Tag: Pakistan Cricket

  • کیا ٹیم کی ناقص کارکردگی کا ذمے دار کپتان ہوتا ہے؟ مصباح الحق کا موقف سامنے آگیا

    کیا ٹیم کی ناقص کارکردگی کا ذمے دار کپتان ہوتا ہے؟ مصباح الحق کا موقف سامنے آگیا

    لاہور:  پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ ناقص کارکردگی پر صرف کپتان کو ذمے دار قرار دینا غلط ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے ساتھ خصوصی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ سرفرازکی کارکردگی اچھی رہی ہے، اسی ٹیم نے چیمپیئنز ٹرافی جیتی، سری لنکا کے خلاف سیریزمیں سرفرازہی کپتان رہیں گے۔

    انھوں نے سرفراز احمد کو کپتان اور بابر اعظم کو نائب کپتان کے عہدے سنبھالنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم اچھا نہیں کھیلتی، تو صرف کپتان کو ذمے دار قرار دینا غلط ہے، کپتان سمیت11 پلیئرز کھیل رہے ہیں، سب کی کارکردگی ہوتی ہے۔

    ان کے مطابق سرفراز احمد کو جہاں بہترکرنا ضروری ہے، وہ اسے بہتر کریں گے، اس سے ٹیم کی پرفارمنس بہترہوگی. 

    ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ ہمیں ون ڈے میچز میں  اپنی پرفارمنس بہترکرنا ہوگی، ہر پلیئرکی لاگ بک ہوگی، پرفارمنس کو مانیٹر کیا جائے گا،  ڈومیسٹک میں سیکنڈ الیون کےکھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیےجائیں گے۔

    ناقدین سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ محمد یوسف کا اپنا مؤقف ہے، وہ جوچاہیں بول سکتے ہیں.

  • سابق کپتان مصباح الحق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر

    سابق کپتان مصباح الحق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مصباح الحق کو 3 سال کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر جبکہ وقار یونس کو بولنگ کوچ مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کو 3 سال کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر کردیا گیا۔ وقار یونس کو قومی کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کیا گیا۔

    مصباح الحق کا نام کوچز کی تلاش کے لیے قائم کردہ 5 رکنی پینل نے متفقہ طور پر پیش کیا تھا۔ پینل میں انتخاب عالم، بازید خان، اسد علی خان، وسیم خان اور ذاکر خان شامل تھے۔ دونوں کوچز کے ناموں کی منظوری پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے دی۔

    مصباح اور وقار کی قومی ٹیم کے ہمراہ پہلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف سیریز ہوگی، پاکستان سری لنکا میں 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 27 ستمبر سے ہوگی۔

    اس موقع پر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، اس نئی ذمہ داری کو نبھانے کے لیے مکمل تیار ہوں۔

    وسیم خان نے کہا کہ امید ہے قومی کرکٹ کو مصباح الحق کی قائدانہ صلاحیتوں کا فائدہ ہوگا۔ کوچز کے لیے درخواست جمع کروانے والے درخواست گزاروں کے مشکور ہیں۔

    مصباح الحق کے بطور ہیڈ کوچ نام کے اعلان کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہیں مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

    خیال رہے کہ مصباح الحق پاکستانی ٹیم کے 30 ویں ہیڈ کوچ ہیں، مصباح سے قبل مکی آرتھر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے۔ مصباح الحق پاکستان کے کوچ بننے والے 17 ویں قومی کھلاڑی ہیں۔

    مصباح الحق نے 2001 سے 2017 تک قومی ٹیم میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

    دوسری جانب وقار یونس سے قبل اظہر محمود بولنگ کوچ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ وقار یونس 2 بار پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ رہ چکے ہیں۔

  • عالمی سطح پر کام کرنے والے وسیم خان کو پی سی بی نے اہم ذمہ داری دے دی

    عالمی سطح پر کام کرنے والے وسیم خان کو پی سی بی نے اہم ذمہ داری دے دی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیرونِ ملک مقیم وسیم خان کو ایم ڈی پی سی بی تعینات کردیا، مینیجنگ ڈائریکٹر تعینات ہونے والے وسیم خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی فیملی کے ہمراہ پاکستان منتقل ہوکر کرکٹ کی بحالی کے لیے کام کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی چیئرمین احسان مانی اور وسیم خان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ وسیم خان کی پرفارمنس پرکوئی شک نہیں، پاکستان ہمیشہ اُن کے ساتھ رابطے میں رہا‘۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ ایم ڈی کی تعیناتی کے لیے قوانین کو مدنظر رکھا گیا، وسیم خان نے کاؤنٹی اور مختلف لیگز کی فرنچائزز کے ساتھ کام کیا مگر اب وسیم خان قومی کرکٹ کی بحالی کے لیے اپنی خدمات انجام دیں گے‘۔

    چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی محکمے کو ختم نہیں کیا جارہا بلکہ بورڈ سب کو ساتھ لے کر چلے گا، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سیاست زدہ ہوچکا تھا مگر اب ایسا نہیں ہوگا، میری ذاتی خواہش ہے کہ دنیا پاکستان کو اچھا کام کرتا دیکھے اور تعریف بھی کرے‘۔

    اس موقع پر وسیم خان کا کہنا تھا کہ ’اعتماد کرنےپرچیئرمین پی سی بی کا شکریہ اداکرتاہوں، انگلینڈمیں تنخواہ زیادہ تھی مگر پاکستان میں کام کا بہت متمنی تھا اور میری وفاداری ملک کے ساتھ ہی ہے‘۔

    ایم ڈی پی سی بی کا کہنا تھا کہ ’عالمی سطح پر کامیابی میں ہمارا تسلسل نہیں بلکہ گراس روٹ کی سطح پر تبدیلیاں لانا ضروری ہیں، ہم اس شعبے میں ضرور کام کریں گے‘۔

    ویڈیو دیکھیں

    https://www.facebook.com/PakistanCricketBoard/videos/1130643523779410/

    اُن کا کہنا تھا کہ میراکنٹریکٹ3سال کاہے لیکن طویل مدت کے لیے پاکستان میں رہنا چاہتا ہوں، اپنی فیملی کو بھی پاکستان  منتقل کررہا ہوں اور اب قومی کرکٹ کی بحالی میں نہ صرف اپنا کردار ادا کروں گا بلکہ اس کے لیے جلد اہداف بھی مقرر کریں گے۔

  • پلیئرز محنت کر رہے ہیں، نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز بھی اپنے نام کریں گے: محمد حفیظ

    پلیئرز محنت کر رہے ہیں، نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز بھی اپنے نام کریں گے: محمد حفیظ

    اسلام آباد: معروف پاکستانی آل راؤنڈ محمد حفیظ نے کہا ہے کہ ٹیم متحد ہو کر کھیل رہی ہے، جس کا نتیجہ عوام کے سامنے ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ اچھی پرفارمنس پراللہ کاشکر ادا کرتا ہوں.

    [bs-quote quote=” ٹی 20 میں مسلسل کامیابیوں سےاعتمادمیں اضافہ ہوا” style=”style-7″ align=”left” author_name=”محمد حفیظ”][/bs-quote]

    سابق کپتان نے کہا کہ بولنگ ایکشن پرمشکلات درپیش تھیں، ایکشن تبدیل ہونے کے بعد کم بیک کرنے کی کوشش کر رہا ہوں.

    ان کا مزید کہنا تھا کہ خود کو بہتر سے بہتر  بنانے کے لیے محنت جاری ہے، بولنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ پربھی خصوصی توجہ دے رہا ہوں.

    کرکٹرمحمدحفیظ کا کہنا تھا کہ پرفارمنس میں بہتری آئی ہے، مطمئن ہوں کہ اچھے نتائج نتیجہ دے رہا ہوں، ٹی 20 میں مسلسل کامیابیوں سےاعتمادمیں اضافہ ہوا.


    مزید پڑھیں: کھلاڑیوں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا: سرفراز احمد


    ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے کہ ون ڈے سیریزبھی اپنے نام کریں گے، تمام پلیئرزمحنت کر رہے ہیں، جیت کا تسلسل رکھیں گے.

    محمد حفیظ نے کہا کہ کپتان سرفراز احمد ان سے مشورہ کرتے ہیں اور نوجوانوں‌ کی رہنمائی کی بھی اجازت دیتے ہیں.

    واضح رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کیا، دونوں‌ سیریز میں محمد حفیظ کی کارکردگی شان دار رہی.

  • کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کی غیرملکی کرکٹرز سے اہم ملاقات

    کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کی غیرملکی کرکٹرز سے اہم ملاقات

    دبئی: اے آر وائی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے متحدہ عرب امارات میں غیر ملکی کرکٹرز سے ملاقات کی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سلمان اقبال نے ٹائمل ملز، روی بھوپارا اور کولن انگرام کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں کراچی کنگز کے بوائز کے ساتھ دبئی میں ہوں، تینوں غیر ملکی کرکٹرز سے مل کر خوشی ہوئی‘۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپرلیگ کی سب سے بڑی اور مہنگی ترین ٹیم کراچی کنگز کی سیزن تھری میں کپتان عماد وسیم نے کی تھی جس کے بعد وہ زخمی ہوگئے تھے تو فاسٹ باؤلر محمد عامر نے بھی ٹیم کی قیادت کی تھی۔

    پی ایس ایل کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی اس بات کا اعتراف بھی کرچکے ہیں کہ جب پاکستان سپرلیگ کے انعقاد کے حوالے سے بات چیت جاری تھی تو سب سے پہلے سلمان اقبال نے کراچی کنگز کے نام سے ٹیم لینے کا اعلان کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: ٹیلنٹ کی تلاش میں کراچی کنگز کا قافلہ ہری پور پہنچ گیا

    انسانیت کے جذبے سے سرشار اور کھیلوں سے محبت رکھنے والے اے آر وائی کے سی ای او سلمان اقبال پاکستان میں‌ کھیلوں‌ کے فروغ کے لیے سرگرم رہتے ہیں اور وہ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے ہر میدان میں ہی پیش پیش بھی نظر آتے ہیں۔

    یاد رہے کہ کراچی کنگز پی ایس ایل کے چوتھے سیزن میں بھی حصہ لے رہی ہے، جس کے لیے مینیجمنٹ نے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانے کے لیے پہلے ’سندھ کے شہزادے‘ نامی ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا جس میں 75 کھلاڑیوں اور سندھ کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنی والی پانچ ٹیموں نے حصہ لیا۔

    کراچی کنگز کی ٹیم ملک بھر سے باصلاحیت کھلاڑیوں کی کھوج میں پاکستان کے تمام ہی صوبوں میں نوجوان کھلاڑیوں کا ٹرائل لے رہی ہے تاکہ ایسی کرکٹرز کو سامنے لایا جائے جو عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرسکیں۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 4، کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 20 نومبر کو ہوگی

    یہ بھی یاد رہے کہ پی ایس ایل انتظامیہ نے 12 اکتوبر کو پاکستان سپر لیگ 4 میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا اعلان کیا تھا جو 20 اکتوبر بروز منگل اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی، اس میں تمام فرنچائز مالکان شرکت کریں گے۔

    رواں سیزن حصہ لینے والے 6 فرنچائز مالکان 13 اکتوبر تک اپنے ساتھ برقرار رکھنے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیں گے، قانون کے مطابق ہر ٹیم 10 پرانے کھلاڑیوں کو ساتھ رکھ سکتی ہے۔

    رواں برس لیگ میں نامور انٹرنیشنل کھلاڑی اے بی ڈویلیرز، اسٹیو اسمتھ، کیورن پولارڈ، کولن مونرو، شین واٹسن، سنیل نارائن، کرس لائن اور ڈیرن سیمی بھی ایکشن دکھائیں گے۔

    اسے بھی پڑھیں: کراچی کنگز سندھ کے شہزادے ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد، کراچی کی ٹیم فاتح

    قومی ٹیم کے نامور کھلاڑی سرفراز احمد، شاہد خان آفریدی، شعیب ملک، محمد حفیظ، فہیم اشرف، شاداب خان، حسن علی اور فخر زمان سمیت دیگر بھی ایکشن دکھائیں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز آئندہ برس 14 فروری سے دبئی میں جبکہ فائنل 17 مارچ کو کراچی میں منعقد کیا جائے گا، پی ایس ایل کے آخری 8 میچز بھی پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔

  • بھارت کے خلاف کام یابی کے لیے 100 فی صد پرفارمنس دینا ہوگی، سرفراز احمد

    بھارت کے خلاف کام یابی کے لیے 100 فی صد پرفارمنس دینا ہوگی، سرفراز احمد

    دبئی: پاکستان کے ایشیا کپ 2018 میں فاتحانہ آغاز کے بعد کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹیم کو بھارت کے خلاف کام یابی کے لیے 100 فی صد پرفارمنس دینا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق آج پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے گروپ میچ میں ہانگ کانگ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی، کپتان نے فتح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف سو فی صد پرفارمنس دینا ہوگی۔

    قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ایونٹ میں شروعات اچھی رہی، ہانگ کانگ کے خلاف کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔

    کپتان کا کہنا تھا کہ انڈیا کے ساتھ جب بھی میچ ہوتا ہے اہم ہوتا ہے، ہم کوشش کریں گے کہ اس کے ساتھ پہلے میچ میں مومنٹم حاصل کریں، انڈیا کے خلاف پوری تیاری کے ساتھ جائیں گے۔

    خیال رہے کہ میچ سے قبل کپتان سرفراز کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے، کسی بھی ٹیم کو فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے 5 سے 6 میچ ضرور جیتنے ہوں گے، تمام ٹیمیں ٹائٹل حاصل کرنے کے لیے اچھی کارکردگی دکھائیں گی۔


    یہ بھی پڑھیں:  ایشیا کپ 2018: پاکستان نے ہانگ کانگ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی


    واضح رہے کہ آج دوسرے گروپ میچ میں ہانگ کانگ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 116 رنز بنائے تھے، پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 24 ویں اوور ہی میں ہدف حاصل کرلیا۔

    بابر اعظم 45 اننگز میں دو ہزار رنز بنانے والے دوسرے پاکستانی بن گئے، اس سے قبل 45 اننگز میں دوہزار رنز کا اعزاز صرف ایشین بریڈ مین ظہیرعباس کے پاس تھا۔

  • قومی ٹیم نے ڈیم فنڈ میں 32 لاکھ روپے دئیے ہیں، سرفراز احمد

    قومی ٹیم نے ڈیم فنڈ میں 32 لاکھ روپے دئیے ہیں، سرفراز احمد

    کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ایشیاء کپ میں اسپنرز کا کردار بہت اہم ہے، بھارت سے میچ ہمیشہ اہم ہوتا ہے پوری تیاری کے ساتھ میدان جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ڈیم سے متعلق اعلان کے بعد سب لوگ اس میں عطیہ دے رہے ہیں، قومی کرکٹ ٹیم نے بھی بھاشا ڈیم کے لئے 32 لاکھ روپے عطیہ کیے ہیں، ڈیم بننے سے پاکستان کو فائدہ ہوگا اور آئندہ نسلیں فائدہ اٹھائیں گی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ایشیاء کپ کے لئے تیاری اچھی ہے، بہتر کھیل پیش کریں گے، بھارت سے میچ ہمیشہ اہم ہوتا ہے، کوشش ہوگی پوری تیاری سے جائیں۔

    سرفراز احمد نے کہا ہے کہ اپنی بیٹنگ کی کار کردگی کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، قوم آنے والی سریزمیں بیٹنگ میں مزید بہتری دیکھیں گے، میرے فٹنس ٹیسٹ کا رزلٹ اس دفعہ بہت اچھا آیا ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا ہے کہ بڑی سیریز میں ہمیشہ 2 وکٹ کیپرز جاتے ہیں، ابھی میں نے کھیلنا شروع کیا ہے، ریسٹ کرنے کی ضرورت نہیں سمجھتا۔

    کپتان قومی ٹیم کا نے کہا کہ ایشیا کپ میں اسپنرز کا کردار بہت اہم ہوگا، ایشیا کپ میں اسپنرز کا کردار بہت اہم ہوگا، کوشش کریں گے ہر میچ میں 300 سے زائد اسکور کریں، ہماری بولنگ اتنے اسکور کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں شامل تمام ٹیمیں اچھی ہیں، کسی کو آسان نہیں سمجھ رہے، ابھی ٹیم کو دوسرے وکٹ کیپر کی ضرورت نہیں۔


    مزید پڑھیں : امپائرعلیم ڈار کا ڈیم فنڈز میں 10 ہزار ڈالرز دینے کا اعلان


    یاد رہے کہ کرکٹ کی دنیا کے مشہور امپائر علیم ڈار نے ڈٰیم فنڈز میں 10 ہزار ڈالرز دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اور بیرون ملک پاکستانی ڈٰیم فنڈز میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالیں، چیف جسٹس اور وزیر اعظم نے ڈیم فنڈز قائم کرکے احسن قدم اُٹھایا ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان کی پہلی محبت کرکٹ ہے، انضمام الحق

    وزیراعظم عمران خان کی پہلی محبت کرکٹ ہے، انضمام الحق

    گوجرانوالہ: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی پہلی محبت کرکٹ ہے، امید ہے کرکٹ میں بہتری آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹر پی سی بی انضمام الحق نے راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم کی پہلی محبت کرکٹ ہے اس لیے امید ہے کہ اس دور میں کرکٹ میں بہتری آئے گی۔

    انضمام الحق نے گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس میں کہا ’انشاء اللہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آئے گی، پاکستان میں ٹیلنٹ بہت زیادہ ہے صرف اسے نکھارنا ہے۔‘

    چیف سلیکٹر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پہلے دن کوئی وسیم اکرم، شعیب اختر اور عاقب جاوید نہیں بن سکتا، نئے ٹیلنٹ کو مسلسل اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے جدوجہد کرنی ہوگی۔

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق تیز ترین بولر شعیب اختر نے کہا ’پاکستان کے ہر حصے میں بہت ٹیلنٹ ہے، یہاں کے لوگ کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔‘


    مزید پڑھیں:  وزیراعظم کی سابق کرکٹرزسے ملاقات، کرکٹ کا ڈھانچہ بدلنے کا عندیہ


    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے رواں ماہ قومی ٹیم کے سابق کھلاڑیوں سے ہونے والی ملاقات میں پاکستان میں کرکٹ کی بہتری کے لیے انقلابی تبدیلیوں کا عندیہ دیا تھا، انھوں نے کہا تھا کہ ملک میں کرکٹ کا ڈھانچا بدلنے کے لیے اہم فیصلے کیے جائیں گے، پرانے اور تجربہ کار کھلاڑیوں کو ذمہ داریاں دی جائیں گی۔

  • آئی سی سی کا عمر اکمل کے خلاف تحقیقات جاری رکھنے کا فیصلہ

    آئی سی سی کا عمر اکمل کے خلاف تحقیقات جاری رکھنے کا فیصلہ

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی کرکٹر عمر اکمل کے خلاف تحقیقات جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے بعد ٹیسٹ کرکٹر کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ کے الزامات پر آئی سی سی نے کرکٹر عمر اکمل کے خلاف تحقیقات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس فیصلے نے عمر اکمل کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔

    پاکستان کرکٹ کے بیڈ بوائے عمر اکمل ان دنوں میچ فکسنگ کے الزامات پر آئی سی سی کے سخت سوالات کی زد پر ہیں، کرکٹر انٹرنیشنل کونسل کو مطمئن نہیں کر پائے ہیں کہ انھیں کس نے پیش کش کی تھی اور کیا پیش کش کی تھی، کرکٹر نے کونسل کو اس سلسلے میں بر وقت کیوں آگاہ نہیں کیا۔

    ٹیسٹ بیٹسمین نے آئی سی سی کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے تاہم بین الاقوامی ادارہ عمر اکمل کے بیان سے مطمئن نہیں ہوا، آئی سی سی معاملے کی مزید چھان بین کررہی ہے۔

    ہیڈ کوچ پر الزامات، پی سی بی نے عمر اکمل کو سزا سنادی

    واضح رہے کہ عمر اکمل نے حال ہی میں ورلڈ کپ 2015 کے دوران اسپاٹ فکسنگ کی پیش کش کا انکشاف کیا تھا، 24 جون کو  دیے جانے والے ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا تھا کہ انھیں ورلڈ کپ کے دوران اسپاٹ فکسنگ کی پیش کش ہوئی تھی۔

    عمر اکمل نے انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ ورلڈ کپ 2015 میں انھیں میچ کے دوران 2 گیندیں چھوڑنے کے عوض 2 لاکھ ڈالرز کی پیش کش ہوئی تھی جسے انھوں نے مسترد کر دیا تھا۔

    آئی سی سی نے اس بیان کے بعد عمر اکمل سے تحقیقات کا فیصلہ کرتے ہوئے بیان کی وضاحت طلب کی ہے، خیال رہے کہ عمر اکمل پہلے ہی پاکستان ٹیم سے باہر ہیں جس کا سبب ڈسپلن اور خراب فارم ہے، موجودہ تحقیقات کے بعد ان کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • محمد حفیظ نے بولنگ ایکشن جانچنے کا بین الاقوامی قانون غیر منصفانہ قرار دے دیا

    محمد حفیظ نے بولنگ ایکشن جانچنے کا بین الاقوامی قانون غیر منصفانہ قرار دے دیا

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے بولنگ ایکشن جانچنے کا بین الاقوامی قانون غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے آئی سی سی پر جانب داری کا الزام لگادیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹار آل راؤنڈر نے بولنگ ایکشن کلیئر ہونے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو نشانے پر لیتے ہوئے کہا کہ کونسل پر طاقت ور بورڈ اثر انداز ہورہے ہیں۔

    قومی ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ بولنگ ایکشن سے متعلق قانون پر کئی چیزیں اثر انداز ہورہی ہیں، متعدد کرکٹ بورڈز کی طاقت کے سامنے کوئی بولنا نہیں چاہتا۔

    آل راؤنڈر نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انسانی آنکھ کیسے محض ایک ڈگری کے فرق کو دیکھ سکتی ہے؟ کھلاڑیوں کو بایو مکینک ٹیسٹ کلیئر کرنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ کی اجازت دی جانے چاہیے۔

    خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنی منظور شدہ لیب میں محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ کرنے کے بعد اسے یکم مئی کو کلیئر قرار دے دیا تھا جس کے بعد اب وہ انٹرنیشنل میچز میں بولنگ کراسکیں گے۔

    آئی سی سی نے محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن کلیئرقرار دے دیا


    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ٹیسٹ کے دوران محمد حفیظ کی تمام گیندوں میں بازو کا خم 15 ڈگری سے کم اور ایکشن بھی قانون کے مطابق رہا تھا۔

    واضح رہے کہ محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن تین سال میں تیسری بار رپورٹ ہوا جس کے بعد سے انہیں پابندی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، گزشتہ سال نومبر میں بھی سری لنکا کے خلاف میچ میں ان کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہوا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔