Tag: Pakistan Iran

  • ایران کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ڈرونز اور راکٹوں کا ذمہ داری سے استعمال کیا گیا: آئی ایس پی آر

    ایران کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ڈرونز اور راکٹوں کا ذمہ داری سے استعمال کیا گیا: آئی ایس پی آر

    اسلام آباد: آئی ایس پی آر نے ایران کے صوبے سیستان میں کی جانے والی کارروائی کے بارے میں بتایا ہے کہ مرگ بر سرمچار نامی کامیاب آپریشن میں فورسز نے ایران کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ڈرونز اور راکٹوں کا ذمہ داری سے استعمال کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے ایران کے اندر موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا، یہ دہشت گرد پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے، پاکستان نے ڈرونز، راکٹ اور دیگر ہتھیاروں کا ذمہ داری سے استعمال کیا، اور بے گناہ جانوں کے نقصان سے بچاؤ کے لیے مکمل احتیاط برتی گئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں بی ایل اے اور بی ایل ایف کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جن ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا وہ بدنام زمانہ دوستہ عرف چیئرمین بجار عرف سوغات کے زیر استعمال تھے، ساحل عرف شفق، اصغر عرف بشام اور وزیر عرف وزی کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

    ایران کے میزائل کے جواب میں پاکستان کا بھرپور جواب

    خفیہ نشان دہی پر کیے گئے آپریشن کو’’مرگ بر سرمچار‘‘ کا نام دیا گیا تھا، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے نمٹنے اور اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے مسلح افواج ہر وقت تیار رہتی ہیں، مسلح افواج دہشت گردوں کی کارروائیوں کے خلاف ہر وقت تیار ہیں اور پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام یقینی بنائیں گی۔

    پاک ایران صورتحال، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کیے جانے کا امکان

    آئی ایس پی آر نے کہا پاکستان کی سلامتی کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، اور عوام کی حمایت سے دشمنوں کے ارادے خاک میں ملا دیں گے، کسی بھی مہم جوئی کے خلاف تحفظ یقینی بنانے کا غیر متزلزل عزم ہے۔ آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی برادر ملک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر ہی ڈائیلاگ معاملات کو آگے بڑھا سکتے ہیں، اور ہمسایہ برادر ممالک بات چیت اور سمجھ داری سے مسائل حل کر سکتے ہیں۔

  • پاک ایران صورتحال، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کیے جانے کا امکان

    پاک ایران صورتحال، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کیے جانے کا امکان

    اسلام آباد: پاک ایران صورتحال کے پیش نظر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کیے جانے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایرانی میزائل حملے کے جواب میں پاکستان کی جانب سے ایرانی صوبے سیستان میں بھرپور کارروائی کے بعد پاک ایران صورت حال پر قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس کل طلب کیے جانے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں عسکری قیادت اور کمیٹی کے دیگر ارکان شریک ہوں گے، اجلاس کو شر پسندوں کے خلاف کارروائیوں پر بریف کیا جائے گا، اس اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے۔

    واضح رہے کہ موجودہ صورت حال کے پیش نظر نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ڈیووس کا دورہ مختصر کر دیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ نگراں وزیر اعظم آج وطن واپس پہنچ رہے ہیں، نگراں وزیر خارجہ نے بھی اپنے یوگنڈا کے دورے کو مختصر کر دیا، ادھر ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو بھی پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں۔

    ایران کے میزائل کے جواب میں پاکستان کا بھرپور جواب

    پاکستان نے آج ایران کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے آپریشن مرگ بر سرمچار کے تحت ایرانی صوبے سیستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر انتہائی مربوط فوجی کارروائی کی، انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں متعدد دہشت گرد مارے گئے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی پاکستان کے تمام خطرات کے خلاف قومی سلامتی کے تحفظ کا مظہر ہے، پاکستان اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

  • صدر مملکت عارف علوی کا ایرانی صوبے سیستان میں پاکستان کی کارروائی پر بیان

    صدر مملکت عارف علوی کا ایرانی صوبے سیستان میں پاکستان کی کارروائی پر بیان

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی قومی سلامتی و علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی میزائل حملے کے جواب میں پاکستان کی جانب سے ایرانی صوبے سیستان میں بھرپور کارروائی پر صدر مملکت عارف علوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

    صدر مملکت نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے پر مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی، اور کہا دہشت گردی مشترکہ چیلنج ہے، جس کے خاتمے کے لیے عالمی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا پاکستان تمام ریاستوں کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کرتا ہے، اور دیگر ممالک سے بھی توقع رکھتا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں۔

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران برادر ممالک ہیں، مسائل کو مذاکرات سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔

    ایران کے میزائل کے جواب میں پاکستان کا بھرپور جواب

    واضح رہے کہ آج پاکستان نے ایران کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے آپریشن مرگ بر سرمچار کے تحت ایرانی صوبے سیستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر انتہائی مربوط فوجی کارروائی کی، انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں متعدد دہشت گرد مارے گئے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی پاکستان کے تمام خطرات کے خلاف قومی سلامتی کے تحفظ کا مظہر ہے، پاکستان اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔