Tag: pakistan ordinance factory

  • پاکستان آرڈیننس فیکٹری میں دہشت گردی کا خطرہ، وزیر داخلہ برہم

    پاکستان آرڈیننس فیکٹری میں دہشت گردی کا خطرہ، وزیر داخلہ برہم

    اسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری سے متعلق الرٹ پر سیکیورٹی ایجنسیز کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے۔ دہشت گردی خطرات کے خدشات کے باوجود یوم مزدور کی تقریب میں شرکت کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے رپورٹ جاری کی کہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری میں دہشت گردی کا خطرہ ہے۔ وزیر داخلہ خدشات کے سبب یوم مزدور کی تقریب میں شرکت سے گریز کریں۔

    انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹ پر چوہدری نثار برہم ہوگئے۔ سیکیورٹی ایجنسیز کی کارکردگی پر خود وزیر داخلہ چوہدری نثار نے سخت تشویش کا اظہار کردیا۔

    انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی ایجنسیوں کا آرڈیننس فیکٹری کو محفوظ نہ رکھنا سوالیہ نشان ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر فیکٹری کا مزدور محفوظ نہیں تو ہمیں بھی اپنے تحفظ کی فکر نہیں۔

    تھریٹ الرٹ کے باجود چوہدری نثار نے 2 وفاقی وزرا کے ہمراہ یوم مزدور تقریب میں شرکت کا فیصلہ کرلیا۔ چوہدری نثار نے کہا کہ سالہا سال سے تقریب ہو رہی ہے۔ آج بھی پروگرام کے مطابق تقریب ہوگی۔

    یاد رہے کہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری وفاقی دار الحکومت سے صرف 45 کلو میٹر دور واہ میں قائم ہے۔ آرڈیننس فیکٹری ملک میں روایتی اسلحے اور گولہ بارود کا سب سے بڑا پیداواری ادارہ ہے۔

  • آرمی چیف راحیل شریف کا آرڈیننس فیکٹریوں کا دورہ

    آرمی چیف راحیل شریف کا آرڈیننس فیکٹریوں کا دورہ

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آج واہ کے علاقے میں واقع پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کا دورہ کیا۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چیئرمین آرڈیننس فیکٹریزنے آرمی چیف کو اسلحہ ساز فیکٹریوں کی کارکردگی اور2020 تک کے توسیعی منصوبوں کے بارے میں مکمل بریفنگ دی۔

    آرمی چیف کو بتایا گیا کہ پیداواری صلاحیت میں اضافے سے ناصرف غیر ملکی زرمبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ پیداوار کے معیار میں بھی اضافہ ہوگا۔

    image_resize_1

    اس موقع پر انتظامیہ اوراسٹاف سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے تفاخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آرڈیننس فیکٹری پاکستان کے دفاع کا ایک اعلیٰ ادارہ ہے جو کہ پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بے پناہ اضافہ کرتی ہے۔

    انہوں نے آپریشن ضربِ عضب میں پاکستانی افواج کی ضرورت کے اسلحے اور گولہ بارود کی بروقت فراہمی کو بے پناہ سراہا۔

    آرمی چیف نے انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تکنیکی صلاحیتوں کو بڑھانے پر زور دیا کہ پاکستان دفاعی پیداوار کے شعبے میں خودمختارہوسکے۔

  • گھوم کرہدف کو نشانہ بنانے والے بندوق

    گھوم کرہدف کو نشانہ بنانے والے بندوق

    پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور جنگی ساز و سامان کو دنیا کے سامنے پیش کرنے والی نمائش میں پیش کی جانے والی ایک پاکستانی بندوق کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ انھیں توقع ہے کہ یہ بندوق خاص طور پرغیر ملکی مندوبین کی خصوصی توجہ حاصل کرپائے گی۔

    ’پوف آئی‘نامی اس بندوق کی نالی 90 ڈگری زاویے تک گھوم کر دشمن کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
    اس بندوق کو بنانے والے ادارے پاکستان آرڈیننس فیکٹری کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد احسن محمود کا دعویٰ ہے کہ اسرائیل کے بعد پاکستان دوسرا ملک ہے جو یہ خودکار اور جدید بندوق بنا رہا ہے۔

    لیفٹیننٹ جنرل محمد احسن کے مطابق انسداد دہشت گردی کے لیے ہونے والی دو بدو جنگ میں یہ اہم ترین ہتھیار ہے۔

    یہ بندوق ’کلوز کوارٹر کمبیٹ ویپن‘ نظام کا حصہ کہلاتی ہے اور عمارتوں کے اندر چھپے دشمن کو محفوظ طریقے سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    اس بندوق کی 90 ڈگری تک گھومنے والی نالی اور اس پر لگے کیمرے بندوق بردار کو موقع دیتے ہیں کہ وہ اپنے آپ کو خطرے میں ڈالے بغیر نہ صرف دیوار کی دوسری طرف چھپے دشمن کو دیکھ سکتا ہے بلکہ اسے نشانہ بھی بنا سکتا ہے۔

    یہ ہتھیار خاص طور پر انسدادِ دہشت گردی کے آپریشنز میں استعمال ہوتی ہے۔

    پی او ایف حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوجی شمالی وزیرستان آپریشن کے دوران بھی یہ بندوق کامیابی کے ساتھ استعمال کر رہی ہے۔

    ان حکام کا کہنا ہے کہ ’پوف آئی‘ صرف انسداد دہشت گردی کے خصوصی دستوں کے حوالے کی گئی ہے اور صرف تربیت یافتہ کمانڈو ہی اسے استعمال کرتے ہیں۔