Tag: Pakistan hindu council

  • پاکستان ہندو کونسل کا بھارت سے بڑا مطالبہ

    پاکستان ہندو کونسل کا بھارت سے بڑا مطالبہ

     اسلام آباد: پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے بھارت پر زور دیا ہے کہ مسلمانوں کے قدیم تاریخی مذہبی مقامات کو کھولنے کے انتظامات کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش کمار نے بتایا کہ پاکستان ہندو کونسل کے اعلیٰ سطحی وفدنے وزیراعظم آزاد جموں کشمیر راجا فاروق حیدر خان کی خصوصی دعوت پرقدیمی مندرشاردا پیٹھ کی بحالی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد اپنی تجاویز پیش کردی ہیں۔

    ڈاکٹر رمیش وانکوانی کا کہنا تھا کہ دنیا کی خوبصورت ترین وادی نیلم میں واقع علم و دانش کی ہندو دیوی شاردا سے منسوب شاردا پیٹھ کا تاریخی مقام زمانہ قدیم میں ایک نمایاں تعلیم درس گاہ تھی ، جہاں دنیا بھر سے لوگ علم کی پیاس بجھانے آتے تھے۔

     انہوں نے امریکہ کی جانب سے مذہبی آزادی کے حوالے سے جاری کردہ رپورٹ پر اپنے تبصرے میں کہا کہ موجودہ ملکی قیادت نے کرتارپور راہداری اور شادرا پیٹھ کی بحالی سے ثابت کردیا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و امان کے قیام، علاقائی سلامتی، مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے۔

    انہوں نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے مثبت اقدامات کے جواب میں وہاں بھی مسلمانوں کے تاریخی مذہبی مقامات کو بحال کرتے ہوئے مذہبی آزادی کا خاص خیال رکھا جائے۔

    یا د رہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کے سکھ یاتریوں کی سہولت کے لیے گوردوارہ صاحب کرتار پور سے پاک بھارت سرحد تک اپنی حدود میں کرتارپور کوریڈور فیز ون میں ساڑھے 4 کلو میٹر سڑک تعمیر جاری ہے ، اسی طرح بھارت بھی اپنی حدود میں سرحد تک راہداری بنائے گا۔

    تاہم بھارت کی جانب اس معاملے میں  بھی ٹال مٹول کا سلسلہ جاری ہے اور ایک سیدھے سادھے معاملے کو، جس میں بھارت سے آنے والے یاتریوں کے لیے بے پناہ سہولیات ہیں بلاوجہ تاخیر کا شکار کررہا ہے۔

  • پاکستان ہندو کونسل کے تحت کراچی میں اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد

    پاکستان ہندو کونسل کے تحت کراچی میں اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد

    کراچی : پاکستان ہندو کونسل کے تحت کراچی میں اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، حاضرین نے زندگی کا نیا سفر شروع کرنے والے جوڑوں کو مبارکباد دی۔

    اے آر وائی نیوز کی نمائندہ عمبرین الطاف کے مطابق پاکستان ریلوے کے وسیع گراؤنڈ میں پاکستان ہندو کونسل کی جانب سے ہندو برادری کے79 جوڑوں کی اجتماعی شادی کا اہتمام کیا گیا، جس میں دولہا دلہن اور ان کے رشتہ داروں کے ساتھ ساتھ مختلف سیاسی وسماجی شخصیات نے بھی شرکت کی، اس موقع پر دولہا دلہن کی خوشی دیدنی تھی۔

    اس موقع پر ہندو برادری کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں بہت خوش ہیں ہمیں یہاں ہر طرح کی مذہبی آزادی حاصل ہےاور ہمیں ہر طرح کا تحفظ حاصل ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان ہمیں شروع سے آج تک سپورٹ کررہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار نے کا کہنا تھا کہ کئی سال سے جاری اجتماعی شادیوں کے سلسلے کا مقصد غریب اور ضرورت مندوں کی مدد کرنا ہے۔

    ڈاکٹر رمیش کمار رات گئے تک جاری رہنے والی تقریب میں جہاں دولہا دلہن زندگی کا نیا سفر شروع کرنے پر خوشی سے نہال دیکھائی دیئے وہیں ان دولہا دلہن کے غریب والدین نے بھی پاکستان ہندو کونسل کے اس اقدام کو خوب سراہا، اس موقع پر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔