Tag: Pakistan Hockey Federation

  • پاکستان اسپورٹس بورڈ نے طارق بگٹی کی بطور صدر پی ایچ ایف تصدیق کر دی

    پاکستان اسپورٹس بورڈ نے طارق بگٹی کی بطور صدر پی ایچ ایف تصدیق کر دی

    پاکستان اسپورٹس بورڈ نے طارق بگٹی کی بطور صدر پی ایچ ایف تصدیق کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ نے طارق بگٹی کی بطور صدر پی ایچ ایف تصدیق کر دی، وزیر اعظم کے نامزد کردہ طارق بگٹی کو ہاؤس نے اعتماد کا ووٹ دے دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اس سلسلے میں لکھا گیا خط ہاکی فیڈریشن حکام کے حوالے کر دیا ہے، جب کہ سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد نے یہ خط اور دوسرے شواہد انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کو بھیج دیے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق اب اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ سے قبل ایف آئی ایچ حقیقی پاکستان ہاکی فیڈریشن کا تعین کرے گی۔

    انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے دونوں دھڑوں کو مؤقف پیش کرنے کے لیے تاریخ دے دی

    خیال رہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے کیمپ کے اخراجات برداشت کر رہا ہے، اور اسپورٹس بورڈ ہی اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے ٹیم بھجوائے گا، جس کے لیے ٹرائلز کل شیڈول ہیں۔

    کراچی کیمپ کا حصہ ہونے والے بعض کھلاڑیوں کی بھی آج اسلام آباد کیمپ میں رپورٹ کرنے کا امکان ہے، دوسری جانب وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے ٹیم کا ٹاسک ڈچ کوچ کو دے رکھا ہے۔

  • پاکستان ہاکی فیڈریشن کو کام کرنے سے روک دیا گیا

    پاکستان ہاکی فیڈریشن کو کام کرنے سے روک دیا گیا

    پاکستان ہاکی فیڈریشن کو فوری طور پر کام کرنے سے روک دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیین گیمز کے کیمپ اور ٹیم انتظامیہ کے علاوہ ہاکی فیڈریشن کے کام کو روک دیا گیا ہے، اس سلسلے میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعظم آفس کی ہدایت پر پاکستان اسپورٹس بورڈ نے پی ایچ ایف کے تمام آفیشلز کو معطل کر دیا ہے، پاکستان اسپورٹس بورڈ کی زیر نگرانی ملک بھر میں کلبز کی اسکروٹنی کرائی جائے گی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسکروٹنی کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن میں انتخابی عمل کو شفاف طریقے سے جلد مکمل کیا جائے۔

  • کھلاڑیوں کی فٹنس کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا بڑا اقدام

    کھلاڑیوں کی فٹنس کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا بڑا اقدام

    کراچی: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کی فٹنس کو معیاری بنانے کے لئے بڑا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے غیرملکی فزیکل ٹرینر کی خدمات حاصل کرلیں ہیں، جن سے تمام معاملات طے ہوچکے ہیں، آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے فزیکل ٹرینر ڈینئیل بیری رواں ماہ کےآخر میں پاکستان آئیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے کیمپ کا پہلا مرحلہ 8فروری کو ختم ہوگا جبکہ کیمپ کا دوسرامرحلہ پی ایس ایل کے بعد نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں شروع ہو گا، فزیکل ٹرینرہاکی ٹیم کےٹریننگ کیمپ کےدوسرے مرحلےمیں شامل ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی کھلاڑی گوجرانوالہ میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں شریک ہونگے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں پاکستان ہاکی فیڈریشن نے غیر ملکی کوچ کی خدمات حاصل کی تھیں، ہالینڈ کے سیگفیڈ ایکمین کو پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا، سیگفیڈ ایکمین کو 2026ء تک پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ ذمے داریاں سنبھالیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان ہاکی کی زبوں حالی کی اہم وجہ منظر عام پر

    ہیڈ کوچ سیگیفڈ ایکمین کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کو جدید ہاکی اسکلز سیکھنے اور انٹرنیشنل فٹنس لیول کی ضرورت ہے جس کے لیے سب کو سخت محنت کرنا ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں پوٹینشل ہے تاہم رزلٹ اچھے لانے کے لیے اسکلز میں بہتری اور فٹنس کلچر کو عادت بنانا پڑے گا، منزل بہت کھٹن اور دور ضرور ہے لیکن عمدہ حکمت علمی، خلوص، نیت اور لگن کے ساتھ ورک کیا جائے تو حالات بدل سکتے ہیں۔

  • شہباز سینئرعہدے سے مستعفی، آصف باجوہ پی ایچ ایف کے نئے سیکرٹری نامزد

    شہباز سینئرعہدے سے مستعفی، آصف باجوہ پی ایچ ایف کے نئے سیکرٹری نامزد

    لاہور : پی ایچ ایف کے سیکرٹری شہباز سینئر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، ان کی جگہ آصف باجوہ کو نئے سیکیرٹری کی حیثیت سے نامزد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز سینئر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دےدیا ہے۔ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن خالد سجاد کھوکھر نے شہباز سینئر کے استعفے کی تصدیق کردی۔

    صدر پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ شہباز سینئر نے ساڑھے 3 سال اپنی بساط سے بڑھ کر ہاکی کے فروغ کیلئے کام کیا، خالد سجاد کھوکھر نے شہباز سینئر کی جگہ آصف باجوہ کو پی ایچ ایف کا سیکریٹری نامزد کرتے ہوئے بتایا کہ آصف باجوہ کل بروز پیر کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میری شہباز سینئر اور آصف باجوہ دونوں کے لیے نیک خواہشات ہیں۔ خیال رہے کہ شہباز سینئر نے اس سے قبل دسمبر میں بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا تاہم اس وقت صدر پی ایچ ایف خالد سجاد کھوکھر نے ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا تھا۔

  • پاکستان ہاکی فیڈریشن کھلاڑیوں کی مقروض

    پاکستان ہاکی فیڈریشن کھلاڑیوں کی مقروض

    قومی کھیل ہاکی افق کو چھو کر اب تنزلی کی جانب بڑھتاجارہا ہے۔ کیا اسکی وجہ ٹیلنٹ کی کمی ہے ؟، سہولیات کا فقدان؟ یا پھر کچھ اور۔ اصل مسئلہ کھلاڑیوں کو معاوضوں کی عدم ادائیگی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی موجودہ انتظامیہ ہو یا ماضی کے عہدیداران ، شاہ خرچیوں کے لیے فنڈز کی کمی دیکھنے میں نہ آئی۔ لیکن جب بات کھلاڑیوں کے حقوق پرآکر رکی تو جیبیں خالی ہونے کا راگ الاپ دیا جاتا ہے۔

    ایسی صورتحال میں کھلاڑی کیا دل و جان سے ملک کی کے لیے کھیل سکیں گے۔ ۔ ۔ بالکل نہیں؟ ذہنی اذیت کے شکار ہونا ایک فطری عمل بن جاتا ہے۔ کھلاڑی کو یہی فکر لاحق رہتی ہے کہ گھریلو اخرجات کیسے برداشت کیے جائیں۔ گھر کا چولہا بجھنے کی نوبت آجاتی ہے ملک کے لیے فتح حاصل کرنے کا حوصلہ پست اور جذبہ بھی ٹھنڈا پڑنا شروع ہوجاتا ہے۔

    Pakistan Hockey Federationموجودہ پی ایچ ایف انتظامیہ کھلاڑیوں کی مقروض دکھائی دیتی ہے۔ عہدیداروں کے چہرے اور نام بدل گئے لیکن ریت وہی برقرار ہے۔ خود کھاؤ اور دوسروں کو ٹھینگا دکھاؤ۔ چیمپیئنز ٹرافی دوہزار اٹھارہ کی تیاریوں کے لیے پاکستان ٹیم کا تربیتی کیمپ مرحلہ وار ایبٹ آباد سے ہوکر کراچی اور پھر ہالینڈ تک جاری رہا۔ روزانہ کی بنیاد پر فی کھلاڑی ایک ہزارروپے ڈیلی الاؤنس ملنا تھے جو نہ مل سکے۔ حتی کہ میگا ایونٹ کے لیے منتخب اسکواڈ بھی پندرہ ہزار روپے کے ڈیلی الاونس سے محروم ہے۔ تخمینہ لگایا جائے تو تربیتی کیمپ سے لے کر چیمپیئنز ٹرافی کے اختتام تک فی کھلاڑی تقریبا تین لاکھ روپے تک کی رقم بن جاتی ہے، جس کا کھلاڑیوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔

    فنڈزکی کمی؟


    ناقص کارکردگی پر حکومت کی جانب سے گرانٹ روک دینا ایک نیا بہانا سامنے آیا ہے۔ پیسوں کی کمی کے باعث انٹرنیشنل معیار کا عبدالستارایدھی ہاکی اسٹیڈیم اس مرتبہ ایشین گیمز کی تیاری کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کا میزبان نہیں ہے بلکہ چیف سلیکٹر اصلاح الدین کی زیر نگرانی چلنے والی اصلاح الدین اکیڈمی اب رہائش سمیت تربیتی کیمپ کے لیے منتخب کی گئی ہے۔

    مالی مشکلات سے دوچار کھلاڑیوں کی جانب سے اب ایشین گیمز کے بائیکاٹ کا امکان بڑھ گیا ہے۔ سینئر اور جونیئر کھلاڑی مستقبل کی حکمت عملی بنارہے ہیں۔ آئندہ ماہ اگست میں ایشین گیمز انڈونیشیا میں شیڈول ہیں۔ کھلاڑی اسی سوچ میں مبتلا ہیں کہ اس مرتبہ بھی ڈیلی الاؤنس ملے گا یا پھر سے جھوٹے وعدوں اور دلاسوں پر انتظامیہ کے سامنے سرتسلیم خم کرکے کسمپرسی کے عالم میں ملک کی نمائندگی کرنا پڑے گی۔

    سنہ 2012میں جب سیکریٹری پی ایچ ایف کی کرسی آصف باجوہ کے پاس تھی ، اس وقت کھلاڑیوں کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ جاری کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اے کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو پچاس ہزار روپے، بی کیٹیگری کے لیے چالیس ہزار روپے اور سی کیٹیگری کے لیے تیس ہزار روپے کا اعلان ہوا تھا۔ جونیئر کھلاڑیوں کو پندرہ ہزار روپے کا وظیفہ ملنا تھے۔ آصف باجوہ کا دور گزر گیا، پھر رانا مجاہد آئے۔۔ وعدوں اور دلاسوں کا سلسلہ چلتا رہا، پاکستان کی عزت کا نعرہ لگتا رہا، لیکن کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ مل نہ سکا۔ شہباز سینئر کے دور میں بھی ایسے دعوؤں کی صدائیں گونجتی رہیں۔ چھ سال بیت گئے لیکن ہر حال میں ملک کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی آج بھی اپنے حقوق کے منتظر ہیں۔

    اس دوران پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پیٹرن ان چیف کی جانب سے فنڈز کا اجرا بھی ہوا مگر انتظامیہ فنڈز کی کمی کا آنسو بہاتی رہی ہے۔ اگر واقعی مالی مشکلات کا سامنا ہے تو غیر ملکی کوچز کے اخراجات کیسے برداشت کیے جارہے ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ کس بنیاد پر کھلاڑیوں کے فنڈز کو شاہ خرچیاں بنا کر اڑا رہی ہے۔ اس کا جواب کون دے گا۔ ۔ چھ سال کے لحاظ سے سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم کا تخمینہ لگایا جائے تو فی کھلاڑی تقریبا پچیس سے تیس لاکھ روپے بن جاتے ہیں اور پاکستان ہاکی فیڈریشن ، روکھی سوکھی کھا کر وطن کی نمائندگی کرنے والے ان محبِ وطن کھلاڑیوں کی مقروض ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • حکومت کا خزانہ اور ہاکی فیڈریشن کے اکاؤنٹس خالی، ایشین گیمز کی تیاریاں متاثر

    حکومت کا خزانہ اور ہاکی فیڈریشن کے اکاؤنٹس خالی، ایشین گیمز کی تیاریاں متاثر

    اسلام آباد: حکومت کا خزانہ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اکاؤنٹس خالی ہونے کی وجہ سے آئندہ ماہ انڈونیشیا میں ہونے والے اٹھارویں ایشین گیمز کی تیاریاں متاثر ہونے لگیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پاس فنڈز ختم ہونے کے باعث ایشین گیمز کے لیے کھلاڑیوں کی تیاریاں ناقص رہ جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ایشین گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، فیڈریشن کے اکاؤنٹس خالی ہوچکے ہیں، کھلاڑیوں کے ڈیلی الاؤنس کے لیے بھی پیسے نہیں رہے۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نگراں حکومت بھی خزانہ خالی ہونے کا رونا رونے لگی ہے، قومی کھیل کو سہارا دینے کے لیے حکومتی خزانہ بے بس ہو چکا ہے۔

    دوسری طرف موجودہ صورت حال نے قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ، منیجر اور کپتان کو بھی پریشانی سے دوچار کر دیا ہے، خیال رہے کہ ایشین گیمز کے لیے تربیتی کیمپ میں شامل کھلاڑیوں نے بائیکاٹ کی دھمکی دی ہے۔

    ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے گھروں کے چولھے ٹھنڈے پڑنے لگے، ایشین گیمز کے بائیکاٹ کی دھمکی


    ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام نے نگراں حکومت سے رابطہ کر کے قومی کھیل کو بچانے کی اپیل کی ہے، تاہم نگراں حکومت کا کہنا ہے کہ صرف قومی کھیل ہی نہیں، تمام فنڈز خزانہ خالی ہونے کی وجہ سے روکے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ اٹھارویں ایشین گیمز آئندہ ماہ انڈونیشیا میں 18 اگست سے منعقد ہوں گے جو جکارتہ اور پالمبنگ میں 2 ستمبر تک جاری رہیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اسلام آباد میں انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا آغاز

    اسلام آباد میں انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا آغاز

    اسلام آباد: انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا آغاز ہوگیا ملک کے مختلف علاقوں سے 13 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔مذکورہ چیمپیئن شپ بارہ دن جاری رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی سطح پر ہاکی کے فروغ کے لیے ہاکی فیڈریشن کی جانب سے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں تیرہ ٹیموں پر مشتمل انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا آغاز ہو گیا، ابتدائی میچ بلوچستان اور پنجاب کے مابین کھیلا گیا.

    پہلے روز کھیلے جانے والے میچ میں پنجاب نے بلوچستان کو 9 گول سے شکست دے کر فتح اپنے نام کرلی ہے، ٹورنامنٹ میں ملک کے مختلف علاقوں سے 13 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

    چپیمئن شپ میں سندھ، پنجاب، خیبرپختونخواہ، بلوچستان سے دو دو ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سے ایک ایک ٹیم حصہ لے رہی ہے۔

    ایونٹ کا دوسرا میچ پنجاب اور خیبرپختونخواہ کی ٹیمیوں کے مابین کھیلا گیا جس میں پنجاب کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 10 گول کر کے میچ اپنے نام کرلیا۔

    اس موقع پر صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن فاروق احمد نے بتایا کہ سیریز میں بہترین کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں کو انڈر 18 ایشاء کپ میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سیریز کے انعقاد سے کھلاڑیوں میں خاصہ جوش و خروش پایا جاتا ہے اور اس ایونٹ سے ایشیا کپ انڈر 18 کے لیے کھلاڑیوں کو منتخب کیا جائے گا۔