Tag: Pakistan Navy

  • کراچی: کشتی میں آتشزدگی، پاک نیوی میدان میں آگئی

    کراچی: کشتی میں آتشزدگی، پاک نیوی میدان میں آگئی

    کراچی: پاک بحریہ کےجہاز پی این ایس رسدگار نے شمالی بحیرہ عرب میں ریسکیو آپریشن کیا ہے۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کراچی کے ساحل سےدور ماہی گیروں کی کشتی میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، سیکیورٹی گشت کے دوران پاک بحریہ کےجہازنے کشتی میں لگی آگ کامشاہدہ کیا۔

    ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کےجہاز پی این ایس رسدگار نے شمالی بحیرہ عرب میں پہنچ کر ریسکیو آپریشن کیا، پی این ایس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ماہی گیروں کوبچالیا۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان نیوی اور پی ایم ایس اے نے گہرے سمندر میں‌ ڈوبنے والے 15 شامی باشندوں کو بچا لیا

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سفینہ پائی خیل نامی کشتی پر 16 ماہی گیر سوار تھے، ماہی گیروں کو طبی امداد کے لئے قربی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    رواں سال پاکستان نیوی کی یہ دوسری بڑی کارروائی ہے، اس سے قبل اگست میں پاکستان نیوی اور پاکستان میری ٹائم ایجنسی نے کھلے سمندر میں ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے شام سے تعلق رکھنے والے 15 افراد کو بچایا تھا۔

    پی ایم ایس اے کمانڈر کے مطابق ایم وی سوواری ایچ نامی جہاز بھارت سے صومالیہ کی طرف جارہا تھا، جسے پاکستان کی سمندری حدود میں حادثہ پیش آیا۔

  • پاک بحریہ کا  قومی کرکٹ ٹیم کو تاریخی فتح پر خراجِ تحسین پیش

    پاک بحریہ کا قومی کرکٹ ٹیم کو تاریخی فتح پر خراجِ تحسین پیش

    اسلام آباد : پاک بحریہ نے قومی کرکٹ ٹیم کو تاریخی فتح پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم نےروایتی حریف بھارت کیخلاف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

    تفصیلات کے مطابق نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی کی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھارت کے کیخلاف میچ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی شاندار فتح پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے، قومی ٹیم نےروایتی حریف بھارت کیخلاف اپنی صلاحیتوں کالوہامنوایا، پاک بحریہ کرکٹ ٹیم کو تاریخی فتح پرخراج تحسین پیش کرتی ہے۔

    یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کے خلاف فتح حاصل کر کے تاریخ رقم کی، 152 رنز کے ہدف کے تعاقب میں محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں جبکہ شاہین آفریدی نے تین اہم کھلاڑیوں روہت شرما، راہول اور ویرات کوہلی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    بعد ازاں وزیراعظم عمران خان، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ میں تاریخی فتح حاصل کرنے پر قومی ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔

    وفاقی وزرا، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت دیگر قابل ذکر شخصیات نے بھی تاریخی فتح حاصل کرنے پر قومی ٹیم کو دل کی اتہہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کامیابی کے سلسلے کو جاری رکھنے کی دعا کی۔

  • پاک بحریہ کے 3 ریئر ایڈمرلز کی وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی

    پاک بحریہ کے 3 ریئر ایڈمرلز کی وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی

    کراچی: پاک بحریہ کے تین ریئر ایڈمرلز کی وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی، تینوں افسران کوکمانڈ ،اسٹاف کی اہم ذمہ داریوں کاوسیع تجربہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ کے تین ریئر ایڈمرلز کی وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ، ترقی پانے والوں میں وائس ایڈمرل عمران احمد، وائس ایڈمرل نوید اشرف اور وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی شامل ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ تینوں افسران کوکمانڈ ،اسٹاف کی اہم ذمہ داریوں کاوسیع تجربہ ہے، وائس ایڈمرل عمران احمد ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف پراجیکٹس تعینات ہیں، وائس ایڈمرل نویداشرف اسوقت کمانڈرپاکستان فلیٹ کے عہدے پر جبکہ وائس ایڈمرل اویس احمدبلگرامی کمانڈر کراچی کے عہدے پر تعینات ہیں۔

    گذشتہ ماہ ائیر کموڈور محمد اکرام الحق نور کو ائیر وائس مارشل کے عہدے پر ترقی ‏دی گئی تھی ، ائیر وائس مارشل محمد اکرام الحق نور نے فروری 1989 میں پاک فضائیہ کی ایڈمنسٹریشن برانچ ‏میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے ایک ایڈ منسٹریشن ونگ کی کمانڈ کی۔ ‏

    ڈائیریکٹر ایڈمن کے طور پر خدمات سر انجام دینے کے علاوہ انہوں نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد ‏میں اسسٹنٹ چیف آف دی ائیر اسٹاف (ایڈمنسٹریشن) کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دیں۔ ‏

    وہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج چین سے فارغ التحصیل ہیں جبکہ انہیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات کے ‏اعتراف میں ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

  • پاک بحریہ کے فضائی بیڑے میں پہلا جدید میری ٹائم پیٹرول جیٹ ایئر کرافٹ شامل

    پاک بحریہ کے فضائی بیڑے میں پہلا جدید میری ٹائم پیٹرول جیٹ ایئر کرافٹ شامل

    اسلام آباد : پاک بحریہ کے فضائی بیڑےمیں پہلا جدید میری ٹائم پیٹرول جیٹ ایئر کرافٹ شامل کرلیا گیا، نیول چیف نے کہا پاک بحریہ محفوظ بحری ماحول اورملکی بحری سرحدوں کی حفاظت کےلیےتیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ کے فضائی بیڑے میں پہلا جدید میری ٹائم پیٹرول جیٹ ایئر کرافٹ کی شمولیت کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ امیرالبحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ، تقریب میں پاک بحریہ کے فضائی بیڑے میں پہلا جدید میری ٹائم پیٹرول جیٹ ایئرکرافٹ شامل کرلیا گیا۔

    اس موقع پرامیرالبحرایڈمرل محمدامجدخان نیازی نے کہا کہ پاک بحریہ حربی آلات کوجدید تر بنانے کے لیےپر عزم ہے، پاک بحریہ محفوظ بحری ماحول اورملکی بحری سرحدوں کی حفاظت کےلیےتیار ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ شامل کیا گیاجہاز برازیل کاتیار کردہ دہرے انجن والا ایمبریئرجیٹ ایئرکرافٹ ہے، اس نوع کےجہازدنیا بھرمیں فضائی آپریشنز کےلیےاستعمال کیےجا رہے ہیں ، پاک بحریہ مستقبل میں اس نوع کےمزید2جہاز فضائی بیڑے میں شامل کرے گی۔

    تقریب کے آغاز سے قبل نیول چیف نے کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیےدعائے مغفرت کی۔

  • پاک بحریہ کیلئے چین اور ترکی میں جدید ترین بحری جہازوں کی تعمیر کا آغاز

    پاک بحریہ کیلئے چین اور ترکی میں جدید ترین بحری جہازوں کی تعمیر کا آغاز

    اسلام آباد : پاک بحریہ کیلئے چین اور ترکی میں جدید ترین بحری جہازوں کی تعمیر کا آغاز ہوگیا ، دونوں جہازجدید ٹیکنالوجی، مختلف حربی آلات اورسینسرز سے لیس ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ کیلئے چین میں تیار کیے جانے والے تیسرے اے 054فریگیٹ کی تیاری اور ترکی میں دوسرے میلجم کلاس کو رویٹ جہازوں کی تعمیر کا آغاز ہوگیا ہے۔

    ترجمان نے کہا چین میں تیسرے جدید ترین بحری جہاز فریگیٹ 054 کی تعمیر کی تقریب ہڈونگ ژونگوا شپ یارڈ میں منعقد ہوئی ، میلجم کلاس کورویٹ جہاز کی تعمیر کی تقریب استنبول نیول شپ یارڈ میں کی گئی۔

    تقریب میں چین اور ترکی میں تعینات پاک بحریہ کے چیف نیول اوورسیئرزتقاریب میں شریک ہوئے جبکہ تقاریب میں پاک بحریہ کےافسران، شپ یارڈز کے نمائندوں اور دیگر معززین نےشرکت کی۔

    دونوں جہازجدید ٹیکنالوجی، مختلف حربی آلات اورسینسرز سےلیس ہوں گے، بیڑے میں جہازوں کی شمولیت سے ملکی سمندری دفاع مزید مضبوط ہو گا، بحری جہاز خطے میں طاقت کےتوازن کوبرقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

  • کثیر ملکی بحری مشق امن 21 کے خصوصی نغمے "امن کی پکار” کا پرومو جاری

    کثیر ملکی بحری مشق امن 21 کے خصوصی نغمے "امن کی پکار” کا پرومو جاری

    کراچی : پاک بحریہ نے کثیر ملکی بحری مشق امن 21 کے خصوصی نغمے "امن کی پکار”کا پرومو جاری کردیا، نغمےمیں امن پسند ممالک کو ایک پلیٹ فارم پریکجاہونےکاپیغام دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کی جانب سے کثیرملکی بحری مشق امن 21کےخصوصی نغمے”امن کی پکار”کا پروموجاری کردیا گیا ، بحری مشق امن 21 کاخصوصی نغمہ اردواورانگریزی زبان کاامتزاج ہے۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ نغمےمیں امن پسندممالک کوایک پلیٹ فارم پریکجاہونےکاپیغام دیاگیاہے، نغمہ پاک بحریہ کی امن کیلئے ہمہ وقت حاضر رہنے کےعزم کی عکاسی کرتاہے۔

    ترجمان نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک کو خوش آمدید کہنے کوبھرپوراجاگرکرتا ہے، بحری مشق امن میں 45 ممالک شرکت کر رہے ہیں۔

    یاد رہے پاک بحریہ نے کثیرالقومی مشق “امن” کا ایک پروموجاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاک بحریہ کثیرالقومی بحری مشق”امن”کا انعقاد سال 2007سے کر رہی ہے ، اس مشق میں دنیا کی بحری افواج پاک بحریہ کے وضع کردہ عزم “امن کیلئے متحد” کے ساتھ شریک ہورہی ہیں۔

    پاک بحریہ کے ترجمان نے مزید کہا تھا کہ مشق کے بنیادی مقاصد مشترکہ آپریشنزکی صلاحیتوں اور امن کیلئےپیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ ہے۔

  • پاک بحریہ نے کثیر القومی مشق’’امن‘‘ کا نیا پرومو جاری کردیا

    پاک بحریہ نے کثیر القومی مشق’’امن‘‘ کا نیا پرومو جاری کردیا

    اسلام آباد: پاک بحریہ نے کثیر القومی مشق’’امن‘‘ کا نیا پرومو جاری کردیا ، اس سال مشق میں تقریباً 45 ممالک بحری اثاثوں اور مندوبین کے ساتھ شرکت کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ نے کثیرالقومی مشق "امن” کانیاپروموجاری کر دیا، پاک بحریہ کثیرالقومی بحری مشق”امن”کاانعقادسال2007سے کر رہی ہے ، مشق میں دنیابھرسےبحری افواج شریک ہوتی ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ اس سال مشق میں تقریباً45ممالک بحری اثاثوں،مندوبین کے ساتھ شرکت کررہےہیں ، دنیا کی بحری افواج پاک بحریہ کے وضع کردہ عزم "امن کیلئے متحد” کے ساتھ شریک ہورہی ہیں۔

    پاک بحریہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ مشق کے بنیادی مقاصد مشترکہ آپریشنزکی صلاحیتوں اور امن کیلئےپیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ ہے۔

    خیال رہے پاک بحریہ کے زیر اہتمام کثیر الاقوام مشق ’امن ‘ کا انعقاد فروری میں کیا جائے گا، مشق میں عالمی بحری افواج مشترکہ آ پر یشنز اور تجربات کا تبادلہ کرتی ہیں، امن مشق محفوظ میری ٹائم ،علاقائی اور عالمی بحری امن میں اہم کردار اداکرے گی۔

    خیال رہے پاک بحریہ میری ٹائم سرحدوں کی دفاع سے لے کر گہرے سمندروں میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد فراہم کرنے تک، قومی اثاثوں کی حفاظت سے لےکر علاقا ئی اشتراک تک اور علاقائی بحری سکیورٹی گشت سے لے کر عالمگیر شراکت داری تک ہمیشہ پیش پیش رہی ہے ۔

  • پاک بحریہ  کا  اینٹی شپ میزائلز اور تارپیڈوز فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ

    پاک بحریہ کا اینٹی شپ میزائلز اور تارپیڈوز فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ

    اسلام آباد : پاک بحریہ نے آبدوزوں سے اینٹی شپ میزائلز اور تارپیڈوز فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا ، نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ ہرجارحیت کادندان شکن  جواب دینےکی صلاحیت رکھتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان بحریہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں زیر آب سے اینٹی شپ میزائلز اور تارپیڈوز فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا ، نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی نے میزائلز ،تارپیڈوزفائرنگ کامشاہدہ کیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کی آبدوزوں نے کامیابی سےاہداف کو نشانہ بنایا، میزائلز،تارپیڈوزفائرنگ کامظاہرہ آپریشنل صلاحیتوں کاثبوت ہے۔

    اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی نے آپریشنل تیاریوں پرمکمل اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا پاک بحریہ ہرجارحیت کادندان شکن جواب دینےکی صلاحیت رکھتی ہے، پاک بحریہ کے جوان ،آفیسرز ملک کےتحفظ کیلئے ہمہ وقت تیارہیں۔

    یاد رہے گذشتہ سال اکتوبر میں پاک بحریہ نے سطح سمندر اور ہوا سے اینٹی شپ میزائلز فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا تھا، اینٹی شپ میزائل سطح سمندر اور ہوا سے فائرنگ کی صلاحیت رکھتا تھا ۔

    پاک بحریہ کے جنگی بحری جہاز، ہوائی جہاز اور ہیلی کاپٹر نے کامیابی سے اپنے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا تھا۔

  • رومانیہ میں تیارکردہ جہاز پی این ایس تبوک  پاک بحریہ میں شامل

    رومانیہ میں تیارکردہ جہاز پی این ایس تبوک پاک بحریہ میں شامل

    اسلام آباد : رومانیہ میں تیارکردہ جہاز پی این ایس تبوک کو پاک بحریہ میں شامل کرلیا گیا ، ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے پاکستانی بحری بیڑے میں نئے جہاز کی شمولیت سے صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق جہاز پی این ایس تبوک کی کمشننگ تقریب رومانیہ میں منعقد ہوئی ، تقریب میں پاکستانی حکام اور ڈامن شپ یارڈ انتظامیہ نے شرکت کی۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پی این ایس تبوک جدیدآلات،ٹیکنالوجی سےلیس ہے اور متعددنیول آپریشنز سر انجام دینے کی صلاحیت رکھتاہے جبکہ ہیلی کاپٹر ،ڈرون لے جانے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔

    ،ترجمان کے مطابق وزارت دفاعی پیداوار،ڈامن شپ یارڈمیں 2جہازوں کی تیاری کامعاہدہ ہے، اسی طرزکاپہلاجہازپی این ایس یرموک پہلےہی پاک بحریہ میں شامل ہوچکاہے۔

    پاکستانی بحری بیڑے میں نئےجہاز کی شمولیت سے صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا، کمانڈنگ آفیسرنےجہازکی تیاری پرڈامن شپ یارڈ کے تعاون کی تعریف کی۔

  • زیر آب اور فضا میں مار کرنے والے ہتھیاروں سے لیس جہاز کی تعمیر کا آغاز

    زیر آب اور فضا میں مار کرنے والے ہتھیاروں سے لیس جہاز کی تعمیر کا آغاز

    کراچی: پاک بحریہ کے لیے ملجم کلاس کارویٹ جہاز کی تعمیر کا آغاز ہوگیا، جہاز سطح آب، زیر آب اور فضا میں مار کرنے والے ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے لیے ملجم کلاس کارویٹ جہاز کی تعمیر کا آغاز ہوگیا۔ تعمیر کے آغاز کی تقریب کراچی شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ترکی کے وزیر برائے قومی دفاع تقریب کے مہمان خصوصی تھے، وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال اور نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی بھی تقریب میں شریک تھے۔

    ترکی کے وزیر برائے قومی دفاع کا کہنا تھا کہ بہترین کوالٹی، کم لاگت اور انتہائی کم مدت میں جہاز کی تعمیر اہم کامیابی ہوگی۔ منصوبہ پاکستان اور ترکی کے دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔

    وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ بحری جہاز کی مقامی سطح پر تعمیر خوش آئند ہے، منصوبے سے جہاز سازی کی صنعت اور صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔

    ترجمان کے مطابق جہاز سطح آب، زیر آب اور فضا میں مار کرنے والے ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ جہاز کی تعمیر سنہ 2024 میں مکمل ہو جائے گی، جہاز کی بیڑے میں شمولیت سے امن و استحکام کو فروغ حاصل ہوگا۔