Tag: Pakistan Peoples Party (PPP)

  • زرداری اور حسین حقانی کیخلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے، ظفرعلی شاہ

    زرداری اور حسین حقانی کیخلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے، ظفرعلی شاہ

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما ظفرعلی شاہ نے کہا ہے کہ پی پی پی میں بڑے غیرت مند لیڈر موجود ہیں لیکن وہ آج دھکے کھا رہے ہیں جبکہ ان کو نظر انداز کرکے ڈیل کی جارہی ہے ۔ اینٹ سے اینٹ بجانے والے اب بغلین بجا رہے ہیں، ملکی راز افشا کرنے پر آصف زرداری اور حسین حقانی کیخلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔

    ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاورپلے میں میزبان ارشد شریف کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا، پروگرام میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما صفدر عباسی بھی موجود تھے۔

    ظفرعلی شاہ کا کہنا تھا کہ میمو گیٹ کمیشن کی فائنڈنگ ہوچکی ہے کمیشن نے مفصل اور واضح رپورٹ تیار کی ہے لیکن فیصلہ ابھی تک نہیں آیا ۔ ملک سے باہر روانگی سے قبل عدالت نے حسین حقانی سے کہہ دیا تھا کہ وہ چار دن کے اندر اندر واپس آجائیں۔

    انہوں نے کاہ کہ اٹارنی جنرل ریاست کا وکیل ہوتا ہے انہوں نے اس فیصلے پر کوئی اعتراض نہیں کیا تھا ۔ایک سوال پر کہ حسین حقانی کا نام ای سی ایل سے نکالنا کیا کسی ڈیل کا نتیجہ تھا جس پر ظفر علی شاہ کا مؤقف تھا کہ اس کا مجھے علم نہیں البتہ میاں نواز شریف خود اس کیس میں مدعی تھے۔


    Power Play 27th March 2017 by arynews

    ظفرعلی شاہ نے مزید کہا کہ آصف زرداری اور حسین حقانی کے خلاف آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت غداری کا مقدمہ چلایا جائے کیونکہ انہوں نے اہم ملکی راز امریکیوں کو بتاکر غداری کا ارتکاب کیا ہے۔

    نواز لیگ اور پی پی ایک ہی سکّے کے دو رُخ ہیں، عمران اسماعیل  

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور حکمران مسلم لیگ نواز کے درمیان میگا ڈیل ہوچکی ہے دونوں جماعتیں ایک ہی سکے کی دو رخ ہیں اور دونوں کے درمیان مک مکا کی سیاست جاری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ زرداری نے اگلے عام انتخابات میں پنجاب سے کلین سوئپ کرنے کا اعلان کیا ہے حالانکہ پنجاب میں ان کے پاس الیکشن لڑنے کے لئے چار بندے بھی نہیں۔ اسی طرح مسلم لیگ (ن) کے پاس سندھ میں امیدوار موجود نہیں۔،

    انہوں نے کہا کہ رینجرز نے شرجیل میمن کے گھر چھاپہ مار کر دو ارب روپے نکالے تھے اب وہی رینجر شرجیل میمن کو پروٹو کول دے رہی ہے ۔یہ سب مک مکا کا شاخسانہ ہے۔

    عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ شرجیل میمن نے کراچی میں اتنے بل بورڈ تھوپ دیئے کہ سپریم کورٹ نے کراچی شہر میں بل بورڈ لگانے پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ دونوں سیاسی جماعتیں فوج اور آئی ایس آئی کو بدنام کر رہی ہیں کس طرح حسین حقانی سفیر تعینات ہوئے پھر میمو اسکینڈل سامنے آیا پھر حسین حقانی کو پاکستان بلا یا گیا پھر وہ فارع ہوگئے یہ ڈیل نہیں تو اور کیا ہے؟

    پی پی پی اور مسلم لیگ نواز آپس میں ملے ہوئے ہیں کرپشن پر دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اور حالت نارمل ہونے پر علیحدہ ہوجاتے ہیں۔

    پانامہ کیس کے فیصلے سے متعلق عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ انشااللہ بہت جلد اس کا فیصلہ آئے گا اور دیر آید درست آید کے مصداق پانامہ کا فیصلہ بھی نئی صبح کی نوید لے کے طلوع ہوگا۔

    زرداری نہ ہمار ا لیڈر تھا اور نہ ہے، صفدرعباسی

    پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما صفدرعباسی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ محترمہ بے نظیر بھٹو اور پرویز مشرف کے درمیان این آر او میں یہ فیصلہ ہوا تھا کہ مشرف صدر رہے گا اور بی بی وزیر اعظم ۔ لیکن یہ تاثر درست نہیں ۔ زرداری نہ ہمار ا لیڈر تھا اور نہ ہے ۔ لیڈر تو ذوالفقار علی بھٹو اورمحترمہ بے نظیر بھٹو تھے۔

    ایک سوال پر کہ کیا آصف زرداری کو ملک واپسی کے لئے کوئی ایشورنس دی؟ کے جواب میں صفدر عباسی نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ ملک میں کسی نے زرداری کو ایشورنس دی ہو، کوئی ان کو ایشورنس دینے کو تیار نہیں، میں سمجھتا ہوں کہ زرداری اور نوازشریف کے درمیان اب بھی خاموش مفاہمت موجود ہے۔

    صفدرعباسی کا مزید کہنا تھا کہ اب حکومت میاں نواز شریف کی ہے وہ کیوں میمو گیٹ کے فیصلے کو اوپن نہیں کرتے حالانکہ وہ خود مدعی تھے۔

    سپریم کورٹ میں میمو کیس کو سات سال کا عرصہ بیت چکا ہے کیوں اس کا فیصلہ نہیں کیا جارہاہے، اسی طرح ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ کو بھی سامنے نہیں لایا جارہا ہے۔

    موروثی سیاست کے حوالے سے صفدر عباسی نے کہا کہ چند خاندانوں نے سیاسی جماعتوں کو اپنی ذاتی جاگیر سمجھ رکھا ہے ۔ جس کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے اسی لئے موروثی سیاست کے خلا ف سپریم کورٹ میں کیس دائر کیا ہے۔

  • عالمی برادری کشمیر میں بھارتی مظالم کانوٹس لے، آصف زرداری

    عالمی برادری کشمیر میں بھارتی مظالم کانوٹس لے، آصف زرداری

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹریننز کے صدر آصف علی زرداری نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے قتل اورمتعدد کشمیری رہنمائوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ عالمی برادری بھارتی مظالم کانوٹس لے۔

    اپنے جاری ایک بیان میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اپنے حق کیلئے احتجاج کرنے والے معصوم شہریوں پربھارتی فورسز کی فائرنگ ایک المیہ ہے، انھیں اس سے شدید دھچکہ لگا۔

    سابق صدرپاکستان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں احتجاج اس بات کاآئینہ دار ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کے حقوق غصب کررکھے ہیں، بھارت کواس بات کاادراک ہونا چاہے کہ کشمیری ان کیخلاف کیوں برسرپیکارہیں۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ کشمیرکے مسئلے کاحل کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق ہونا چاہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کانوٹس لے۔

    واضح رہے کہ حریت رہنما برہان وانی کے قتل کے خلاف مظاہروں پر قابض بھارتی افواج کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں درجنوں مظاہرین شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہیں اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کرفیو کے نفاذ کے بعد گزشتہ 30 گھنٹوں کے دوران بھارتی افواج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ سے 23بے گناہ مظاہرین قتل جبکہ 300 سے زائد زخمی ہیں۔

  • کچھ لوگ خواتین پرتشدد کی ترغیب دے رہے ہیں، آصف زرداری

    کچھ لوگ خواتین پرتشدد کی ترغیب دے رہے ہیں، آصف زرداری

    کراچی: آصف علی زرداری کا کہنا ہے، مذہب کے نام پر خواتین کو دبایا جا رہا ہے، جاہلوں کی جانب سے مذہب کے نام پر خواتین پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔

    شہید بے نظیر کی سالگرہ کے موقع پر سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ کچھ لوگ خواتین کے خلاف تشدد کی ترغیب دے رہے ہیں، پیپلز پارٹی اسکی مذمت کر تی ہے، خواتین کے خلاف اس ذہنیت سے لڑنے کیلئے تیار ہے۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا جاہلوں کی جانب سے مذہب کے نام پر خواتین پر تشدد کا قطعی طور پر مسترد کرتے ہیں، پارٹی عہد کرتی ہےکہ اس قسم کی ذہنیت سے آ خری وقت تک لڑتی رہے گی، شہید محترمہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام شدت پسندوں کے خلاف کھڑے ہو جائیں، عوام طاقت کے بل بوتے پر اپنے نظریات مسلط کرنے کی اجازت نہ دیں۔

    دوسری جانب شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 63ویں سالگرہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارٹی کے دوسرے رہنماوٴں کے ساتھ آزاد کشمیر کے شہر بھمبر میں کشمیریوں کے ساتھ منائیں گے۔

    کیک کاٹنے کی تقریب بھمبر کے نزد برنالا ہائی اسکول گراوٴنڈ میں ہوگی،اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی صدر ایم این اے فریال تالپر، آزاد کشمیر کے صدر سردار یعقوب خان ، آزاد کشمیر کے وزیراعظم چودھری عبدالمجیداور دیگر مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔

    اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیر ہاوٴسنگ و فزیکل پلاننگ چودھری پرویز اشرف کی جانب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

  • پانامہ لیکس پرحکومت سےکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، آصف زرداری

    پانامہ لیکس پرحکومت سےکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، آصف زرداری

    اسلام آباد: آصف زرداری نے کہا ہے کہ پانامہ لیلکس پر حکومت سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، سابق صدر نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی بھی تردید کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق آصف علی زرداری کا پانامہ لیکس کے معاملے پر مفاہمت کرنے سے انکار کردیا، ایک بیان میں سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر حکومت سے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

    سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ ان کی لندن میں جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کوئی ملاقات نہیں ہوئی، میڈیا کے کچھ حلقوں میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے پر میری جانب سے کسی قسم کا سمجھوتا ہو گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ بیان اور ایسی خبریں قطعی غلط، بے بنیاد اور منگھڑت ہیں،ان کا کہنا تھا کہ میڈیا میں بتایا گیا کہ میری مفاہمتی پالیسی کے تحت وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ کسی سمجھوتے پر پہنچ گیا ہوں۔

    سابق صدر نے نہ صرف ان خبروں کی تردید کی ہے بلکہ یہ بھی کہا ہے کہ پارٹی نے یہ فیصلہ کر لیا ہے کہ پاناما لیکس کے مسئلے کو ہر فورم پر اٹھایا جائے گا اور اسے اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک پارلیمانی کمیٹی پہلے ہی قائم کر دی گئی ہے جو پاناما لیکس کی تحقیقات اور اس کے ٹرم آف ریفرنسز بنارہی ہے اور اس بات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کو نظرانداز کیا جائے۔

    سابق صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے اس مسئلے پر نہایت سوچ و بچار کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ نہ صرف یہ کہ پارٹی کے اندر اس پر مشاورت ہوئی ہے بلکہ دیگر سیاسی پارٹیوں سے بھی مشاورت کے عمل کے بعد پارٹی نے پاناما لیکس پر اپنا موقف اختیار کیا ہے۔ اس بارے میں جو میڈیا رپورٹس آئی ہیں ان میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے پر آصف علی زرداری کا موقف پارٹی سے جدا ہے جبکہ یہ بات انتہائی غلط، بے بنیاد اور منگھڑت ہے اور کنفیوژن پھیلانے کے لئے ہے۔

  • ذوالفقار مرزا کسی کے اشارے پر چل رہے ہیں، آصف زرداری

    ذوالفقار مرزا کسی کے اشارے پر چل رہے ہیں، آصف زرداری

    کراچی: سابق صدرآصف علی زرداری کا کہنا ہے گورنر راج لگے گا اور نہ ہی وزیراعلی سندھ کو تبدیل کیا جائیگا۔

    آصف علی زرداری نے زرداری ہاوٴس اسلام آباد میں صحافیوں سمیت پیپلز پارٹی کے رہنما وں سے ملاقات کی،  اس موقع پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد سندھ میں گورنر راج لگانا آسان نہیں ہے، وزیر اعلی سندھ کی تبدیلی کے سوال پر بھی انہوں نے انکارکیا۔

     سابق صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نیوٹرل امپائر نہ ہونے کے سبب انتخابات میں کامیاب نہ ہوسکی۔

     سابق وزیر داخلہ کی دبنگ انٹری کے سوال پر آصف زرداری کا کہنا تھاکہ ذوالفقار مرزا کسی کے اشارے پر چل رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے روٹ میں اضافے سے کوئی پریشانی نہیں۔

  • بلاو ل اور آصفہ کے آنے تک پارٹی پرچم تھامے رکھوں گا، آصف زرداری

    بلاو ل اور آصفہ کے آنے تک پارٹی پرچم تھامے رکھوں گا، آصف زرداری

    کراچی: سابق صدرآصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چین سے آنےوالی سرمایہ کاری کوسیاست کی نذرنہیں ہونےدیں گے۔

    پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے لیاری میں پیپلزپارٹی کی طاقت دکھانےکےلیےجلسہ کیا، انہوں نےجیالوں کاجوش گرمانے کےلیےنعرے لگوائے اور لیاری کےلیےترقیاتی منصوبوں کااعلان کیا۔

    آصف زراری کا کہنا تھا کہ لیاری والوں کوپیپلزپارٹی سے محبت ہے، بلاول اکثران سےچھپ کرلیاری پہنچ جاتے ہیں۔

    آصف زرداری نےچین سےہونےوالی سرمایہ کاری پرکہا کہ انہوں نے اس کےلیےکئی سال محنت کی تھی،کوئی صوبہ اورکوئی قوم خطرہ محسوس نہ کرےسب کواس کے حقوق ملیں گے۔ چینی سرمایہ کاری کوسیاست کی نظرنہیں ہونےدیں گے۔

     آصف زرداری نےجیالوں کوحوصلہ دیا کہ وہ مایوس نہ ہوں پیپلزپارٹی پھرابھرے گی، کچھ قوتیں رکاوٹ بنتی ہیں ، لیکن ماضی میں بھی پیپلزپارٹی دوبارہ ابھری تھی۔

     آصف زردری نے کہا کہ عمران خان سے ایک الیکشن چوری ہوا توشور مچانےلگے، پیپلزپارٹی کےساتھ ہردورمیں دھاندلی ہوئی، لیکن پارٹی ہربارنئےجوش سے سامنےآئی۔

    سابق صدر نے اعلان کیا کہ بلاول اورآصفہ کےبڑے ہونے تک پیپلزپارٹی کاجھنڈا سنبھالے رکھوں گا۔

    انہوں نے لیاری کےلیےایک ارب کے ترقیاتی پیکج کااعلان کیا، جبکہ قائم علی شاہ کوہدایت کی کہ تین ماہ میں پانی کامسئلہ حل کریں۔

  • بلاول کی سوچ میں پختگی کےبعداسےمیدان میں اتاریں گے، آصف زرداری

    بلاول کی سوچ میں پختگی کےبعداسےمیدان میں اتاریں گے، آصف زرداری

    کراچی: پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو لندن میں ہیں،انکی جوانی اور سوچ کو باشعور بنانا ہے،سیاسی جماعتوں سے گندے انڈے نکلنے چاہیئیں۔

    پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میںٕ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو لندن میں ہیں ان کی جوانی اور سوچ کو باشعور بنانا ہوگا پھر انہیں میدان میں اتاریں گے۔

    آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں میں گندے انڈے موجود ہیں جنہیں نکالنے کی ضرورت ہے، انہوں نے پی ٹی آئی اورحکومت کےدرمیان معاہدےکاخیرمقدم کیا ۔

    یمن کے مسئلہ پر ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قائدین کی آل پارٹیزکانفرنس طلب کر کے بند کمرے کے اجلاس میں بریفنگ دی جائے ،انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی درخواست سےمتعلق وزیردفاع کابیان کافی نہیں۔

    آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اس وقت بیس لاکھ پاکستانی سعودی عرب میں ہیں، یمن کامعاملہ بات چیت سے حل ہونا چاہیئے۔

     آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کےوفوددوست ممالک میں بھیجیں گے،یمن کی صورتحال پر حکومت سلامی کانفرنس طلب کرے، آصف علی زرداری نے کہاکہ وہ بھٹوکیس کھولنےکیلئےصدرکوخط لکھیں گے۔

  • رضا ربانی نے سینٹ کےچئیرمین کےعہدے کا حلف اٹھالیا

    رضا ربانی نے سینٹ کےچئیرمین کےعہدے کا حلف اٹھالیا

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضاربانی نے چئیر مین سینٹ کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔

    نو منتخب چئیر مین سینٹ رضاربانی نے بحیثیت چئیرمین سینٹ حلف اٹھا لیا ان سے حلف سینیٹر اسحاق ڈار نے لیا۔

    رضا ربانی پا کستان کی تاریخ کے پہلے چئیرمین سینٹ ہیں جو چئیرمین منتخب ہو نے کے ساتھ ساتھ قائم مقام صدر مملکت بھی بن گئے ہیں، صدر مملکت ممنون حسین کے غیرملکی دورے کے با عث انہیں یہ عہدہ تقویض کیا گیا ہے۔

    حلف برداری سے قبل رضا ربانی نے سینٹ سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ وہ سینٹ کے وقار کو بلند کر نے کی حتی الوسع کو شش کریں گے۔

  • سابق صدر زرداری سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات

    سابق صدر زرداری سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات

    اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری سے چین کے وزیر خارجہ او ر امریکا سمیت مختلف ممالک کے سفیروں نے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔

    اسلام آباد کے زرداری ہاوٴس میں سابق صدر زرداری سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چینی وزیر خارجہ نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں دونوں رہنماوٴں کے درمیان پاک چین تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی، سابق وزیرداخلہ رحمان ملک، شیری رحمان اور سندھ کے صوبائی وزیر مراد علی شاہ نے سابق صدر زرداری کی معاونت کی۔

    اس کے علاوہ پاکستان میں تعینات ڈنمارک کے سفیر جیسپرسورن سن، اسپین کے سفیر کار باجوژا اور امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے بھی سابق صدر زرداری سے ملاقاتیں کیں۔

  • پولیس کےجوان خودکو نہتا اورکمزور نہ سمجھیں ، آصف زرداری

    پولیس کےجوان خودکو نہتا اورکمزور نہ سمجھیں ، آصف زرداری

    کراچی: سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہماری جنگ ایک سوچ اور نظریے کے ساتھ ہے، جو ہم پر اپنی سوچ مسلط کرنا چاہتے ہیں، ایسے عناصر کے خلاف اپنی سرزمین کو بچانے کیلئے آخری دم تک لڑیں گے ۔

     وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں سندھ پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے ورثاء کو چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری کاکہنا تھا کہ سندھ پولیس کے ورثاء ہمارے گھر کا حصہ ہیں اور ان کے بچے ہمارے بچے ہیں، جنہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

    سابق صدر نے صوبائی وزیر خزانہ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ سندھ سے مشاورت کے بعدسندھ پولیس کے شہداء کے لواحقین دیا جانے والا معاوضہ بیس لاکھ سے بڑھاکر ایک کروڑ روپے کرنے کا اعلان کیا اس کے ساتھ ساتھ ہدایت کی کہ خاتون ایس پی ارم کو ایس پی ویلفیئر تعینات کرنے اور اس کے ساتھ ساتھ شہداء کے تمام بچوں کو زیبسٹ میں فری تعلیم فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

     انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے کہا کہ وہ شہداء کے بچوں کیلئے ملازمت، زمین اور گھر دیں، ان کاکہنا تھا کہ ان شہداء کے بچوں کے ہم والدین بنیں گے ۔ سابق صدر نے شہید ایس پی چوہدری اسلم اور شہید پولیس افسر سید بہادر علی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کو میں ذاتی طور پر جانتا ہوں جنہوں نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ جب وہ حکومت میں آئے تو پولیس مایوسی کا شکار تھی، وسائل بھی نہ تھے اپنے دور اقتدار میں پولیس کا مورال بلند کیا اور وسائل دیکر انہیں دہشت گردی کے خلاف لڑنے کیلئے وسائل فراہم کیے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا بجٹ بارہ ارب روپے تھا، جو اب ساٹھ ارب روپے تک پہنچادیا ہے ۔

     وزیراعلیٰ سندھ کاکہنا تھا کہ نائن الیون کے بعد دہشت گردی میں شدت آئی یہاں تک کہ اس وقت کے صدر اور آرمی چیف جنرل مشرف اور کورکمانڈر کراچی پر حملے ہوئے اب صورتحال بہتر ہے ۔ اور دہشت گردی کو کافی حدتک ختم کیا ہے ۔