Tag: Pakistan economy

  • ریٹنگز ایجنسی فیچ نے پاکستان ریٹنگز مثبت قرار دے دی

    ریٹنگز ایجنسی فیچ نے پاکستان ریٹنگز مثبت قرار دے دی

    ریٹنگز ایجنسی فیچ نے پاکستان ریٹنگز مثبت قرار دے دی، فیچ ریٹنگز کی جانب سے پہلی بار پاکستان کی ریٹنگز جاری کی گئی۔

    بین الااقوامی ریٹنگز ایجنسی فیچ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معاشی اشاریہ ابھی مستحکم نہیں، جس کے باعث صرف آؤٹ لک مثبت کیا گیا ہے، ایجنسی کے مطابق پاکستان کی معاشی مشکلات ، سیاسی اتار چڑھاو اور آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کی کارکردگی کی بناء پر پاکستان کو بی کریڈٹ ریٹنگ دی گئی ہے۔

    فیچ کی رپورٹ میں پاک چین اقتصادی راہداری کو پاکستانی معاشی استحکام کیلئے اہم قرار دے دیا ہے۔

    ایجنسی کے مطابق زرمبادلہ زخائز میں اضافہ ، سیاسی اور امن و امان کی صورت حال میں بہتری اور معاشی اصلاحات سے ریٹنگز میں بہتری کا باعث بن سکتی ہیں۔

  • زر مبادلہ کی منڈیوں پر نظر رکھی ہوئی ہے، اسٹیٹ بینک

    زر مبادلہ کی منڈیوں پر نظر رکھی ہوئی ہے، اسٹیٹ بینک

    کراچی: اسٹیٹ بینک پاکستان منڈیوں کے حوالےسے عالمی حالات سے آگاہ ہے اور ملکی معیشت پر اس کے اثرات کا بھی بغور جائزہ لے رہا ہے۔

     اسٹیٹ بینک کے مطابق گذشتہ روز دنیا بھر کی منڈیوں میں بہت زیادہ ہلچل دیکھنے میں آئی اور اسٹاک مارکیٹوں میں بے حد کھلبلی نظر آرہی تھی۔قبل ازیں اس عالمی ہلچل میں زر مبادلہ کی منڈیاں بھی شامل تھیں۔ 11اگست  2015ء کو چینی یوآن کی قیمت میں کمی کے ساتھ دنیا بھرخصوصاً ترقی پذیر ملکوں میں کرنسی کی قیمت گرنے میں تیزی آگئی ہے۔ ان میں سے بیشتر ممالک نے اپنی کرنسی کی قیمت گرنے دی جس کی بنیادی وجہ چین سے اپنی کاروباری مسابقت برقرار رکھنا تھی۔

    اسٹیٹ بینک کی پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ  پاکستان بھی عالمی معیشتوں کا حصہ ہے اور عالمی حالات سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ اس بنا پر ملکی معیشت پر ممکنہ اثرات اور شرح مبادلہ میں کمی کے حوالے سے توقعات بڑھ گئیں۔ نتیجتاً 24اگست 2015ء کو پاکستانی روپے کی قیمت امریکی ڈالر کے مقابلے میں کم ہوئی اور 104.50روپے پر بند ہوئی۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ کرنسی کی قیمت میں ایک روز میں 2.4فیصد کا فرق پڑا اور رواں مالی سال کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 2.6فیصد کی کمی ہوئی۔

     اس صورتحال کا محرک کرنسی میں ہونے والا بین الاقوامی اتار چڑھائو ہے اور اس کا سبب ملکی معیشت کی کوئی کمزوری نہیں۔ معاشی مبادیات میں پائیدار بہتری لاکر جو معاشی استحکام حاصل کیا گیا ہے وہ اپنی جگہ قائم ہے اور حالیہ واقعات سے اسے کوئی سنگین خطرہ لاحق نہیں۔ ہمارا بیرونی شعبہ مضبوط ہے اور ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔

    اسٹیٹ بینک کو یقین ہے کہ آئندہ مہینوں میں پاکستانی روپیہ مستحکم رہے گا اور بین الاقوامی کرنسیوں میں اضافی اتار چڑھائوکے مطابق اس میں مزید مضبوطی آ سکتی ہے۔

     تاہم اسٹیٹ بینک بین الاقوامی اقتصادی پیش رفت اور ملکی معیشت پر اس کے اثرات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ایسے افراد پر بھی نظر رکھی جارہی ہے جو ان حالات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں اور اپنی سٹے بازی کی سرگرمیوں سےمعیشت کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

    اسٹیٹ بینک منڈیوں میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیےکوئی بھی اقدام کرنے کے لیے تیار ہے اور ایسے غیر ذمہ دار عناصر سے سخت اقدامات کے ذریعے نمٹا جائےگا۔

  • مالیاتی اداروں کی پاکستانی معیشت اور کراچی اسٹاک مارکیٹ کے روشن مستقبل کی پیشگوئی

    مالیاتی اداروں کی پاکستانی معیشت اور کراچی اسٹاک مارکیٹ کے روشن مستقبل کی پیشگوئی

    کراچی : دنیا بھر کے مانے ہوئے مالیاتی اداروں نے پاکستانی معیشت اور کراچی اسٹاک مارکیٹ کے روشن مستقبل کی پیشگوئی کردی۔

    پاکستانی معیشت میں بہتری اور کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بڑھوتری کے ان دنوں سب ہی معترف ہیں، آئی ایم ایف نے حال ہی میں پاکستانی معیشت پر مثبت رپورٹ جاری کی ہے۔

    جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نےمعاشی اہداف تقریباً حاصل کرلئے، امریکی ادارے بلوم برگ نے سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کو دنیا کے 10بہترین ممالک میں شامل کرنے کی نوید سنائی ہے۔

    جس کا کہنا ہے کہ ایک سال میں کراچی اسٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 16فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے، جون کے دوران کراچی اسٹاک ایکس چینج ایشیا پیسیفک خطے کا دوسرا بہترین شیئر بازار رہا۔

    گزشتہ روز مارکیٹ نے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کا نیاریکارڈ اپنے نام کیا، مارکیٹ تاریخ میں پہلی بار دوران ٹریڈنگ 35500 پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرگئی، اسی طرح کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستانی معیشت کا آؤٹ لک مستحکم سے مثبت کردیا ہے۔

  • توانائی بحران بدستور سرمایہ کاری کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، اسٹیٹ بینک

    توانائی بحران بدستور سرمایہ کاری کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، اسٹیٹ بینک

    کراچی : اسٹیٹ بینک نے ملکی معیشت کو لاحق کمزوریاں تاحال برقرار قرار دے دیں ہیں، مرکزی بینک کے مطابق توانائی بحران بدستور سرمایہ کاری کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔

    اسٹیٹ بینک کی دوسری سہ ماہی رپورٹ کے مطابق تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کے باعث ادائیگیوں کے توازن میں بہتری آرہی ہے، زرِ مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جی ڈی پی کی کم شرح ابھی تک ملک کی مجموعی معاشی کارکردگی پر اثر انداز ہورہی ہے ۔

    مرکزی بینک نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ حکومت کواسٹیٹ بینک سے قرض گیری میں کمی کرتے ہوئے اس کو حد میں لانا ہوگا۔

    رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں ٹیکس وصولیوں میں تیرہ اعشاریہ چھ فیصد اضافہ ہو سکا۔ مہنگائی کی شرح گزشتہ دس سال کی کم ترین سطح پر ہے ۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال مہنگائی کی شرح چار سے پانچ فیصد تک رہے گی۔

  • رواں سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 4.4 فیصد متوقع ہے، عالمی بینک

    رواں سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 4.4 فیصد متوقع ہے، عالمی بینک

    نیویارک : عالمی بینک نے رواں سال بھی پاکستان کی معاشی شرح نمو چار اعشاریہ چار فیصد رہنے کی پیشگوئی کردی ہے۔

    عالمی بینک کی جاری رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا کی معاشی شرح نمو کو خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی سے کافی فائدہ ہوگا، کمی کے خطےکےمتعدد ممالک پر مختلف اثرات مرتب ہونگے۔

    جنوبی ایشیائی ممالک بجلی پر دی جانے والی سبسڈی میں کمی کر کے بجٹ خسارے کو کم کر سکتے ہیں ۔

    عالمی بینک کے مطابق رواں سال پاکستان کی معاشی شرح نمو چار اعشاریہ چار فیصد جبکہ سال دوہزار سولہ میں معاشی ترقی کی شرح چار اعشاریہ چھ فیصد رہنے کی توقع ہے۔

    رپورٹ کے مطابق رواں سال بھارت کی شرح نمو سات اعشاریہ پانچ فیصد ، جبکہ بنگلہ دیش کی معاشی ترقی کی شرح پانچ اعشاریہ چھ فیصد رہنے کی توقع ہے۔