Tag: Pakistan Hockey

  • پاکستان ہاکی کی تباہی کا ذمہ دار کون ؟ سابق اولیمپئین نے بتادیا

    پاکستان ہاکی کی تباہی کا ذمہ دار کون ؟ سابق اولیمپئین نے بتادیا

    ہاکی وطن عزیز کا قومی کھیل ہے لیکن بد قسمتی سے آج یہ کھیل حکومتی عدم توجہ کے باعث تباہ حالی کا شکار ہے۔

    ایک وقت تھا جب پاکستان کے پاس ہاکی سمیت کرکٹ، اسکواش، اسنوکر، کبڈی، باکسنگ، ایتھلیٹکس اور اسنوکر کے عالمی اعزاز موجود تھے لیکن آج صورتحال بالکل مختلف ہے اور تھوڑی بہت کرکٹ کے علاوہ کچھ نہیں بچا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام اسپورٹس روم میں پاکستان ہاکی کے سینئیر کھلاڑی اولمپئین وسیم فیروز  نے اس حوالے سے اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہاکی کی تباہ حالی اور اس کے اسباب پر تفصیلی گفتگو کی۔

    پروگرام کے میزبان نجیب الحسنین کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کہ کیا ماضی میں ہاکی کا جو عروج تھا کیاہم اسے دوبارہ دیکھ پائیں گے؟ جس کے جواب میں وسیم فیروز نے دکھی لہجے میں بتایا کہ یہ بات ناممکن تو نہیں لیکن اب فیڈریشن میں اندر خانے اتنی کرپشن اور لڑائیاں ہوچکی ہیں کہ کوئی بچہ ہاکی کھیلنے کو تیار نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو شاید اس بات کا علم ہی نہیں کہ پاکستان ہاکی ایونٹس میں چار ورلڈ کپ اور تین اولیمپک میڈلز لے کر آ چکا ہے، جسے مؤرخین نے سنہرے الفاظ میں لکھا۔

    وسیم فیروز نے بتایا کہ ہاکی کی تباہی کے ذمہ دار فیڈریشن اور حکومتی عہدیدار ہیں اگر فیڈریشن کو ملنے والے فنڈز کی خورد برد پر کوئی کڑی نگاہ ڈالتا تو آج صورتحال ایسی نہ ہوتی۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کا وزیر اعظم فیڈریشن کا چیف پیٹرن ہوتا ہے ان کا کام ہے کہ اس کی تحقیقات کروائیں، تین سال ہوگئے نئے بچوں کو پیسے ہی نہیں ملے جب بنیادی چیزیں ہی نہیں ملیں گی تو وہ کیسے کھیلیں گے؟

    انہوں نے وزیر اعظم سے پرزور مطالبہ کیا کہ خدارا ہاکی کی گرتی ہوئی ساکھ کی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے اس قومی کھیل کو مزید تباہی سے بچالیں۔

  • پاکستان ہاکی کا سنہرا دور جلد لوٹے گا: سیکریٹری جنرل پی ایچ ایف

    پاکستان ہاکی کا سنہرا دور جلد لوٹے گا: سیکریٹری جنرل پی ایچ ایف

    کراچی: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی کا سنہرا دور جلد لوٹے گا، پاکستان ہاکی کو اولمپکس اور ورلڈ کپ کے میدان میں کھڑا کرنے کے لیے پُرعزم ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ساتھ کراچی میں ملاقات کی ہے، گورنر سندھ کی جانب سے سیکریٹری پی ایچ ایف حیدر حسین کو قومی کھیل میں خدمات پر تعریفی سند دی گئی۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ اولمپک کوالیفائر ایونٹ کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز ہے، پی ایچ ایف کوشش کرے کہ اس ایونٹ کے ایک دو میچز کراچی میں کرائے جائیں، حیدر حسین نے کراچی میں گراس روٹ لیول پر مثالی کام کیا ہے۔

    انھوں نے امید ظاہر کی کہ حیدر حسین پاکستان ہاکی کا کھویا ہوا مقام واپس لانے کی پوری کوشش کریں گے، گورنر سندھ نے حیدر حسین کو انٹرنیشنل ایونٹ کے سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

    پی ایچ ایف سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے کہا کہ پاکستان ہاکی کا سنہرا دور جلد لوٹے گا، میں پاکستان ہاکی کو اولمپکس اور ورلڈ کپ کے میدان میں کھڑا کرنے کے لیے پُرعزم ہوں، اور ہم مل کر قومی کھیل کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

  • پاکستان ہاکی ٹیم کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز کی دوڑ سے آؤٹ

    پاکستان ہاکی ٹیم کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز کی دوڑ سے آؤٹ

    برمنگھم: پاکستان ہاکی ٹیم کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز کی دوڑ سے آؤٹ ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے ہاکی ایونٹ میں پاکستان کو آخری گروپ میچ میں آسٹریلیا نے شکست دے دی۔

    گرین شرٹس کو کینگروز کے ہاتھوں میچ میں 0-7 سے شکست ہوئی۔

    کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم 4 میں سے صرف ایک میچ جیت سکی ہے، گروپ میں پاکستان ٹیم کا چوتھا نمبر ہے، جب کہ پورے ایونٹ میں ساتویں پوزیشن کے لیے میچ کھیلے گی۔

    ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم صرف 6 گول کر سکی ہے، جب کہ اس کے خلاف 15 گول ہوئے۔

    کامن ویلتھ گیمز میں اسکاٹ لینڈ کو شکست دینے والی قومی ہاکی ٹیم کے گول کی ویڈیو

    دو روز قبل پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے مابین کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دی تھی۔

    بیڈمنٹن مینز ڈبلز

    دوسری طرف بیڈمنٹن مینز ڈبلز کے مقابلے میں پاکستان کے مراد علی اور عرفان سعید راؤنڈ آف 16 میں پہنچ گئے، مراد علی اور عرفان سعید نے جنوبی افریقی جوڑی کو شکست دی۔

  • ہاکی چیمپئنز ٹرافی: پاکستان کی پہلی فتح، ورلڈ نمبر دو ارجنٹینا آؤٹ کلاس

    ہاکی چیمپئنز ٹرافی: پاکستان کی پہلی فتح، ورلڈ نمبر دو ارجنٹینا آؤٹ کلاس

    بریڈا: نیدر لینڈ کے شہر بریڈا میں جاری ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2018 میں پاکستان نے پہلی فتح حاصل کرتے ہوئے ورلڈ نمبر دو ارجنٹینا کو آؤٹ کلاس کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی ہاکی ٹیم نے بریڈا میں کھیلے گئے میچ میں ارجنٹینا کے خلاف بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اسے 1-4 سے شکست دے کر اپنا پہلا میچ جیت لیا۔

    مسلسل تین شکستوں سے دوچار پاکستان ٹیم نے ٹورنامنٹ میں کم بیک کرتے ہوئے دنیا کی دوسری بہترین ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی اس وقت بجادی جب عرفان جونیئر نے میچ کے دسویں منٹ میں پاکستان کی طرف سے پہلا گول کر دیا۔

    اگلے نو منٹ تک دونوں ٹیموں کے درمیان گول اسکور کرنے کے لیے زبردست کشمکش جاری رہی، 29 ویں منٹ پر ارجنٹینا کی طرف سے پریٹیس ماٹیز نے گول اسکور کر کے پاکستان کی سبقت ختم کردی۔

    پاکستان ہاکی ٹیم کے لیے اس اہم میچ میں اگلے اٹھارہ منٹ بعد گرین شرٹس نے مخالف ٹیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے شان دار کھیل پیش کیا اور پے در پے دو گول اسکور کر کے فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

    چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ: آسٹریلیا نے پاکستان کو 2-1 سے ہرادیا


    گرین شرٹس کی طرف سے 47 ویں منٹ میں علی مبشر نے گول اسکور کیا، جب کہ 49 ویں منٹ پر احمد اعجاز نے خوب صورت گول اسکور کیا۔

    دنیا کی دوسری بہترین ہاکی ٹیم پاکستان ٹیم کی تین ایک سے برتری کو ختم نہ کر سکی، 58 ویں منٹ میں بلال محمد علیم نے ایک اور گول اسکور کرکے گرین شرٹس کی جیت یقینی بنا دی۔

    خیال رہے کہ نیدر لینڈ میں جاری ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں گرین شرٹس کو اب تک بھارت، آسٹریلیا اور میزبان ٹیم نیدر لینڈز کی جانب سے شکست کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔