Tag: pakistan floods 2025

  • پنجاب میں سیلابی صورتحال، پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری‎

    پنجاب میں سیلابی صورتحال، پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری‎

    جھنگ، ملک کے مختلف علاقوں کے علاوہ چنیوٹ میں بھی سیلابی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج کا ریسکیو و ریلیف آپریشن جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے پاک فوج کے دستے جھنگ، چنیوٹ اور گردونواح میں موجود ہیں، جوانوں نے سیلاب میں پھنسے افراد کو کشتیوں کے ذریعے ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

    متاثرہ علاقوں سے ریسکیو کیے جانے والے افراد میں بزرگ شہری، بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، متاثرین سیلاب کی جانب سے پاک فوج کے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کو سراہا جارہاہے، مشکل کی اس گھڑی میں پاک فوج عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

    سندھ میں سیلاب کا ممکنہ خطرہ:

    کراچی: سندھ میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر صوبائی حکومت کا ارین اینڈ فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل متحرک ہوگیا، بیراجوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

    لمحہ بہ لمحہ جاری اپ ڈیٹس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر فلڈ ایمرجنسی کنٹرول روم 24/7 فعال ہے، چیف سیکریٹری سندھ کے دفترمیں فلڈ کنٹرول روم مکمل متحرک ہے۔

    گڈو بیراج اپ اسٹریم آمد3 لاکھ22ہزار819، اخراج 3 لاکھ 7 ہزار956 کیوسک ہے جبکہ سکھر بیراج اپ اسٹریم 3 لاکھ 3 ہزار480، اخراج 2 لاکھ 52 ہزار 110 کیوسک ہے۔

    کوٹری بیراج میں پانی کی آمد 2 لاکھ 73 ہزار844، اخراج 2 لاکھ 44 ہزار739 کیوسک ہے۔ سندھ میں تمام بیراجوں پر پانی کے بہاؤ کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

    گڈو پیراج

    فلڈ سیل،محکمہ آبپاشی، پی ڈی ایم اے، صحت، لائیو اسٹاک کے تمام افسران کنٹرول روم میں موجود ہیں، سندھ فلڈ کنٹرول روم اضلاع کی انتظامیہ سے مکمل رابطے میں ہے۔

    عوامی شکایات پر فوری ریسپانس، ریلیف کے اقدامات اور سندھ میں سیلاب کے پیش نظر متاثرہ خاندانوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے۔

    صوبائی حکومت کے فوکل پرسن زبیر چنّہ کے مطابق سندھ میں 102 کمزور مقامات کی نشاندہی، مشینری اور ایمرجنسی مواد پہنچا دیا گیا، تریموں سے پنجند پانی کی آمد و اخراج 4 لاکھ 93 ہزار 159 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ سیلابی پانی گڈو بیراج کی جانب تیز بہاؤ کے ساتھ بڑھ رہا ہے، خدشہ ہے 40 سے 50 فیصد متاثرہ آبادی ریلیف کیمپوں میں منتقل ہوگی۔

    سندھ میں سیلاب کے پیش نظر ریلیف کیمپوں کیلئے ہیلپ لائن نمبر021-99222967 اور 021-99222758 جاری کردیے گیے ہیں۔

    سندھ میں تمام بند محفوظ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنیکیلئے تیاری مکمل کرلی گئی ہے پنجند سے ہائی فلو کا خدشہ ہے پانی کی روانی میں بتدریج تیزی آرہی ہے۔

    بھارت کی آبی جارحیت کے ثبوت ہمارے پاس ہیں، مصدق ملک

    سکھر، لاڑکانہ، کشمور، جیکب آباد، دادو اور جامشورو سمیت حساس اضلاع کی صورتحال پر کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے، سکھر تاگڈو بیراج 515 ریلیف کیمپ اور 300 لائیو اسٹاک کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

    سندھ میں 192 سرکاری، مجموعی 272 ریلیف کشتیوں سمیت فورسز کی کشتیاں بھی دستیاب، ہیں، محکمہ صحت کے ڈاکٹرز اور ادویات کی فراہمی کو 24 گھنٹے یقینی بنایا گیا ہے۔

  • احمق لوگ سمجھتے تھے کہ راوی میں اب پانی نہیں آئےگا، حافظ نعیم الرحمان

    احمق لوگ سمجھتے تھے کہ راوی میں اب پانی نہیں آئےگا، حافظ نعیم الرحمان

    امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ احمق لوگ سمجھتے تھے کہ راوی میں اب پانی نہیں آئےگا، دریائی راستوں میں ہوٹل اور سوسائٹیاں بنا دی گئیں، دریا سے چھیڑ چھاڑ نہیں کرنا چاہیے اسے راستہ دیں ورنہ تباہی ہو گی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات نظر آرہے ہیں، درخت سیلابوں کو روکتے ہیں لیکن وہ ہم نے کاٹ دیے، بونیر میں چند گھنٹوں میں 400 لوگ شہید ہو گئے حکومتوں کی نااہلی کی وجہ سے موسمیاتی آلات نہیں لگ سکے اگر موسمیاتی آلات ہوتے تو ہمیں بارش اور سیلاب کا پتا چلتا۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی اداروں کی سیلاب سے متعلق تیاری نہیں تھی سیلاب سے بچنے کےلیے پہلے تیاریاں کی جاتی ہیں سیلاب آنے کےبعد فوری ردعمل دیا جاتا ہے سیلاب متاثرین کی بحالی کےلیے صرف اعلانات کافی نہیں ہیں۔

    حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ بونیر میں کلاؤڈ برسٹ ہوا تو میں نے وزیراعظم کو کال کی اور کہا کہ ہمارے رضاکار امدادی کارروائیوں میں حاضر ہیں، جماعت اسلامی متاثرین کا ڈیٹا جمع کرے گی ہم حکومت کے پیچھے لگ کر لوگوں کو ریلیف دلائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت نےبھارتی آبی جارحیت روکنے کیلئے بیانات کے سوا کچھ نہیں کیا بھارتی میڈیا کی سیلاب سے متعلق خبریں شرمناک ہیں ہم نہیں چاہیں گے کہ بھارت میں کوئی سیلاب سے ڈوبے، ڈیم کوئی بھی بنانا ہو اس پر اتفاق رائے پیدا کرنا چاہیے ڈیم سےمتعلق سب کو بٹھائیں اور ٹیکنیکل بنیاد پر بات کریں، ملک میں چھوٹے ڈیمز بنانے سے پانی کو ذخیرہ کیا جا سکتا ہے۔

  • پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے فتوحات سیلاب متاثرین کے نام کر دیں

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے فتوحات سیلاب متاثرین کے نام کر دیں

    شارجہ (31 اگست 2025) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے سہ ملکی سیریز میں مسلسل دو فتوحات پاکستان کے سیلاب متاثرین کے نام کر دیں۔

    شارجہ میں کھیلی جا رہی سہ ملکی سیریز میں پاکستان نے پہلے افغانستان اور پھر یو اے ای کو زیر کیا اور فائنل تک پہنچنے کے لیے رستہ آسان کر لیا۔

    مسلسل دو فتوحات کو قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے نام کر دیا اور اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک جذباتی پیغام پوسٹ کیا ہے۔

    مائیک ہیسن نے اپنی پوسٹ میں فتوحات کو سیلاب متاثرین کے نام کرتے ہوئے مزید لکھا کہ پاکستان میں کچھ لوگ اس وقت بہت مشکل میں ہیں۔ ہم ان کی حفاظت اور ہمت کے لیے دعاگو ہیں۔

     

    واضح رہے کہ پاکستان نے ٹرائی نیشن سیریز کے افتتاحی میچ میں افغانستان کو 39 رنز جب کہ میزبان یو اے ای کو 31 رنز سے شکست دے کر لگاتار دو فتوحات حاصل کی ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/shahid-afridi-wants-psl-and-international-matches-held-in-peshawar-31-august-2025/

  • سیلاب متاثرین سے پیسے لےکر کشیوں میں لے جانے کا انکشاف

    سیلاب متاثرین سے پیسے لےکر کشیوں میں لے جانے کا انکشاف

    بورےوالا: سیلاب متاثرین سے پیسے لےکر انھیں کشیوں میں لے جانے کا انکشاف ہوا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملاحوں کو حراست میں لےلیا۔

    ڈی ایس پی رانا عمران ٹیپو نے بتایا کہ سیلاب متاثرین سے پیسے لینے والے ملاحوں کو حراست میں لےلیا گیا ہے، متاثرین سے پیسے لےکر ملاح انھیں پرائیویٹ کشتیوں میں لےکر جارہے تھے۔

    انھوں نے بتایا کہ ہر کشتی پر ایک ایس ایچ او، 3 جوانوں سمیت ریسکیو اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے۔

    ڈی ایس پی نے بتایا کہ ملاح بھاری معاوضہ لےکر متاثرین کا مال مویشی و دیگر سامان منتقل کررہے ہیں، کسی کو متاثرین کیساتھ لوٹ مارکرنے کی اجازت نہیں دینگے۔

    رانا محمد عمران نے بتایا کہ ایس ایچ اوز اور پولیس جوانوں کو دو شفٹوں میں تعینات کیا ہے، ساہوکا میں پولیس کا عارضی کنٹرول روم بھی قائم کردیا ہے۔

  • بھارت کی آبی جارحیت جاری، ایک بار پھر بڑا سیلابی ریلا چھوڑ دیا

    بھارت کی آبی جارحیت جاری، ایک بار پھر بڑا سیلابی ریلا چھوڑ دیا

    لاہور (31 اگست 2025): بھارت کی آبی جارحیت جاری ہے ایک بار پھر بڑا سیلابی ریلا دریائے چناب کے ذریعہ پاکستان میں چھوڑ دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت کی آبی جارحیت کا سلسلہ دراز ہو گیا۔ مودی سرکار کی جانب سے ایک بار پھر بڑا سیلابی ریلا دریائے چناب میں چھوڑ دیا گیا ہے۔ پہلے سیلابی پانی چھوڑنے سے قبل بھارت نے اس کی اطلاع دی تھی۔ تاہم اس بار اس نے بغیر اطلاع کے پانی چھوڑا ہے۔

    بھارت نے سلال ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیے ہیں، جس کے ذریعہ 8 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا دریائے چناب کے ذریعہ پاکستان پہنچے گا۔

    دریائے چناب میں چھوڑا جانے والا یہ سیلابی ریلا اگلے 48 گھنٹے میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پہنچے گا، جس سے وہاں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب اور پہلے سے تباہ حال پنجاب میں بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ ہے۔ جب کہ خانکی، قادر آباد اور ہیڈ پنجند کے مقام پر صورتحال مزید ابتر ہونے کا امکان ہے۔

    بھارت نے چند روز قبل بھی 9 لاکھ کیوسک اور اس سے پہلے بھی بڑے پیمانے پر پانی پاکستان کی جانب چھوڑا تھا۔ ان سیلابی ریلوں کے چھوڑنے کی پاکستان کو اطلاع ضرور دی گئی، مگر یہ اطلاع بھی سندھ طاس معاہدے کے برخلاف سفارتی ذرائع کے ذریعہ اور آخری وقت میں دی گئی، جس کے باعث پاکستان اس سیلاب سے بچنے کے لیے کوئی موثر انتظامات نہ کر سکا۔ اور اس سیلاب کی تباہ کاریاں ابھی پنجاب کے مختلف اضلاع میں جاری ہیں۔

    تاہم اس بار بھارت نے بغیر اطلاع کے پانی چھوڑا ہے۔ جس سے مزید تباہی پھیلنے کا قومی امکان ہے۔ بالخصوص سیالکوٹ، گوجرانوالہ، مظفر گڑھ، خانیوال، پنڈی بھٹیاں، حافظ آباد، چنیوٹ، شور کوٹ اور اطراف کے علاقوں کا زیادہ خطرہ ہے۔

    2 یا 3 ستمبر کی رات سیلاب سندھ میں داخل ہوگا

    پنجاب میں تباہی پھیلانے کے بعد یہ سیلابی ریلا دریائے سندھ میں جا گرے گا۔ بھارت کی جانب سے بغیر اطلاع بڑا سیلابی ریلا چھوڑے جانے کے بعد صورتحال تشویشناک ہو چکی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/punjab-floods-update-31-aug-2025/

  • پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں سیلاب کی صورتحال کی تازہ رپورٹ جاری کردی

    پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں سیلاب کی صورتحال کی تازہ رپورٹ جاری کردی

    لاہور: پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے تازہ رپورٹ جاری کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے چناب، راوی اور ستلج دریا کے مختلف مقامات پر پانی کے بہاؤ کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔

    دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر 1 لاکھ 61 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے، چناب میں خانکی کے مقام پر 2 لاکھ 3 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے، ہیڈ قادر آباد میں 1 لاکھ 60 ہزار، چنیوٹ پل پر 4 لاکھ 18 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے۔

    یہ پڑھیں: وہاڑی کی 133 بستیوں میں ایمرجنسی نافذ

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریواز پل پر خطرناک حد 526 فٹ ہے، پانی 523.6 فٹ تک پہنچ چکا ہے، تریموں کے مقام پر 1 لاکھ 45 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے، جسڑ پر 91 ہزار، راوی سائفن پر 1 لاکھ 14 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے۔

    علاوہ ازیں بلوکی کے مقام پر 2 لاکھ 23 ہزار، سدھنائی کے مقام پر 3 لاکھ 47 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے، گنڈا سنگھ پر 2 لاکھ 53 ہزار، سلیمانکی پر 1 لاکھ 54 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے۔

    صوبہ پنجاب کے ضلع وہاڑی میں ہیڈ اسلام پر پانی کی آمد 63 ہزار 262 اور اخراج 62 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث انتظامیہ نے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے نشیبی علاقوں کے افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے، اور بتایا کہ ضلع بھر میں سیلاب سے مجموعی طور پر 49 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

  • گڈو، سکھر کے مقام پر سیلاب کا خدشہ

    گڈو، سکھر کے مقام پر سیلاب کا خدشہ

    پی ڈی ایم اے سندھ نے 4 سے 5 ستمبر کے دوران گڈو، سکھر کے مقام پر سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے کے مطابق ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ نے گڈو، سکھر کے مقام پر سیلاب کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

    یہ پڑھیں: گھر اور عمر بھر کی کمائی سب بہہ گئی، سوات کے سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے (ویڈیو)

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈی جی پی ڈی ایم سندھ نے سیلاب سے نمٹنے کی تیاریاں یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امدادی سامان، مشینری، کشتیاں روانہ کریں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پروونشل ایمرجنسی آپریشن کا عملہ 24 گھنٹے الرٹ رہے، ضلعی انتظامیہ کو ریلیف اور میڈیکل کیمپ قائم کرنے اور حساس علاقے خالی کرانے کی ہدایت کی ہے۔

  • سیلاب سے بچنے کی کوشش، ریلوے لائن کو تین مقامات پر دھماکے سے اڑا دیا گیا

    سیلاب سے بچنے کی کوشش، ریلوے لائن کو تین مقامات پر دھماکے سے اڑا دیا گیا

    جھنگ: سیلاب سے بچنے کی کوشش کے لیے ریلوے لائن کو تین مقامات پر دھماکے سے اڑا دیا گیا ہے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریلوے لائن کے تین سیکشنز کو دھماکا خیز مواد سے توڑا گیا ہے، بلاسٹنگ ٹیم نے تینوں سیکشنز کو کامیابی سے توڑ کر سیلاب کے لیے راستہ بنایا ہے۔

    ترجمان این ڈی ایم کا کہنا ہے کہ جھنگ پل سے ڈیڑھ لاکھ کیوسک سیلابی ریلے کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔

    اس سے پہلے جھنگ پل سے گزرنے والا سیلاب 4 لاکھ 96 ہزار کیوسک تھا، سیلاب کا رخ موڑنے سے 30 دیہات کی آبادی کو محفوظ کرلیا گیا ہے۔

    یہ پڑھیں: پنجاب میں تباہی مچاتے سیلابی ریلے سندھ کی جانب بڑھنے لگے ، ایمرجنسی نافذ

    علاوہ ازیں جھنگ شہر کو بچانے کے لیے دریائے چناب کا بند توڑ دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز دریائے چناب میں ضلعی انتظامیہ نے ہیڈ قادر آباد کا حفاظتی بند توڑ دیا تھا۔

    بارودی سرنگ بچھا کر رائٹ ڈاؤن اسٹریم بند میں شگاف ڈالا گیا تھا۔پاک فوج اور مقامی انتظامیہ کی موجودگی میں بند توڑا گیا تھا۔

    انتظامیہ کےمطابق بیراج کو بچانے کے لیےحفاظتی بند توڑا گیا،دریائے چناب میں قادر آباد کے مقام پر سیلاب انتہائی خطرناک سطح پر پہنچ گیا، پانی کی آمد 9 لاکھ35 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا جارہا ہے، ہیڈ ورکس کی موجودہ صلاحیت صرف 8 لاکھ کیوسک ہے۔

  • مون سون کا 9 واں اسپیشل شروع، طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

    مون سون کا 9 واں اسپیشل شروع، طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

    ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون کا 9واں اسپیشل شروع ہوگیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ دریاؤں کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے، آج سے 2 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔

    راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ میں بارشیں متوقع ہیں۔

    یہ پڑھیں: پنجاب کے سیلاب متاثرین میں وبائی امراض تیزی سے پھیلنے لگے

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ لاہور، نارووال، حافظ آباد، منڈٖی بہاؤ الدین، اوکاڑہ میں بارشوں کا امکان ہے، ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

    ترجمان کے مطابق ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔

    ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    ریلیف کمشنر کا کہنا ہے کہ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث ندی ندی نالے بپھر سکتے ہیں، ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن، 1129 پر رابطہ کریں۔

  • ملک میں سیلابی صورتحال، کونسی ٹرینیں منسوخ کردی گئیں ؟

    ملک میں سیلابی صورتحال، کونسی ٹرینیں منسوخ کردی گئیں ؟

    کراچی: ریلوے حکام نے کہا ہے کہ سیلاب کی سنگین صورتحال کے سبب متعدد ٹرینیں منسوخ ہوگئی ہیں جبکہ ٹرینوں کے شیڈول بھی متاثر ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب، بارشوں اور مسافروں کی کمی کے باعث دو ٹرینیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ مسافروں کی کمی کے باعث پاک بزنس ایکسپریس کو آج منسوخ کر دیا گیا۔

    ریلوے حکام کے مطابق شاہ حسین ایکسپریس کو 30 اگست سے 2 ستمبر چار دن کیلئے منسوخ کر دیا گیا ہے، مسافروں کو کراچی ایکسپریس اور گرین لائن میں ایڈجسٹ کیا جائیگا۔

    واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں آنے والے پانی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جس کے باعث ڈیڑھ لاکھ سے زائد آبادی سیلابی ریلے سے متاثر ہے۔

    ہیڈ گنڈا سنگھ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا جہاں پانی کی آمد 2 لاکھ 61 ہزار 53 کیوسک تک پہنچ گئی، جبکہ ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کی آمد ایک لاکھ 13 ہزار 124 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کی بڑی پیش گوئی، کراچی والے تیار ہوجائیں!

    سیلابی ریلوں کے باعث بابا فرید پل اور بھوکاں پتن پل کے نیچے پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے، جس کے باعث دریائی بیلٹ سے ملحقہ 109 مواضعات متاثر ہوئے ہیں جبکہ سیکڑوں بستیاں اور آبادیاں پانی کی لپیٹ میں آگئی ہیں۔

    انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ دریائی بیلٹ کی ڈیڑھ لاکھ سے زائد آبادی متاثر ہوئی ہے اور ایک لاکھ سے زائد افراد اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کرچکے ہیں۔