ دار ہے۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف باقاعدہ جنگ کا آغاز کرتے ہوئے فضائی حملوں میں جوہری تنصیبات اور 6 فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: اگر ایران نے جوابی حملہ کیا تو امریکا اسرائیل کے دفاع میں مدد کرے گا، ٹرمپ

    اسرائیل نے جمعہ کی صبح ایران کے درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے، دارالحکومت تہران کے شمال مشرقی علاقے میں بھی دھماکوں کی زور دار آوازیں سنی گئیں۔ ایرانی میڈیا نے دارالحکومت تہران کے شمالی، مغربی اور وسطی علاقوں پر حملےکی تصدیق کر دی۔

    فضائی حملوں میں پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی، جوہری سائنسدان فریدون عباسی اور محمد مہدی، ختم الانبیاء ہیڈ کوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل غلام علی راشد و دیگر شہید ہوگئے۔

  • پاکستان کی رفح میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

    پاکستان کی رفح میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

    اسلام آباد: پاکستان نے غزہ کے علاقے رفح میں ایک پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کی بمباری اور اس میں فلسطینیوں کے زندہ جل مرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی عدالت انصاف نے رفح میں فوجی کارروائی فوری روکنے کا حکم دیا تھا، تاہم اسرائیلی قابض افواج نے ایک بار پھر عالمی قانون کی خلاف ورزی کی۔

    پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان آئی سی جے کے احکامات پر فوری عمل درآمد کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے، اور مطالبہ کرتا ہے کہ غزہ میں شہریوں کے مکمل تحفظ کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    قطر نے بھی رفح میں اسرائیلی بمباری بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دی

    بیان میں کہا گیا کہ پاکستان غزہ کی نسل کشی پر اسرائیلی قابض افواج کو جواب دہ ٹھہرانے کا مطالبہ کرتا ہے، سلامتی کونسل اسرائیل کو مزید حملوں سے روکنے کے لیے کردار ادا کرے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فورسز نے رفح میں بے گھر لوگوں کے خیموں پر جان بوجھ کر بمباری کی، جس سے کم از کم 40 فلسطینی زندہ جل کر شہید ہو گئے، ان میں کئی بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ متعدد ممالک اور عالمی تنظیموں نے خیموں پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

  • بھارتی وزیرداخلہ کا شر انگیز بیان، پاکستان نے بھارت کو خبردار کردیا

    بھارتی وزیرداخلہ کا شر انگیز بیان، پاکستان نے بھارت کو خبردار کردیا

    اسلام آباد : پاکستان نے بھارتی وزیرداخلہ کے شر انگیز بیان کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے ، جارحانہ رویے کا جواب دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے بیان میں بھارتی وزیرداخلہ کے بیان کو غیرذمہ دارانہ اوراشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں نام نہادسرجیکل اسٹرائیک کی دھمکیاں دی جاتی ہیں، دھمکیاں بی جےپی اورآرایس ایس سےمتاثرنظریہ کی عکاس ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ بیانات بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور مقبوضہ کشمیر سےتوجہ ہٹانےکی کوشش ہے ، بھارت نام نہادآپریشن کرکے کشمیریوں کو نشانہ بناتا ہے۔

    دفترخارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے ، جارحانہ رویے کا جواب دیا جائے گا، 2019میں بالاکوٹ جھوٹی کارروائی کاپاکستان جواب دےچکاہے ، جنگی طیارہ گرانااوربھارتی پائلٹ کوگرفتارکرنادنیانےدیکھا۔

  • مقبوضہ کشمیر میں مذہبی جلوس پر بھارتی بربریت، پاکستان کا سخت ردعمل

    مقبوضہ کشمیر میں مذہبی جلوس پر بھارتی بربریت، پاکستان کا سخت ردعمل

    اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں محرم الحرام کے جلوس پر شیلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں محرم الحرام کے جلوس پر آنسو گیس کی شیلنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں، مقبوضہ وادی میں محرم کےجلوسوں پرپابندی مسلمانوں کےجذبات کی توہین ہے، بھارتی اقدام کشمیریوں کے بنیادی حق کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے،بھارت ظلم سےکشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو نہیں دباسکتا۔

    زاہد حفیظ نے کہا کہ قابض افواج نے جلوس سےدرجنوں کشمیریوں کوحراست میں لیا اور جلوس کی کوریج کرنے والے صحافیوں پر بھی لاٹھی چارج کیا۔

    واضح رہے کہ آج بھارتی فوج نےمقبوضہ کشمیر میں بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے محرم الحرام کا جلوس نہ نکلنے دیا اور عزاداران کو بدترین تشدد بنایا جبکہ نوجوان کو گاڑی تلے روند کر شہید کردیا تھا۔

    اس موقع پر موجود میڈیا نمائندگان نے کوریج کرنے کی کوشش کی تو بھارتی فورسز کی جانب سے صحافیوں پر لاٹھی چارج کیا گیا اورکیمرے توڑدیئے گئے۔

    دوسری جانب حریت رہنما کی اہلیہ مشعال ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں محرم کے جلوسوں پر پابندی عائد ہے، بھارتی فوج نےلوگوں کو گھروں تک محدود کر رکھا ہے اور مقبوضہ کشمیرمیں مذہبی اجتماعات پر پابندی لگا رکھی ہے۔

    مشعال ملک کا کہنا تھا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں مذہبی رسومات پر پاپندی عائد نہیں ہوتی، بھارتی فوج نے ایک نوجوان کو گاڑی تلے روند کر شہید کردیا، کشمیریوں کو اپنی مرضی سے سانس لینے کا حق بھی نہیں۔

  • مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حملہ: پاکستان کی شدید الفاظ میں مذمت

    مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حملہ: پاکستان کی شدید الفاظ میں مذمت

    اسلام آباد: پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے بڑا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قابض اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ میں معصوم نمازیوں پر حملہ کیا، پاکستان اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، رمضان المبارک کے دوران ایسا حملہ انسانی اقدار اور حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

    دفترخارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پر تشدد واقعے میں زخمی فلسطینیوں کی جلد صحتیابی کےلیےدعا گو ہیں، آزاد فلسطینی ریاست کے حصول کے لیے پاکستان فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق 2 ریاستوں کے حل کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔

    دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے فوری اقدام اٹھائے،ترجمان نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے 1967 سے پہلے کی سرحدوں پوزیشن پر جانا ہوگا۔

    گذشتہ روز ماہ رمضان کے آخری جمعے جمعتہ الوداع کے موقع پر نماز کی ادائیگی کے لیے ہزاروں فلسطینی مسجد اقصیٰ پر جمع ہوئے اور مسجد کے باہر احاطے میں نماز ادا کی، اس دوران اسرائیلی فوج نے روایتی جارحیت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطینیوں کو مسجد کے اندر داخل ہونے سے روکنے کے لیے نمازیوں پر ربڑ کی گولیاں برسائیں، آنسو گیس کی شیلنگ کی اور کریکر پھینکے جس سے 200 سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔

  • پاکستان کی کابل میں ججز کے قتل کی مذمت اور افسوس کا اظہار

    پاکستان کی کابل میں ججز کے قتل کی مذمت اور افسوس کا اظہار

    اسلام آباد : پاکستان نے کابل میں ججز کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کو وحشیانہ اقدام قرار دے دیا اور کہا افغان تنازع کاکوئی فوجی حل نہیں، فریقین امن عمل کوفروغ دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کابل میں ججز کے قتل کی مذمت اور واقعےپرافسوس کا اظہار کرتا ہے، یہ وحشیانہ اقدام دہشت گردی ہے، پاکستان کسی بھی شکل میں کی جانیوالی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی تشدد میں کمی اور سیزفائر کا کہتے رہے ہیں، افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں، فریقین امن عمل کو فروغ دیں، پاکستان افغان امن عمل کو آگے بڑھانے پر زور دیتا ہے۔

    یاد رہے افغانستان کے دارالحکومت کابل کے علاقے قلعہ فتح میں اتوار کے روز نامعلوم مسلح افراد نے خواتین ججز کی گاڑی پر حملہ کیا تھا ، حملے کے نتیجے میں گاڑی میں موجود دو خواتین جج موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہوئیں۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی البتہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر کے ملزمان کی گرفتار کے لیے اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

  • ‘بپن راوت پاکستان مخالف بیان کے بجائے ذمہ داریوں پر دھیان دیں، دفتر خارجہ

    ‘بپن راوت پاکستان مخالف بیان کے بجائے ذمہ داریوں پر دھیان دیں، دفتر خارجہ

    اسلام آباد : پاکستان نے بھارتی چیف آف ڈیفنس بپن راوت کے بے معنی بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا بپن راوت کی زبان آرایس ایس بی جے پی کی انتہا پسند سوچ ظاہر کرتی ہے ، بپن راوت پاکستان مخالف بیان کےبجائے ذمہ داریوں پر دھیان دیں۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں بھارتی چیف آف ڈیفنس کے پاکستان سےمتعلق بے معنی بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بپن راوت کا بیان ان کی سیاسی سوچ اور پاکستان کے حقائق سے ناواقفیت ظاہر کرتا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بپن راوت کی زبان آرایس ایس بی جےپی کی انتہا پسند سوچ ظاہر کرتی ہے، آر ایس ایس،بی جےپی اکھنڈ بھارت اور ہندو توا کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں ، افسوس ہے یہ ذہنیت اب بھارتی اداروں، فوج میں بھی پائی جاتی ہے۔

    دفتر خارجہ نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس کابیان بھارت کےاندر،باہرغلط کاموں سے توجہ نہیں ہٹا سکتا، ہندوتوا پالیسیوں سےبھارت میں مذہبی مقامات کو نقصان پہنچانےکاسلسلہ جاری ہے، بھارت میں اقلیتوں پر مظالم اور ہجوم کےتشدد میں اضافہ ہوا ہے۔

    پاکستانی دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بپن راوت پاکستان مخالف بیان کےبجائے ذمہ داریوں پر دھیان دیں۔

  • پاکستان کا بھارت کی  ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج

    پاکستان کا بھارت کی ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج

    اسلام آباد : پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کر کے یکم اکتوبر کو ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا اور کہا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں جس کا نتیجہ سٹرٹیجک غلطی کی صورت نکل سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء و سارک) ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گوراو اَہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کر کے یکم اکتوبر دو ہزار انیس کو قابض بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) پر جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا اور احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایل او سی کے نیزہ پیر اور باغ سر سیکٹرز میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پچاس سالہ بزرگ خاتون نورجہاں شہید ہوئیں جبکہ ساٹھ سالہ بزرگ خاتون راشدہ، ستر سالہ بزرگ محمد دین اور ظہیر شدید زخمی ہوئے۔

    انھوں نے کہا کہ قابض بھارتی افواج ایل او سی اور ورکنگ باونڈری کی مسلسل خلاف ورزیاں کرتے ہوئے آرٹلری، بھاری اور خودکار ہتھیاروں کے ذریعے عام شہری آبادیوں کو نشانہ بنارہی ہیں۔

    ڈاکٹر فیصل نے کہا دو ہزار سترہ میں بھارت نے ایک ہزار نوسو ستر مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا اور اس وقت سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، دانستہ شہری آبادیوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس، انسانی عظمت و وقار، عالمی انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے صریحا منافی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی ان خلاف ورزیوں سے علاقائی امن وسلامتی کیلئےخطرہ ہیں، خلاف ورزیاں کسی سنگین اسٹریٹجک غلط فہمی کاباعث بن سکتی ہیں، بھارت دو ہزار تین کے جنگ بندی کے معاہدے کا احترام یقینی بنائے۔

    انہوں نے زوردیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین (یواین ایم او جی آئی پی)کو اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت دے۔